Tag: جعلی اقامہ

  • سعودی عرب: جعلی اقامے بیچنے والا گروہ گرفتار

    سعودی عرب: جعلی اقامے بیچنے والا گروہ گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں جعلی اقامے بیچنے والے ایک گروہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ریاض پولیس کے ہاتھوں غیر قانونی تارکین کو جعلی اقامے بیچنے والا غیر ملکی گروہ گرفتار کر لیا گیا۔

    ریاض پولیس کے معاون ترجمان خالد الکریدیس کا کہنا تھا کہ اس گروہ پر پولیس ایک عرصے سے نظر رکھے ہوئے تھی، گزشتہ روز پولیس نے سابقہ اطلاعات اور نگرانوں کی رپورٹس کی بنیاد پر گروہ کے اڈے پر چھاپا مارا۔

    عرب میڈیا کے مطابق جعل سازوں کے خلاف کارروائی میں اڈے سے سعودی شہری سمیت 5 افراد کو گرفتار کیا گیا، غیر ملکیوں میں 2 شامی اور 2 پاکستانی تھے، گرفتار افراد کی عمریں چالیس سے پچاس کے درمیان ہیں۔

    ریاض پولیس کا کہنا تھا کہ جعل سازوں کے قبضے سے 91 جعلی اقامے برآمد ہوئے۔

    رپورٹس کے مطابق جعل ساز اقامہ محنت اور سرحدی سلامتی کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تارکین کو جعلی اقامے اور ورک پرمٹ تیار کر کے فروخت کر رہے تھے، پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ پانچوں گرفتار افراد کو قانونی کارروائی کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے-

  • سعودی عرب میں جعلی اقامے فروخت کرنے والے کا انجام کیا ہوا؟

    سعودی عرب میں جعلی اقامے فروخت کرنے والے کا انجام کیا ہوا؟

    ریاض: سعودی پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے جعلی اقامے فروخت کرنے والے غیرملکی کو گرفتار کرلیا، ملزم بڑی مہارت سے جعلی دستاویزات تیار کرتا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی شہر مکہ مکرمہ میں پولیس کو یہ اہم کامیابی ملی، ملزم کا تعلق اتھوپیا سے ہے، گرفتار شخص نہ صرف جعلی اقامے تیار کرتا تھا بلکہ اسے میڈیکل انشورنس کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس اور حج اجازت ناموں میں بھی جعلسازی کی مہارت حاصل تھی۔

    عرب میڈیا کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص سے ڈھائی سو سے زائد جعلی اقامے برآمد ہوئے۔ جبکہ متعدد جعلی انشورنس کارڈ، سرکاری اداروں کی جعلی مہریں اور اقامہ کارڈ بنانے کے آلات بھی ضبط کیے گئے۔

    یہ کارروائی خفیہ اطلاعات پر کی گئی۔

    مکہ پولیس کے مطابق جعلی سازی سے متعلق مخصوص شعبے نے اتھوپین شخص کے خلاف پہلے سے ہی ریکی شروع کردی تھی۔ بعد ازاں تمام شواہد اکھٹا ہونے کی بنیاد پر چھاپہ مارا گیا اور ملزم کی گرفتار عمل میں آئی۔