Tag: جلال آباد دھماکا

  • جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے باہر آئی ای ڈی دھماکا، 6 زخمی

    جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے باہر آئی ای ڈی دھماکا، 6 زخمی

    جلال آباد: افغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے باہر آئی ای ڈی دھماکا ہوا ہے، جس میں چھ افراد زخمی ہوئے، تاہم قونصل خانے کا تمام عملہ محفوظ رہا۔

    تفصیلات کے مطابق سفارتی ذرایع کا کہنا ہے کہ افغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے قریب چیک پوسٹ پر دھماکا ہوا جس میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے تاہم پاکستانی عملہ محفوظ رہا۔

    سفارتی ذرایع کے مطابق دھماکا اس جگہ ہوا جہاں لوگ ویزے کے لیے قطار لگاتے ہیں۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ جلال آباد قونصل خانے کی سیکورٹی بڑھانے کے لیے بارہا افغان حکام کو کہا جا چکا ہے، پاکستانی قونصل خانہ پہلے ہی سے تھریٹ لسٹ پر ہے۔

    افغان پولیس کے مطابق زخمیوں میں ایک افغان پولیس اہل کار اور پانچ ویزے کے لیے آنے والے افراد شامل ہیں۔

    دھماکے کے بعد افغان دفتر خارجہ نے پاکستانی قونصل خانے سے رابطہ کر کے کہا کہ تمام پاکستانی قونصل خانوں کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ جلال آباد میں پاکستانی سفارتی عملہ بکتر بند گاڑی استعمال کرتا ہے، 2016 میں پاکستانی سفارتی اہل کار کو گھر کے باہر شہید کیا گیا تھا۔

  • افغانستان کے شہر جلال آباد میں دھماکا، 2 افراد ہلاک، 5 زخمی

    افغانستان کے شہر جلال آباد میں دھماکا، 2 افراد ہلاک، 5 زخمی

    کابل: افغانستان کے شہر جلال آباد میں دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے ننگرہار کے شہر جلال آباد میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہوگئے، دھماکے میں استعمال ہونے والا بارودی مواد گاڑی میں نصب کیا گیا تھا۔

    دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، کسی بھی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی جلال آباد میں ہونے والے ایک دھماکے کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوئے تھے۔

    مزید پڑھیں: افغانستان میں خونریز جھڑپیں، 36 فوجی ،30 طالبان جنگجو ہلاک

    یاد رہے کہ دو روز قبل بھی افغان صوبے ننگر ہار میں ہونے والے دو دھماکوں کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے تھے۔

    خیال رہے کہ 6 اپریل کو افغان صوبے بادغیس کے ضلع بالا مرغاب میں طالبان دہشت گردوں اور افغان فورسز کے درمیان شدید جھڑپوں میں 36 افغان فوجی اور 30 طالبان ہلاک ہوئے تھے۔

    اس سے قبل مارچ میں طالبان کے دہشتگردوں نے مرغوب پر حملہ کیا تھا جس کے باعث دو ہفتے تک مذکورہ ضلع مکمل سیل رہا تھا اور جھڑپوں کے دوران دو درجن سے زائد افغان فوجی ہلاک جبکہ 28 اہلکار لاپتہ ہوگئے تھے۔