Tag: جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم

  • جشن ولادتِ النبی ﷺ کی خوشیاں دنیا بھر میں کیسے منائی جاتی ہیں؟

    جشن ولادتِ النبی ﷺ کی خوشیاں دنیا بھر میں کیسے منائی جاتی ہیں؟

    مسلمان ہرسال 12 ربیع الاول کا دن سرور کائنات ،سرکار دو عالم، حضرت محمد ﷺ کا یوم ولادت کی مناسبت سے مناتے ہیں، یہ دن دنیا بھر کے اسلامی ممالک میں  اپنے اپنے انداز اور رسوم کے تحت مذہبی جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے،

    آقائے دو جہاں حضور اقدس حضرت محمد ﷺ کی ولادت کے سلسلے میں دنیا بھر میں جشن کی تیاریاں مکمل ہوگئیں 12 ربیع الاول کی خوشی میں ملک کے تمام ہی شہروں کی شاہراؤں، گلی اور کوچوں کو برقی قمقموں سے سجا دیا گیا جبکہ گھر گھر  روح پرور محافلِ میلاد کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

    آئیے دیکھتے ہیں کہ دنیا کے دیگر ممالک میں اس موقع پر کس طرح کا اہتمام کیا جاتا ہے اور عاشقانِ رسولﷺ اس دن کیا افعال انجام دیتے ہیں۔

    ملائیشیا

    ملائیشیا میں اس دن کو مولود نبی کے طور پر جانا جاتا ہے یہاں مسلمان رنگین لباس پہنے پریڈ کرتے ہیں اور ملک بھر میں تلاوتِ قرآن پاک اور نماز کے لئے بڑے اجتماعات منعقد کئے جاتے ہیں۔

    روس

    روس میں بھی حضرت محمدمصطفی ﷺ کا یوم ولادت بڑے جوش و خروش سے منایا جاتا ہے، اس دن کو منانے کے لیے 20 ہزار سے زائد مرد اور عورتیں شدید برفباری اور درجہ حرارت کی پرواہ کئے بغیر مرکزی مسجد میں جمع ہوکر اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔

    جنوبی افریقہ

    جنوبی افریقہ میں اس دن صبح مرکزی اجتماع منعقد کیا جاتا ہے جہاں لوگوں تعداد بڑی تعداد میں جمع ہوکر نبی ﷺ کی شان میں نعت رسالت مقبول ﷺ پیش کرتے ہیں۔

    پاکستان

    پاکستان میں بھی عید میلادالنبی ﷺ بھرپور طریقے سے منایا جاتا ہے گلی ، محلوں ، سرکاری عمارتوں اور مساجد کو برق قمقوں سے سجایا جاتا ہے جبکہ یوم ولادت مصطفے صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے سلسلہ میں روح پرور میلاد کی محافل کا بھی انعقاد کیا جاتا ہے۔

    بھارت

    بھارتی مسلمان اس دن کو خصوصی نوافل ادا اور ضرورت مندوں میں کھانا تقسیم کرکے مناتے ہیں، اس موقع پر جشن منانے کے لئے ریلیاں اورجلوس اور تقاریب بھی منعقد کی جاتی ہیں۔

    مصر

    مصر میں اس دن کو مولد النبی ﷺ کہا جاتا ہے، اس دن کا جشن منانے لوگ خیرات کرتے ہیں اور اس دوران رضاکارغریبوں میں کپڑے اور کھلونے تقسیم کرتے ہیں۔

    امریکا

    امریکا میں بسنے والے مسلمان 12 ربیع الاول کے روز مساجد میں جمع ہوتے ہیں اور خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جاتا ہے، علاوہ ازیں گھروں پر محفل نعت کے پروگرام بھی منعقد کیے جاتے ہیں۔

    ترکی

    ترکی میں عید میلا النبی ﷺ کے موقع پر خصوصی عبادات اور تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

    فلسطین

    یروشیلم میں عید میلاد النبی ﷺ کی مرکزی تقریب منعقد کی جاتی ہے جس میں تمام مسلمان مسجد اقصیٰ کے قریب جمع ہوتے ہیں اور حمد و ثناء بیان کرتے ہیں۔

    علاوہ ازیں دنیا بھر میں بسنے والے مسلمان اپنی اپنی روایات کے مطابق مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ اس روز کو خصوصی طور پر مناتے ہیں۔

  • ملک بھرمیں جشن میلاد النبیﷺمذہبی جوش وجذبےسےمنایاجارہا ہے

    ملک بھرمیں جشن میلاد النبیﷺمذہبی جوش وجذبےسےمنایاجارہا ہے

    کراچی :ملک بھرمیں جشن عیدمیلاد النبیﷺ پورےمذہبی جوش وجذبےاورعقیدت واحترام سےمنایاجارہا ہے۔

    تفصیلات کےمطابق محسن انسانیت محبوب خدا آقائےدوجہاں حضرت محمد مصطفیٰﷺکی ولادت باسعادت کی مناسبت سے جشن میلاد النبیﷺآج عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جارہا ہے۔

