Tag: جعفر ایکسپریس حملہ

  • جعفر ایکسپریس حملہ، ریاستی اداروں کیخلاف نفرت انگیز مہم چلانے والا ملزم بنی گالہ سے گرفتار

    جعفر ایکسپریس حملہ، ریاستی اداروں کیخلاف نفرت انگیز مہم چلانے والا ملزم بنی گالہ سے گرفتار

    اسلام آباد : جعفر ایکسپریس حملے کے دوران ریاستی اداروں کیخلاف نفرت انگیز مہم چلانے والے ملزم کو بنی گالہ سے گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے ریاستی اداروں کیخلاف نفرت انگیز مہم چلانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ ملزم حیدر سعید کوبنی گالہ سے گرفتار کیا گیا، ملزم نے سانحہ جعفرایکسپریس کے دوران اداروں کیخلاف منفی پروپیگنڈا اور تضحیک آمیز مواد شیئر کیا۔

    ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ملزم سوشل میڈیا پر کالعدم تنظیموں کی حمایت اور تشہیر میں بھی ملوث پایا گیا۔

    ترجمان نے کہا کہ ملزم دہشت گردوں کے حق میں اشتعال انگیز بیانات اور مواد بھی شیئر کرتا رہا۔

    مزید پڑھیں : جعفر ایکسپریس حملہ: اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی پر پیکا ایکٹ کے تحت 3 مقدمات درج

    ملزم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل شواہد قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، ملزم کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

    یاد رہے چند روز قبل جعفر ایکسپریس حملے کے بعد قومی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی پر وفاقی تحقیقات ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم اسلام آباد نے 3 مقدمات درج کئے تھے۔

    ایف آئی اے نے مقدمات پیکا ایکٹ کے تحت صحافی احمد نورانی، شفیق احمد ایڈووکیٹ اور آئینہ درخانی کے خلاف درج کیے، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے پروپیگنڈے کے ذریعے عوام کو اداروں کے خلاف بھڑکایا اور کالعدم تنظیموں کو پروموٹ کرنے کی کوشش کی۔

  • بلوچ گروپ خود کو بڑے لبرل کہتے ہیں، ان سب کی نانی (را) ہے، سرفراز بگٹی

    بلوچ گروپ خود کو بڑے لبرل کہتے ہیں، ان سب کی نانی (را) ہے، سرفراز بگٹی

    وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ بلوچ گروپ خود کو بڑے لبرل کہتے ہیں لیکن ان سب کی نانی ’را‘ ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ خود کو لبرل کہنے والے علیحدگی پسند مذہبی شدت پسندوں سے ملے ہوئے ہیں، کتنے دہشتگردوں کو جیلوں سے چھوڑا گیا انہوں نے واپس جاکر کیمپس جوائن کرلیے۔

    انہوں نے کہا کہ جو دہشت گرد اسلام کے نام پر شرپسندی کرتا ہے اسے ناراض بلوچ کا نام دیا جاتا ہے، یہ کونسی ناراضی ہے آرٹیکل 5 بہت کلیئر ہے، یہ ناراض بلوچ نہیں بلکہ دہشت گرد ہیں۔

    سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد صرف اور صرف سافٹ ٹارگٹ ڈھونڈ رہے ہیں، 425 مسافروں نے ٹکٹ ایشو کیے وہ کسی بھی اسٹیشن سے بیٹھ سکتے تھے،  ہوسکتا ہے کچھ لوگوں نے اس ٹرین میں ٹکٹ کے باوجود ٹریول نہ کیا ہو۔ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ کچھ مسافر جو بھاگ گئے وہ واپس دہشت گردوں کے ہاتھ لگ گئے۔

    وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ٹرین سے بھاگنے والے دو لوگ کل شام بھی ایف سی کی چیک پوسٹ پر آئے، لبرل اور مذہبی شدت پسندوں کو ایک ہی جگہ سے فنڈنگ ہورہی ہے، امریکا کی جنگ کے دوران بھی ہم نے افغانستان کی مدد کی ہے، جتنے بھی بی ایل اے دہشت گرد ہیں وہ افغان ریاستی سرپرستی میں پل رہے ہیں ادھر ان کے کارڈ بھی بنے ہوئے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف افغانستان کسی اور ملک کی پراکسی بنا ہوا ہے، انٹیلیجنس ایجنسیز نے تربت میں 280 کلو دھماکا خیز مواد کی کارروائی کو ناکام بنایا یہ کسی کو نظر نہیں آتا، خاص قسم کا بیانیہ پھیلا کر پاکستان میں سب کو کنفیوژ کیا جاتا ہے، یہ حقوق کی جنگ نہیں بلکہ صرف دہشت گردی ہے۔

    سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ جعفر ایکسپریس میں مسافروں کے ساتھ موجود سپاہی غیر مسلح اور چھٹی پر جارہے تھے، دہشت گردی کا تعلق بلوچستان کی محرومی سے نہیں یہ کسی کے اشارے پر ملک توڑنا چاہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کوئی ایک شخص بھی لاپتا ہے تو اس کی کوئی وضاحت نہیں ہے، کوئی شخص لاپتا ہے تو اس کو ڈھونڈا بھی حکومت کی ذمہ داری ہے، لاپتا شخص کو ٹول کے طور پر استعمال کیا جائے گا تو اس کی مذمت کریں گے۔

    وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردی کو ختم کرنے کے لیے افواج پاکستان میں بھرپور استعداد اور صلاحیت موجود ہے۔

  • جعفر ایکسپریس حملہ : بین الاقوامی برادری کی شدید مذمت، سیکیورٹی تعاون  پر آمادگی

    جعفر ایکسپریس حملہ : بین الاقوامی برادری کی شدید مذمت، سیکیورٹی تعاون پر آمادگی

    اسلام آباد : بین الاقوامی برادری نے جعفر ایکسپریس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی تعاون پر آمادگی ظاہر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ، روس، یورپی یونین، جرمنی، فرانس، ناروے، ترکیہ، ایران، آذربائیجان اور رومانیہ کی جانب سے جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت کی گئی۔

    برطانوی وزیرخارجہ ڈیوڈلیمے نے کہا بلوچستان حملے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    روسی سفارت خانے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کا حربہ قطعی ناقابل قبول ہے۔

    یورپی یونین کی سفیر ریناکونیکا نے کہا پاکستان کےعوام اور متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : ’پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں‘ امریکا کی جعفر ایکسپریس پر حملے کی مذمت

    پاکستان میں فرانسیسی سفارتخانے نے جعفر ایکسپریس ٹرین دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا پاکستانی عوام کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

    وزارت خارجہ ترکیہ نے کہا بلوچستان میں ٹرین پردہشت گردانہ گھناؤنےحملےکی مذمت کرتےہیں اور حملےمیں زخمی افرادکی جلدصحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔

    ایرانی سفارت خانے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شہریوں کیخلاف تشددانسانیت کیخلاف بزدلانہ جرم ہیں۔

    آذربائیجان کی جانب سے بھی جعفرایکسپریس ٹرین دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ مشکل وقت میں برادراسلامی جمہوریہ پاکستان کیساتھ ہیں۔

    نارویجن سفارتخانہ کے ترجمان نے کہا ناروے بلوچستان میں مسافر ٹرین پرحملےکی مذمت کرتا ہے، ہماری گہری ہمدردیاں متاثرین اوراہل خانہ کیساتھ ہیں۔

    رومانیہ کا دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کسی بھی گروہ کرسیاسی مقاصد کیلئے تشدد کا سہارا لینا ناقابل برداشت ہے۔

  • جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والے تمام دہشت گرد ہلاک

    جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والے تمام دہشت گرد ہلاک

    کوئٹہ: جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والے تمام دہشت گردوں کو سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کے بعد ہلاک کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے، بڑی تعداد میں یرغمال مسافروں کو انسانی شیلڈ کے طور پر استعمال کیا جارہا تھا۔

    فورسز نے کامیاب آپریشن کرکے 190 مسافروں کو بازیاب کروالیا ہے، کلیئرنس آپریشن میں انتہائی احتیاط اور مہارت کا مظاہرہ کیا گیا اور جانیں بچائی گئیں۔

    سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی بربریت کا نشانہ بننے والے شہید مسافروں کی تعداد کا تعین کیا جارہا ہے، موقع پر موجود تمام دہشت گردوں کو واصل جہنم کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ جعفر ایکسپریس میں یرغمالی مسافروں کیساتھ خودکش بمبار بیٹھے ہونے کا انکشاف ہوا، سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ خود کش بمبار معصوم لوگوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز بلوچستان کے ضلع سبی میں دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کرکے ٹرین کو مسافروں سمیت یرغمال بنالیا تھا، بزدلانہ حملہ کرنے والے دہشتگرد بیرون ملک ہینڈلرزسے بذریعہ سیٹلائٹ فون رابطے میں ہیں۔

    جس کے بعد سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ایک سو چار مسافروں کو رہا کروایا اور سولہ دہشت گرد جہنم واصل کیا تھا۔

    سیکیورٹی فورسز باقی مسافروں کی بحفاظت رہائی کیلیے کوشاں ہیں، اضافی نفری آپریشن میں حصہ لےرہی ہے۔

