Tag: جعل سازی

  • پاکستانی شناختی کارڈ جعل سازی سے حاصل کرنے والی 3 خواتین گرفتار

    پاکستانی شناختی کارڈ جعل سازی سے حاصل کرنے والی 3 خواتین گرفتار

    کراچی: ایف آئی اے نے جعل سازی سے پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کرنے والی 3 خواتین کو گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کی گلشن اقبال میں کی گئی ایک کارروائی میں تین مفرور خواتین پکڑی گئی ہیں، جن پر پاکستانی شناختی کارڈ جعل سازی سے حاصل کرنے کا الزام ہے۔

    گرفتار خواتین عائشہ ناز، حنا ناز، افشاں ناز کا تعلق بنگلادیش سے بتایا گیا ہے، جو ایف آئی اے کو 2022 سے مطلوب تھیں، ان خواتین ملزمان نے غیر ملکی ہونے کے باوجود قومی شناختی کارڈ حاصل کیے، ابتدائی تفتیش کے مطابق خواتین نے جعل سازی سے قومی شناختی کارڈز حاصل کیے ہیں۔

    ایف آئی اے کے مطابق خواتین ملزمان نے ایجنٹ کی مدد سے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر برتھ اور ڈیتھ سرٹیفیکیٹ حاصل کیے تھے، ملزمان کو سیکریٹری یونین کونسل، رضویہ سوسائٹی، لیاقت آباد ٹاؤن نے برتھ ڈے اور ڈیتھ سرٹیفیکیٹ جاری کیے، پھر ان جعلی دستاویزات کی مدد سے قومی شناختی کارڈ حاصل کر لیے۔

    ایف آئی اے نے کہا ہے کہ ملزمان کی سہولت کاری میں ملوث عناصر کے خلاف بھی تحقیقات کو وسیع کر دیا گیا ہے، اور خواتین سے تفتیش کے دوران نادرا اہلکاروں کے ملوث ہونے کا تعین بھی کیا جائے گا، اور ملزمان کی نشان دہی پر مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

  • واٹس ایپ صارفین بڑی جعل سازی سے ہوشیار

    واٹس ایپ صارفین بڑی جعل سازی سے ہوشیار

    مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے اپنے صارفین کو بڑی جعل سازی سے خبردار کر دیا ہے۔

    دنیا بھر میں پیغام رسانی کے سب سے بڑے پلیٹ فارم واٹس ایپ صارفین کو متنبہ کیا گیا ہے کہ جعل سازی کے ذریعے بینک اکاؤنٹ اور نجی معلومات تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ پر نامعلوم سمت سے ایک لنک موصول ہو رہا ہے جس میں صارفین کو دھوکا دیا جاتا ہے کہ وہ لنک میں موجود سوالات کے جواب دیں جس کے بدلے انھیں انعام کے طور پر رقم یا تحائف دیے جائیں گے۔

    واٹس ایپ کے بعض سادہ لوح صارفین اس فراڈ کا شکار ہو جاتے ہیں، تاہم یہ اب تک واضح نہیں ہو سکا کہ کس ملک کے شہریوں کے ساتھ یہ جعل سازی ہو رہی ہے۔

    صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسے کسی پیغام پر ریپلائی نہ کریں بلکہ لنک موصول ہونے کی صورت میں فوری ڈلیٹ کر دیں۔

    یہ پیغام Rediroff.com لنک کے ساتھ واٹس ایپ پر پھیلایا جا رہا ہے، جو صارفین کو پھنسانے کا ایک جال ہے، یہ پیغام اینڈرائیڈ، آئی او ایس سسٹم اور کمپیوٹر پر بھی ایپ کے ذریعے موصول ہو رہا ہے۔

    فراڈ میں ملوث افراد صارفین کی معلومات حاصل کر کے ان کی ڈیوائس پر کوئی ایپ بھی انسٹال کر سکتے ہیں، جن صارفین نے غلطی سے لنک کھولا ہے وہ فوراً اپنی ڈیوائس کو اینٹی وائرس سافٹ ویئر سے صاف کر دیں۔

