Tag: جعلی اکاؤنٹ کیس

  • ہریش کمپنی کیس: آصف زرداری کو نیب نے 16 مئی کو طلب کر لیا

    ہریش کمپنی کیس: آصف زرداری کو نیب نے 16 مئی کو طلب کر لیا

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے ہریش کمپنی کیس میں آصف علی زرداری کو 16 مئی کو طلب کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کو سولہ مئی کو پھر طلب کر لیا ہے، 9 مئی کو آصف زرداری نیب میں پیش نہیں ہوئے تھے۔

    نیب ذرایع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری کو ہریش کمپنی کیس میں طلب کیا گیا ہے، 9 مئی کو آصف علی زرداری نے پیش ہونے سے معذرت کی تھی۔

    آصف علی زرداری نے نیب سے 15 روز کی مہلت طلب کی تھی، تاہم نیب نے 15 روز کی مہلت دینے سے انکار کر دیا اور اب آصف زرداری کو 16 مئی کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  ہریش کمپنی کیس: آصف زرداری کی نیب میں پیشی سے معذرت، مہلت مانگ لی

    یاد رہے کہ 9 مئی کو آصف زرداری نے تحریری طور پر درخواست نیب کو بھجوائی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ وہ احتساب عدالت میں مصروف ہیں اس لیے پیش نہیں ہو سکتے۔

    نیب کی جانب سے الزام ہے کہ ہریش اینڈ کمپنی نے سندھ اسپیشل انیشی ایٹو سے واٹر سپلائی کا ٹھیکا لیا تھا لیکن اس منصوبے پر کوئی کام نہیں ہوا اور ہریش کمپنی کو ٹھیکے پر ملنے والی رقم بھٹو ہاؤس میں استعمال ہوئی۔

  • جعلی اکاؤنٹ کیس، نوڈیرو ہاؤس کے انچارج ندیم بھٹو گرفتار

    جعلی اکاؤنٹ کیس، نوڈیرو ہاؤس کے انچارج ندیم بھٹو گرفتار

    اسلام آباد: جعلی بینک اکاؤنٹ کیس میں جے آئی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے نوڈیرو ہاؤس کے انچارج ندیم بھٹو کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹ کیس میں نیب جے آئی ٹی نے نوڈیرو ہاؤس میں چھاپہ مار کر نوڈیرو ہاؤس کے انچارج ندیم بھٹو کو گرفتار کرلیا، ندیم بھٹو کو آصف زرداری کا قریبی ساتھی بتایا جارہا ہے۔

    نیب ذرائع کے مطابق ندیم بھٹو نے جعلی بینک اکاؤنٹس سے رقم نکلوائی، ندیم بھٹو کا نام جے آئی ٹی رپورٹ میں درج ہے، چھاپے کے وقت نیب ٹیم کے ساتھ سیکیورٹی ادارے بھی موجود تھے۔

    نیب کے مطابق ملزم ندیم بھٹو اس وقت نیب سکھر کی تحویل میں ہے، ملزم کو کل احتساب عدالت سکھر میں ریمانڈ کے لیے پیش کیا جائے گا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز بابو اقبال کے مطابق ملزم ندیم بھٹو کا بھائی جبار بھٹو فیملی کا ذاتی فوٹو گرافر تھا، جبار بھٹو کی وائٹ ہاؤس میں آصف زرداری، بینظیر بھٹو، سابق امریکی صدر بش کے ساتھ فوٹو موجود ہے۔

    مزید پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس، آصف زرداری کی فرنٹ کمپنی کا منیجرگرفتار

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ ندیم بھٹو کے اکاؤنٹ میں اومنی گروپ کے علاوہ گم نام اکاؤنٹس سے پیسے آتے تھے، پیسوں سے نوڈیرو ہاؤس کے ملازمین کی تنخواہیں، کھانے کے اخراجات چلتے تھے، سفری اخراجات، نوڈیرو ہاؤس میں تقریبات کے انتظامات انہی پیسوں سے ہوتے تھے۔

    ندیم بھٹو کے بھائی عبدالجبار بھٹو 1988 میں بینظیر بھٹو کے ہمراہ اسلام آباد منتقل ہوگئے تھے، جبار بھٹو کو محکمہ اطلاعات میں بڑے عہدے پر نوکری دی گئی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اومنی گروپ کو 5 سے 7 اکاؤنٹ کے ذریعے بڑی رقوم منتقل کی گئیں، ندیم بھٹو کی گرفتاری کے بعد لاڑکانہ میں مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔

  • چیئرمین نیب کی زیر صدارت اجلاس، جعلی اکاؤنٹس کیس سے متعلق مختلف ٹیمیں تشکیل

    چیئرمین نیب کی زیر صدارت اجلاس، جعلی اکاؤنٹس کیس سے متعلق مختلف ٹیمیں تشکیل

    اسلام آباد: چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس ہوا جس میں جعلی اکاؤنٹس کیس کی ابتدائی رپورٹ اور مختلف مقدمات کا جائزہ لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پراسیکیوٹر جنرل نیب، ڈی جی آپریشنز، ڈی جی نیب راولپنڈی اور نیب کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

    نیب اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں جعلی اکاؤنٹس کیس کی ابتدائی رپورٹ اور مختلف مقدمات کا جائزہ لیا گیا اور جعلی اکاؤنٹس کیس سے متعلق نیب کی مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔

    نیب اعلامیہ کے مطابق نیب ٹیمیں اسلام آباد، کراچی میں شواہد کی بنیاد پر بیانات ریکارڈ کریں گی، جعلی اکاؤنٹس کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر مکمل عمل کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: نیب کا ہر کیس میگا کرپشن کے زمرے میں آتا ہے، چیئرمین نیب جاوید اقبال

    اجلاس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں بینکنگ کورٹ سے 16 اے کے تحت مقدمہ احتساب عدالت کو منتقل کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    نیب اعلامیہ کے مطابق چیئرمین نیب جاوید اقبال نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل کرنے اور تمام تر توانائیاں استعمال کرنے کی ہدایت کی۔

    چیئرمین نیب نے اس موقع پر کہا کہ نیب قانون اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کو مکمل شفافیت اور میرٹ پر منطقی انجام تک پہنچانے پر یقین رکھتا ہے۔