Tag: جلد

  • جلد کو صحت مند اور چمکدار بنانے کا آسان طریقہ؟

    جلد کو صحت مند اور چمکدار بنانے کا آسان طریقہ؟

    جدید دور میں چمکدار اور صحت مند جلد رکھنا ہر کسی کا خواب ہے، جو بڑھتی ہوئی آلودگی اور مصروف طرز زندگی کے باعث مشکل ہے۔ جلد کی حفاظت اور دیکھ بھال بہت ضروری ہے کیوں کہ یہ صرف خوب صورتی کا معاملہ نہیں ہے بلکہ اسکا صحت کیساتھ گہرا رشتہ ہے۔

    اگر آپ صحتمند اور چمکدار جلد رکھتے ہیں تو اس سے آپ کی صحت کا بھی بخوبی اندازہ ہوجاتا ہے۔

    اگر آپ اپنی جلد کو خوبصورت بنانے کے لئے وقت نہیں دے پارہے تو ماہرین نے اسی چیز کو مد نظر رکھتے ہوئے 3 آسان طریقے بتائے ہیں، جنہیں آپ اپنے روزمرہ کے معمولات میں آسانی سے استعمال کر سکتے ہیں۔

    اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ اسے سرد موسم میں سن اسکرین استعمال نہیں کرنا چاہئے تو وہ غلط ہے، سن بلاک کا استعمال روزانہ کی بنیاد پر کرنا چاہئے، یہاں تک کہ جب آپ گھر پر ہوں تب بھی اسے استعمال کرنا چاہئے، یہ نہ صرف آپ کی جلد کو سنبرن سے محفوظ رکھتا ہے بلکہ یہ اسے سورج کے دیگر مضر اثرات سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔

    آپ کو اپنی جلد کی قسم اور مسائل کے مطابق روزانہ لگانے کے لیے یقینی طور پر سیرم کا انتخاب کرنا ہوگا، یہ آپ کی جلد کو دھول اور پھیکے پن سے محفوظ رکھتا ہے اور جلد کو چمکدار بنادیتا ہے، ماہرین صحت کی جانب سے صحت مند جلد کے لئے وٹامن سی سیرم کے استعمال کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

    کیا آپ کے بچے کے دانت میں تکلیف ہے؟ آسان حل جانیے

    چہرے کی صفائی چہرے کے چھیدوں سے میک اپ اور دھول کو صاف کردیتی ہے اور اس سے مہاسوں کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے۔ چہرے کی صفائی روزانہ کی جانی چاہیے اور میک اپ کرتے وقت بھی ضروری ہے۔

  • اسکرین کی بلیو لائٹ سے جلد پر مرتب ہونے والے اثرات جن سے بیشتر افراد واقف نہیں

    اسکرین کی بلیو لائٹ سے جلد پر مرتب ہونے والے اثرات جن سے بیشتر افراد واقف نہیں

    سائنس کی ترقی کی بدولت زندگی آسان ہوگئی لیکن اس کے ساتھ ہی نت نئی ایجادات کے بہت سے نقصان بھی سامنے آرہیں ہیں جس میں مختلف اسکرین سے نکلنے والی نیلی روشنی بھی شامل ہیں۔

    اس جدید دور میں دنیا کی بڑی آبادی دن کا زیادہ تر وقت اسکرین کے سامنے بیٹھ کر گزارتی ہے خواہ وہ فون ہو، ٹیبلیٹ ہو، لیپ ٹاپ ہو یا کمپیوٹر ہو، جہاں اس کے سامنے دیر تک بیٹھنے کے نقصانات ہیں وہی ان ڈیوائسز سے خارج ہونے والی نیلی روشنی جلد کو بھی کئی طرح سے متاثر کرتی ہے۔

    اسکرین کی والی نیلی روشنی سے جلد پر عمر رسیدگی کے اثرات وقت سے پہلے نمودار ہونے لگتے ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ جلد کی حفاظت کی مصنوعات میں اب بلیو لائٹ اسکن پروڈکٹس کا استعمال کیا جانا نہایت ضروری ہے۔

    اسکرین سے نکلنے والی نیلی روشنی جو کہ مختصر طول موج کی روشنی ہوتی ہے یہ وقت سے پہلے بڑھاپے سے لے کر رنگت اوردیرپا ہائپر پگمنٹیشن تک ہر چیز کا سبب بن سکتی ہے۔

