Tag: جعلساز

  • نادرا نے عوام کو خبردار کردیا

    نادرا نے عوام کو خبردار کردیا

    اسلام آباد (6 اگست 2025): نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے جعلسازوں سے بچنے کے لیے ایک بار پھر عوام کو انتباہ جاری کیا ہے۔

    نادرا نے اپنے آفیشل سوشل میڈیا پر عوام کو متنبہ کیا ہےکہ وہ اپنی ذاتی معلومات پاک آئیڈنٹیٹی ایپلیکیشن کے علاوہ کسی اور ویب سائٹ یا موبائل ایپلیکیشن پر فراہم نہ کریں۔

    نادرا کی جانب سے عوام کو واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ایسی تمام ویب سائٹ یا ایپلیکیشنز جو آپ کی ذاتی معلومات نادرا کے نام پر مانگ رہی ہیں، ان کو اپنی

    تفصیلات ہرگز فراہم نہ کریں، کیونکہ یہ تمام ویب سائٹ اور ایپلی کیشنز جعلی ہیں۔

    واضح رہے کہ نادرا نے گزشتہ روز پاک آئی ڈی ایپ کا نیا ورژن لانچ کیا ہے جس میں مزید خصوصیات اور سہولیات شامل ہیں۔

    آن لائن فراڈیوں کو کیسے پہچانیں؟ جانیے اس ویڈیو رپورٹ میں

    نادرا نے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کو زیادہ مؤثر اور باسہولت بنانے کیلیے اس میں نئی اپ ڈیٹس، نئے فیچرز اور نئی سہولیات شامل کی ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/nadra-pak-id-app-new-version-05-aug-2025/

  • ریلوے ملازمت کیلیے آنے والے 4 جعل ساز ڈرامائی انداز میں گرفتار

    ریلوے ملازمت کیلیے آنے والے 4 جعل ساز ڈرامائی انداز میں گرفتار

    لاہور : محکمہ ریلوے کی پولیس نے لاہور میں جعلسازی اور دھوکہ دہی سے بھرتی کی کوشش کرنے والے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملزمان علی رضا اور حسنین علی نے ریلوے پولیس کے فزیکل ٹیسٹ میں شامل ہونے کے لئے جعلی رول نمبر سلپس تیار کیں تھیں۔

    ریلوے پولیس کے ترجمان کنور عمیر ساجد کے مطابق کمپیوٹر اور ریکارڈ رجسٹر چیک کیا گیا تو فراہم کردہ معلومات غلط نکلیں۔

    ملزم زوہیب اصل امیدوار کی جگہ دوڑ میں شامل ہونے اور امیدوار عدیل نے درخواست فارم میں غلط معلومات فراہم کیں جبکہ چار میں سے دو ملزمان نے جعلی رول نمبر سلپس تیار کرنے کا اعتراف بھی کیا۔

    ملزمان حسنین علی اور علی رضا کو گرفتار کر کے تھانہ ریلوے لاہور میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    تفتیش کے دوران ملزم زوہیب نے اصل امیدوار وقار عباس کی جگہ دوڑ لگانے کے لئے حاضر ہونے کا اعتراف بھی کرلیا

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ریلوے میں ملازمتوں کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرتے جعلی اشتہار کا چیف ایگزیکٹو افسر پاکستان ریلویز عامر علی بلوچ نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی تھی۔

    انہوں نے واضح کیا کہ محکمہ میں بھرتیوں کا اشتہار ادارے کی آفیشل ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا جاتا ہے، خود ساختہ اشتہار بنا کر سادہ لوح عوام سے پیسے اینٹھنے کی کوشش کرنے والوں کو ریلوے کی جانب سے سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

  • سیاسی رہنماؤں کی آواز میں دھوکا دے کر رقم بٹورنے والا ملزم گرفتار

    سیاسی رہنماؤں کی آواز میں دھوکا دے کر رقم بٹورنے والا ملزم گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ایف آئی اے سندھ نے کارروائی کرتے ہوئے سیاسی رہنماؤں کی آوازیں نکال کر جعلسازی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے شعبہ سائبر کرائم سندھ نے آپریشن سائبر اسٹروم کرتے ہوئے تاجروں کو اہم شخصیات کی آواز میں دھوکا دینے والا ملزم گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے سندھ کے سربراہ عمران ریاض کا کہنا ہے کہ ملزم شاہنواز، سینیٹر مولا بخش چانڈیو اور رکن صوبائی اسمبلی ندیم صدیقی کی آواز کی نقل کرتا تھا۔ جعلی آواز نکال کر وہ متعدد تاجروں کو دھوکا دے چکا ہے۔