  • جعفر ایکسپریس حملہ: افسوسناک واقعہ پر بھارتی میڈیا پروپیگنڈا پھیلانے میں مصروف

    جعفر ایکسپریس حملہ: افسوسناک واقعہ پر بھارتی میڈیا پروپیگنڈا پھیلانے میں مصروف

    بلوچستان میں دہشت گردوں کے جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد ملک دشمن سوشل میڈیا اکاؤنٹس گمراہ کن، جھوٹا اور فیک پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہیں۔

    بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد بھارتی میڈیا آپے سے باہر ہوگیا اور مخصوص سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے بے بنیاد پروپیگنڈا پھیلانے میں مصروف ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی سوشل میڈیا ایکٹویسٹ را اور کالعدم تنظیم بی ایل اے کے پیغامات پھیلا نے میں مصروف ہے، بھارتی چینلز نے حملے کی بی ایل اے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی خبردی جسے بھارتی اکاؤنٹس نے پھیلایا۔

    جعفر ایکسپریس حملہ، یرغمالی مسافروں کیساتھ خودکش بمبار بیٹھے ہونے کا انکشاف

    بھارتی چینلز حسبِ روایت اے آئی (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) سے بنی ویڈیوز، تصاویر کا سہارا لیکر پروپیگنڈا کررہے ہیں، حملے کی جعلی ویڈیو بھارتی اور مخصوص جماعت کے اکاؤنٹس پر جاری کی گئی جو 2022 کی ایک فلم کی ہے۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا کے بے بنیاد پروپیگنڈے کیساتھ مخصوص سیاسی جماعت  سے جڑے اکاؤنٹس بھی حصہ لے رہے ہیں اور مخصوص سیاسی جماعت، بھارتی میڈیا ریسکیو آپریشن میں مصروف افواجِ پاکستان کیخلاف زہر اگل رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ پاکستان کے صوبے بلوچستان میں منگل کو مسلح افراد نے ایک مسافر ٹرین پر فائرنگ کی، اور پھر ٹرین کو مسافروں سمیت یرغمال بنا لیا، سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 104 مسافروں کو بازیاب کرا لیا گیا ہے جب کہ 16 دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔

  • جعفر ایکسپریس حملہ، یرغمالی مسافروں کیساتھ خودکش بمبار بیٹھے ہونے کا انکشاف

    جعفر ایکسپریس حملہ، یرغمالی مسافروں کیساتھ خودکش بمبار بیٹھے ہونے کا انکشاف

    سبی : جعفر ایکسپریس میں یرغمالی مسافروں کیساتھ خودکش بمبار بیٹھے ہونے کا انکشاف ہوا، سیکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ خود کش بمبار معصوم لوگوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کیخلاف آپریشن جاری ہے۔

    سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ایک سو پچپن مسافروں کوبحفاظت بازیاب کروا لیا گیا ہے اور آپریشن میں اب تک ستائیس دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جاچکا ہے۔

    سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ دہشت گرد، افغانستان میں اپنےسہولت کاروں سےرابطےمیں ہیں اور دہشت گردوں میں خود کش بمبار بھی موجود ہیں۔

    ذرائع نے کہا کہ کچھ معصوم یرغمالی مسافروں کیساتھ خودکش بمبار بیٹھے ہوئے ہیں، دہشت گردوں نے خود کش بمباروں کویرغمالیوں کیساتھ بٹھایا ہوا ہے۔

    سیکیورٹی ذرائع نے مزید بتایا خود کش بمبار دہشت گرد خودکش جیکٹیں پہنے ہوئے ہیں، دہشت گرد معصوم لوگوں کوڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز خودکش بمباروں کی وجہ سے انتہائی احتیاط سے کام لے رہی ہیں تاہم دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔

    مزید پڑھیں : جعفرایکسپریس حملہ: 104مسافر بحفاظت بازیاب، 16 دہشت گرد ہلاک

    یاد رہے گذشتہ روز بلوچستان کے ضلع سبی میں دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کرکے ٹرین کو مسافروں سمیت یرغمال بنالیا تھا، بزدلانہ حملہ کرنے والے دہشتگرد بیرون ملک ہینڈلرزسے بذریعہ سیٹلائٹ فون رابطے میں ہیں۔

    جس کے بعد سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ایک سو چار مسافروں کو رہا کروایا اور سولہ دہشت گرد جہنم واصل کیا تھا۔

    سیکیورٹی فورسز باقی مسافروں کی بحفاظت رہائی کیلیے کوشاں ہیں، اضافی نفری آپریشن میں حصہ لےرہی ہے۔