Tag: جعفر ایکسپریس

  • کوئٹہ سے پشاور جانیوالی ٹرین سروس معطل، وجہ بھی سامنے آگئی

    کوئٹہ سے پشاور جانیوالی ٹرین سروس معطل، وجہ بھی سامنے آگئی

    کوئٹہ(25 اگست 2025): پاکستان ریلویز نے سیلاب کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے کوئٹہ اور پشاور کے درمیان ٹرین آپریشن دو دن کے لیے معطل کر دیا ہے۔

    پاکستان ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس احتیاطی طور پر 25 اور 26 اگست کو کوئٹہ سے پشاور کے لیے روانہ نہیں ہوگی، تاہم حکام نے مزید کہا کہ چمن مسافر ٹرین اپنے مقررہ وقت کے مطابق کوئٹہ سے روانہ ہوئی

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس آج اور کل پشاور نہیں جائے گی جبکہ آج پشاور سے کوئٹہ کیلئے بھی جعفر ایکسپریس کو منسوخ کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب پاکستان ریلویز نے پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) کاؤنٹرز اور آن لائن خریدے گئے ٹکٹوں کے لیے ریفنڈ پالیسی متعارف کرا دی ہے، سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق پی او ایس کاؤنٹرز پر ٹکٹ خریدنے والے مسافروں کو روانگی سے 48 گھنٹے قبل ٹکٹ منسوخ کرنے پر 90 فیصد ریفنڈ مل سکتا ہے۔

    ریفنڈ پالیسی کے تحت روانگی سے 24 سے 48 گھنٹے قبل ٹکٹ منسوخی پر 80 فیصد رقم ریفنڈ کی جائے گی جبکہ 24 گھنٹے کے اندر کی گئی ٹکٹ منسوخی پر ٹکٹ کی 70 فیصد رقم واپس ملے گی، پالیسی کے مطابق اگر کوئی مسافر روانگی کے 2 گھنٹے کے اندر اندر اپنے ٹکٹ کی منسوخی کرائے گا تو اسے کرایہ کا 50 فیصد واپس کر دیا جائے گا۔

    نئی پالیسی میں اعلان کیا گیا ہے کہ ایسے معاملات میں جہاں کوئی ٹرین منسوخ یا 6 گھنٹے سے زیادہ کی تاخیر کا شکار ہو گی، تو اس کے مسافر اپنے ٹکٹ کی مکمل رقم کی واپسی کا مطالبہ کر سکتے ہیں، مسافر یہ رقم اپنی اصل ٹکٹ اور اپنے شناختی کارڈ کی کاپی پیش کرنے کے بعد پی او ایس کاؤنٹرز سے اپنی رقم لے سکتے ہیں۔

  • جعفر ایکسپریس 16 روز بعد بحال، پشاور سے کوئٹہ کیلئے روانہ

    جعفر ایکسپریس 16 روز بعد بحال، پشاور سے کوئٹہ کیلئے روانہ

    پشاور : جعفر ایکسپریس 16 روز بعد بحال کردی گئی اور ٹرین پشاور سے کوئٹہ کیلئے روانہ ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق جعفر ایکسپریس سولہ روز بعد بحال کردی گئی، وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئرامیرمقام نے جعفر ایکسپریس کو روانہ کیا،اس موقع پر خصوصی دعا بھی کی گئی، جس کے بعد ٹرین پشاور سے کوئٹہ کیلئے روانہ ہوگئی۔

    اس موقع پر وفاقی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر جعفر ایکسپریس کو جلد بحال کردیا گیا ہے، حکومت اور پاک فوج کی قیادت میں یہ تہیہ کیا جا چکا ہے کہ دہشت گردوں کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

    انجینئرامیر مقام کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی قیادت میں دہشت گردوں کوشکست ہوگی، جوبلوچستان کی ترقی روکنا چاہتے ہیں انہیں مایوسی ہوئی، وزیراعظم اورآرمی چیف ملکی سلامتی کیلئےپرعزم ہیں، دہشت گردوں کے آگے ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔

    انھوں نے کہا کہ پاک فوج کی حمایت میں پوری قوم متحد ہے، دہشت گردی کے خلاف قوم متحد ہے، کوئی سیاست نہ کرے، اتحاد و یگانگت سے چیلنجز پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

    وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ مخصوص جماعت نفرت اورشرانگیزی کی سیاست کررہی ہے، پی ٹی آئی رہنماؤں میں شدید اختلافات ہیں، بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر دی گئی آخری کال ٹھس ہوئی تھی، عوام آئندہ بھی پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال مسترد کریں گے۔

  • جعفر ایکسپریس حملے کے ملزمان تک جلد پہنچ جائیں گے، سی ٹی ڈی ذرائع

    جعفر ایکسپریس حملے کے ملزمان تک جلد پہنچ جائیں گے، سی ٹی ڈی ذرائع

    کوئٹہ: سی ٹی ڈی ذرائع نے کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس حملے کی تحقیقات جاری ہیں، جلد ہی ملزمان تک پہنچ جائیں گے۔

    سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق جعفر ایکسپریس کے حملہ آوروں کے زیر استعمال اسلحے اور کمیونیکیشن آلات کا فرانزک کرایا جا رہا ہے، حملہ آوروں کی شناخت کے لیے فنگر پرنٹس نادرا کو بھجوا دیے گئے ہیں۔

    سی ٹی ڈی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حملہ آوروں کے جسمانی اعضا فرانزک سائنس ایجنسی کو بھی بھجوا دیے گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ 11 مارچ 2025 کو بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس کو یرغمال بنا لیا تھا، جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی، جب مچھ میں دہشت گردوں نے اس پر فائرنگ کر کے اسے روکا۔


    جعفر ایکسپریس واقعے پر منفی پراپیگنڈا، پی ٹی آئی کارکن حیدر سعید کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور


    سیکیورٹی ذرائع نے بتایا تھا کہ ٹرین کو بولان پاس کے علاقے ڈھاڈر کے مقام پر ایک ٹنل میں روکا گیا تھا، یہ علاقہ انتہائی دشوار گزار ہونے کے باوجود سیکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن کر کے دہشت گردوں کو مارا اور ٹرین کو آزاد کرا لیا۔

    اس حملے میں ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس کے انجن سمیت 5 بوگیوں کو نقصان پہنچا تھا، جب کہ مشکاف میں ریلوے ٹریک کے 382 فٹ حصے کو بھی نقصان پہنچا۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ جعفر ایکسپریس پر حملے کے دوران افغانستان سے رابطوں کا سراغ ملا ہے، اور یہ حملہ بیرون ملک بیٹھی قیادت نے کرایا۔ دفتر خارجہ نے ایک بار پھر افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گرد گروہوں کو اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکے۔

  • جعفر ایکسپریس حملے میں کتنی بوگیوں کو نقصان پہنچا؟

    جعفر ایکسپریس حملے میں کتنی بوگیوں کو نقصان پہنچا؟

    کوئٹہ: پاکستان ریلویز کی انجینئرنگ اور تکنیکی ٹیموں نے جعفر ایکسپریس حملے کے جائے وقوعے کا دورہ کیا، ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ ریلوے ٹریک کی مرمت کا کام آج سے شروع کر دیا جائے گا۔

    ریلوے حکام کے مطابق حملے میں جعفر ایکسپریس کے انجن سمیت 5 بوگیوں کو نقصان پہنچا، جب کہ مشکاف میں ریلوے ٹریک کے 382 فٹ حصے کو نقصان پہنچا، ریلوے ٹریک کی مرمت میں 8 سے 10 گھنٹے درکار ہوں گے۔

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ان کی کوشش ہے کہ ٹریک کی جلد مرمت کر کے ٹرین سروس بحال کی جائے، دریں اثنا ریلوے حکام نے کہا ہے کہ چمن مسافر ٹرین 3 روز کی بندش کے بعد آج بحال کر دی گئی، ٹرین کوئٹہ سے مسافروں کو لے کر چمن روانہ ہو گئی ہے۔