    ایف آئی اے کے مطابق ملزم سیاسی رہنماؤں کی آواز کلون کرنے کے لیے سافٹ ویئر کا استعمال کرتا تھا اور سیاسی رہنماؤں کے نام کا استعمال کر کے جعلی آرڈر دیتا تھا۔ وینڈر کو ادائیگی کے لیے نجی بینک کی جعلی سلپس استعمال کی جارہی تھیں۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم نے متعدد تاجروں سے 5 سے 10 لاکھ روپے تک کی رقم بٹوری، جعلسازی میں غیر قانونی کیش اکاؤنٹس اور سمز کا استعمال کیا گیا۔

    ملزم کو حیدر آباد سے گرفتار کیا گیا، چھاپے کے دوران موبائل فون اور سم کارڈ سمیت دیگر مواد برآمد ہوا جسے فارنزک کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔

  • ان سائنسدانوں میں سے دھوکے باز کون ہے؟

    ان سائنسدانوں میں سے دھوکے باز کون ہے؟

    کسی کا جھوٹ پکڑنے کے لیے کسی راکٹ سائنس کی ضرورت نہیں ہوتی، اگر کامن سینس سے کام لیا جائے اور بغور مشاہدے کی عادت ڈال لی جائے تو کسی کا بھی جھوٹ باآسانی پکڑا جاسکتا ہے۔

    دراصل بغور مشاہدے کی عادت ایسی فائدہ مند عادت ہے کہ یہ کسی شخص کی اچھائی یا برائی کا بھی پتہ لگا سکتی ہے۔

    تو آج آپ نے اسی مشاہدے کو کام میں لاتے ہوئے تصویر کو دیکھنا ہے اور بتانا ہے کہ لیب کوٹ پہنے ان 3 سائنسدانوں میں سے جعلساز کون ہے جو لیبارٹری میں مجرمانہ نیت سے داخل ہوا ہے۔

    کیا آپ معلوم کرنے میں کامیاب رہے؟ ایک بار پھر غور کیجیئے۔

    تینوں سائنسدانوں میں سے جعلساز دائیں ہاتھ والا شخص ہے۔

    اگر آپ غور سے دیکھیں تو اس کے آئی ڈی کارڈ پر ایک خاتون کی تصویر ہے جس کا مطلب ہے کہ یہ کسی اور کا کارڈ چرا کر لیبارٹری میں داخل ہوا ہے اور اس کا یہ اقدام بتاتا ہے کہ یقیناً اس کی نیت کچھ اچھی نہیں۔

  • دبئی سے نیب کے نام پر سرکاری افسران کو بلیک کرنے والے جعل ساز سے متعلق انکشاف

    دبئی سے نیب کے نام پر سرکاری افسران کو بلیک کرنے والے جعل ساز سے متعلق انکشاف

    کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) کے اعلیٰ ترین افسران کے نام پر سندھ کے سرکاری افسران کو بلیک میل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، اس سلسلے میں دبئی سے نیب کے نام پر سرکاری افسران کو بلیک کرنے والے جعل ساز کے بارے میں تفصیلات سامنے آ گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نیب حکام نے جعل ساز خالد حسین سولنگی سے متعلق چیف سیکریٹری سندھ کو خط لکھ کر بتایا ہے کہ چیئرمین اور ڈی جی نیب کے نام پر افسران کو دبئی سے بلیک میل کر کے پیسے وصول کیے جا رہے ہیں، اس لیے جعل ساز خالد سولنگی کے متعلق تمام سرکاری افسران کو ہدایت جاری کی جائے۔

    خط کے متن کے مطابق مذکورہ جعل ساز کے زیر استعمال درجنوں ٹیلی فون نمبرز سے بھی چیف سیکریٹری کو آگاہ کر دیا گیا، خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ چیئرمین اور ڈی جی کے نام پر کال کرنے والے کی فوری نیب آفس میں اطلاع دی جائے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ نیب نے جعل ساز خالد سولنگی کی گرفتاری کے لیے انٹرپول سے مدد لینے کا فیصلہ کر لیا ہے، جعل ساز نے سرکاری افسران سمیت اہم تاجروں کو بھی بلیک میل کر کے ان سے کروڑوں روپے دبئی میں وصول کیے۔

    ذرایع کے مطابق ملزم نے تازہ واردات میں گزشتہ ماہ ایک سرکاری افسر اور ایک تاجر سے 5 کروڑ اور ایک مہنگی گھڑی نیب افسر بن کر لی تھی۔