    اگرچہ کوئی بھی شخص ان نیلی روشنی کے نقصانات کو جان کر ان ڈیوائسز کا استعمال ترک نہیں کرسکتا لیکن جلد کو اس سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے جلد کی دیکھ بھال کرنے والی مصنوعات کا استعمال ضرور کرسکتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق بلیو لائٹ اسکن کیئر مصنوعات نقصان دہ نیلی روشنی کی شعاعوں کو روکنے اور ان کے کچھ اثرات کو دور کرنے کے لیے ڈیزائن کی گئی ہیں لیکن یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ یہ مصنوعات جلد کو ان نیلی روشنی کے اثرات سے تحفظ فراہم کریں گی یا نہیں۔

    بلیو لائٹ کیا ہے اور یہ نقصان دہ کیوں ہے؟

    نیلی روشنی نظر آنے والے روشنی کے اسپیکٹرم کا ایک رنگ ہے جو کمپیوٹر اسکرینوں، ٹی وی، فونز، اور یہاں تک کہ سورج کی باقاعدہ روشنی میں بھی موجود ہوتا ہے اس طرح دیکھا جائے تو یہ ہر جگہ پر موجود ہے۔

    بلیو لائٹ اسکن کیئر کیا ہے؟

    بلیو لائٹ اسکن کیئرپروڈکٹس بہت سی شکلوں میں دستیاب ہے جیسے اسپرے، کریم اور جیل سے لے کر سن اسکرین تک جو نیلی روشنی کو روکنے اور آپ کی جلد کو جوان رکھنےکے لیے استعمال کی جا سکتی ہیں۔

    ایسی نائٹ کریمیں بھی دستیاب ہیں جو نیلی روشنی اور ڈیجیٹل ڈیفنس سیرم کے ذریعے نیلی روشنی کی وجہ سے پیدا ہونے والی جھریوں کو ریورس کرتی ہیں۔

  • کیا کھیرا واقعی آنکھوں کے لیے فائدہ مند ہے؟

    کیا کھیرا واقعی آنکھوں کے لیے فائدہ مند ہے؟

    کھیرا ایک نہایت صحت بخش اور فائدہ مند پھل ہے جو آنکھوں کے لیے بے حد مفید ہے، اسے ہمیشہ سے آنکھوں کی سوجن، حلقے اور تھکن دور کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

    آنکھوں کے گرد سوجن اور سیاہ حلقوں کو کم کرنے کے لیے لوگ ایک عرصے سے اپنی آنکھوں پر کھیرے کے ٹکڑے لگاتے آرہے ہیں۔ ان لوگوں کا ماننا ہے کہ کھیرا جلد کو نرم اور تروتازہ کرتا ہے، لیکن کیا یہ خیال واقعی سائنسی اعتبار سے درست ہے؟

    جلد کی بہت سی کریمیں کھیرے کے عرق پر مشتمل ہونے کا دعویٰ کرتی ہیں، اس کے علاوہ ایلو ویرا کے مقبول ہونے سے پہلے برسوں تک کھیرا جلد کی صحت اور خوبصورتی کی مصنوعات جیسے آنکھوں کے لوشن اور جیل کا حصہ تھا۔

    چونکہ کھیروں میں بہت زیادہ پانی ہوتا ہے اس لیے جب آپ ان کا استعمال کریں گے تو آپ کی آنکھیں ٹھنڈک محسوس کریں گی، یہ کولڈ کمپریس کے طور پر کام کرسکتا ہے۔

    خاص طور پر اگر آپ نے استعمال سے پہلے کھیرے کو ٹھنڈا کرلیا ہو، آنکھ پر ہلکی اور ٹھنڈی چیز لگانے سے آپ آنکھیں بند کرلیں گے۔ اس سے آپ کو آرام ملتا ہے۔

    کھیرے وٹامن سی (اینٹی آکسیڈنٹ) اور فولک ایسڈ (بی وٹامنز) سے بھرپور ہوتا ہے۔ وٹامن سی آپ کی آنکھوں کے ارد گرد جلد میں نئے خلیوں کی نشوونما کو تیز کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے اور فولک ایسڈ آنکھوں کے نیچے سوجن کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے لہٰذا کھیرے کے ٹکڑے اینٹی آکسیڈنٹس کو متحرک کرنے میں مدد کرسکتے ہیں جو آپ کی جلد میں ٹاکسن سے لڑتے ہیں۔

