Tag: جعلی سفری دستاویزات

  • جعلی سفری دستاویزات پر قطر جانے والا مسافر آف لوڈ

    جعلی سفری دستاویزات پر قطر جانے والا مسافر آف لوڈ

    کراچی: ایف آئی اے امیگریشن نے جعلی سفری دستاویزات پر قطر جانے والے مسافر کو آف لوڈ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات پر قطر جانے والے مسافر محمد ریحان کو آف لوڈ کردیا۔

    ایف آئی اے ترجمان کے مطابق مسافر جعلی پروٹیکٹر اسٹمپ پر ورک ویزہ کے ساتھ قطر جارہا تھا، امیگریشن کلیئرنس کے دوران مسافر کی دستاویزات مشکوک پائی گئیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ مسافر کی جانب سے پیش کیا گیا ای پروٹیکٹر جعلی پایا گیا، مسافر نے ای پروٹیکٹر کیلئے نہ تو خود درخواست دی اور نہ ہی فنگر پرنٹس دیے۔

    ایف آئی اے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار مسافر ایجنٹ واجد شاہ سے رابطے میں تھا، ایجنٹ نے مسافر کو ای پروٹیکٹر، ویزہ اور ایمپلائمنٹ کنٹریکٹ فراہم کیا۔

    ترجمان نے مزید بتایا کہ بیورو آف امیگریشن نے ای پروٹیکٹر کے جعلی ہونے کی تصدیق کی، مسافر نے ویزہ اور پروٹیکٹر کیلئے ایجنٹ کو 5 لاکھ 80 ہزار روپے دیے تھے۔

  • جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے 3 مسافر آف لوڈ

    جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے 3 مسافر آف لوڈ

    سیالکوٹ: ایف آئی اے نے جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے 3 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنادی 3 مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا۔

      ایف آئی اے کے مطابق ملزمان فلائٹ نمبر PK179 کے ذریعے آزر بائیجان جا رہے تھے ملزمان کی شناخت ذیشان قیصر، ابوبکر اور نوید سرور کے نام سے ہوئی، ملزم ذیشان قیصر کو امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشکوک پایا گیا ملزم کی تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے البانیہ کا جعلی ویزہ برآمد ہوا۔

    ایف آئی اے نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے احسن علی نامی ایجنٹ سے 25 لاکھ کے عوض آذر بائیجان اور البانیہ کا جعلی ویزہ حاصل کیا ملزم ابوبکر یعقوب نے بھی مذکورہ ایجنٹ احسن علی بٹ سے 15 لاکھ روپے کے عوض اٹلی کا جعلی ورک ویزہ حاصل کیا جبکہ ملزم نوید سرور مذکورہ ملزمان کے ساتھ سب ایجنٹ کے طور پر سفر کر رہا ہے ملزم نوید سرور نے مذکورہ بالا ملزمان کے آذربائیجان کے لیے ٹکٹ بک کیے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو بعد ازاں مزید قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ایجنٹ کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی مزید تفتیش جاری ہے۔

  • جعلی سفری دستاویزات پر امارات اور پولینڈ جانے والے مسافر آف لوڈ

    کراچی: جعلی سفری دستاویزات پر متحدہ عرب امارات اور پولینڈ جانے والے 2 مسافروں کو کراچی اور پشاور ایئرپورٹس پر آف لوڈ کر کے حراست میں لے لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے پشاور ایئر پورٹ پر ایک کارروائی میں جعلی سفری دستاویزات پر براستہ استنبول، ترکی سے پولینڈ جانے والے مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق عمران خان نامی مسافر کی جانب سے پیش کیا جانے والا پولش ریزیڈنٹ کارڈ جعلی نکلا، ملزم کو ترکیہ کا ویزہ بھی پولش ریزیڈنٹ کارڈ کی بنا پر جاری ہوا تھا۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم 2017 میں پولینڈ سے پاکستان آیا تھا، جب کہ پولش ریزیڈنٹ کارڈ 2022 میں جاری ہوا، ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ یہ کارڈ اس کے کزن نے بنوا کر دیا تھا۔

    ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل پشاور کے حوالے کر دیا گیا۔

    ادھر کراچی ایف آئی اے امیگریشن نے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کارروائی میں افغان شہری خان محمد کو آف لوڈ کر کے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    گرفتار ملزم امیگریشن کلیئرنس کے دوران پوچھے گئے سوالات پر حکام کو مطمئن نہ کر سکا، ملزم جائے پیدائش اور اپنے خاندان کے افراد کے حوالے سے مکمل طور پر لاعلم تھا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم ملازمت کی غرض سے پاکستانی پاسپورٹ پر یو اے ای جا رہا تھا، جسے قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