    خط کے مطابق مذکورہ شخص اپنے آپ کو نیب کا نمائندہ بتاتا ہے، وہ اس وقت دبئی میں مقیم ہے اور خود کو چیئرمین نیب کا پرسنل اسسٹنٹ ظاہر کر رہا ہے، اس کی جانب سے نیب کیسز میں گرفتار یا نیب کیسز کے حوالے سے افسران کو اور ان کے اہل خانہ سے کیس سیٹل کروانے پر پیسے طلب کیے جا رہے ہیں۔

    نیب کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ نیب کا کوئ بھی نمائندہ شہریوں یا کسی اور کو کال کرنے کا اختیار نہیں رکھتا، نیب نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی ہے کہ مذکورہ شخص کے شکار افسران کو ہدایت کی جائے کہ وہ اس جعل ساز شخص سے ہوشیار رہیں۔

  • کرونا وائرس کی جعلی ویکسین بھی بڑے پیمانے پر فروخت ہونے لگی

    کرونا وائرس کی جعلی ویکسین بھی بڑے پیمانے پر فروخت ہونے لگی

    سڈنی: جعلساز آن لائن فروخت کی جانے والی ویکسین سے متعلق دعویٰ کر رہے ہیں کہ اسے کرونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کے خون سے بنایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلین نیشنل یونیورسٹی کے سائبر کرائم آبزرویٹری کے محققین نے اپریل کے شروع میں ڈارک ویب پر 20 مارکیٹوں کا جائزہ لیا تاکہ اس بات کا تعین کیا جاسکے کہ سائبر کرمنل کرونا وبا کا کس طرح استحصال کر رہے ہیں۔

    آسٹریلوی محققین کے مطابق جعلی ویکسین 575 ڈالر کی اوسط قیمت کے ساتھ فروخت کی جا رہی تھی لیکن چین سے مبینہ طور پر حاصل کی جانے والی کچھ قیمتیں 15 ہزار 300 ڈالر جن میں سب سے مہنگی 24 ہزار 598 ڈالر میں فروخت کی گئی تھی۔

    ڈارک ویب پر فروخت کی جانے والی دیگر مصنوعات میں ماسک، سینیٹائزر، گاؤن اور دستانے شامل تھے جب کی قیمت 1 ڈالر سے لے کر 17 952 ڈالر تک تھی۔ زیادہ تر فروخت کنندگان نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ وہ مصنوعات امریکا سے بھیج رہے ہیں لیکن تین نے بتایا کہ وہ آسٹریلیا میں مقیم ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 10 اپریل کو عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا تھا کہ ترقی پذیر ممالک میں کرونا وائرس سے منسلک جعلی ادویات کی فروخت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا تھا کہ ان ادویات کے سنگین مضر اثرات ہوسکتے ہیں۔

  • مفت راشن کے لیے فارم فروخت کرنے والے 4 جعل ساز گرفتار

    مفت راشن کے لیے فارم فروخت کرنے والے 4 جعل ساز گرفتار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سرجانی کی پولیس نے ایک کارروائی میں مفت راشن کے لیے فارم فروخت کرنے والے 4 جعل ساز گرفتار کر لیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سرجانی پولیس نے ان جعل سازوں کو گرفتار کر لیا ہے جو سرجانی میں غریب مکینوں سے مفت راشن کا جھانسا دے کر پیسے بٹور رہے تھے۔

    ملزمان فرضی ویلفیئر ٹرسٹ کا فارم غریب افراد کو 50 روپے میں فروخت کر رہے تھے، پولیس نے ملزمان سے جعلی فارمز اور دھوکا دہی کا شکار ہونے والے 400 افراد کی فہرست بھی برآمد کر لی۔

    ایس ایس پی ویسٹ کا کہنا تھا کہ ملزمان راہ نیکی ویلفیئر ٹرسٹ کے نام سے غریب گھرانوں سے پچاس روپے سے زیادہ رقم پر جعلی راشن فارم فروخت کر کے فراڈ کر رہے تھے۔

    کراچی میں راشن تقسیم کے نام پر غریب شہریوں سے لوٹ مار شروع

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں علی نواز ولد منشی خان، حسن علی ولد علی محمد، حمزہ نواز ولد علی نواز، عبدالجبار ولد قربان علی شامل ہیں۔ ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے، اور مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

    خیال ر ہے کہ گزشتہ روز اے آر وائی نیوز نے خبر چلائی تھی کہ شہر میں سرگرم جعل سازوں نے سرجانی ٹاؤن میں بھوکے غریب عوام کو 50 روپے سے 200 روپے تک کے راشن ٹوکن بیچ کر تیسر ٹاؤن کے سیکڑوں مکینوں کو راشن کے نام پر چونا لگا دیا۔ علاقہ مکینوں نے جعل سازوں کی لوٹ مار کے خلاف سڑکوں پر نکل کر احتجاج بھی کیا۔