  • بھارت: کرونا اسپتال میں ملازمت کا جھانسا، نوجوانوں سے کروڑوں بٹور لیے گئے

    بھارت: کرونا اسپتال میں ملازمت کا جھانسا، نوجوانوں سے کروڑوں بٹور لیے گئے

    بریلی: بھارتی ریاست اتر پردیش میں کرونا اسپتال میں ملازمت کا جھانسا دے کر نوجوانوں سے کروڑوں روپے بٹور لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اتر پردیش کے شہر بریلی میں محکمہ صحت کے اہل کاروں نے ملازمت کے نام پر 47 نوجوانوں سے کروڑوں روپے بٹور لیے۔

    مقامی پولیس نے ملازمت دلانے کے نام پر کروڑوں روپے کی جعل سازی کے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    نوجوانوں کا کہنا تھا کہ کرونا کے اس پر آشوب دور میں برباد معیشت اور بڑھتی بے روزگاری کے دوران انھیں موقع کی جگہ دھوکا ملا ہے۔

    نوجوانوں نے جعل سازی کا شکار ہونے کے بعد ضلع بریلی کے ایس ایس پی کے دفتر پر جمع ہو کر احتجاج کیا، ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کے اہل کاروں نے ان کے ساتھ جعل سازی کی ہے، انھیں انصاف دلایا جائے۔

    رپورٹ کے مطابق اہل کاروں نے کو وِڈ کے تین سو بستروں کے اسپتال میں ملازمت دلانے کے نام پر 47 نوجوانوں سے فی نوجوان 3 سے 4 لاکھ روپے کی وصولی کی۔

    نوجوانوں کو جعلی تقرری لیٹر بھی جاری کیا گیا تھا، تاہم جب وہ تقرری لیٹر لے کر کو وِڈ اسپتال پہنچے تو ان پر جعل سازی کا انکشاف ہوا، جعل سازی میں ضلع بریلی کے علاوہ پیلی بھیت کے نوجوانوں کو بھی شکار بنایا گیا ہے۔

    نوجوانوں کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کے سی ایم او کے دفتر میں خود کو بابو بتانے والے ایک کلرک نے گزشتہ برس اگست میں کہا تھا کہ کو وِڈ کے 300 بیڈڈ اسپتال میں چپراسی، سُپر وائزر، کمپیوٹر آپریٹر، لیب ٹیکنیشین، ڈرایئور، وارڈ نرس اور وارڈ بوائے کی اسامیوں پر لوگوں کو ملازمت پر رکھا جائےگا۔

  • سعودی عرب: حکومت نے شہریوں کو خبردار کر دیا

    سعودی عرب: حکومت نے شہریوں کو خبردار کر دیا

    ریاض: سعودی حکومت نے سیکورٹی اداروں کے نام پر شہریوں کو جعلی ایس ایم ایس اور ایم میلز سے خبردار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی محکمہ امن عامہ نے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو خبردار کیا ہے کہ سرکاری سیکورٹی اداروں کے نام سے لوگوں کو ایس ایم ایس اور ای میلز بھیج کر انھیں پھنسانے کی وارداتیں ہو رہی ہیں۔

    محکمہ امن عامہ نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اس طرح کے جعل سازوں اور بہروپیوں سے ہوشیار رہیں، اور اگر کسی کو کسی سیکورٹی ادارے یا عہدے دار کے نام سے کوئی ای میل موصول ہو تو فوراً محتاط ہو جائیں۔

    محکمے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جعل ساز ایسی ای میلز میں شہریوں سے قانونی پوچھ گچھ یا کسی فرضی سرگرمی پر سوال جواب کرتے ہیں، اور اس طرح انھیں پھانسا جاتا ہے، لہٰذا ایسی ای میلز کا جواب نہ دیا جائے اور انھیں مکمل طور پر نظر انداز کر دیا جائے۔

    محکمے کا کہنا ہے کہ ان دنوں کچھ جرائم پیشہ عناصر مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو لوٹنے کے لیے اس طرح کے ہتھکنڈے آزما رہے ہیں۔

    اس سلسلے میں قصیم پولیس بدھ کو ایک کامیاب کارروائی میں اس طرح کے 2 رکنی گروہ کو گرفتار بھی کر چکی ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار افراد غیر ملکی تھے جو اپنے ہم وطنوں سے پیسے ہتھیانے کے لیے اس طرح کا ہتھکنڈا استعمال کر رہے تھے۔