    ملک بھر میں جشن عید میلادالنبیﷺ کے سلسلے میں عاشقان رسول ﷺ نے اپنے گھروں کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجا رکھا ہے۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آبادمیں پارلیمنٹ ہاؤس،وزیراعظم ہاؤس،ایوان صدر سمیت سرکاری وغیرسرکاری عمارتوں کو بھی خوبصورتی سے سجایاگیا ہے۔

    جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پاک فوج کی جانب سے وفاقی دارالحکومت سمیت صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا۔

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عیدمیلادالنبیﷺپراسپورٹس کمپلیکس میں31 توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز کیا گیا۔

    صوبائی دارالحکومت لاہور کےمحفوظ شہیدگیریژن میں پاک فوج کی جانب سے21 توپوں کی سلامی دی گئی،جوانوں کےاللہ اکبر اور پاکستان زندہ بادکےنعروں سے فضا گونج اٹھی۔

    بارہ ربیع الاول کے موقع پرپشاور کے کرنل شیر خان اسٹیڈیم میں پاک فوج کی جانب سے21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔

    صوبائی دارالحکومت کراچی،کوئٹہ اورگلگت میں بھی21،21 توپوں کی سلامی پیش کرکے عید میلاد النبیﷺکےدن کا آغاز کیا گیا۔

    عید میلاالنبیﷺ کے دن نماز فجر میں ملک کی سلامتی،خوشحالی اورامت مسلمہ کےاتحاد کےلیےخصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ آج ملک کے تمام چھوٹے،بڑے شہروں میں جلوس نکالے جائیں گے۔

    عاشقان رسولﷺ لاکھوں کی تعداد میں عید میلاالنبیﷺ کے جلوسوں میں شرکت کرکے آقائے دوجہاں محمد مصطفیٰﷺعقیدت ومحبت کا اظہار کریں گے۔

    جما عت اہلسنّت پاکستان کراچی کےامیر علامہ شاہ عبدالحق قادری کا کہناہےکہ نبی کریمﷺ کی ولا دت کا جشن منانا ایمان کی دلیل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فرزندان اسلام مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ میلا د النبی کے جلوس اور محافل میں شر کت کرکے پیارے مصطفیٰﷺ سے والہا نہ عقیدت کا بھر پور اظہار کریں۔

    کراچی میں 12ربیع الاول کامرکزی جلوس آج دوپہر3بجےنیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے براستہ ایم اے جناح روڈ علامہ شاہ عبد الحق قادری ،علامہ کو کب نو رانی اوکا ڑوی ودیگر علماء کی قیادت میں نشتر پارک کے لیے روانہ ہوگا۔

    جلسہ عید میلاد النبیﷺ شام 5بجے نشتر پارک میں ہو گا جبکہ جشن میلاد مصطفیٰﷺ کو شایان شان طور پرمنانے کی تیاریاں زوروشور سے کی گئیں ہیں۔

    واضح رہےکراچی میں 12ربیع الاول کا مرکزی جلوس کاآغاز دوبپر 3بجے نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے ہوگا اور جلوس ایم اے جناح روڈ سےہوتا ہوا اپنی منزل نشترپارک پر اختتام پذیز ہوگا۔

  • جشن عید میلاد النبیﷺ کل مذہبی عقیدت واحترام سے منایا جائے گا

    جشن عید میلاد النبیﷺ کل مذہبی عقیدت واحترام سے منایا جائے گا

    جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کل مذہبی عقیدت واحترام سے منایا جائےگا، گلی محلے سج گئے، میلاد جلوس اور محافل نعت کے انعقاد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

    ملک بھر میں عید میلاد النبی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، عاشقان رسول نے سرکاری و نجی عمارتیں، گلی کوچے برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجا دیئے۔ قری قریہ وادی وادی عید میلاد النبی کے سلسلے میں ریلیاں بھی نکالی جا رہی ہیں۔

    کراچی سمیت سندھ بھر میں بارہ ربیع الاول کے حوالے سے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، صبح بہاراں کے استقبال کے لئے آج عاشقان رسول رات بھر جاگیں گے اور تاجدار حرم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کریں گے، سندھ حکومت کی جانب سے پہلے ہی گیارہ اور بارہ ربیع الاول کی عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

    عید میلاد النبی کے سلسلے میں پاکستان کا سب سے بڑا اجتماع آج منہاج القرآن کی جانب سے مینار پاکستان لاہور میں منعقد ہوگا، جس میں لاکھوں عاشقان رسول کی شرکت متوقع ہے، لاہور میں آج داتا دربار سے بھی ریلی نکالی جائے گی، فیصل آباد میں عید میلاد النبی کے سلسلے میں ریلی آج دھوبی گھاٹ سے نکالی جائے گی۔

    اسلام آباد میں بھی آج منہاج القرآن کی جانب سے میلاد کانفرنس منعقد ہوگی، جس سے علامہ طاہر القادری خطاب کریں گے، ملک کے مختلف شہروں میں سبز جھنڈیوں اوربرقی قمقموں کی خریداری میں اضافہ ہوگیا ہے، کوئٹہ میں بھی جشن عید میلاد کی تیاریاں اپنےعروج کو پہنچ چکی ہیں۔

    جشن آمد رسولﷺ کے موقع پر کوٹلی آزاد کشمیر کو رنگ برنگی لائٹوں، سبز جھنڈیوں سے سجا دیا گیا ہے۔