Tag: جعلی دستاویزات

  • جعلی دستاویزات پر افغان باشندہ گرفتار، لاہور ایئرپورٹ پر مسافر سے چرس برآمد

    جعلی دستاویزات پر افغان باشندہ گرفتار، لاہور ایئرپورٹ پر مسافر سے چرس برآمد

    اسلام آباد: اسلام آباد ائیر پورٹ پر پی آئی اے ویجلینس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویز پر کینیڈا جانے والے افغانی باشندے کو حراست میں لے لیا، لاہور ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی دستاویزات پر گرفتار ہونے والا افغان مسافر پی آئی اے کی پرواز پی کے 781 کے ذریعے اسلام آباد سے ٹورنٹو جا رہا تھا، پی آئی اے کے ویجلینس افسر نے مسافر میر زادہ سے سفری دستاویزات طلب کیے، افسر کو شک ہوا کہ دستاویز جعلی ہے۔

    جعلی کینیڈا ریزیڈنٹ کارڈ پر مسافر اسلام آباد ایئرپورٹ پر گرفتار

    ویجلینس افسر نے شک ہونے پر ایف آئی اے سے مسافر کے سفری دستاویز کی تصدیق کرائی تو کینیڈا ریزیڈنٹ کارڈ جعلی نکلا، جس پر مسافر کو آف لوڈ کر دیا گیا، بعد ازاں ویجلینس افسر نے مسافر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے ایمگریشن کے حوالے کر دیا، ایف آئی اے نے مسافر کو اپنی تحویل میں لے کر مزید تفتیش کے لیے سیل منتقل کر دیا۔

    علامہ اقبال ایئرپورٹ پر مسافر کے جوتوں سے چرس برآمد

    دوسری طرف اے ایس ایف نے علامہ اقبال ائیر پورٹ پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی، لاہور سے دوحہ جانے والے مسافر سے چرس برآمد کی گئی، اے ایس ایف ذرایع نے بتایا کہ گجرانوالہ کا رہایشی محمد اصغر نجی پرواز سے دوحہ جا رہا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اے ایس ایف نے دوران چیکنگ مسافر کے جوتوں سے 850 گرام چرس برآمد کی، جس پر اے ایس ایف نے مسافر کو قانونی کارروائی کے لیے اینٹی نارکوٹک فورس (اے این ایف) کے حوالے کر دیا۔

  • جعلی دستاویزات پر نیب کو کارروائی کا مکمل اختیار ہے، سپریم کورٹ نےواضح کر دیا

    جعلی دستاویزات پر نیب کو کارروائی کا مکمل اختیار ہے، سپریم کورٹ نےواضح کر دیا

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے ملزم یاسر علی کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر خارج کر دی اور واضح کیا جعلی دستاویزات پر نیب کو کارروائی کا مکمل اختیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ، دوران سماعت عدالت نے واضح کیا ہے کہ جعلی دستاویزات پر نیب کو کارروائی کا مکمل اختیار ہے۔

    جسٹس عظمت سعید شیخ نے کہاکہ نیب قوانین کے تحت جعلی دستاویزات پر 14 سال سزا ہوسکتی ہے۔

    وکیل نیب نے کہا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے امتحان میں جعلی میریٹ لسٹ بنائی گئی، 272 میں سے 28 افراد کو بغیر اپلائی کیے فائنل لسٹ میں شامل کیا گیا۔

    وکیل ملزم نے کہاکہ یہ کیس نیب کا بنتا ہی نہیں, دفعہ 420 اور 471 نیب قوانین سے نکال دیے گئے ہیںم، جس پر جسٹس عظمت سعید شیخ کا کہنا تھا نیب جعلی دستاویزات پر تعیناتی کرنے اور اس سے فائدہ لینے والوں کیخلاف کارروائی کر سکتا ہے۔

    وکیل ملزم نے مزید کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کے بعد جعلی دستاویزات پر تعینات ہونے والوں کیخلاف کاروائی نہیں ہوسکتی تو جسٹس عظمت سعید شیخ کا کہنا تھا کہ کیا یہ قانون ختم ہوگیا ہے کہ جعلی دستاویزات پر کاروائی ہوگی؟

    ملزم کے وکیل کا کہنا تھا اس مقدمے کیلئے اینٹی کرپشن سمیت دیگر فورمز موجود ہیں،کیا پاکستان میں کاروائی کیلئے صرف نیب ہی واحد ادارہ رہ گیا ہے،اگر ایسا ہے تو سارے اداروں کے مقدمات نیب کو دے دیں۔