  • اے ٹی ایم ہیکنگ: بھارتی اداکار کی بھاری رقم نوسرباز لے اڑا

    اے ٹی ایم ہیکنگ: بھارتی اداکار کی بھاری رقم نوسرباز لے اڑا

    ممبئی: بالی ووڈ کے معروف ڈائریکٹر اور اداکار آنند بلراج کے ساتھ دھوکہ ہوگیا، نوسر باز بلراج کے بینک اکاؤنٹس سے بھاری رقم لے اڑا۔

    تفصیلات کے مطابق اداکار کے اے ٹی ایم کارڈ کی جعلی کاپی کے ذریعے ملزم نے تقریباً ایک لاکھ روپے نکالے۔ گزشتہ سال 31 دسمبر سے 7 جنوری 2020 تک 16 مرتبہ جعلی ڈیبٹ کارڈ استعمال ہوا جس میں سے مذکورہ رقم نکالی گئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق آنند بلراج کام کے سلسلے میں مختصر دورے پر اپنے شہر نوئیدا سے باہر تھے۔ اداکار کا کہنا ہے کہ وہ ریستوران اور ہوٹل کا بل ادا کرنے کے لیے اے ٹی ایم کارڈ کا استعمال کرتے ہیں، بعد ازاں ٹرانزیکشن اور ویتھڈروال سے متعلق موبائل پر آنے والے میسیجز بھی دیکھتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مختصر دورے کے دوران ایک ہفتے بعد انہوں نے اے ٹی ایم کارڈ سے متعلق میسیجز دیکھ کر وہ دنگ رہ گئے، اور اپنی نجی اور کام کے سلسلے میں دیگر مصروفیات ترک کرکے اپنے شہر پہنچے اور اس جعل سازی سے متعلق پولیس حکام کو آگاہ کیا۔

    آنند کا کہنا تھا کہ اپنے دورے پر وہ بھارتی شہر دہرادن گئے، وہاں سے مسیری اور دہلی جانا ہوا۔ اس دوران انہیں اس جعل سازی کا علم ہوا تو وہ 7 جنوری کو اپنے شہر نوئیدا پہنچے۔ افسوناک خبر کے باعث اداکار نے اپنے شہر میں بھی مصروفیات کو مختصر کرکے واقعے کی سنگینی سے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ملزم نے روزانہ کی بنیاد پر 10 ہزار سے 30 ہزار کی ٹرانزیکشن کی اس طرح جعل ساز نے اکاؤنٹس سے 1 لاکھ کے قریب رقم نکالی۔

  • جعل سازی کے ذریعے کویتی شہریت حاصل کرنے والے کے ساتھ کیا ہوا؟

    جعل سازی کے ذریعے کویتی شہریت حاصل کرنے والے کے ساتھ کیا ہوا؟

    کویت سٹی: جعل سازی کے ذریعے کویت کی شہریت حاصل کرنا خلیجی باشندے کو مہنگا پڑگیا، 7 سال قید بامشقت اور بھاری جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کی اعلیٰ عدالت نے ایک ایسے خلیجی باشندے کو سزا سنائی جس نے جعل سازی کے ذریعے کویت کی شہریت حاصل کی اور عسکری شعبے میں اپنے پیشہ وارانہ خدمات بھی سرانجام دے رہا تھا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق خلیجی باشندے کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، جبکہ ملزم کو 7 برس قید بامشقت ا اور ایک لاکھ 67 ہزار دینار جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے، دریں اثنا عدالت نے شہریت میں جعلسازی کے دیگر 8 ملزمان کو بری کردیا۔ کویت غیرملکیوں کو اپنے ملک میں داخلے کے لیے قوانین بھی سخت کررہا ہے۔

    کویت کے پبلک پراسیکیوشن نے الزام عائد کیا تھا کہ مذکوہ شخص نے قومی شناختی کارڈ، برتھ اور شہریت کے سرٹیفکیٹ سمیت دیگر سرکاری دستاویزات سے متعلق جعل سازی کی تھی، اسی بنیاد پر انہیں کویت قوانین کے تحت سزا سنائی گئی۔

