Tag: جعلی ڈگری

  • جعلی ڈگری : پی آئی اے کے چار کپتانوں سمیت پچاس فضائی میزبان ملازمت سے برطرف

    جعلی ڈگری : پی آئی اے کے چار کپتانوں سمیت پچاس فضائی میزبان ملازمت سے برطرف

    کراچی : پی آئی اے انتظامیہ نے جعلی ڈگریوں کے حامل چار کپتانوں سمیت50سے زائد فضائی میزبانوں کو ملازمت سے برطرف کردیا، درجن سے زائد کپتانوں کے لائسنس بھی منسوخ کردیئے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی ہدایت پر پی آئی اے انتظامیہ کی جعلی ڈگریوں کے حامل پائلٹوں اور کیبن کریو کے خلاف کارروائی ، چارکپتانوں کو جعلی ڈگری کی بنیاد پر ملازمتوں سے فارغ کردیاگیا ہے ۔

    جن میں دو 777 ایک ایئربس اے 320 اور ایک اے ٹی آر طیارے کا کپتان شامل ہے ۔ پچاس کیبن کروز جن میں مرد اور خواتین شامل ہیں، انہیں بھی ملازمت سے فارغ کیا گیا ہے ۔

    پی آئی اے ترجمان کے مطابق جعلی ڈگریوں کے حامل ملازمین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے، دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی ایسے تمام پائلٹس جن کی ڈگریاں جعلی ہیں ان کے لائسنس فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔

    ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی حسن بیگ نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے تمام کیبن کریو جن کے سرٹیفکیٹ جعلی ہیں ان کے لائسنس معطل کردیئے جائیں۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی ترجمان کے مطابق ایک درجن سے زائد لائسنس معطل کیے گئے ہیں، اور یہ بھی احکامات جاری کیے گئے ہیں جن پائلٹس نے اپنی ڈگریاں سی اے اے میں جمع نہیں کرائیں، لائسنس معطل کیے جائیں، ڈی جی کی ہدایت پر جن کیبن کریو نے اپنی ان کے لائسنس بھی معطل کردیے گئے۔

    دوسری جانب ایئرٹرانسپورٹ پائلٹ لائسنس (اے ٹی پی ایل) اور کمرشل پائلٹ لائسنس حاصل کرنے والے کپتانوں کی بھی جانچ کا عمل شروع کردیا گیا ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی ایسے کپتانوں کی بھی تحقیقات کررہی ہے جنہوں نے بغیر امتحان دیے لائسنس حاصل کیے ہیں۔

  • ڈی جی نیب لاہورکی ڈگری کا تنازعہ، معاملہ بوگس ہونے کا انکشاف

    ڈی جی نیب لاہورکی ڈگری کا تنازعہ، معاملہ بوگس ہونے کا انکشاف

    لاہور : ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کی جعلی ڈگری کا معاملہ بوگس ہے، ایچ ای سی کی جانب سے پہلے ہی ان کی سند کو مستند قرار دیاگیا تھا ۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی نیب لاہور کی جعلی ڈگری کا معاملہ بوگس ہونے کا انکشاف ہوا ہے، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ دور حکومت میں ایچ ای سی شہزاد سلیم کی ڈگری اصلی قرار دے چکا ہے۔

    سابقہ حکومت نے شہزاد سلیم کی ڈگری کی تصدیق کیلئےخط بھی لکھا تھا جس کے جواب میں ہائر ایجوکیشن کمیشن نے شہزاد سلیم کی ڈگری اصلی قرار دی تھی، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ الخیر یونیورسٹی پر ڈگری کو جعلی قراردینے کیلئے دباؤ بھی ڈالا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ ایک نجی ٹی وی چینل نے گزشتہ روز ڈی جی نیب شہزاد سلیم کی ڈگری متنازع بنانے کی ایک بار پھر کوشش کی اور گزشتہ روز ڈی جی نیب شہزادسلیم کی ڈگری کو جعلی قرار دیا، ایچ ای سی کا ڈگری اصلی ہونے کا تصدیقی جوابی خط ایک اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگیا ہے۔

    علاوہ ازیں نیب لاہور کے ڈی جی شہزاد سلیم کی مبینہ ڈگری کے معاملے پر سپریم کورٹ نے کیس سماعت کیلئے مقرر کر دیا، جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ 12نومبر کو جعلی ڈگری کیس کی سماعت کرے گا۔