    وکیل ملزم نے استدعا کی میرا موکل یاسر پنجاب پولیس میں سٹینوگرافر ہے، اور یہ کیس نیب کا بنتا نہیں بنتا، عدالت کیس کے حتمی فیصلے تک ضمانت منظور کرے۔

    جس پر جسٹس عظمت سعید شیخ نے ملزم یاسر علی کی درخواست ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر خارج کرتے ہوئے کہا ضمانت کیلئے کوئی غیر معمولی حالات نہیں اور ہدایت کی کہ زیر التواء ٹرائل کو جلد مکمل کیا جائے۔

  • سابق صدرآصف زرداری کے خلاف پارک لین ریفرنس دائر

    سابق صدرآصف زرداری کے خلاف پارک لین ریفرنس دائر

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو نیب نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف زرداری کےخلاف پارک لین ریفرنس بھی دائرکردیا، سابق صدرپرالزام ہے کہ انھوں نےجعلی دستاویزات پربینک سے قرضہ لے کرخزانے کوبھاری نقصان پہنچایا۔

    تفصیلات کے مطابق پارک لین ریفرنس اسلام آباد کی احتساب عدالت کےجج محمدبشیرکی عدالت میں دائرکیاگیا، ریفرنس میں آصف زرداری سمیت سترہ ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔

    اس ریفرنس میں آصف زرداری پہلےہی نیب کی تحویل میں ہیں۔ یہ قرض پارک لین کمپنی کی فرضی کمپنی پیراتھون کےنام پرلیاتھا اور آصف زرداری پارک لین کےپچیس فیصدکےشیئرہولڈرہیں، پچیس فیصد شیئرز انہوں نے اپنےبیٹے بلاول بھٹو زرداری کےنام پر رکھے ہیں۔

    آصف زرداری پر الزام ہے کہ انھوں نے بطورشیئر ہولڈر پارک لین فرضی فرنٹ کمپنی پیراتھون بنائی،انھوں نے دو ہزار نو میں کمپنی کے نام پر نیشنل بینک سے ڈیڑھ ارب روپے قرض حاصل کیا اور قرضے کی رقم نجی بینک میں کمپنی اکاؤنٹ میں منتقل کی۔

    ریفرنس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آصف زرداری نےقرضہ لینےکے لیے جعلی دستاویزات تیار کئے اورایس ای سی پی ، نیشنل بینک سے حقائق چھپائے۔ انھوں نے بطور صدر اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اورقرضے کی رقم میں اضافہ بھی کرایا۔ آصف زرداری نے اثر و رسوخ سےقرض کی رقم دو ارب اسی کروڑکرالی تھی۔

    انہوں نے ایک اور نجی بینک میں پارک لین کے نام سے اکاؤنٹ بھی کھلوایا، سابق صدر دیگر ذرائع سے ملنے والی رقم نجی بینک میں رکھواتے تھے۔

    نیب کا کہنا تھا کہ آصف زرداری بطور ڈائریکٹر پارک لین اسٹیٹ معاملات چلاتے رہے اور بطور صدر مملکت منی لانڈرنگ بھی کرتے رہے، وہ کمپنی کے فرضی اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کرتےتھے، انہوں نے دھوکے سے لیے گئے قرضے کی بھی منی لانڈرنگ کی۔ پارک لین کیس میں قومی خزانے کو 3.77 ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

    یا درہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا تھا ۔ اجلاس میں بورڈ نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی تھی ۔

    سابق صدر آصف علی زرداری جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے درخواست ضمانت مسترد کئے جانے کے بعد گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد نیب ٹیم نے سابق صدر آصف زرداری کو بلاول ہاؤس سے گرفتار کرلیا تھا۔

  • مریم نواز کے خلاف جعلی ٹرسٹ ڈیڈ سے متعلق نیب کی درخواست خارج

    مریم نواز کے خلاف جعلی ٹرسٹ ڈیڈ سے متعلق نیب کی درخواست خارج

    اسلام آباد: احتساب عدالت نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف جعلی ٹرسٹ ڈید کی نیب کی درخواست خارج کردی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کرنے سے متعلق کیس کی سماعت احتساب عدالت کے معزز جج محمد بشیر نے کی۔

