Tag: جعلی دستاویزات

  • امریکی ویزے کے حصول کے خواہش مند جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹرز سے ہوشیار

    امریکی ویزے کے حصول کے خواہش مند جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹرز سے ہوشیار

    کراچی: ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے ایک کارروائی میں امریکی ویزے کے حصول کے لیے شہریوں کو جعلی دستاویزات فراہم کرنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    ایف آئی اے کے مطابق کراچی میں چھاپا مار کارروائی میں عمیر اسلم نامی ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے، جس کے خلاف امریکی قونصلیٹ کراچی کی جانب سے شکایت کی گئی تھی۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے 2 خواتین کو جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹر جاری کیا تھا، ملزم نے خواتین کو ویزا پراسس فیس کی جعلی بینک ٹرانزیکشنز سلپ بھی جاری کی۔

    امریکی ویزے عمیر اسلم جعلی دستاویزات

    گرفتار ملزم نارتھ ناظم آباد میں واقع العمران ایویشن نامی ٹریول ایجنسی میں ملازمت کر رہا تھا، اس نے خواتین سے مجموعی طور پر 1 لاکھ 34000 روپے ہتھیائے، اور بھاری رقوم وصول کر کے متاثرین کو جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹر اور جعل بینک سلپ جاری کیں۔

    متاثرہ شہریوں نے پوچھ گچھ پر انکشاف کیا کہ ملزم نے رقوم نقد وصول کر کے واٹس ایپ کے ذریعے جعلی دستاویزات بھیجی، تاہم نجی بینک کی جانب سے مذکورہ ٹرانزیکشن سلپ کو جعلی قرار دیا گیا۔

    امریکی قونصلیٹ حکام نے مذکورہ ایجنٹ کے خلاف تحریری شکایت درج کرائی، جس پر ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا، ملزم سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • امریکی قونصلیٹ کی شکایت پر جعلی دستاویزات کی تیاری میں ملوث ملزم گرفتار

    امریکی قونصلیٹ کی شکایت پر جعلی دستاویزات کی تیاری میں ملوث ملزم گرفتار

    کراچی: امریکی قونصلیٹ کی شکایت پر شہر قائد میں جعلی دستاویزات کی تیاری میں ملوث ایک ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے ایک کارروائی میں جعلی دستاویزات کی تیاری میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا ہے، جس کی شناخت محمد مشتاق راجپوت کے نام سے ہوئی ہے۔

    ملزم کو چھاپا مار کارروائی میں کراچی سے گرفتار کیا گیا، یہ کارروائی امریکی قونصلیٹ کراچی کی شکایت پر عمل میں لائی گئی، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے شہری کو جعل اپوائنٹمنٹ لیٹر جاری کیا تھا۔

    ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزم منصور کنسلٹنٹ کے نام سے ویزا کنسلٹینسی کا کام کر رہا تھا، اور اس نے بھاری رقوم وصول کر کے متاثرہ شہری کو جعلی اپوائنٹمنٹ لیٹر جاری کیا، متاثرہ شہری نے پوچھ گچھ پر انکشاف کیا تھا کہ محمد مشتاق نامی ایجنٹ نے اس کو مذکورہ دستاویزات فراہم کی تھیں۔

    حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزم گرفتار، لاکھوں مالیت کی ملکی وغیرملکی کرنسی برآمد

    ملزم مشتاق راجپوت نے شہری سے اس جعل سازی کے عوض 2 لاکھ روپے لیے تھے، امریکی حکام نے مذکورہ جعلی ایجنٹ کے خلاف تحریری شکایت درج کرائی، جس پر ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • جعلی دستاویزات پر یونان جانے کی کوشش کرنے والا مسافر گرفتار

    جعلی دستاویزات پر یونان جانے کی کوشش کرنے والا مسافر گرفتار

    کراچی : جعلی دستاویزات پر یونان جانے کی کوشش کرنے والے مسافر کو گرفتار کرلیا گیا ، ملزم کے پاس یونان کا جعلی ریزیڈنٹ پرمٹ کارڈ تھا۔

    تفصیلات کے ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے کہا کہ جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والا مسافراللہ بخش کو گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے نے کہا کہ ملزم نے جعلی دستاویزات پر یونان جانے کی کوشش کی، ملزم کے پاس یونان کا جعلی ریزیڈنٹ پرمٹ کارڈ تھا۔

