Tag: جلد کی حفاظت

  • بشریٰ انصاری اپنی جلد کی حفاظت کیلیے کون سا ٹوٹکا استعمال کرتی ہیں؟

    بشریٰ انصاری اپنی جلد کی حفاظت کیلیے کون سا ٹوٹکا استعمال کرتی ہیں؟

    ہر سال خصوصاً موسم سرما میں اکثر خواتین اور بوڑھے افراد کے چہرے کی جلد خشک ہوجاتی ہے، جس کے علاج کیلئے مہنگی کریمیں اور لوشن استعمال کیے جاتے ہیں۔

    یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ ہم گھریلو طریقوں پر عمل کرکے یا ٹوٹکوں سے بھی اپنی خشک جلد کا حل نکال سکتے ہیں۔

    اس حوالے سے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی خوبصورتی اور جلد کی حفاظت کیلیے کیے جانے والے ٹوٹکے کا ذکر کیا جس پر وہ کافی عرصے سے عمل بھی کر رہی ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ میں اپنی جلد کی نمی کیلئے جو ٹوٹکا استعمال کرتی ہوں اس میں نہ تو کسی قسم کا کوئی کیمیکل ہے اور نہ ہی اس کے کوئی سائیڈ افیکٹس ہیں، اور خاص طور پر سردیوں میں چہرے پر لگانے کیلیے اس سے بہتر کوئی چیز نہیں۔

    بشریٰ انصاری نے بتایا کہ میرے ٹوٹکے میں پانچ چیزیں شامل ہیں جس میں بائیو آئل، ای آئل، گلیسرین اور خالص کھوپرے کا تیل اور کیسٹر آئل ۔ اس کے بنانے کا طریقہ یہ ہے کہ دو چمچ بائیو آئل میں ایک چمچ ای آئل، ایک چمچ گلیسرین ایک چمچ کھوپرے کا تیل اور کیسٹر آئل، ان سب کو ملا کر چہرے پر لگائیں۔

    ایک سوال کے جواب میں بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ مجھے بچپن سے ہی اپنے پاؤں صاف ستھرے رکھنے کی عادت ہے، انہوں نے بتایا کہ ایک ٹب میں پانی کے اندر نمک اور تھوڑا سا شیمپو ڈال کر اس میں پیر رکھ دیتی تھی اور اسی دوران بچوں کو ہوم ورک بھی کرادیا کرتی تھی کیونکہ پارلر جاکر مینی کیور یا پیڈی کیور کا وقت نہیں ہوتا تھا اور میں اس کا سارا سامان گھر میں بھی رکھتی ہوں۔

  • میں کبھی منہ نہیں دھوتی، اداکارہ ونیزہ احمد نے خوبصورتی کا راز بتا دیا

    میں کبھی منہ نہیں دھوتی، اداکارہ ونیزہ احمد نے خوبصورتی کا راز بتا دیا

    ماڈل و اداکارہ ونیزہ احمد نے اپنی خوبصورتی کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ میں کبھی منہ نہیں دھوتی، انہوں نے بتایا کہ البتہ میرے بیگ میں موئسچرائزر ہر وقت موجود ہوتا ہے۔

    جدید دور میں چمکدار اور صحت مند جلد رکھنا ہر کسی کا خواب ہے، جو بڑھتی ہوئی آلودگی اور مصروف طرز زندگی کے باعث مشکل ہے۔

    جلد کی حفاظت اور دیکھ بھال بہت ضروری ہے کیوں کہ یہ صرف خوبصورتی کا معاملہ نہیں ہے بلکہ اس کا صحت کے ساتھ گہرا رشتہ ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں ماضی کی مقبول ترین ماڈل اور اداکارہ ونیزہ احمد نے خواتین کو جلد کی حفاظت سے متعلق بہترین اور کارآمد مشورے دیئے۔

    انہوں نے بتایا کہ جلد کی حفاظت کیلئے قدرتی چیزیں زیادہ استعمال کرنی چاہئیں اس سے جلد زیادہ بہتر رہتی ہے اور چہرے پر لگانے کیلئے موئسچرائزر سے بہتر کوئی چیز نہیں۔ آئلی اسکن کو بھی موئسچرائزر کی ضرورت ہوتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ موئسچرائزر لگانے سے پہلے چہرے کو گیلا کرنا ضروری ہے، ہائیڈریشن کیلئے میں روز واٹر استعمال کرتی ہوں میں نے ٹونر کبھی استعمال نہیں کیا، اور میک اپ کرنے سے پہلے یا بعد میں میں منہ نہیں دھوتی، البتہ وضو کرنے کی بات علیحدہ ہے۔