    اس سلسلے میں عدالت کی جانب سے درخواست گزار کو بھی نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ عدالت میں مبینہ جعلی ڈگری کی درخواست ایک شہری نے دائر کر رکھی ہے۔

    اس سے قبل نیب کے ترجمان نے بھی ڈگری سے متعلق خبر کو جھوٹی قرار دے کر یکسر مسترد کردیا تھا اور وضاحتی بیان میں کہا تھا کہ مذکورہ ڈگری ہائر ایجوکیشن کمیشن سے باقاعدہ تصدیق شدہ ہے۔ نیب افسر کی ڈگری2002ء میں جاری ہوئی تھی۔

  • بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ڈی ایس پی سے کانسٹیبل بن گئیں

    بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ڈی ایس پی سے کانسٹیبل بن گئیں

    میرٹھ : بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمنپریت کورکی ڈگری جعلی ہونے کے باعث انہیں ڈی ایس پی کے عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتان ہرمنپریت کور کی گریجویشن کی ڈگری جعلی نکلی جس کے بعد ان کو پنجاب پولیس نے ڈی ایس پی سے کانسٹیبل بنا دیا۔

    بھارتی شہرمیرٹ میں واقع چوہدری چرن سنگھ یونیورسٹی کے حکام کے مطابق یونیورسٹی ریکارڈ میں ہرمنپریت کا کوئی ریکارڈ سامنے نہیں آیا۔

    بعدازاں پنجاب پولیس نے بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمنپریت کی ڈی ایس پی کے عہدے سے تنزلی کرتے ہوئے انہیں کانسٹیبل بنا دیا۔

    ہرمنپریت کور کی جعلی ڈگری کا انکشاف اس وقت ہوا تھا جب پنجاب پولیس کے آفیسر نے ان کی دستاویزات کی تصدیق کروانے کے لیے یونیورسٹی سے رابطہ کیا تھا۔

    بھارتی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان کی ڈگری جعلی نکل آئی

    خیال رہے کہ گزشتہ سال برطانیہ میں ویمن ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ہرمنپریت کور نے آسٹریلیا کے خلاف 115 گیندوں پر177 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

    بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب کیپٹن امریندرسنگھ نے ہرمنپریت کور کو پنجاب پولیس میں ڈی ایس پی کے عہدے پر نوکری کی پیشکش کی تھی۔

    واضح رہے کہ بھارتی ویمن ٹیم کی کپتان کو گزشتہ سال حکومت کی جانب سے اہم سویلین ایوارڈ ارجنا مل چکا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • پی آئی اے کے جنرل منیجر فلائٹ آپریشن کی ڈگری جعلی نکلی

    پی آئی اے کے جنرل منیجر فلائٹ آپریشن کی ڈگری جعلی نکلی

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے جنرل منیجر فلائٹ آپریشن انور ندیم کی ایم بھی اے کی ڈگری جعلی نکلی۔

    تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ کمرشل آڈٹ نے جی ایم فلائٹ آپریشن کی نئے عہدے پر تقرری اور ترقی کو بھی خلاف ضابطہ قرار دے دیا۔

    گورنمنٹ کمرشل آڈٹ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ انور ندیم کی ایم بی اے کی سند جعلی ہے، ہائر ایجوکیشن کمیشن نے بھی فلپائن سے سند کی تصدیق نہیں کی ہے۔

    آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی آئی اے کے ملازم انور ندیم نے مبینہ طور پرجعلی ڈگری کے ذریعے تقرریاں حاصل کیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انور ندیم کے خلاف بلا تاخیر ضابطے کی کارروائی کی جائے۔

    دوسرے ملازمین کی ڈگریوں کی جانچ کرنے پر آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انور ندیم خود ایک جعلی ڈگری کا حامل ہے، وہ دوسروں کی ڈگریوں کی جانچ کیسے کر رہا ہے۔

    پی آئی اے کے 659ملازمین کی جعلی ڈگریوں کا انکشاف


    گورنمنٹ کمرشل آڈٹ رپورٹ میں 14 کروڑ روپے کی ادائیگیاں بھی غیر قانونی قرار دے دی گئی ہیں، رپورٹ میں ہدایت کی گئی ہے کہ انورندیم کی ترقیوں اور غیرقانونی ادائیگیوں کو واپس لیا جائے۔

    دوسری طرف پی آئی کے ترجمان نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ندیم انور نے ایم بی اے کا تصدیقی سرٹیفکیٹ یو جی سی سے حاصل کیا ہے اور یو جی سی نے ان کی جمع کرائی گئی سند کو تسلیم کیا، آڈٹ رپورٹ میں ڈگری سے متعلق اعتراضات درست نہیں ہیں۔