    یہ خراب جلد کو صاف اور نرم کر سکتا ہے، سنہ 2012 میں ایک تحقیقی جائزے سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ وٹامن کی وجہ سے جلد پر کھیرے کا استعمال آنکھ کے سیاہ دھبوں کو کم کرسکتا ہے۔

    کھیرا جلد کی رنگت کو ہلکا بھی کرسکتا ہے کیونکہ یہ ٹائرو سینیس نامی انزائم کو روک سکتا ہے، ٹائرو سینیس آپ کے جسم میں زیادہ میلانن پیدا کرنے کا سبب بنتا ہے۔ میلانن ایک روغن ہے جو آپ کی جلد کو سیاہ کرتا ہے اور اسے سورج کی یو وی شعاعوں سے بچانے میں مدد کرتا ہے۔

    لیکن اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ یہ سب کھیرے کے دو ٹکڑوں سے کیا جا سکتا ہے۔ آپ کی آنکھوں پر کھیرے کے ٹکڑوں کا استعمال جادو نہیں کرتا۔ تاہم اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ کھیرے کا جوس، بیج کا عرق اور پھول اضافی اجزا کے طور پر استعمال ہونے پر جلد کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتے ہیں۔

    کھیرے پر مشتمل آنکھوں کے جیل یا کریم جلد کو نمی بخش سکتے ہیں اور 2010 میں کم از کم ایک تحقیق کے مطابق یہ جیل جھریاں بھی روک سکتی ہے۔

  • دھوپ سے جھلسی جلد کی حفاظت کیسے کی جائے؟

    دھوپ سے جھلسی جلد کی حفاظت کیسے کی جائے؟

    گرمیوں کا موسم آتے ہی کئی طبی مسائل کے ساتھ ساتھ جلدی مسائل کا بھی سامنا ہوتا ہے، موسم گرما میں جسم اور جلد کو مائع کی صورت میں توانائی کی ضرورت ہوتی ہے۔

    موسم گرما اور برسات میں حبس اور تیز گرمی کی وجہ سے جلد کو بہت سے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، سورج کی تیز شعاعوں سے نہ صرف رنگت سیاہ پڑجاتی ہے بلکہ چہرے کی شادابی ختم ہوجاتی ہے۔

    ماہرین طب اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے کچھ تجاویز بتاتے ہیں۔

    گرمیوں کے موسم میں اپنی جلد کو نکھارنے اور تروتازہ رکھنے کے لیے پانی زیادہ سے زیادہ پئیں۔

    اپنے چہرے کی صفائی کا خاص خیال رکھیں، دن میں کم از کم تین چار مرتبہ منہ دھوئیں، اگر ہو سکے تو نیم کے پتوں کو پانی میں ابال لیں اور اس سے چہرہ دھوئیں، اس طرح چہرے کی صفائی کے ساتھ ساتھ مہاسوں میں بھی کمی آسکتی ہے۔

    اپنے چہرے کو دھوپ کی تیز شعاعوں سے محفوظ رکھیں کیونکہ سورج کی چہرے پر پڑنے والی ڈائریکٹ شعاعیں چہرے کو نقصان پہنچاتی ہیں، ان شعاعوں سے بچنے کے لیے چہرے پر سن بلاک کا استعمال کریں۔

    چہرے کے لیے عرق گلاب سے بہتر کوئی سن بلاک نہیں، اس لیے دھوپ میں نکلنے سے قبل چہرے پر عرق گلاب کا چھڑکاؤ کرلیں، اسپرے والے عرق گلاب بازار میں آسانی سے دستیاب ہوتے ہیں۔

    دھوپ کی وجہ سے اگر رنگت سیاہ ہوجائے تو انگور کو توڑ کر اپنے چہرے پر ملیں، تھوڑی دیر بعد خشک ہونے پر چہرہ دھولیں، اس کے استعمال سے رنگت میں نکھار آجائے گا۔

    اسی طرح سونے سے پہلے اگر دودھ میں کھیرے کا رس شامل کر کے لگایا جائے تو بھی دھوپ کی وجہ سے چہرے کی ماند رنگت بھی کھل اٹھے گی، اس مکسچر کو ہاتھوں اور پیروں پر بھی لگا سکتے ہیں۔