    واضح رہے کہ جعفر ایکسپریس حملے کے چار روز بعد متاثرہ ٹریک اور اطراف کا علاقہ کلیئر کرا لیا گیا ہے، ٹرین تاحال انتہائی دشوار گزار حملے کے مقام پر کھڑی ہے، اے آر وائی نیوز کی ٹیم بھی آپریشن کی جگہ پہنچی۔


    نوشکی دالبندین شاہراہ پر بس کے قریب دھماکا، 5 افراد جاں بحق


    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ جلد تمام بوگیوں کو ٹریک پر چڑھا کر ٹرین مچھ اسٹیشن بھیجیں گے، اور ٹریک کی مرمت کر کے ریلوے ٹریفک بحال کر دیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ جعفر ایکسپریس پر حملے کے دوران افغانستان سے رابطوں کا سراغ ملا ہے، اور یہ حملہ بیرون ملک بیٹھی قیادت نے کرایا۔ دفتر خارجہ نے ایک بار پھر افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گرد گروہوں کو اپنی سرزمین استعمال کرنے سے روکے۔

  • دہشت گردوں نے کس طرح حملہ کیا ؟ جعفر ایکسپریس کے ڈرائیور نے پوری کہانی سنادی

    دہشت گردوں نے کس طرح حملہ کیا ؟ جعفر ایکسپریس کے ڈرائیور نے پوری کہانی سنادی

    کوئٹہ : جعفر ایکسپریس کے ڈرائیور نے دہشت گردوں کے حملے سے متعلق پوری کہانی سنادی اور جان بچانے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق جعفر ایکسپریس کے ڈرائیور کے ڈرائیو نے آنکھوں دیکھا حال بیان کردیا کہ کس طرح دہشت گردوں نے حملہ کیا اور کیسے جان بچی۔

    جعفر ایکسپریس کے ڈرائیور نے بتایا کہ انجن کے نیچے دھماکےکے بعد ایمرجنسی بریک لگائی تو گاڑی رکتے ہی دہشت گرد پہاڑ سے اتر آئے اور انہوں راکٹ لانچر فائر کئے۔

    ڈرائیور کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے کمانڈوز نے بر وقت پہنچ کر ایکشن لیا، پاک فوج کے مشکور ہیں، انہوں نے ہماری جان بچائی۔

    دوسری جانب ٹرین کے مسافروں نے بھی بتایا کہ اللہ نے نئی زندگی دی ہے،، پاک آرمی نے بروقت آپریشن کرکے ہمیں بحفاظت نکالا۔

    مزید پڑھیں : قیامت کا منظر دیکھا، جعفر ایکسپریس حملے کے عینی شاہدین نے آنکھوں دیکھا حال بتادیا

    مسافروں کو کہنا تھا کہ دہشت گردوں کےحملےکےبعدایف سی کی جوابی کارروائی جاری رہی اور پاک آرمی کے کمانڈوز نے صورتحال کو سنبھالا۔

    یاد رہے جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والے تمام دہشت گردوں کو مار دیا گیا ہے اور فورسز نے ایک سو نوے مسافر بازیاب کرائے۔

    خودکش بمباروں نے یرغمال عورتوں اوربچوں کوڈھال بنایا ہوا تھا، آپریشن میں احتیاط اور مہارت کامظاہرہ کیا گیا اور جانیں بچائی گئیں۔

  • چین کی کالعدم بی ایل اے کی جانب سے جعفر ایکسپریس کی ہائی جیکنگ کی مذمت

    چین کی کالعدم بی ایل اے کی جانب سے جعفر ایکسپریس کی ہائی جیکنگ کی مذمت

    اسلام آباد: چین نے کالعدم بی ایل اے کی جانب سے جعفر ایکسپریس کی ہائی جیکنگ کی مذمت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے پاکستان میں کالعدم بی ایل اے کی جانب سے ٹرین ہائی جیکنگ کی مذمت کی ہے، وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ کا کہنا ہے چین دہشت گردی کی ہر قسم کا مخالف ہے۔

