Tag: جعلی ویزا

  • علاج کے بہانے پاکستان آنے والی افغان خاتون امریکا جاتے ہوئے پکڑی گئی

    علاج کے بہانے پاکستان آنے والی افغان خاتون امریکا جاتے ہوئے پکڑی گئی

    کراچی: کراچی ایئرپورٹ پر علاج کے بہانے پاکستان آنے والی افغان خاتون جعل سازی سے حاصل ویزے پر امریکا جاتے ہوئے پکڑی گئی، ایف آئی اے نے مراکش کے ویزے پر جانے والے ایک مسافر صدام حسین کو بھی آف لوڈ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر ایک کارروائی میں جعل سازی سے ویزا حاصل کرنے والی افغان خاتون مسافر کو گرفتار کر لیا، ملزمہ 13 نومبر کو چمن بارڈر کے ذریعے علاج کے نام پر پاکستان آئی تھی، لیکن علاج کے حوالے سے کسی قسم کے ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمہ علاج کا بہانہ کر کے امریکی ویزا اپلائے کرنے پاکستان آئی تھی، ملزمہ کے کزن نے پاکستان جانے کے لیے میڈیکل ویزا اپلائی کرنے کا مشورہ دیا تھا، ملزمہ نے پاکستان پہنچنے کے بعد امریکی سفارتخانے سے ویزا حاصل کیا۔

    صدام حسین جعلی ویزا

     

    افغان خاتون نے پاکستانی ویزا اپلائی کرنے کے لیے جعلی دستاویزات استعمال کی تھیں، گرفتار ملزمہ کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

    کراچی ایئرپورٹ پر ایک اور کارروائی میں صدام حسین نامی ایک مسافر کو آف لوڈ کر دیا گیا ہے، صدام حسین وزٹ ویزے پر مراکش جا رہا تھا، تاہم ملزم کا مراکش جانے کا مقصد اسپین اور اٹلی کی جانب غیر قانونی بارڈر پار کرنا تھا۔

    ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے ویزا شیخوپورہ کے رہائشی نوید نامی ایجنٹ سے 8 لاکھ روپے میں حاصل کیا تھا، ملزم واٹس ایپ کے ذریعے جبار اور امجد نامی انسانی اسمگلرز سے رابطے میں تھا، انسانی اسمگلر امجد یورپ میں غیر قانونی ڈنکی اور سمندر کے راستے لوگوں کو بھیجنے میں ملوث ہے۔

    ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ انسانی اسمگلر امجد کا تعلق شیخوپورہ سے ہے اور بیرون ملک مقیم ہے، امجد نے متعدد لوگوں کو غیر قانونی یورپ بھجوانے کے نام پر لاکھوں روپے بٹورے ہیں، ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو ثبوتوں کے ساتھ اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

  • بشکیک کے میڈیکل انسٹیٹیوٹ کا جعلی ایڈمیشن لیٹر، مسافر ایئرپورٹ ہی پر گرفتار

    بشکیک کے میڈیکل انسٹیٹیوٹ کا جعلی ایڈمیشن لیٹر، مسافر ایئرپورٹ ہی پر گرفتار

    کراچی: بشکیک کے میڈیکل انسٹیٹیوٹ کے جعلی ایڈمیشن لیٹر اور جعلی ویزا پر ملک سے باہر جانے کی کوشش کرنے والے ایک مسافر کو کراچی ایئرپورٹ پر گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر ایک مسافر کی جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی، ملزم کی شناخت سید زین الحسن کے نام سے ہوئی ہے۔

    ملزم نوشہرہ ورکاں ضلع گوجرانوالہ کا رہائشی ہے، جس نے جعلی ویزا اور دیگر جعلی دستاویزات پر کرغزستان جانے کی کوشش کی، مسافر کے پاس موجود دستاویزات کی جانچ پڑتال کے دوران جعلی ہونے کا انکشاف ہوا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ سید زین الحسن کے پاس بشکیک انٹرنیشنل میڈیکل انسٹیٹیوٹ کا جعلی ایڈمیشن لیٹر تھا، حالاں کہ ملزم کی تعلیمی قابلیت میٹرک سے کم ہے اور اس نے 2018 میں اسکول چھوڑ دیا تھا۔

