Tag: جعفر ایکسپریس حملے

  • جعفر ایکسپریس حملے میں دہشت گردوں نے افغانستان میں چھوڑا امریکی اسلحہ استعمال کیا، امریکی اخبار

    جعفر ایکسپریس حملے میں دہشت گردوں نے افغانستان میں چھوڑا امریکی اسلحہ استعمال کیا، امریکی اخبار

    امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے جعفر ایکسپریس حملے میں دہشت گردوں کی جانب سے افغانستان میں چھوڑے گئے امریکی اسلحے کے استعمال کی تصدیق کردی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے تحقیقاتی رپورٹ میں افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد چھوڑے گئے ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق پاکستان کے موقف کی تائید کردی۔

    رپورٹ میں بتایا امریکی صنعت کار کولٹ کی بنائی ہوئی ایم فور اے ون کاربائن رائفل حملے کی جگہ سے ملی، رائفل کے سیریل نمبر سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ افغانستان میں امریکی افواج کو بھیجے گئے اربوں ڈالر مالیت کے ہتھیاروں کا حصہ تھا۔

    رپورٹ میں لکھا ہے جعفر ایکسپریس حملے کے بعد پاکستانی حکام نے حملہ آوروں کے زیر استعمال تین امریکی رائفلوں کے سیریل نمبر فراہم کیے۔ جن میں سے دو امریکی اسٹاک سے آئے تھے اور افغان فورسز کو فراہم کیے گئے تھے۔

    واشنگٹن پوسٹ نے مزید لکھا ‘گزشتہ سال مئی میں پاکستانی حکام نے ان دستاویزات تک رسائی دی، جس کے تحت گرفتار یا ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے درجنوں امریکی ہتھیار برآمد ہوئے تھے۔’

    رپورٹ کے مطابق مہینوں کی تحقیقات کے بعد امریکی فوج اور پینٹاگون نے واشنگٹن پوسٹ کو تصدیق کی کہ صحافیوں کو دکھائے گئے ہتھیاروں میں سے تیرسٹھ ہتھیار امریکی حکومت نے افغان نیشنل فورسز کو فراہم کیے تھے، جن میں زیادہ تر ہتھیار ایم سولہ رائفلز کے ساتھ ساتھ جدید ایم فور کاربائنز شامل تھے۔

    امریکی اخبار کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکام نے پی وی ایس فورٹین نائٹ وژن ڈیوائسز بھی دکھائیں، جو امریکی فوج کے ذریعے بڑے پیمانے پر استعمال ہوتی ہیں۔

    واشنگٹن پوسٹ نے لکھا ‘بہت سے ہتھیار دہشت گردوں کے ہاتھوں لگ گئے، پاکستان خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی پر قابو پانے کی کوشش کررہا ہے، جہاں دہشت گرد امریکی ہتھیاروں اور سامان سے لیس ہیں۔’

    واشنگٹن پوسٹ کا مزید کہنا ہے امریکی رائفلوں، مشین گنوں اور نائٹ وژن چشموں کا اصل مقصد افغانستان کو مستحکم کرنے میں مدد کرنا تھا، لیکن اب کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور دیگر گروپ حملے کرنے کیلئے ان کا استعمال کررہا ہے۔

  • جعفر ایکسپریس حملے کا مقدمہ  نامعلوم دہشت گردوں کیخلاف درج

    جعفر ایکسپریس حملے کا مقدمہ نامعلوم دہشت گردوں کیخلاف درج

    نصیرآباد: جعفر ایکسپریس حملے کا مقدمہ نامعلوم دہشت گردوں کیخلاف درج کرلیا گیا، ٹرین پر نامعلوم دہشت گردوں نے11مارچ کو حملہ کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق جعفر ایکسپریس پر حملے کا مقدمہ نامعلوم دہشت گردوں کےخلاف تھانہ نصیر آباد میں درج کرلیا گیا ، مقدمہ سی ٹی ڈی حکام کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    ایف آئی آر میں کہا گیا کہ جعفرآباد ایکسپریس پر نامعلوم دہشت گردوں نے گیارہ مارچ کو حملہ کیا تھا، دہشت گردوں نے ٹرین اور مسافروں پر اسلحہ اور راکٹ لانچر سے حملہ کیا، ٹرین 11 بوگیوں پر مشتمل تھی ،مسافروں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

    مزید پڑھیں : جعفر ایکسپریس آپریشن میں ہلاک دہشتگردوں کی لاشوں کی تصاویر سامنے آگئیں

    یاد رہے جعفر ایکسپریس مسافر ٹرین11 مارچ کوکوئٹہ سے پشاورجارہی تھی، ٹرین کو بلوچستان کےشہرسبی کے قریب دہشت گردوں نے نشانہ بناتے ہوئے مسافروں کو یرغمال بنالیا تھا۔