    اداکارہ ونیزہ احمد نے خواتین کو مشورہ دیا کہ اسکرب کرنے کیلئے چینی اور شہد کو ملا کر اسے اپنے چہرے پر لگائیں اس سے وائٹ ہیڈز ختم ہوجائیں گے اس کے علاوہ یہ چہرے کی چمک کیلئے بھی بہت کار آمد ہے۔

  • چہرے سے جُھریوں کا خاتمہ کیسے ممکن ہے؟ 5 طریقے

    چہرے سے جُھریوں کا خاتمہ کیسے ممکن ہے؟ 5 طریقے

    ہماری جِلد ہمیں صرف موسمی اثرات سے ہی محفوظ نہیں رکھتی بلکہ ان گنت جراثیم کو بھی پاس نہیں آنے دیتی، جس کی حفاظت کرنا بے حد ضروری ہے۔

    یہ جسم کے اندرونی اعضاء، ہڈیوں اور عضلات کے لیے گویا ایک حفاظتی دیوار کی مانند ہے، لہٰذا جلد کی حفاظت کے ساتھ ساتھ چہرے کا خاص خیال رکھنا بھی لازمی امر ہے۔

    چہرے پر وقت سے پہلے جھریاں پڑجانا باعث تشویش ہے لیکن کچھ اقدامات ایسے ہیں کہ جن پر عمل کرنے سے بڑھاپے کی اس علامت کو کافی حد تک دور رکھا جاسکتا ہے۔

    اس حوالے سے ماہرین صحت نے چند ہدایات دی ہیں جس میں نیند کا پورا کرنا سب سے اہم عنصر ہے،

    کیا آپ جانتے ہیں کہ کو نیند کی کمی چہرے پر جھریوں کا باعث بن سکتی ہے؟ جی ہاں طبی ماہرین اس بات کی تصدیق کرتے ہیں صرف یہ ہی نہیں بلکہ سونے کا انداز بھی چہرے کی جلد پر لکیروں کا باعث بن سکتا ہے۔

    چہرے پر جھریاں کولاجن (بے رنگ پروٹین) اور لچک ختم ہونے کے نتیجے میں نمودار ہوتی ہیں اور نیند کے دوران چہرے پر پڑنے والا دباﺅ اس کی جہ ہوسکتا ہے۔

    مندرجہ ذیل سطور میں ان طریقوں کا ذکر کیا جارہا ہے کہ جو جھریوں کے تدارک کیلئے مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

    بالکل سیدھا لیٹنا

    بہت سے لوگ پیٹ کے بل یا دونوں پہلوﺅں پر لیٹتے ہیں جس کا مسلسل دباؤ چہرے پر پڑرہا ہوتا ہے جو بعد ازاں چھریوں کی صورت میں نمودار ہوتا ہے۔ اس کیفیت کا علاج کمر کے بل یا چت لیٹنا ہے ایسا کرنے سے چہرے پر کسی قسم کا دباﺅ نہیں پڑتا۔

    اگر ایسے سونے میں بے چینی ہوتی ہے اور خود کو کروٹ لینے سے روک نہیں پاتے تو کوئی بات نہیں اس کی مشق کرتے رہیں وقت کے ساتھ آپ اس کے عادی ہوجائیں گے۔

    تکیے تبدیل کرنا

    سونے کیلیے کاٹن کی جگہ ریشم یا ساٹن کے تکیوں کا استعمال کریں۔ ریشمی غلاف میں آپ کی جلد تکیے پر پھسلے گی یا یوں کہہ لیں کہ چہرے پر دباﺅ بہت کم پڑے گا۔

    وٹامن اے

    وٹامن اے عمر کے اثرات کی روک تھام کے لیے طاقتور جز ہے۔ اس وٹامن اے کی کمی چہرے پر جھریوں کا باعث بن جاتی ہے اور ماہرین کی جانب سے اس سے تیار کردہ کریم کے استعمال کا مشورہ دیا جاتا ہے جبکہ سپلیمنٹ میں بھی اس کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    ناریل کا تیل

