Tag: جعلی ای میل

  • کیا آپ کو بھی سعودی پوسٹ کے نام سے یہ جعلی ای میل آئی ہے؟

    کیا آپ کو بھی سعودی پوسٹ کے نام سے یہ جعلی ای میل آئی ہے؟

    ریاض: سعودی پوسٹ آفس نے اپنا نام استعمال کر کے بھیجی جانے والی جعلی ای میلز سے شہریوں کو ہوشیار کردیا، پوسٹ آفس کے مطابق اس قسم کی ای میل سے پوسٹ آفس کا کوئی تعلق نہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی حکام نے شہریوں کو جعلی ای میلز سے خبردار کیا ہے، حکام کے مطابق سعودی پوسٹ آفس کے مونو گرام کو استعمال کرتے ہوئے بھیجی جانے والی ای میلز سے پوسٹ آفس کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

    سعودی پوسٹ آفس کی جانب سے جاری انتباہی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ سعودی پوسٹ آفس کے مونو گرام پر مبنی جعلی ای میلز بعض لوگوں کو موصول ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آپ کا پارسل پوسٹ آفس میں پہنچ گیا ہے، آپ کی جانب سے وصولی کی یقین دہانی درکار ہے۔

    پوسٹ آفس کی جانب سے جعلی ای میلز کی نشاندہی کرتے ہوئے مزید کہا گیا ہے کہ جعل سازوں کی جانب سے بھیجی جانے والی میل میں مونو گرام پوسٹ آفس کا ہی استعمال کیا گیا ہے جبکہ عبارت عربی اور انگلش میں تحریر کی گئی ہے، ساتھ ہی ایک لنک بھی دیا گیا ہے جسے اوپن کرنے کا کہا جاتا ہے۔

    پوسٹ آفس نے اس حوالے سے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کی ای میل سے پوسٹ آفس کا کوئی تعلق نہیں، جو بھی ایسی ای میل دیکھے اسے فوری طور پر ڈیلیٹ کردے۔

    خیال رہے کہ اس قسم کی ای میلز میں وائرس ہوتا ہے، جیسے ہی کوئی دیے گئے لنک کو کلک کرتا ہے وائرس فوری طور پر اپنا کام شروع کردیتا ہے اور سسٹم کو ہیک کر لیتا ہے۔

  • نیٹ فلکس استعمال کرنے والے ہوشیار!

    نیٹ فلکس استعمال کرنے والے ہوشیار!

    امریکی تفریحی مواد کی اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس استعمال کرنے والے ہوشیار ہوجائیں، بھارت میں نیٹ فلکس کے نام سے جعلی ای میلز کر کے صارفین کو لوٹا جانے لگا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس کے نام سے دھوکہ دہی کا معاملہ سامنے آیا ہے، دھوکہ دہی کا شکار افراد کے مطابق انہیں ایک ای میل موصول ہوئی جس میں کہا گیا کہ رقم کی ادائیگی کی تفصیلات درست طریقے سے نہیں بھری گئیں لہٰذا آپ کا نیٹ فلکس اکاؤنٹ بند کیا جارہا ہے۔

    تاہم اس ایک میل کا ویڈیو اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس سے کوئی تعلق نہیں۔ مذکورہ ای میل کے بعد صارف اپنے کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات روانہ کرتے ہیں اور پھر ایک بڑی رقم سے ہاتھ دھو لینے کے بعد انہیں علم ہوتا ہے کہ ان کے ساتھ ہاتھ ہوگیا ہے۔

    سائبر ماہرین کے مطابق اس دھوکہ دہی میں بہت بڑا گینگ ملوث دکھائی دیتا ہے، یہ گینگ نیٹ فلکس یا بڑی ویب سائٹس سے ملتے جلتے نام کے ڈومین بک کرتے ہیں۔

    اس کے بعد جب یہ ملتے جلتے نام سے کسی بھی شخص کو ای میل کرتے ہیں تو صارف کے لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہوتا ہے کہ یہ میل اصل سائٹ سے موصول ہوئی ہے یا فرضی سائٹ سے۔

    اس کے بعد صارف اپنی تمام تفصیلات ایسی فرضی سائٹس کو روانہ کردیتا ہے جس کے بعد ملزمان مذکورہ شخص کے اکاؤنٹ سے باآسانی رقم نکال لیتے ہیں۔

    ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ اس طرح کی ای میلز سے ہوشیار رہیں اور کسی کو بھی اپنی تفصیلات دینے سے قبل اچھی طرح سائٹ کا جائزہ لیں۔

  • جعلی ای میل آنے پر آئی ایس پی آر نے سائبرالرٹ جاری کردیا

    جعلی ای میل آنے پر آئی ایس پی آر نے سائبرالرٹ جاری کردیا

    راولپنڈی : غیر قانونی طور پر آئی ایس پی آر کا نام استعمال کرنے پر آئی ایس پی آر کی جانب سے سائبر الرٹ جاری کردیا گیا ہے،  جس میں کہا گیا ہے کہ میل کو کھولنے کے بجائے ڈیلیٹ کردیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آئی ایس پی آرکا نام استعمال کرکے ایک ای میل بھیجی جارہی ہے [email protected] سے  آنے والی ای میل کا آئی ایس پی آر سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

    ،ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ایسی ای میل کو کھولنے کےبجائے اسے فوری طور پر ڈیلیٹ کردیا جائے مذکورہ ای میل کھولنے سے آپ کے کمپیوٹر یا موبائل میں وائرس آجاتا ہے، یاد رہے کہ غلطی سے بھی ای میل کھلنے پرظاہر ہونے والے لنک پر کلک نہ کیاجائے۔

    ، ترجمان آئی ایس پی آر نے وضاحت کی ہے کہ ispr.gov.pkکےعلاوہ آئی ایس پی آرکی کوئی دوسری ویب سائٹ نہیں ہے لہٰذاواضح کیا جاتاہے کہ ایسی ای میل جعلی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