    ملزم کے پاس موجود اسٹڈی ویزا اور ورک ویزا دونوں مشکوک پائے گئے، زین الحسن کے مطابق اس نے جعلی ویزا اور انسٹیٹیوٹ کا ایڈمیشن لیٹر علی نامی ایجنٹ سے حاصل کیے تھے۔ ایف آئی اے نے ملزم کو مزید کارروائی کے لیے اے ایچ ٹی سی کراچی منتقل کر دیا ہے۔

  • جعل ساز نے امریکی ویزے کا جھانسا دے کر بچپن کے دوستوں سے لاکھوں لوٹ لیے

    جعل ساز نے امریکی ویزے کا جھانسا دے کر بچپن کے دوستوں سے لاکھوں لوٹ لیے

    کراچی: شہر قائد میں ایک جعل ساز نے امریکی ویزے کا جھانسا دے کر اپنے بچپن کے دوستوں سے لاکھوں لوٹ لیے، جس پر امریکی قونصل خانے نے ایف آئی اے میں شکایت درج کرا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے امریکی قونصل خانے کی تحریری شکایت پر جعلی ویزا فراہمی میں ملوث شہری شیخ محمد حذیفہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، حذیفہ امریکا میں ملازمت کا جعلی ویزا فراہم کرنے کے ایک واقعے میں ملوث تھا۔

    جعل ساز نے خود کو امریکا میں ملازمت پیشہ ظاہر کر کے بچپن کے دوستوں سید معظم اور محمد معیز سے 15 لاکھ روپے آن لائن وصول کیے تھے، ملزم نے خود کو فوڈ چین کا ملازم ظاہر کر کے کمپنی مالک کے نام سے جعلی ای میلز بھی دوستوں کو ارسال کیں۔

    ملزم نے متاثرہ سگے بھائیوں سے پاسپورٹ وصول کر کے واٹس ایپ پر امریکی جعلی ویزے ارسال کیے، اور متاثرہ بھائیوں کو کراچی میں امریکی قونصلیٹ سے جلد انٹرویو کی کال آنے کا بھی کہا، معلوم ہوا کہ ملزم پاکستان بھی آیا اور متاثرین سے رابطے میں رہا، لیکن پھر غائب ہو گیا اور رابطہ نمبر بھی بند کر دیے۔

    کال نہ آنے پر سید معظم اور محمد معیز نامی متاثرہ بھائی از خود امریکی قونصلیٹ کراچی پہنچ گئے، تاہم امریکی قونصلیٹ کی تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد معلوم ہوا کہ ایچ ون بی ملازمت ویزا اور ای میلز جعلی تھیں۔

  • دبئی: جعلی ویزے پر سفر کرنا خاتون کو مہنگا پڑگیا

    دبئی: جعلی ویزے پر سفر کرنا خاتون کو مہنگا پڑگیا

    دبئی ایئرپورٹ پر جعلی شنگن ویزے پر یورپ کا سفر کرنے والی ایک افریقی خاتون کو حراست میں لے لیا گیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ دبئی ایئرپورٹ کے ایک اہلکار کو مسافر خاتون پر شک ہوا، اہلکار نے اس بات کو محسوس کیا کہ مذکورہ خاتون دبئی سمیت مختلف ہوائی اڈوں سے ٹرانزٹ کرتے ہوئے یورپ جانے کی خواہش مند ہے۔

    خاتون سے جب ویزے کے بارے میں معلومات لی گئیں تو شک یقین میں بدل گیا کہ خاتون کہ کا ویزہ جعلی ہے، اہلکار نے مسافر خاتون کا کیس متعلقہ ادارے کے سپرد کر دیا جہاں تفتیش پرمعلوم ہوا کہ ویزا دو نمبر ہے۔

    معاملہ کھلنے کے بعد خاتون کو پبلک پراسیکیوشن کے سپرد کردیا گیا، پبلک پراسیکیوشن نے خاتون پر انجانے شخص کے ساتھ مل کر جعلی ویزے کی فرد جرم عائد کر دی۔ مسافر خاتون کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اس نے امارات کا ویزہ ایک خاتون کے ذریعے حاصل کیا تھا۔

    ملزمہ خاتون نے اپنا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ’ایجنٹ خاتون کو پاسپورٹ اور تصاویر دی تھیں جس کے کچھ عرصے بعد اسے اس کا پاسپورٹ امارات ہی نہیں بلکہ شنگن ویزے کے ساتھ واپس کیا گیا، خاتون کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کا قطعی طور پر علم نہیں کہ ویزا جعلی ہے۔