    جھریوں کی روک تھام کا قدرتی ذریعہ ناریل کا تیل ہے جس کے بارے میں ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بازاروں میں ملنے والے لوشنز کا بہترین متبادل ہے، ہر رات کو سونے سے قبل چہرہ دھو کر کچھ مقدار میں اسے جلد پر ملنے سے آپ کو جلد بہترین نتائج ملیں گے۔

    نیند پوری کرنا

    جھریوں کی روک تھام کے لیے کچھ بھی کرلیں مگر نیند پوری نہ کی تو کوئی فائدہ نہیں، مناسب وقت میں نیند اس کے لیے سب سے ضروری ہے یعنی سات سے 8 گھنٹے سونا جس سے جلد کی تازگی دوبارہ بحال ہوجاتی ہے۔

    ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
    نوٹ : مندرجہ بالا تحریر معالج کی عمومی رائے پر مبنی ہے، کسی بھی نسخے یا دوا کو ایک مستند معالج کے مشورے کا متبادل نہ سمجھا جائے۔

  • چہرے کی خوبصورتی کیلئے کن باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے؟

    چہرے کی خوبصورتی کیلئے کن باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے؟

    خوبصورت نظر آنا خواتین کا حق اور خواہش ہوتی ہے اور وہ اس کے لیے لاکھوں جتن بھی کرتی دکھائی دیتی ہیں، اس مقصد کے لئے خواتین مہنگی سے مہنگی کریمیں اور لوشن استعمال کرتی ہیں۔

    لیکن اہم بات یہ ہے کہ خواتین کی خوبصورتی کا تمام تر انحصار صحت مند جلد پر ہے اگر اسکن صحت مند ہوگی تو آپ خود بخود دلکش اور خوبصورت نظر آئیں گی۔

    اس حوالے سے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں شوبز کی نامور اداکارہ بشریٰ انصاری، شرمین علی اور مریم نور نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

    بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ میری مرحومہ بہن سنبل کی جلد بہت آئیلی تھی جس کی وجہ سے اس کے چہرے پر دانے نکل آتے تھے اس لیے وہ بہت پریشان رہتی تھی۔

    مریم نور نے کہا کہ جہاں تک چہرے پر دانے نکلنے کی بات ہے وہ تو لازمی نکلیں گے اس کیلئے ضروری ہے کہ ذہنی طور پر تیار رہا جائے اور اس کا بروقت علاج کریں یہ سارے مسائل زندگی کے ساتھ ہیں۔

    اداکارہ شرمین علی نے بتایا کہ ہمارے گھر میں فروٹ اور سبزیوں کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے کوئی بھی کھانا بغیر سلاد کے نہیں بنتا تھا، میری امی بھی ڈائٹنگ کا بہت خیال رکھتی تھیں۔ مجھے 16 سال کی عمر تک کسی بھی قسم کا میک اپ کرنے کی اجازت نہیں تھی۔

    انہوں نے کہا کہ میری امی روزانہ ایک انڈا لازمی کھلاتی تھیں اس کے ساتھ دودھ اور دہی کا استعمال بھی باقاعدگی سے کیا جاتا تھا، شرمین علی نے بتایا کہ جب میں نے کالج میں داخلہ لیا تو تب سن بلاک کا استعمال شروع کیا اس کے علاوہ شادی ہونے تک میک اپ کی کوئی چیز بھی استعمال نہیں کی۔

  • سردیوں میں جلد کی حفاظت کیسے کی جائے ؟ مفید مشورے

    سردیوں میں جلد کی حفاظت کیسے کی جائے ؟ مفید مشورے

    موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی بہت سے طبی مسائل بھی جنم لیتے ہیں جن میں سب سے اہم نزلہ زکام اور جلد پر منفی اثرات کا مرتب ہونا لازمی امر ہے۔

    سردیوں میں جلد کی نمی کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ اس کا خصوصی خیال رکھا جائے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں اداکارہ شرمین علی نے اپنی صحت مند اور چمکدار جلد کی حفاظت کے حوالے سے ناظرین کو آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ وہ روزانہ باقاعدگی سے رات کو سونے سے قبل میک اپ صاف کرنے کے بعد چہرہ اچھی طرح دھو کر ’ہائیلورونک ایسڈ‘ لازمی لگاتی ہوں، یہ چیز میری روٹین میں شامل ہے۔