    احتساب عدالت میں نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفرعباسی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ٹرسٹ ڈیڈ جعلی تھی، ٹرسٹ ڈیڈ سے متعلق عدالت کا دائرہ اختیار ہے، مریم نواز نے کہا عدالت کا دائرہ اختیارنہیں۔

    معزز جج نے ریمارکس دیے کہ جعلی ٹرسٹ ڈیڈ کا معاملہ فرد جرم سے ہدف کردیا گیا تھا، نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی درخواست پرمعاملہ فرد جرم سے نکالا گیا تھا۔

    نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت نے کہا تھا کہ جعلی دستاویزات کا معاملہ فیصلے کے بعد دیکھا جائے گا۔ سردار مظفر عباسی نے ایون فیلڈ ریفرنس کا حکم نامہ عدالت کو پڑھ کرسنایا۔

    احتساب عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد مریم نواز کے خلاف نیب کی جانب سے دائر جعلی ٹرسٹ ڈیڈ ریفرنس کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی۔

    مسلم لیگ ن کی نائب صدر کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، غیرمتعلقہ افراد کو احاطہ عدالت میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔

    قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے احتساب عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز نے ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ پیش کرکے عدالت کو گمراہ کیا تھا، عدالت اپنے اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے مریم نواز کو اس جرم میں بھی سزا سنائے۔

    ایون فیلڈ ریفرنس میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ، مریم نواز 19 جولائی کو طلب

    احتساب عدالت نے نیب کی درخواست پر ابتدائی سماعت کے بعد مریم نواز کو 19 جولائی کو عدالت میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا تھا۔

    یاد رہے کہ احتساب عدالت نے چھ جولائی 2018 کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کو مجموعی طورپر گیارہ سال اور مریم نواز کو آٹھ سال قید بامشقت اور جرمانے کی سزا سنائی تھی اور ساتھ ہی مجرموں پر احتساب عدالت کی جانب سے بھاری جرمانے عائد کیے گئے تھے۔

    فیصلے میں مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو 10 سال تک کسی بھی عوامی عہدے کے لیے بھی نااہل قرار دیا تھا اور 13 جولائی کو وطن واپسی پر نوازشریف اور مریم نواز کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

  • جعلی دستاویزات پر آٹھ تیل بردار جہاز یمن لانے کی حوثی سازش ناکام

    جعلی دستاویزات پر آٹھ تیل بردار جہاز یمن لانے کی حوثی سازش ناکام

    صنعاء : یمن کی آئینی حکومت نے ایران نواز حوثی جنگجوؤں کی جعلی دستاویزات کے تحت 8 تیل بردار جہاز یمن لانے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یمنی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی ملیشیا کی طرف سے مغربی بندرگاہ الحدیدہ کے راستے تیل سے لدے 8 بحری جہاز جعلی دستاویزات کے تحت یمن لانے کی کوشش کی گئی تھی مگر سیکیورٹی فورسز نے یہ کوشش ناکام بنا دی۔

    عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ یمنی حکومت کے زیرانتظام سپریم اقتصادی کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی باغی جعلی دستاویزات کے ذریعے بحری جہاز یمن میں داخل کرنے کی ناکام کوشش کرتے رہے ہیں۔ حالیہ کچھ عرصے کے دوران حوثی باغی حکومت کی اجازت کے بغیر جعلی کاغذات کے ذریعے بحری جہاز الحدیدہ میں لانے کی کوشش کرتے رہے ہیں

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سرکاری فوج نے کارروائی کرکے حوثیوں کے لیے کام کرنے والے بحری جہازوں کے عملے کو حراست میں لیا اور حوثیوں کو تیل کی سپلائی ناکام بنائی۔

    کمیٹی نے بیان میں مزید کہا ہے کہ حکومت کی طرف سے نقل وحمل کا اجازت نامہ حاصل کرنے اور حکومتی وضع کردہ آرڈر 75 کے میکیزم پر عمل درآمد کے بغیر حوثیوں کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات ملک میں داخل کرنے کی غیرقانونی کوشش کی گئی۔

    سپریم اقتصادی کمیٹی کا بیان میں کہنا تھا کہ حکومت کی اجازت سے 5 بحری جہازوں پر لدے 89 ہزار ٹن تیل کو ملک میں لانے کی اجازت دی گئی، اس کے علاوہ دو بحری جہازوں پر 40 ہزار ٹن ڈیزل اور 10 ہزار ٹن پٹرول لایا گیا۔