    خیال رہے کہ پی اے آئی میں مالی بے ضابطگیوں کے کیسز کے ساتھ ساتھ ملازمین کی جعلی ڈگریوں کے کیسز بھی سامنے آتے رہے ہیں، رواں سال مارچ میں قومی اسمبلی کے اجلاس میں قومی ایئرلائن کے 659 ملازمین کی ڈگریوں کے جعلی ہونے کا انکشاف کیا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانےکے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مسلم لیگ ن کے ایم این اے رانا زاہد کی جعلی ڈگری، الیکشن کمیشن کو ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم

    مسلم لیگ ن کے ایم این اے رانا زاہد کی جعلی ڈگری، الیکشن کمیشن کو ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم

    لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے حکمران جماعت مسلم لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی رانا زاہد کی جعلی ڈگری کی بنیاد پر نااہلی کیلئے درخواست نمٹا دی اور الیکشن کمیشن کو ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار رانا آفتاب نے مؤقف اختیار کیا کہ رانا زاہد جعلی ڈگری کے حامل ہیں اور وہ آئین کے آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ پر پورا نہیں اترتے۔

    رکن قومی اسمبلی رانا زاہد حسین نے حلقہ 166 سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا اور جعلی ڈگری کی بنیاد پر انتخابات میں حصہ لیا۔

    درخواست میں کہا گیا کہ رکن قومی اسمبلی رانا زاہد حسین نے حلقہ 166 سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑا اور جعلی ڈگری کی بنیاد پر انتخابات میں حصہ لیا۔ مسلم لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی نے بیک وقت بلوچستان یونیورسٹی اور پنجاب یونیورسٹی سے ڈگریاں حاصل کیں۔

    درخواست گزار نے مزید کہا کہ دونوں یونیورسٹیوں کی ڈگریوں کو جعلی قرار دیا جا چکا ہے، الیکشن کمیشن کو تمام ثبوت فراہم کیے لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔

    وکیل نے استدعا کی کہ رانا زاہد کو جعلی ڈگری پر الیکشن لڑنے پر نا اہل قرار دیا جائے، جس کے بعد عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جعلی ڈگری کیس میں جمشید دستی کی بریت معطل

    جعلی ڈگری کیس میں جمشید دستی کی بریت معطل

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کیس میں رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کی بریت کا فیصلہ عبوری طور پر معطل کر دیا۔ ایم این اے جمشید دستی کو نوٹس جاری کردیا گیا۔ آئندہ سماعت پر بذریعہ وکیل پیش ہونے کی ہدایت کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی۔ محکمہ پراسیکیوشن نے جمشید دستی کی جعلی ڈگری کیس میں بریت کو چیلنج کر رکھا ہے۔

    محکمہ پراسیکیوشن نے مؤقف اپنایا کہ ٹرائل کورٹ نے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر جمشید دستی کو قید اور جرمانے کی سزا سنائی جبکہ لاہور ہائیکورٹ نے شواہد نظرانداز کر کے جمشید دستی کو بری کیا۔

    محکمہ پراسیکیوشن نے استدعا کی کہ جمشید دستی کی بریت کالعدم کر کے سزا بحال کی جائے۔

    عدالت نے ایم این اے جمشید دستی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر بذریعہ وکیل پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔

  • کراچی : جعلی ڈگریاں بنانے کے الزام میں 7 سرکاری ملازمین گرفتار

    کراچی : جعلی ڈگریاں بنانے کے الزام میں 7 سرکاری ملازمین گرفتار

    کراچی: ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی ڈگریاں بنانے والے دوجامعات اور ایک کالج کے سات ملازمین کو گرفتار کرلیا۔

    اطلاعات کے مطابق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے جعلی ڈگریاں بنانے والے بڑے گروہ کے خلاف کارروائی کی گئی ،ملزموں پر ہزاروں جعلی ڈگریاں بنا کرفروخت کرنے کا الزام ہے ۔

    کارروائی کے دوران گرفتار ہونے والے ملزموں میں کراچی یونیورسٹی کے تین، جامعہ اردو کے دو اور اسلامیہ کالج کے دو ملازمین شامل ہیں۔

    ایف آئی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، تاہم ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔

    واضح رہے کہ ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی جعلی ڈگری کا کام اپنے عروج پر ہے، اس کام میں متعدد گروہ ملوث ہیں جن کے جامعات اور کالجوں کے ملازمین سے روابط ہیں، جن سے نجی و سرکاری ملازمین رابطے کرکے رقم کے عوض جعلی ڈگری حاصل کرکے اپنے اداروں میں ترقی اور مراعات حاصل کرتے ہیں۔

    جعلی ڈگریوں کے خلاف سندھ میں متعدد سرکاری اداروں میں ڈگریاں ہائر ایجوکیشن کمیشن اور جامعات سے تصدیق کرانے کا حکم بھی جاری ہوا ہے جس میں متعدد افسران جعلی ڈگری کے عوض مراعات و ترقی حاصل کرتے ہوئے پکڑے گئے۔

  • وقاریونس کے بھائی فوج داری مقدمے سے بچ گئے

    وقاریونس کے بھائی فوج داری مقدمے سے بچ گئے

    لاہور: ہائیکورٹ نے سابق کرکٹروقاریونس کے بھائی کے خلاف جعلی ڈگری پرکارروائی کیلئے دائردرخواست نمٹادی۔

    جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی، درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ وقار یونس کے بھائی فیصل یونس کی بی اے کی ڈگری جعلی ہے، جس کی بنیاد پراس نے اعلٰی تعلیم حاصل کی اور بعد ازاں پی آئی اے میں پائلٹ تعینات ہوا۔

    جعلی ڈگری پرفیصل یونس کو پی آئی اے سے فارغ کردیا گیا ہے، عدالت حکم دے کہ فیصل یونس سے تمام تنخواہیں اورمراعات واپس وصول کی جائیں جبکہ اس کی تمام ڈگریاں منسوخ کر کے فوجداری مقدمہ بھی درج کیا جائے۔

    عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے درخواست گزار کو پہلے متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی

  • پی ٹی آئی کے اکرام اللہ گنڈاپورجعلی ڈگری کیس میں نااہل قرار

    پی ٹی آئی کے اکرام اللہ گنڈاپورجعلی ڈگری کیس میں نااہل قرار

    ڈیرہ اسماعیل خان: پاکستان تحریکِ انصاف کے وزیر اکرام اللہ خان گنڈاپور کو الیکشن ٹریبونل نے جعلی ڈگری کیس میں نااہل قراردے دیا ہے۔

    ڈیرہ اسماعیل خان سے تحریکِ انصاف کے پی کے سڑسٹھ سے منتخب ہونے والےرکن صوبائی اسمبلی اوروزیرِ زراعت اکرام اللہ خان گنڈاپورکو الیکشن کمیشن نے جعلی ڈگری کیس میں نااہل قرار دے دیا ہے۔

    اکرام اللہ خان گنڈا پورسابق صوبائی وزیرِ قانون اسراراللہ خان گنڈا پور کے خودکش حملے میں شہید ہونے کے بعد اُن کی نشست پر منتخب ہوئے تھے۔

    اکرام اللہ خان گنڈا پور کو مسلم لیگ ن کے امیدوار فتح اللہ خان میاں خیل نے الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کیا تھا۔

  • ٹیکس چوراراکینِ کے خلاف عدالت کاروائی کرے، طاہر القادری

    ٹیکس چوراراکینِ کے خلاف عدالت کاروائی کرے، طاہر القادری

    ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ ٹیکس نادہندگان اراکین پارلیمنٹ کے خلاف عدالت کارروائی کرے، جھوٹے ارکان اسمبلی کو اقتدارمیں رہنے کا حق نہیں ہے، کینیڈاسے وڈیولنک خطاب میں ان کا کہناتھا کہ ریکارڈسے متضاداثاثوں والے ارکان کی تفصیلات بتائی جائیں۔

    حکمران قانون شکنی کو فروغ دے رہے ہیں، ڈاکٹر طاہرالقادری کرپشن کےذریعےعالمی سطح پرجائیدادیں بڑھائی جارہی ہیں عدالت ٹیکس نادہندگان ارکان کیخلاف کارروائی کرے اثاثوں کی غلط تفصیلات بتانے والوں کوقوم کےسامنے لایا جائے۔

    انکا کہنا تھا کہ آئین میں ٹیکس چوروں کی سزا دوسال قید اور عہدے سے برطرفی ہے اور جب جعلی ڈگری والوں کو نا اہل  کیا گیا تھا تو ٹیکس چوروں کوبھی نا اہل کیا جائے۔