    خیال رہے کہ پراسیکیوشن نے خلیجی باشندے کی شناخت ظاہر نہیں کی، تاہم سعودی عرب، کویت، امارات، بحرین، عمان اور قطر جی سی سی میں شامل ہونے کی وجہ سے خلیجی کہلاتے ہیں۔

    کویت آنے کیلئے چال چلن کی سند لازمی قرار

    واضح رہے کہ حال ہی میں حکام نے کویت آنے والے غیر ملکیوں کے لیے نئی شرط رکھ دی ہے، ملک میں داخل ہونا ہے تو چال چلن کی سند(کریکٹر سرٹیفکیٹ) لازمی ہونی چاہیئے۔ کویت حکام نے پہلی بار اقامہ ویزے پر آنے غیرملکیوں کے لیے نیا قانون نافذ کردیا، اب غیر ملکیوں کے کریکٹر کا جائزہ لیا جائے گا، کسی بھی قسم کے جرائم میں ملوث افراد کویت کا ویزا حاصل کرنے سے محروم رہیں گے۔

  • انٹر بورڈ افسران کی جعل سازی، فیل طالب علم کو پاس کرنے کا انکشاف

    انٹر بورڈ افسران کی جعل سازی، فیل طالب علم کو پاس کرنے کا انکشاف

    کراچی: انٹرمیڈیٹ بورڈ افسران کی جانب سے جعل سازی کرکے فیل طالب علم کو پاس کرنے کا انکشاف ہوا ، کاپی ری چیکنگ کےدوران طالب علم کے نمبرز میں اضافہ کیاگیا اور طالب علم کو پاس کرکےرزلٹ جاری کیاگیا۔

    تفصیلات کے مطابق انٹرمیڈیٹ بورڈ میں فیل طالب علم کو پاس کرنے کا انکشاف سامنے آیا ، افسران کی جعل سازی سےنتائج تبدیل کیےگئے، کاپی ری چیکنگ کے دوران طالب علم کے نمبرز میں اضافہ کیاگیا اور نمبرز میں اضافہ کرانے کے لئے بورڈ قوانین کی خلاف ورزیاں کی گئیں۔

    ہیڈچیکر کے 2 بار منع کرنے کے باوجود کاپی کو آر ای ایچ کرایاگیا، جس میں طالب علم کے نمبر کو 26 سے بڑھا کر 30 کرنے کا انکشاف ہوا۔

    چیئرمین انٹربورڈ پروفیسرانعام نے کہا یہ ایک غلطی تھی جس کوٹھیک کردیاگیاہے، ری چیک کےبعدطالب علم کوپاس کرکےنتیجہ جاری کیاگیا، صورت حال کاپتہ چلا تو نتیجہ منسوخ کردیا ہے۔

    یاد رہے فروری میں انٹرمیڈیٹ بورڈ کے چیئرمین اور آڈٹ آفیسر کی جانب سے قریبی دوست کے بیٹے کو امتحانات میں کامیاب کرنے کے لیے نتائج میں تبدیلی کا انکشاف ہوا تھا ،جس کی تمام دستاویزات سامنے آگئیں تھیں ۔

    دستاویزات کے مطابق پیڈا گزامنر نے نتائج تبدیل کرنے سے صاف انکار کیا اور میرٹ کی بنیاد پر نتیجہ بنایا جس کے بعد بورڈ نے پروفیسر ارشد عباس سے نتائج تبدیل کرائے۔

    مزید  پڑھیں: چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ نے قریبی دوست کے بیٹے کو نتائج تبدیل کر کے پاس کردیا

    نتائج تبدیل کرنے کا عمل چیئرمین کی اجازت کے بعد آڈٹ آفیسر کے کمرے میں ہوا، رول نمبر 76938 کو اردو کے پرچے میں 26 نمبر ملے جس کو بڑھا کر 33 کیا گیا تھا۔

