لاہور : پنجاب کی سب سے بڑی جعلی دودھ کی کھیپ پکڑی گئی ، جس میں 32 ہزار 500 کلو مصنوعی ملک پاؤڈر اور 435 کلو پیکنگ میٹیریل برآمد ہوا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے گجرات میں بھمبر روڈ قادر کالونی کے قریب ایک بڑے گرینڈ آپریشن کے دوران جعلی دودھ تیار کرنے والا گودام بے نقاب کر دیا۔
یہ کارروائی پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مرکزی دفتر کے قریب کی گئی، جہاں کیمیکل اور مصنوعی پاؤڈر سے روزانہ کی بنیاد پر جعلی دودھ تیار کر کے شہر اور گردونواح میں سپلائی کیا جا رہا تھا۔
فوڈ اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ چھاپہ مار ٹیم نے پنجاب کی سب سے بڑی جعلی دودھ کی کھیپ پکڑ لی، جس میں 32 ہزار 500 کلو مصنوعی ملک پاؤڈر اور 435 کلو پیکنگ میٹیریل برآمد ہوا۔ اس کے علاوہ خالی بیگ، مکسر مشین اور دیگر سامان بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔
ARY News Urdu- صحت سے متعلق خبریں اور معلومات
ترجمان نے بتایا کہ موقع پر موجود افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ انسانی صحت سے کھیلنے والے ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دودھ یا خوراک کی مشکوک اشیاء کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