    دھوپ سے جلی ہوئی رنگت اور متاثرہ جلد کو واپس بحال کرنے کے لیے مندرجہ ذیل طریقوں پر عمل کریں۔

    سورج کی روشنی سے ہونے والی جلد کی جلن کو کم کرنے کے لیے کھیرے کے چھلکے بہت مؤثر ہیں۔

    مسلا ہوا پپیتا اور پاؤڈر کا دودھ ملا کر پیسٹ بنالیں، اس پیسٹ کو چہرے پر لگائیں، یہ ماسک نہ صرف دھوپ سے جلی ہوئی رنگت کو نکھارتا ہے۔

    کچا آلو لے کر اسے دو حصوں میں کاٹ لیں، ایک ٹکڑا لے کر اسے اچھی طرح کچل کر یا پیس کر کپڑے پر پھیلا دیں اور رات کو سوتے وقت اسے اپنے چہرے پر لگائیں، تمام رات اس کا عرق جلد میں جذب ہو جائے گا۔

    صبح کو روئی کو پانی میں ڈبو کر اس سے چہرہ صاف کرلیں، دھوپ سے جلی ہوئی جلد کے لیے بہترین ہے اور اس کے استعمال سے آپ کی جلد کی رنگت بھی نکھر جائے گی۔

    بیسن، لیموں کا رس اور ہلدی کو خوب یکجان کر کے بلینڈ کرلیں، اس آمیزے کو تھوڑی دیر چہرے پر لگا رہنے دیں اور پھر خشک ہونے پر پانی سے دھولیں، اس کے استعمال سے دھوپ سے متاثرہ جلد کی اپنی حالت بحال ہوجائے گی اور سیاہ رنگت کو نکھارنے اور جلد کو خوبصورت بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

  • ہاتھوں کے کھردرے پن اور خشکی کو کیسے دور کیا جائے؟

    ہاتھوں کے کھردرے پن اور خشکی کو کیسے دور کیا جائے؟

    گھر کے مختلف کام کرتے ہوئے کیمیکلز کے استعمال سے ہاتھوں کی جلد خراب ہونے لگتی ہے اور خشک اور سیاہ ہوجاتی ہے، اس سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ چہرے کے ساتھ ساتھ ہاتھوں کا بھی خیال رکھا جائے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں شیف فرح نے ہاتھوں کی حفاظت کا نہایت آسان طریقہ بتایا۔

    انہوں نے بتایا کہ کیسٹر آئل اور ناریل کا تیل ملا کر رکھیں اور روزانہ ہاتھوں پر اس سے مساج کریں۔

    علاوہ ازیں لیموں کا چھلکا لے کر اسے ہاتھوں پر رگڑیں اس سے انگلیوں کی جوڑوں کا سیاہ پن دور ہوگا۔

    شیف فرح کا کہنا تھا کہ پونچھا لگاتے ہوئے کیمیکل سے بھی ہاتھ خراب ہوتے ہیں، لہٰذا پونچھے کے پانی میں لیموں کے چند قطرے، سرکہ یا 2 قطرے سرسوں کا تیل شامل کرلیں، اس سے ہاتھوں کی حفاظت ہوگی۔

     

  • موسم گرما کی آمد: جلد کا خیال رکھنے کے لیے کارآمد ٹپس

    موسم گرما کی آمد: جلد کا خیال رکھنے کے لیے کارآمد ٹپس

    موسم گرما شروع ہوچکا ہے اور اس موسم میں جلد اور بالوں کو چکنائی اور پسینے سے بچا کر ان کا خیال رکھنا بے حد ضروری ہوتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں ماہر امراض جلد ڈاکٹر کاشف احمد ملک نے شرکت کی اور اس موسم میں جلد کا خیال رکھنے کے طریقے بتائے۔

    ڈاکٹر کاشف کا کہنا تھا کہ موسم گرما میں پسینہ ایک بڑی وجہ ہے جو جلد کو خراب کرتا ہے اور ایکنی کا سبب بھی بنتا ہے، اسے ختم کرنا ضروری نہیں لیکن ریگولیٹ کرنا ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس کے لیے بازار میں کیلامین نامی لوشن باآسانی دستیاب ہے جو جلد کو ٹھنڈا اور نم رکھتا ہے۔

    علاوہ ازیں سن بلاک ایسا استعمال کریں جو واٹر بیسڈ ہو تاکہ وہ جلد کے مساموں کو بند نہ کرے۔