    ملزم نے بتایا وہ 2001 سے یونان میں رہائش پذیر ہے، جولائی 2024 پاکستان کاسفر کیاقیام کےدوران کارڈ کھو گیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم نے منڈی بہاوالدین کے ایجنٹ جاوید سے 400 یورو میں جعلی ریزیڈنٹ کارڈ حاصل کیا، ملزم کو مزید قانونی کارروائی کیلئے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل گوجرانوالہ منتقل کردی۔

    یاد رہے ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی پر بڑی کاروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے مسافر کو گرفتار کر لیا تھا۔

    ایف آئی اے نے بتایا تھا کہ ملزم نے جعلی دستاویزات پر فلائٹ نمبر GF-753 کے ذریعے کراچی سے امریکہ جانے کی کوشش کی، ملزم کی شناخت محمد مقصود کے نام سے ہوئی۔

  • جعلی دستاویزات پر تنزانیہ جانے کی کوشش، پاسپورٹ پر ٹمپرنگ کرنے والا مسافر گرفتار

    جعلی دستاویزات پر تنزانیہ جانے کی کوشش، پاسپورٹ پر ٹمپرنگ کرنے والا مسافر گرفتار

    ایف آئی اے امیگریشن سیالکوٹ نے جعلی دستاویزات پر تنزانیہ اور سعودی عرب جانے کی کوشش کرنے والے 2 مسافروں کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف ائی اے سیالکوٹ نے دو مسافروں عبد الرحمٰن اور محمد خلیل کو گرفتار کیا ہے، جن میں سے ایک نے جعلی دستاویزات پر تنزانیہ اور دوسرے نے سعودی عرب جانے کی کوشش کی تھی۔

    ملزم عبدالرحمٰن نے اپنے پاسپورٹ پر ٹمپرنگ کی، اور پاسپورٹ پر لگے ساوٴتھ افریقہ کے ویزے کی تاریخ تبدیل کی، ملزم کے ویزے کی معیاد 10 اکتوبر تھی جب کہ ملزم نے معیاد کو ٹمپرنگ کرتے ہوئے 18 اکتوبر کر دیا۔

    ایف آئی اے کی دوسری کارروائی میں ملزم محمد خلیل کو گرفتار کیا گیا، ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے فلائٹ نمبر PF 720 کے ذریعے سعودی عرب جانے کی کوشش کی تھی، جب کہ ملزم کا پاسپورٹ اس سے قبل بھی بیرون ملک روانگی کے لیے استعمال ہوا تھا، اور اس کے پاسپورٹ اور سسٹم میں بیرون ملک آمد کے حوالے سے کسی قسم کا ریکارڈ موجود نہ تھا۔

    کرکٹ کلب کی آڑ میں جعلی دستاویزات کی بنیاد پر امریکا جانے کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار

    شک کی بنیاد پر ملزم سے تفتیش کی گئی تو ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ ملزم کے بھائی نے اس سے قبل مذکورہ پاسپورٹ اور شناختی کارڈ پر سفر کیا تھا۔

    گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • کرکٹ کلب کی آڑ میں جعلی دستاویزات کی بنیاد پر امریکا جانے کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار

    کرکٹ کلب کی آڑ میں جعلی دستاویزات کی بنیاد پر امریکا جانے کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار

    کراچی: ایف آئی اے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی نے ایک کارروائی میں کرکٹ کلب کی آڑ میں جعلی دستاویزات کی بنیاد پر امریکا جانے کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور سے تعلق رکھنے والے ملزم کی شناخت شکیل رفیق کے نام سے ہوئی ہے، جسے کراچی میں واقع امریکی قونصل خانے کے باہر سے گرفتار کیا گیا ہے، ملزم کے خلاف کارروائی امریکی قونصل خانے کی درخواست پر عمل میں لائی گئی ہے۔

    ملزم نے سجاد نامی ایجنٹ سے جعلی دستاویزات حاصل کی تھیں، جو کہ ملزم کا دوست بھی ہے، ملزم نے سجاد سے 32 ہزار اماراتی درہم کے عوض معاملات طے کیے تھے، ملزم نے ابتدائی طور پر 4 لاکھ 50 ہزار پاکستانی روپے ادا کیے جب کہ بقایا رقم ویزا لگنے پر ادا کرنا تھی۔