    یہ بھی اطلاعات سامنے آئیں تھیں کہ انٹرمیڈیٹ بورڈ نے پیسوں کےعوض طلبہ کو اچھے گریڈ میں پاس کیا گیا، کیمسٹری میں 2 نمبر لینے والے امیدوار کو 58 نمبر دیے گئے اسی طرح غیر قانونی طریقے سے ہر پرچے میں 66 تک اضافی نمبرز دے کر مخصوص طالب علموں کو کامیاب قرار دیا گیا تھا۔

    بعد ازاں رشوت کے عوض مبینہ طور پر امتحانی نتائج میں گھپلوں پر محکمہ اینٹی کرپشن نے کراچی کے انٹر بورڈ آفس پر چھاپہ مار کر امتحانی ریکارڈ قبضے میں لے لیا تھا، کرپشن میں چیئرمین بورڈ کے ملوث ہونے کا انکشاف سامنے آیا تھا اور اینٹی کرپشن یونٹ چیئرمین انٹر بورڈ انعام احمد کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کافیصلہ بھی کیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن یونٹ نے نتائج تبدیل ہونے والی ایسی 179 طالب علموں کی کاپیاں حاصل کریں جن کے نمبرز چیئرمین انٹربورڈ کی اجازت سے تبدیل ہوئے۔اینٹی کرپشن نے پروفیسر انعام اور سابق کنٹرولر سے اس معاملے پر تفتیش شروع کردی تھی۔

  • کراچی: آن لائن فراڈ میں ملوث 10 ملزمان گرفتار، مقدمہ درج

    کراچی: آن لائن فراڈ میں ملوث 10 ملزمان گرفتار، مقدمہ درج

    کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے آن لائن فراڈ میں ملوث 10 ملزم گرفتار کر لیے، ملزمان کے خلاف مقدمہ بھی درج کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آن لائن فراڈ کرنے والے دس ملزمان ایف آئی اے کے شکنجے میں آ گئے، گرفتار 3 ملزمان 2016 میں بھی جعل سازی میں ملوث تھے۔

    [bs-quote quote=”گروہ اب تک ڈیڑھ کروڑ سے زائد کا فراڈ کر چکا ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”ایف آئی اے”][/bs-quote]

    ایف آئی اے نے گرفتار ملزمان کے خلاف فراڈ کا مقدمہ درج کر دیا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر سائبر کرائم کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والا گروہ اب تک ڈیڑھ کروڑ سے زائد کا فراڈ کر چکا ہے، ملزمان کو اوکاڑہ، کراچی اور پشاور سے گرفتار کیا گیا۔

    ایف آئی اے کے مطابق فراڈ میں ملوث گروہ غیر قانونی سم ایکٹیویٹ کرا کر جعلی آئی ڈی سے دھوکا دہی کرتا تھا۔

    ایف آئی اے نے بتایا کہ دھوکا دہی میں ملوث تمام افراد کے اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں: ایف آئی اے نے سپریم کورٹ سے اصغر خان کیس بند کرنے کی سفارش کردی


    خیال رہے کہ کراچی میں ایک ایپ کے بارے میں انکشاف ہوا تھا کہ اس کے ذریعے موبائل صارف کے کوائف تک آسانی سے رسائی ممکن ہو گئی ہے، جس سے کروڑوں موبائل صارفین کی ذاتی معلومات خطرے میں پڑ گئی تھی۔

    اس ایپ پر موبائل نمبر ڈالتے ہی شہری کے نام، شناختی کارڈ نمبر اور گھر کے پتے تک رسائی مل جاتی ہے، ایف آئی اے حکام نے اسے ایک بہت بڑا سیکورٹی لیپس قرار دیا۔

  • افغانی کرکٹر راشد خان جعل ساز نکلے، دھوکے سے پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کر لیا

    افغانی کرکٹر راشد خان جعل ساز نکلے، دھوکے سے پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کر لیا

    پشاور: افغان کرکٹر راشد خان جعل ساز نکلے، نادرا کا کہنا ہے کہ راشد خان نے افغانی شہریت چھپا کر جعلی دستاویزات پر پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کیا۔

    تفصیلات کے مطابق نادرا کے ترجمان فائق علی چاچڑ نے کہا ہے کہ راشد خان جن کا اصلی نام راشدین ہے نے دھوکہ دہی سے 2014 میں شناختی کارڈ حاصل کیا۔