    وٹامن سی کی غذائی اشیا اور مصنوعات کا استعمال کریں۔

    ڈاکٹر کاشف کا مزید کہنا تھا کہ سر میں پسینہ آنے کے عمل کو کم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ روز سادے پانی سے نہایا جائے اور شیمپو ایک دن چھوڑ کر استعمال کیا جائے۔

  • اس پھل کے بے شمار فائدے جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    اس پھل کے بے شمار فائدے جان کر آپ حیران رہ جائیں گے

    زمین پر موجود ہر سبزی اور پھل اپنے اندر بے شمار فوائد رکھتے ہیں، بعض پھل کاسمیٹکس پروڈکٹس میں بھی استعمال کیے جاتے ہیں جو جلد پر بہترین اثرات مرتب کرتے ہیں۔

    کیوی بھی انہی میں سے ایک ہے جو اپنے منفرد ذائقہ اور صحت سے بھرپور اجزا کی بدولت تمام پھلوں میں الگ مقام رکھتا ہے، کیوی جسامت اور رنگت میں کسی قدر چیکو سے مشابہت رکھتا ہے تاہم اندر سے یہ نہایت خوبصورت دکھائی دیتا ہے۔

    کھٹا میٹھا ذائقہ لیے کیوی بچوں اور بڑوں میں یکساں مقبول ہے، اس میں ایسے صحت بخش اجزا پائے جاتے ہیں جو آپ کی مجموعی صحت کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

    یہ پھل جس طرح آپ کی صحت کا خیال رکھتا ہے اسی طرح یہ جلد کو بھی جواں بنانے والی خصوصیت سے مالا مال ہے، کیوی فیس ماسک آپ کی جلد کو نرمی سے ایکسفولیئٹ، پرورش اور نمی بخشتا ہے۔

    اگر آپ کی جلد چکنی ہے اور اس پر ایکنی کے مسائل ہیں تو آپ کیوی کے فیس ماسک کو روزانہ استعمال کر سکتے ہیں تاہم خشک جلد پر اسے ہفتے میں ایک بار استعمال کیا جاسکتا ہے، کیونکہ کیوی فیس ماسک ایک بہترین ایکسفولینٹ ہے۔

    کیوی میں وٹامن سی اور ای کی کثیر مقدار پائی جاتی ہے، جو کہ طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس کے طور پر جانا جاتا ہے، یہ جلد کو نمی، پرورش، چمکدار اور ہموار بناتی ہے۔

    اس میں غذائی ریشے کی بڑی مقدار بھی ہوتی ہے جو آنتوں کی مناسب حرکت کے لیے ضروری ہے، اس طرح آپ کی جلد مہاسوں سے پاک رہتی ہے۔

    کیوی ایک اینٹی آکسیڈنٹ سے بھرپور پھل ہے جو آپ کی جلد کو مختلف فوائد فراہم کرتا ہے۔ آپ کیوی سے بنے فیس ماسک کو جلد کی تمام اقسام کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔

    کیوی کا ماسک بنانے کا طریقہ

    اس ماسک کو بنانے کے لیے ایک چمچ دہی، ایک کیلا اور ایک کیوی درکار ہے۔

    کیوی اور کیلے کو چھیل کر اچھی طرح مکس کریں، اب اس میں دہی ملا کر مکس کر کے چہرے پر لگائیں اور 20 سے 30 منٹ تک لگا رہنے دیں۔

    خشک ہونے پر نیم گرم پانی سے چہرہ دھولیں، بہتر نتائج کے لیے اسے ہفتے میں ایک بار ضرور استعمال کریں۔

  • غیر معیاری میک اپ اور مختلف ٹریٹ منٹس چہرے کے لیے زہر قاتل ثابت ہوسکتے ہیں

    غیر معیاری میک اپ اور مختلف ٹریٹ منٹس چہرے کے لیے زہر قاتل ثابت ہوسکتے ہیں

    میک اپ استعمال کرنا خواتین کا روزمرہ کا معمول ہے تاہم اس ضمن میں احتیاط نہ کرنا جلد کو نقصان بھی پہنچا سکتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں معروف ڈرماٹولوجسٹ ڈاکٹر خرم مشیر نے شرکت کی اور میک اپ مصنوعات کے حوالے سے گفتگو کی۔

