Tag: جعلی پیر گرفتار

  • راولپنڈی، خواتین کو زدوکوب کرنے والا جعلی پیر گرفتار

    راولپنڈی، خواتین کو زدوکوب کرنے والا جعلی پیر گرفتار

    راولپنڈی: پنجاب کے شہر راولپنڈی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی پیر کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے کہوٹہ سے خواتین کو زدوکوب اور بدتمیزی کرنے والے جعلی پیر کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم خواتین کو جن نکالنے کے بہانے تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز بابر ملک کے مطابق جعلی پیر عرصہ دراز سے خواتین کو بے وقوف بنا کر جن نکالنے کے بہانے انہیں زدوکوب اور تشدد کا نشانہ بنارہا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق جعلی پیر محمد یونس عرف ڈبہ پیر ولد برکت علی کے خلاف کافی شکایات موصول ہوتی تھیں لیکن پولیس کوئی کارروائی نہیں کرتی تھی۔

    ڈی پی او راولپنڈی نے خواتین کی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے جعلی پیر کو گرفتار کرکے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کیے.

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جو جعلی پیر کے چیلے ہیں جو سادہ لوح خواتین کو گھیر کر اس کے پاس لے کر جاتے تھے ان کی گرفتاری کے لیے بھی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

    مزید پڑھیں: کراچی، ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کی کارروائی، جعلی پیر گرفتار، مقدمہ درج

    واضح رہے کہ دو ماہ قبل جولائی سائبر کرائم سیل نے کراچی کے علاقے عزیز آباد میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی پیر کو گرفتار کیا تھا، ملزم سے تین ہزار سے زائد خواتین کی غیر اخلاقی تصاویر اور ویڈیوز برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ رواں سال مئی میں بھی ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزم شعیب کو گرفتار کیا تھا۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم شعیب سرکاری ادارے کا ملازم ہے، ملزم پڑوسی خاتون کو کئی عرصے سے ہراساں کررہا تھا، ملزم کے قبضے سے لیپ ٹاپ، موبائل فونز برآمد کیے گئے تھے۔

  • کراچی، ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کی کارروائی، جعلی پیر گرفتار، مقدمہ درج

    کراچی، ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کی کارروائی، جعلی پیر گرفتار، مقدمہ درج

    کراچی: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم سیل نے کراچی میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی پیر کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے عزیز آباد میں ایف آئی اے سائبرکرائم سیل نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی پیر کو گرفتار کرلیا، ملزم سے تین ہزار سے زائد خواتین کی غیراخلاقی تصاویر اور ویڈیوز برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے سرکل فیض اللہ کوریجو کے مطابق گرفتار ملزم شاہ نواز آستانے پر نہ آنے والی خواتین کو ویڈیو کالنگ کے ذریعے دم کرنے کا فریب دیتا تھا اور خواتین کی غیراخلاقی ویڈیوز بنا کر بلیک میل کرتا تھا۔

    فیض اللہ کوریجو نے کہا کہ ملزم کئی خواتین سے پیسے بھی بٹور چکا ہے، گرفتار ملزم شاہ نواز آستانے کا گدی نشین ہے، ملزم نے والٹ پاس ورڈ بنا رکھا تھا جسے ایف آئی اے نے توڑا ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز سلمان لودھی کے مطابق ایک متاثرہ خاتون کی شکایت پر کارروائی عمل میں لائی گئی، ملزم کے خلاف ایف آئی اے قانون کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: کراچی، ایف آئی اے سائبر کرائم سیل کی کارروائی، خاتون کو ہراساں کرنے والا ملزم گرفتار

    واضح رہے کہ دو ماہ قبل ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزم شعیب کو گرفتار کیا تھا۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم شعیب سرکاری ادارے کا ملازم ہے، ملزم پڑوسی خاتون کو کئی عرصے سے ہراساں کررہا تھا، ملزم کے قبضے سے لیپ ٹاپ، موبائل فونز برآمد کیے گئے تھے۔