    انھوں نے کہا چین دہشت گردی کے مقابلے، اتحاد و استحکام، علاقائی امن اور عوام کی حفاظت کے لیے پاکستان کی کوششں میں اس کی معاونت جاری رکھے گا۔

    ترجمان ماؤننگ نے کہا چین ہر قسم کی دہشت گردی کی سختی سے مخالفت کرتا ہے، اور انسداد دہشت گردی سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے لیے تیار ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان ڈھاڈر میں جعفر ایکسپریس پر کالعدم بی ایل اے نے حملہ کر کے ٹرین ہائی جیک کر لی ہے، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 30 دہشت گردوں کو مارا گیا ہے، جب کہ یرغمال 190 مسافر بازیاب کیے گئے ہیں۔

    سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد افغانستان میں موجود اپنے سہولت کاروں سے رابطے میں ہیں، خواتین اور بچوں کی خودکش بمباروں کے ساتھ موجودگی پر انتہائی احتیاط برتی جا رہی ہے، دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا۔

    جعفر ایکسپریس حملہ، یرغمالی مسافروں کیساتھ خودکش بمبار بیٹھے ہونے کا انکشاف

  • جعفر ایکسپریس اور بولان میل کی سروسز معطل کردی گئی

    جعفر ایکسپریس اور بولان میل کی سروسز معطل کردی گئی

    کوئٹہ : جعفرایکسپریس اور بولان میل کی سروسز تین دن کے لئے معطل کردی گئی، ٹرین سروس معطلی کا فیصلہ امن وامان کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلوے کی جانب سے بلوچستان سے ٹرینوں کی آمدورفت معطل کردی گئی ، کوئٹہ سے اندرونِ ملک جانے والی بولان میل اور جعفر ایکسپریس معطل کر دی گئیں۔

    امن وامان کے پیش نظر جعفر ایکسپریس اور بولان میل کو تین دن کیلئے معطل کیا گیا ہے۔

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین سروس معطلی کا فیصلہ بولان میں جعفر ایکسپریس پر حملےکے بعد کیا گیا ہے تاہم کوئٹہ سے چمن جانے والی پسنجر ٹرین بھی تاحال روانہ نہیں کی گئی ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز بلوچستان کے ضلع سبی میں دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کرکے ٹرین کو مسافروں سمیت یرغمال بنالیا تھا، بزدلانہ حملہ کرنے والے دہشتگرد بیرون ملک ہینڈلرزسے بذریعہ سیٹلائٹ فون رابطے میں ہیں۔

    جس کے بعد سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ایک سو چار مسافروں کو رہا کروایا اور سولہ دہشت گرد جہنم واصل کیا تھا۔

    سیکیورٹی فورسز باقی مسافروں کی بحفاظت رہائی کیلیے کوشاں ہیں، اضافی نفری آپریشن میں حصہ لےرہی ہے۔

  • یو این سیکریٹری جنرل نے جعفر ایکسپریس حملے کی شدید مذمت کر دی

    یو این سیکریٹری جنرل نے جعفر ایکسپریس حملے کی شدید مذمت کر دی

    یو این سیکریٹری جنرل نے بلوچستان میں جعفر ایکسپریس حملے کی شدید مذمت کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

    گوتریس نے کہا ہم بلوچستان میں جعفر ایکسپریس ٹرین کی ہائی جیکنگ کی شدید مذمت کرتے ہیں، اور یرغمال بنائے گئے افراد کے بارے میں گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک کا کہنا ہے کہ گوتریس نے واضح کیا ہے کہ شہریوں پر حملے ناقابل قبول ہیں، اور بین الاقوامی برادری کو ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔

    جعفر ایکسپریس حملہ، یرغمالی مسافروں کیساتھ خودکش بمبار بیٹھے ہونے کا انکشاف

    یاد رہے کہ پاکستان کے صوبے بلوچستان میں منگل کو مسلح افراد نے ایک مسافر ٹرین پر فائرنگ کی، اور پھر ٹرین کو مسافروں سمیت یرغمال بنا لیا، سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 104 مسافروں کو بازیاب کرا لیا گیا ہے جب کہ 16 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    جعفر ایکسپریس حملہ: 104مسافر بازیاب، 16 دہشت گرد ہلاک

  • کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر مچھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، ٹرین ڈرائیور زخمی

    کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر مچھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، ٹرین ڈرائیور زخمی

    کوئٹہ: کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر مچھ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ٹرین ڈرائیور زخمی ہو گیا ہے، جب کہ ٹرین کو روک لیا گیا ہے۔

    ریلوے حکام کے مطابق مسلح افراد نے مچھ کے علاقے پیرو کنری کے قریب جعفر ایکسپریس پر فائرنگ کی، جس کی زد میں آ کر ٹرین کا ڈرائیور زخمی ہو گیا۔

    ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی ریلیف ٹرین اور ایمبولینسیں جائے وقوع روانہ کر دی گئی ہیں، اور سبی کے اسپتالوں میں ایمرجنسی لگا دی گئی ہے، سیکیورٹی فورسز نے بھی علاقے کو گھیر لیا ہے۔ ترجمان نے کہا واقعے کی نوعیت اور ممکنہ دہشت گردی کے پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس میں 9 بوگیاں اور 500 مسافر سوار ہیں، وزیر ریلوے حنیف عباسی نے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے، کنٹرولر ریلوے محمد کاشف کے مطابق مسافروں اور عملے سے رابطے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند کے مطابق دشوار گزار علاقے کے باعث جائے وقوع تک رسائی میں مشکلات ہیں، بلوچستان حکومت نے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی ہے اور تمام ادارے متحرک ہیں۔

  • تین روز قبل پشاور سے روانہ ہونے والی جعفر ایکسپریس تاحال کوئٹہ نہیں پہنچ سکی

    تین روز قبل پشاور سے روانہ ہونے والی جعفر ایکسپریس تاحال کوئٹہ نہیں پہنچ سکی

    کوئٹہ: ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ تین روز قبل پشاور سے روانہ ہونے والی جعفر ایکسپریس تاحال کوئٹہ نہیں پہنچ سکی ہے۔

    ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس پشاور سے تین روز قبل روانہ ہوئی تھی تاہم اس کی بوگی گزشتہ روز بختیار آباد کے قریب پٹری سے اتر گئی، جس کے باعث اس کی آمد میں تاخیر ہو گئی ہے۔

    ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس کی بوگی کو پٹری پر چڑھانے کے بعد ٹرین کو جیکب آباد بھیج دیا گیا ہے، اور اس کے مسافر آج شام کوئٹہ پہنچ جائیں گے۔

    اسٹیشن ماسٹر کے مطابق جعفر آباد ایکسپریس کی نوتال ریلوے اسٹیشن کے قریب بوگی نمبر 2 پیڑی سے اتری تھی، جسے 5 گھنٹوں کے بعد روانہ کر دیا گیا تھا۔

    دوسری طرف حکام کے مطابق چمن پسنجر ٹرین آج ایک روز کے لیے معطل ہے، کیوں کہ چمن پسنجر ٹرین کے ذریعے جعفر ایکسپریس کے مسافروں کو کوئٹہ سے سبی تک پہنچایا جائے گا۔

    یاد رہے کہ پیر کو خيرپور میں گمبٹ ریلوے اسٹیشن پر ڈاکوؤں کے حملے کا غیر معمولی واقعہ پیش آیا تھا، جس میں ڈاکوؤں نے اسٹیشن عملے کو یرغمال بنا کر ان سے رقم لوٹی تھی، عملے کی جانب سے مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے پوائنٹ مین کو زخمی کر دیا تھا، جنھیں طبی امداد کے لیے گمس اسپتال منتقل کیا گیا۔