    ڈاکٹر خرم مشیر کا کہنا تھا کہ کاسمیٹکس مصنوعات کے استعمال کی مدت ہوتی ہے اور اس سے زیادہ انہیں استعمال کرنا جلد کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا میک اپ کے لیے استعمال کیے جانے والے اسفنج اور برشز کو باقاعدگی سے دھویا جائے اور ہوا میں خشک کیا جائے، بغیر دھوئے استعمال کرتے رہنے سے ان میں بیکٹریا، گرد و غبار اور میک اپ کی باقیات جمع ہوجاتی ہیں جو جلد کو نقصان پہنچاتی ہیں۔

    ڈاکٹر خرم کا کہنا تھا کہ میک اپ مصنوعات اور خاص طور پر رنگ گورا کرنے والی کریمز میں مرکری استعمال کیا جاتا ہے، طویل عرصے تک انہیں استعمال کرنے سے مرکری ری ایکٹ کرتا ہے اور جلد کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

    انہوں نے پرمننٹ میک اپ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کل بیوٹی سیلونز نے جلد کو ٹنٹ (رنگ کروانے)، بھنوؤں یا پلکوں میں مستقل تبدیلی کروانے کا رجحان متعارف کروایا ہے جو خواتین بغیر سوچے سمجھے استعمال کر رہی ہیں۔

    اس میں آنکھوں کے پپوٹوں، ہونٹوں یا گالوں پر مستقلاً گلابی رنگ کردیا جاتا ہے جس کی مدت چند ماہ یا سال ہوتی ہے، اس کے لیے پگمینٹیشن استعمال کی جاتی ہے۔

    ڈاکٹر خرم نے کہا کہ اس کی مثال ایسی ہے جیسے کسی چیز پر رنگ کیا جائے، اور کچھ عرصے بعد وہ مدھم اور میلا ہونے لگے، ایسے ہی یہ رنگ بھی رفتہ رفتہ سیاہ پڑنے لگتے ہیں جس سے چہرہ بدنما معلوم ہوتا ہے۔

    علاوہ ازیں اس طرح کی ٹریٹ منٹس سے جلد کے مسام بند ہوجاتے ہیں اور اس میں آکسیجن نہیں پہنچتی، نتیجتاً جلد خراب ہونے لگتی ہے، اس پہ جھریاں پڑنے لگتی ہیں اور بعض کیسز میں اس کا ٹیکسچر ریت جیسا ہوجاتا ہے۔

    ڈاکٹر خرم نے کہا کہ جلد کی حفاظت کے لیے قدرتی اشیا کا استعمال کیا جائے اور معیاری میک اپ مصنوعات استعمال کی جائیں۔

  • جلد کی خوبصورتی کے لیے گرم پانی پینے کی عادت نہایت فائدہ مند

    جلد کی خوبصورتی کے لیے گرم پانی پینے کی عادت نہایت فائدہ مند

    ہمارے جسم کو روزانہ 8 گلاس پانی کی ضرورت ہے جو جسم کے لیے ضروری ہونے کے ساتھ ساتھ فائدہ مند بھی ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ گرم پانی ان فوائد کو بڑھا دیتا ہے۔

    طبی ماہرین کے مطابق گرم پانی پینے کے فوائد حیران کن ہیں، آئیں جانتے ہیں گرم پانی پینے سے کیا کیا فائدے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

    گرم پانی کا استعمال جلد پر ایکنی کے نتیجے میں ہونے والی سوجن کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے اور جلد کو تازگی فراہم کرتا ہے۔

    گرم پانی پینے کا ایک اور فائدہ یہ ہے کہ آپ کا جسم آپ کی جلد سے تمام زہریلے مادوں کو بہت آسانی سے باہر نکال دیتا ہے، اور یہ آپ کی رنگت اور بناوٹ میں مجموعی طور پر بہتری کا باعث بنتا ہے، لہٰذا خشک یا کھردری جلد کو صاف کرنے کے لیے گرم پانی پینا اپنی عادت بنالیں۔

    ایکنی کی وجہ سے چہرے پر اکثر نشانات رہ جاتے ہیں تو اس کا سب سے مؤثر علاج گرم پانی ہے، یہ نہ صرف ان نشانات کو کم کرتا ہے بلکہ ایکنی سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔

    جس طرح آپ اپنے چہرے پر جمی چکنائی اور گرد کو صاف کرنے کے لیے کلینزنگ کرتے ہیں، اسی طرح جسم کو بھی ڈیٹوکس کرنا نہایت ضروری ہے، گرم پانی جسم کے زہریلے مادوں کو جسم سے باہر خارج کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

    اس طرح عمر رسیدگی کی قبل از وقت سامنے آنے والی علامات کو روکا جا سکتا ہے۔

    جب ہم گرم پانی پیتے ہیں تو یہ ہمارے خلیات کو ٹھیک کرنے میں مدد کرتا ہے، ان میں لچک اور کولیجن کی پیداوار کو بڑھاتا ہے اور جلد کے مجموعی معیار کو بہتر بناتا ہے۔

    پانی نہ صرف جلد کو ہائیڈریٹ رکھتا ہے، بلکہ یہ دنیا کا بہترین مشروب ہے جو جسم کے ہر عضو کے نظام کو متاثر کرتا ہے، پٹھوں سے لے کر ہاضمے تک یہ سب کو صحت مند رکھتا ہے۔

    جب ہاضمہ بہتر اور جسم صحت مند ہوگا تو دوران خون بھی بہتر رہے گا، جو چہرے پر سرخی اور جلد کی چمک کا باعث بنے گا۔

  • موسم سرما میں جلد کو نم رکھنے کے لیے کریم گھر پر بنائیں

    موسم سرما میں جلد کو نم رکھنے کے لیے کریم گھر پر بنائیں

    موسم سرما میں جلد خصوصی توجہ مانگتی ہے، اس موسم میں اسے دلکش رکھنے کے ساتھ ساتھ نم رکھنا بھی بے حد ضروری ہے۔

    سرد ہواؤں میں جلد خشک ہو کر پھٹنے کے ساتھ ہی اپنی رنگت بھی کھونے لگتی ہے، ایسی صورت میں جلد کو دیگر موسموں کی نسبت زیادہ توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔

    موسم سرما میں جلد کی حفاظت کے لیےایک ایسی کریم یا موئسچرائزر کی ضرورت ہوتی ہے جو دن بھر ہائیڈریٹ رکھنے کے ساتھ جلد کی رنگت نکھارنے اورقدرتی چمک کو برقرار رکھنے میں بھی مددگار ثابت ہو۔

    اس مقصد کے لیے بازار میں کئی طرح کی کریمیں اور لوشن دستیاب ہیں تاہم ان میں کئی طرح کے کیمیکل موجود ہوتے ہیں جو اکثر اوقات سرد موسم میں الرجی کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔

    یہی وجہ ہے کہ یہاں پر گھریلو اشیا کو استعمال کرتے ہوئے ایک ایسی کریم بنانے کی ترکیب پیش کی جارہی ہے جو موسم سرما میں ہونے والے جلد کے تمام مسائل کا بہترین حل ثابت ہوگی۔

    اس کریم کو بنانے کے لیے مندرجہ ذیل اجزا درکار ہیں۔

    شیا بٹر: 2 کھانے کے چمچ

    بادام کا تیل: 2 کھانے کے چمچ

    گلیسرین

    لیموں کا رس: 1 کھانے کا چمچ

    ایلو ویرا جیل: 4 چائے کے چمچ

    ایسنشل آئل: چند قطرے

    سب سے پہلے شیا بٹر کو کسی پیالی میں لے کر گرم پانی کے اوپر رکھیں تاکہ یہ پگھل جائے۔

    اب اس میں بقایا تمام اجزا کو شامل کر کے اچھی طرح مکس کریں، اس مقصد کے لیے بلینڈر کا ستعمال بھی کیا جاسکتا ہے۔

    جب یہ اچھی طرح مکس ہوجائے تو اسے ایک جار میں ڈال کر محفوظ کرلیں، اسے کمرے کے درجہ حرارت پر رکھیں یہ تین ماہ تک کارآمد رہے گی۔

    اس کریم کی تھوڑی سی مقدار لے کر چہرے اور ہاتھوں پر لگائیں، یہ دن بھر جلد کی نمی کو برقرار رکھنے کے ساتھ قدرتی نکھار بھی لائے گی۔

    شیا بٹر کی جگہ بغیر نمک ملا مکھن، پیٹرولیم جیلی یا دودھ کی بالائی بھی استعمال کر سکتے ہیں۔