    تاہم سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کر کے یرغمالی مسافروں کو آزاد کروایا، دہشت گرد حملے میں 26 پاکستانی شہری شہید ہوئے تھے اور تمام دہشت گردوں ہلاک کردیا گیا تھا۔

    یاد رہے جعفر ایکسپریس پر حملہ کرنے والے تمام دہشت گردوں کو مار دیا گیا ہے اور فورسز نے ایک سو نوے مسافر بازیاب کرائے۔

    سیکیورٹی فورسز آپریشن میں احتیاط اور مہارت کامظاہرہ کیا گیا اور جانیں بچائی گئیں۔

  • جعفر ایکسپریس حملے پر بھارتی اور ملک دشمن سوشل میڈیا متحرک

    جعفر ایکسپریس حملے پر بھارتی اور ملک دشمن سوشل میڈیا متحرک

    اسلام آباد : جعفر ایکسپریس حملے پر بھارتی میڈیا اور ملک دشمن سوشل میڈیا اکاؤنٹس گمراہ کن پروپیگنڈے میں مصروف ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جعفرایکسپریس پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے پر بھارتی اور ملک دشمن سوشل میڈیا متحرک ہوگیا۔

    سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بزدلانہ حملے کے بعد سے بھارتی میڈیا،سوشل میڈیا اور ملک دشمن سوشل میڈیا اکاؤنٹس مسلسل گمراہ کن، جھوٹا پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پرانی ویڈیوز، اے آئی سے تیارویڈیوز،پرانی تصاویر، فیک وٹس ایپ پیغامات اور پوسٹرز کے ذریعے ہیجان پیدا کرنے کی مذموم کوشش کی جا رہی ہے۔

    دہشت گردوں سے جڑے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی پاکستان مخالف زہر اگلنے میں بھارتی میڈیا کا ساتھ دے رہے ہیں۔

    بھارتی میڈیا پاکستان سے باہر بیٹھے خود ساختہ بلوچ رہنماؤں کے تجزیے دکھا کر لوگوں کو گمراہ کرنے میں مصروف ہیں، عوام سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے گمراہ کن اور من گھڑت پروپیگنڈا کی بجائے مستند ذرائع سے دی جانے والی معلومات پر اکتفا کریں۔

  • قیامت کا منظر دیکھا،  جعفر ایکسپریس حملے کے عینی شاہدین نے آنکھوں دیکھا حال بتادیا

    قیامت کا منظر دیکھا، جعفر ایکسپریس حملے کے عینی شاہدین نے آنکھوں دیکھا حال بتادیا

    کوئٹہ : جعفر ایکسپریس حملے کے عینی شاہدین نے آنکھوں دیکھا حال بتادیا اور کہا قیامت کا منظر دیکھا، ہرطرف افراتفری دیکھی۔

    تفصیلات کے مطابق جعفر ایکسپریس کے متاثرہ مسافرین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا دھماکا کے بعد کچھ معلوم نہیں کیا ہوا، مسلح افراد نے شناختی کارڈز چیک کئے، میں نے 2 زخمی افراد کو دیکھا۔

    مسافر نور محمد نے کہا کہ دھماکہ کے بعد شدید فائرنگ ہوئی اور پیدل وہاں سے نکلے۔

    متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ کس نےمارا دھماکہ کیا فائرنگ کی معلوم نہیں، گاڑی میں بیٹھے تھے کہ دھماکہ ہوا اور ہمیں کہا کہ باہرنکلو، دھماکے کےبعد 2 گھنٹے پیدل سفر کیا۔

    مسافر محمد اشرف نے بتایا کہ آج قیامت کا منظر دیکھا،ہرطرف افراتفری دیکھی، خواتین اور بزرگوں کو کچھ نہیں کہا، 100 سے زائد مسلح افراد تھے۔

    مسافر نے مزید کہا کہ پنیر اسٹیشن پرپاک فوج نےہماری خدمت کی، سب لوگ خوفزدہ تھے۔

    مزید پڑھیں : جعفر ایکسپریس حملہ، یرغمالی مسافروں کیساتھ خودکش بمبار بیٹھے ہونے کا انکشاف

    یاد رہے سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع سبی میں دہشت گردوں کے ہاتھوں جعفرایکسپریس کے یرغمال بنائے گئے 155 مسافروں کو بازیاب کرا لیا ہے جبکہ آپریشن میں 27 دہشتگرد جہنم واصل اورمتعدد زخمی ہوئے۔

    رہا ہونے والوں میں اٹھاون مرد، اکتیس خواتین اور پندرہ بچے شامل ہیں۔