  • جعلی دستاویزات پر گاڑیاں فروخت کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار

    جعلی دستاویزات پر گاڑیاں فروخت کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار

    کراچی : انٹرنیٹ پر جعلی نمبر پلیٹس اور دستاویزات پر گاڑیاں فروخت کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے فیڈرل بی ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے انٹرنیٹ پرجعلی نمبرپلیٹ، دستاویزات پرگاڑیاں فروخت کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم سرکل کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے نام عمیر اور منظر ہیں، ایف آئی اے کے مطابق مذکورہ گروہ کئی شوروم مالکان کی ملی بھگت سے گاڑیاں فروخت کرتا تھا۔

    ملزمان سے جعلی دستاویزات پر فروخت گاڑیوں کا ڈیٹا حاصل کرلیا، ملزمان کے خلاف سائبرکرائم سرکل نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

  • جدہ سے بے دخل پاکستانیوں کواسلام آباد پہنچادیاگیا

    جدہ سے بے دخل پاکستانیوں کواسلام آباد پہنچادیاگیا

    اسلام آباد : سعودی عرب سے بے دخل کیے گئے 36 پاکستانی نجی پرواز کے ذریعے بے نظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچ گئے جہاں ایف آئی اے دستاویزات کی جانچ پڑتال کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 36 پاکستانیوں کوسعودی عرب سے بے دخل کردیا گیا ہے جس کے بعد بے دخل کیے گئے افراد کو جدہ سے اسلام آباد پہنچا دیا گیا ہے۔

    بے نظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ایف آئی اے حکام نے بے دخل کیے گئے افراد کے دستاویزات کی جانچ پڑتال کی اور مزید تحقیقات و ضروری کارروائی کے لیے ان افراد کو تحویل میں لے لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق سعودی حکام کا دعوی ہے کہ بے دخل کیے گئے افراد غیر قانونی طور پر سعودی عرب پہنچے تھے اور نامکمل سفری دستاویزات کے ساتھ سعودی عرب میں مقیم تھے جنہیں ایک سرچ آپریشن کے دوران حراست میں لیا گیا تھا۔

    سعودی حکام نے نامکمل سفری دستاویزات رکھنے والے افراد کو سعودیہ بدر کرنے کا حکم دے کر جدہ سے ایک نجی پرواز کے ذریعے اسلام آباد بھیج دیا گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے بے دخل کیے گئے افراد سے تفتیش کے بعد انہیں سعودیہ بھیجنے والے ایجنٹس کے خلاف بھی تادیبی کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے جس سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہ کو پکڑنے میں مدد ملے گی۔

  • نیویارک: بھارتی خاتون سفارتکار پر امریکہ میں فرد جرم عائد

    نیویارک: بھارتی خاتون سفارتکار پر امریکہ میں فرد جرم عائد

    امریکا میں خاتون بھارتی سفارتکار پر جعلی دستاویزات پیش کرنے پر فرد جرم عائد کردی گئی، جرم ثابت ہونے پر دس سال کی سزا سنائی جاسکتی ہے۔

    غیرملکی میڈیا کے مطابق نیو یارک کی ایک عدالت نے گھریلو ملازمہ کے حوالے سے جعلی دستاویزات پیش کرنے پر بھارتی سفارت کار دیویانی كھوبرا گڑے پر فرد جرم عائد کر دیا، پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سفارت کار کوعدالتی کارروائی سے استثنیٰ حاصل ہے تاہم وہ اس وقت امریکا سے روانہ ہوچکی ہیں۔

    گذشتہ ماہ دیوانی کھوبرا گڑے کو گرفتار کرکے ان پر الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے اپنی گھریلو ملازمہ کے ویزے کے حصول کے لیے غلط بیانی کی اور اسے کم تنخواہ ادا کی تاہم دیوانی ان تمام الزامات سے انکار کرتی ہیں اور وہ اسوقت ضمانت پر رہا ہیں۔

    اگر بھارتی سفارت کار پر جرم ثابت ہو جاتا ہے تو انھیں ویزا دستاویزات میں فراڈ کےجرم میں دس سال کی سزا سنائی جاسکتی ہے جبکہ جھوٹ بولنے پر ان کو مزید پانچ سال کی سزا ہوسکتی ہے۔