    ترجمان نادرا کے مطابق افغان کرکٹر راشدین کی ماں پاکستانی ہے جب کہ باپ افغانی ہے، انھوں نے شناختی کارڈ نادرا سینٹر پشاور سے حاصل کیا۔

    راشد خان ارمان افغان قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں، وہ جون 2018 میں انڈیا کے خلاف اوّلین ٹیسٹ میچ میں افغان ٹیم کے گیارہ کھلاڑیوں میں شامل تھے۔

    نادرا کے ترجمان نے بتایا کہ راشدین کے والد نے بھی جعلی دستاویزات پر پاکستانی کارڈ حاصل کیا تھا، راشدین اور ان کے والد خلیل خان کا شناختی کارڈ بلاک کر دیا گیا ہے۔

    قبائلی ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل میں راشدین کا خاندان اب بھی مقیم ہے، افغان کرکٹر 2012 سے 2014 تک اسلامیہ کالج میں پڑھتے رہے، وہ کئی ٹورنامنٹس میں اسلامیہ کالج کی طرف سے کھیل چکے ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان میں 14 لاکھ افغان شہری رہائش پذیر ہیں: رپورٹ


    نادرا ذرائع کا کہنا ہے کہ راشدین کے خاندان کے دیگر افراد بھی جعلی دستاویزات پر پاکستانی کارڈ بنا چکے ہیں، ان کے رشتہ داروں کے کارڈ اب بھی ایکٹو ہیں۔

    واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے ایک ہفتہ قبل کہا تھا کہ افغان اور بنگالی مہاجرین کو زبردستی واپس نہیں بھیج سکتے، مہاجرین کے یہاں پیدا ہونے والے بچوں کو شہریت ملنی چاہیے۔

    وفاقی حکومت کی رپورٹ کے مطابق اس وقت ملک میں مہاجر کیمپوں میں رہائش پذیر افغان شہریوں کی تعداد 9 لاکھ 45 ہزار 131 ہے، جب کہ کیمپوں سے باہر 9 لاکھ 41 ہزار 854 رہائش پذیر ہیں۔

  • دبئی : جعل سازی کے الزام میں دو پاکستانی گرفتار

    دبئی : جعل سازی کے الزام میں دو پاکستانی گرفتار

    دبئی : دبئی پولیس نے جعل سازی اور دھوکہ دہی کے الزام میں 2 پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا ہے ایک ملزم نے خود کو فلیٹ کا مالک ظاہر کر کے کرایہ دار سے بڑی رقم ہتھیا لی جب کہ دوسرے نے معاہدہ کرایہ داری پر دستخط کیے۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی میں مقیم دو پاکستانیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے جن پر دھوکہ دہی اور جعل سازی کے ذریعے رقم بٹورنے کا الزام ہے دونوں پاکستانیوں کو جیل منتقل کردیا گیا ہے اور دھوکہ دہی و جعل سازی کی دفعات کے تحت تحقیقات جاری ہیں۔

    الخلیج ٹائم کے مطابق دبئی میں مقیم 2 پاکستانیوں نے جعلی کاغذات کی بنیاد پر خود کو فلیٹ کا مالک ظاہر کر کے کرایہ دار سے 59500 درہم ہتھیا لیے بعد ازاں شک ہونے پر کرایہ دار نے پولیس کو مطلع کیا جس پر پولیس نے کارروائی کر کے ملزمان کو حراست میں لے لیا ۔

    دبئی پولیس کے مطابق 30 اور 28سالہ پاکستانیوں نے جعلی انتقال نامہ دکھایا اور اس کے بارے میں دعوی کیا کہ یہ کاغذات دبئی لینڈ ڈپارٹمنٹ کی طر ف جاری کیے گئے ہیں تاہم یہ دعوی جھوٹا ثابت ہوا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ کرایہ دار نے ملزمان کو 19 مارچ 2016 کو دو چیک کی صورت میں کرایے کی رقم ادا کی تھی جب کہ ایک شخص نے کرایہ داری کے معاہدے پر دستخط کرنے کا اعتراف کیا جسے بہ طور گواہ پیش کیا گیا۔