    ملزم نے امریکی قونصلیٹ میں خود کو کرکٹ کلب کے ساتھ وابستہ ظاہر کیا، اور کرکٹ کلب سے وابستگی کے حوالے سے جعلی دستاویزات بھی پیش کیں، تاہم ملزم کرکٹ کے حوالے سے کسی قسم کی معلومات نہیں رکھتا تھا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم امریکی قونصلیٹ کے عملے کی جانب سے دستاویزات کے حوالے سے تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہا تھا، ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جب کہ ایجنٹ سجاد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • گداگری اور جعلی دستاویزات پر سفر کرنے میں ملوث 8 مسافر  گرفتار

    گداگری اور جعلی دستاویزات پر سفر کرنے میں ملوث 8 مسافر گرفتار

    کراچی : گداگری اور جعلی دستاویزات پر سفر کرنے میں ملوث 8 مسافروں کو گرفتار کرلیا گیا، مسافروں کی شناخت نوری انور، آسیہ بی بی، ثمینہ بی بی، سکینہ بی بی اور محمد اکرم کے نام سے ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے 2 مختلف کاروائیاں کرتے ہوئے گداگری اور جعلی دستاویزات پر سفر کرنے میں ملوث 8 مسافروں کو گرفتار کرلیا، پہلی کاروائی میں عمرہ کی آڑ میں سعودی عرب سفر کرنے والے 5 مسافروں کو گرفتار کیا۔

    مسافروں کی شناخت نوری انور، آسیہ بی بی، ثمینہ بی بی، سکینہ بی بی اور محمد اکرم کے نام سے ہوئی، مسافروں نے پاکستانی پاسپورٹ پر فلائٹ نمبرQR 611 اورXY 638 کے ذریعے سعودی عرب سفر کرنے کی کوشش کی۔

    امیگریشن کلیریئنس کے دوران مسافروں کو مشکوک پایا گیا ، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان بھیک مانگنے کے غرض سے سعودی عرب جا رہے تھے، ملزمان ہوٹل بکنگ کے حوالے سے کسی قسم کی دستاویزات دینے میں ناکام رہے۔

    ملزمان سفری اخراجات کے حوالے سے بھی حکام کو مطمئن نہ کر سکے، ملزمان کو گرفتار کر کے مزید قانونی کاروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا جبکہ ایک اور کاروائی میں جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے 3 مسافروں کو گرفتار کر لیا گیا۔

    مسافروں کی شناخت سلمان، محمد نعمان اور محمد حسین کے نام سے ہوئی ، ملزمان اسٹڈی ویزے پر آذربائیجان جا رہے تھے، امیگریشن کلیرئنس کے دوران مسافروں کے دستاویزات مشکوک پائی گئیں، محمد حسین نامی مسافر کے موبائل فون سے جرمنی کا جعلی ویزا برآمد کر لیا گیا۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے خیبرپختونخواہ سے تعلق رکھنے والے عاصم نامی ایجنٹ سے دستاویزات بنوانے کے لیے ڈیل کی ، عاصم نامی ایجنٹ نے گرفتار ملزمان کے لئے آذربائیجان کے اسٹڈی ویزوں کا بندوبست کیا۔

    ملزمان کو آذربائیجان پہنچنے پر جرمنی کے ویزے ملنے تھے ، اس مقصد کے لیے عاصم نامی ایجنٹ کو سلمان اور نعمان نے 3 لاکھ فی کس جبکہ محمد حسین نے 8 لاکھ روپے ادا کئے، محمد حسین سٹی پولیس پشاور کا ملازم ہے تاہم اس نے پرائیویٹ پاسپورٹ پر سفر کرنے کی کوشش کی، محمد حسین نامی ملزم بغیر این او سی کے سفر کر رہا تھا۔

    ملزمان کو مزید قانونی کاروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے ، مزید تفتیش جاری ہے۔

  • جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والا مسافر گرفتار

    جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والا مسافر گرفتار

    ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والا مسافر گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مسافر فلائٹ نمبر IA- 431 کے ذریعے پاکستان پہنچا ہے، مسافر کی شناخت ثمر اقبال کے نام سے ہوئی اور سرگودھا کا رہائشی ہے امیگریشن کلیریئنس کے دوران مسافر کی دستاویزات کو مشکوک پایا گیا۔

    ایف آئی اے کے مطابق مسافر کے پاسپورٹ پر عراقی ویزہ مشکوک پایا گیا مسافر کے عراقی ویزہ میں ضروری سیکیورٹی خصوصیات موجود نہیں تھیں۔