    عدالت نے سارے معاملے کو سامنے رکھتے ہوئے مسافر خاتون کو دو ہفتے قید کی سزا سنائی اور اس کے ساتھ رحمدلی کا معاملہ کرتے ہوئے امارات سے بے دخل کرنے کا حکم سنایا۔

  • جعلی ویزے پر عراق جانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا

    جعلی ویزے پر عراق جانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا

    کراچی: عراق سے آنے والے مسافر کو گرفتار کر لیا گیا، ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزم سمیع اللہ کے پاسپورٹ پر عراق کا جعلی ویزا لگا ہوا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے عراق سے آنے والے مسافر کو گرفتار کر لیا، ملزم پچھلے سال جولائی میں بھی عراق جا چکا ہے۔

    ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ گرفتار کیے جانے والے ملزم سمیع اللہ کے پاسپورٹ پر عراق کا جعلی ویزا لگا ہوا تھا۔

    ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزم جولائی 2022 میں ایران گیا تھا، ملزم نے ایجنٹ کی مدد سےعراق کا ویزا حاصل کیا۔

    ایف آئی اے کے حکام نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔

  • جعلی ویزے پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنا مسافر کو مہنگا پڑگیا

    جعلی ویزے پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنا مسافر کو مہنگا پڑگیا

    اسلام آباد: جعلی ویزے پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے مسافر کو ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلاات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر جعلی ویزے پر لیبیا جانے کی کوشش کرنے والے مسافر کو گرفتار کیا گیا۔ امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ دستاویزات چیکنگ کے دوران مسافر کا ویز اجعلی نکلا جس کے بعد ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی۔

    ایف آئی اے نے مسافر کو انسدادانسانی اسمگلنگ سیل منتقل کردیا۔ واضح رہے کہ جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے درجنوں ملکی اور غیرملکی گرفتار ہوچکے ہیں۔

    حال ہی میں اسلام آباد ایئرپورٹ پر پی آئی اے ویجلینس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویز پر کینیڈا جانے والے افغانی باشندے کو حراست میں لیا تھا۔

    جعلی دستاویزات پر افغان باشندہ گرفتار، لاہور ایئرپورٹ پر مسافر سے چرس برآمد

    خیال رہے جعلی دستاویزات پر گرفتار ہونے والا مذکورہ افغان مسافر پی آئی اے کی پرواز پی کے 781 کے ذریعے اسلام آباد سے ٹورنٹو جا رہا تھا، پی آئی اے کے ویجلینس افسر نے مسافر میر زادہ سے سفری دستاویزات طلب کیے جس کے بعد افسر کو شک ہوا کہ دستاویز جعلی ہیں۔ بعد ازاں ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔

  • اسلام آباد: جعلی ویزے پر بیرون ملک سفر کرنے کی کوشش ناکام

    اسلام آباد: جعلی ویزے پر بیرون ملک سفر کرنے کی کوشش ناکام

    اسلام آباد: اسلام آباد ایئرپورٹ پر جعلی ویزا ہونے کی بنیاد پر 5 مسافروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کا کہنا ہے کہ جعلی ویزا ہونے پر گرفتار پانچوں مسافر ملائیشیا جانے کی کوشش کررہے تھے۔

    مسافروں کو ایف آئی اے کے حوالےکر دیا گیا ہے، جہاں دیگر تفتیشی کارروائیاں جاری ہیں۔

    جعلی اقامے اور ویزے کی بنیاد پر دنیا بھر میں جعل سازوں کی گرفتاریاں عام ہوچکی ہیں۔ اس سے قبل سعودی عرب میں ایک اتھوپین شخص گرفتار ہوا تھا جو لوگوں کو جعلی اقامے بنا کر دیتا تھا۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی کارروائی، مطلوب ملزم گرفتار

    خیال رہے کہ 9 جنوری کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں مطلوب ملزم کو گرفتار کیا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں ایف آئی اے کی ٹیم کی اسلام آباد ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کے نتیجے میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کے دو ایجنٹ سمیت 6 افراد کو گرفتار کی عملی میں آئی تھی۔