Tag: جعلی کاغذات

  • سینٹرل جیل سے خطرناک ملزمان کی جعلی کاغذات پررہائی

    سینٹرل جیل سے خطرناک ملزمان کی جعلی کاغذات پررہائی

    فیصل آباد: سینٹرل جیل سے جعلی دستاویز پر قتل اور منشیات فروشی میں ملوث خطرناک قیدیوں کی رہائی کا انکشاف ہوا ہے، سنگین مقدمات کے قیدیوں کو لاکھوں روپے رشوت کے عوض رہا کیا جاتا رہا ہے.

    تفصیلات کے مطابق سنگین مقدمات میں اسیر قیدیوں کو رشوت لے کر جعلی کاغذات پر رہائی کی رپورٹ اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئی ہے جس میں جیل میں قید منشیات فروشوں کے جعلی کاغذات بنوا کررہا کرنے کا انکشاف ہوا ہے.

    رہورٹ کے مطابق اس جعل سازی میں جیل کے افسران بھی ملوث ہیں اور ملی بھگت سے منشیات فروشوں کو جیل سے رہائی دلائی گئی ہے جب کہ سابق جیل سپرنٹنڈنٹ کے دستخط سے قاتل سمیت 7 قیدی رہا کئے گئے.

    رپورٹ کے متن کے مطابق 25 سال قید کی سزا پانے والا قاتل حیدرکو بھی جعلی کاغذات کے ذریعے رہا کیا گیا جب کہ 25 سال قید کی سزا پانے والا منشیات فروش بھی 2 ماہ بعد گھر پہنچ گیا اسی طرح ملزم الیاس کو 2 ماہ قیدکی سزا ہوئی تھی لیکن جیل حکام نے اسی دن رہا کر دیا تھا.

    علاوہ ازیں اڑھائی سال قید کے ملزم ظفراقبال کو3 ماہ بعد چھوڑدیا گیا اور منشیات کے مزید 5 ملزمان کو بھی سزا مکمل ہونے سے پہلے چھوڑ دیا گیا اسی طرح ایک اور سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نے منشیات اسمگلر نصراللہ کو بھی خلاف ضابطہ رہا کیا جس کے لیے مبینہ طور 20 لاکھ رشوت لی گئی.

    رپورٹ کی وصولی کے بعد ایڈیشنل چیف سیکرٹری اعظم سلیمان نے تادیبی کارروائی کرتے ہوئے ڈی آئی جی جیل لاہور مبشر کو انکوائری افسر مقرر کرتے ہوئے انکوائری افسر کو 60 دن کے اندر رپورٹ اور سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی ہے.

    ایڈیشنل چیف سیکرٹری اعظم سلیمان نے سینٹرل جیل فیصل آباد کے 2 افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیتے ہوئے سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل نجم اقبال اور وارنٹ منشی وارڈر راحیل اکرم کو مجرمانہ غفلت برتنے پر گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے.

  • جعلی کاغذات دینے والوں کو شرم آنی چاہیے، عوامی تحریک

    جعلی کاغذات دینے والوں کو شرم آنی چاہیے، عوامی تحریک

    لاہور: پاکستانی عوامی تحریک نے کہا ہے کہ طاہر القادری نے شریفوں کی کرپشن پر جو کچھ کہا وہ سچ ثابت ہوگیا،جعلی کاغذات پیش کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔

    اپنے بیان میں پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نے کہا ہے کہ جعلی کاغذات پیش کرنے والوں نے جرم کی نئی تاریخ رقم کی، طاہر القادری نے شریف خاندان کی کرپشن پر جو کچھ کہا وہ سچ ثابت ہوگیا۔

    انہوں نے کہا کہ دھرنے میں نواز شریف کو غیر ملکی آقاؤں نے بچایا، پاناما کے چوروں،ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کا انجام جیل ہے، وہ آئندہ الیکشن کا حوالے نہ دیں وہ جلد جیل میں ہوں گے۔

    جعلی کاغذات دے کر عدالت سے فراڈ کیا گیا، صاحب زادہ حامد رضا

    اسی ضمن میں فیصل آباد میں بات کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحب زادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ جعلی دستاویزات پیش کرکے عدالت کے ساتھ فراڈ کیا گیا، ججز تمام معاملہ سمجھ چکے،حقیقی احتساب ہورہ اہے، شریف خاندان کا جرم عدالت نے بتا دیا ، فیصلہ سب کو تسلیم کرنا ہو گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ شریف خاندان کے پاس منی ٹریل نہیں ،سزا کا وقت آ گیا۔