    ایف آئی اے نے کہا کہ ابتدائی تفتیش میں مسافر نے بتایا کہ اس نے مذکورہ ویزہ نجف میں شیخ عباس نامی ایجنٹ سے حاصل کیا مسافر نے مذکورہ ایجنٹ کو اس مقصد کے لیے 550 امریکی ڈالر ادا کیے۔

    ایف آئی اے کے مطابق مسافر کو مزید قانونی کاروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے مزید تفتیش جاری ہے۔

  • جعلی دستاویزات پر کراچی سے جرمنی جانے والی 3 افغان خواتین گرفتار

    جعلی دستاویزات پر کراچی سے جرمنی جانے والی 3 افغان خواتین گرفتار

    کراچی : جعلی دستاویزات پر کراچی سے جرمنی جانے والی 3 افغان خواتین گرفتار کرلیا گیا، خواتین جعلی میڈیکل اورکاروباری دستاویزات پرجرمنی جارہی تھیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی سےجرمنی جانےوالی3افغان خواتین گرفتار کرلیا۔

    امیگریشن حکام نے بتایا کہ تینوں خواتین جعلی میڈیکل، کاروباری دستاویزات سے جرمنی جارہی تھیں تاہم تینوں خواتین کواینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کےحوالےکر کے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    ایک افغان مسافرخاتون عزیزہ محمدی علاج کرانے کیلئے ویزالےکرپاکستان آئی تھیں , خاتون نے27 اپریل سے20 مئی تک اسلام آباد کے اسپتال میں زیر علاج ظاہر کیا۔

    دستاویزات کےمطابق پاسپورٹ بننے کےبعد اس سےپہلے کبھی پاکستان نہیں آئی جبکہ دوسری افغان شہری مہریہ رحمانی پاکستان میں بزنس ویزا پر آئی تھیں اور دستاویزات میں وہ شوہر اقبال کے ساتھ پاکستان کے کاروباری سفر پر تھیں، شوہر کے بارے میں سوال کیا گیا تو افغان خاتون نے خود کو کنوارہ ظاہر کیا۔

    ریکارڈ میں بتایا گیا تیسری افغانی خاتون زہرہ 2 ستمبر کو ایک مریضہ کی اٹینڈنس بن کرپاکستان آئی۔

  • جعلی دستاویزات پر آذربائیجان سے پاکستان پہنچے والا مسافر گرفتار

    جعلی دستاویزات پر آذربائیجان سے پاکستان پہنچے والا مسافر گرفتار

    سیالکوٹ: ایف آئی اے امیگریشن سیالکوٹ نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے مسافر کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی دستاویز پر سفر کرنے والے ملزم افتخار بیگ کو ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا، ملزم جعلی دستاویز پر آذربائیجان سے پاکستان پہنچا تھا۔

    ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ملزم سے الابینہ کا جعلی ویزہ اور ٹکٹ برآمد ہوا، ملزم کو مزید کارروائی کیلئے انسداد انسانی اسمگلنگ کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔

    دوسری جانب ایف آئی اے گوجرانوالہ سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث اشتہاری ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم شہری کو اٹلی بھجوانے کیلئے 20 لاکھ لینے کے بعد روپوش تھا۔

  • جعلی دستاویزات پر سفر کرنیوالا مسافر ائیرپورٹ سے گرفتار

    جعلی دستاویزات پر سفر کرنیوالا مسافر ائیرپورٹ سے گرفتار

    کراچی: ایف آئی اے نے جعلی دستاویزات پر سفر کرنیوالے مسافر کو ائیرپورٹ سے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والا مسافر گرفتار کرلیا، ملزم پاکستانی پاسپورٹ پر ایران سے کراچی ائیرپورٹ پہنچا تھا۔

    ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن کلئیرنس کے دوران ملزم کے پاسپورٹ پر لگا جرمن (شینجن) ویزہ مشکوک پایا گیا، مشکوک معلوم ہونے پر پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات کو سیکنڈ لائن آفس کے فرانزک پراسیس سے گزارا گیا، پاسپورٹ پر لگے ویزہ پر ضروری سیکیورٹی و دیگر خصوصیات موجود نہ تھیں۔

    ایف آئی اے نے کہا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے عمان میں مقیم مبشر نامی ایجنٹ سے سفری دستاویزات بشمول ویزہ و ٹکٹ حاصل کیں اس مقصد کے لیے ملزم نے مذکورہ ایجنٹ کو 20 لاکھ روپے ادا کئے۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کر کے مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