    اداکارہ شرمین علی کا کہنا تھا کہ پہلے میں اپنی جلد کی نرمی کو برقرار اور فریش رکھنے کیلئے فروٹ اور سبزیاں کھایا کرتی تھیں لیکن بعض اوقات ایسا لگتا ہے کہ شاید میں اپنی ڈائیٹ سے یہ سب حاصل نہیں کرپارہی تو اس کیلئے ’ہائیلورونک ایسڈ‘ بہترین چیز ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ اسے منہ دھونے کے بعد گیلی جلد پر لگائیں، یہ ایسڈ بازار میں باآسانی دستیاب ہے۔

    جلد کی نمی کیلئے بہترین نسخہ 

    علاوہ ازیں ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ موسم سرما میں جلد کو نرم رکھنے،لکیروں اور جھریوں سے بچانے کے لئے دودھ کا پروٹین کمال کی خاصیت رکھتا ہے۔

    اس موسم کے لئے شہد بہترین اور قدرتی موئسچرائزر ہے اور سردی سے متاثر جلد کے لئے اس کا استعمال انتہائی سود مند ہے اور خاص طور پر جلد پر لکیریں اور نشانات وغیرہ اس موسم میں نمایاں ہونے لگیں تو اس وقت شہد کا استعمال بہترین ہوتا ہے۔

    خوبصورت اور صاف جلد کیلئے موئسچرائزر کو دن میں 3 بار استعمال کیا کریں، موئسچرائزر کے استعمال کا سب سے بہتر وقت نہانے کے بعد ہے ۔

    اس طرح جسم سے نکلنے والا روغن ضائع نہیں ہو پاتا اور وہ جلد ہی میں رہتا ہے جس کی وجہ سے جلد خشک نہیں ہو پاتی اور نرم اور چکنی رہتی ہے۔

  • سردیوں میں بالوں کی خشکی اور جلد کی حفاظت کا آسان طریقہ

    سردیوں میں بالوں کی خشکی اور جلد کی حفاظت کا آسان طریقہ

    ہر سال موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی جلد خشک ہونا شروع ہو جاتی ہے، جس کی بڑی وجہ ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونا ہے، لہٰذا جلد کی حفاظت کا انتظام موسم کے آغاز سے ہی کردینا چاہیے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ڈرماٹولوجسٹ ڈاکٹر خرم مشیر نے ناظرین کو مفید مشورے دیئے۔

    انہوں نے بتایا کہ ہوا میں نمی کے تناسب کی کمی کی وجہ سے اس کا اثر ہماری جلد پر پڑتا ہے اور جلد کھردری اور خشک ہونے کے ساتھ پھٹنے بھی لگتی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ سرد موسم میں پانی کا استعمال کم نہیں کرنا چاہیے بلکہ چائے کافی وغیرہ سے اجتناب زیادہ بہتر ہوتا ہے، کیونکہ یہ گرم مشروبات جسم میں مزید خشکی پیدا کرتے ہیں۔

    ڈاکٹر خرم مشیر نے بتایا کہ جو لوگ سردی سے بچنے کیلئے ہیٹر استعمال کرتے ہیں جو خشکی پیدا کرتا ہے اس کیلئے ضروری ہے کہ کمرے کے اندر ایک برتن میں سادہ پانی بھر کر رکھیں، اس سے یہ ہوگا کہ ہوا میں نمی برقرار رہے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں بالوں میں پیدا ہونے والی خشکی سے نجات کیلئے بیٹا سالک لوشن اور ٹی ٹری آئل کو ملا کر استعمال کریں، اس آئل کو روانہ رات کو بالوں کی جڑوں میں لگا کر سوئیں اور صبح دھولیں خشکی کا خاتمہ ہوجائے گا۔

  • ملیٹھی کے حیرت انگیز فوائد جانیں اور جلد کو خوبصورت بنائیں

    ملیٹھی کے حیرت انگیز فوائد جانیں اور جلد کو خوبصورت بنائیں

    بہت سے لوگ ملیٹھی کو رمضان میں ذائقے دار مشروب کے طور پر استعمال کرنے کے عادی ہوتے ہیں۔ تاہم لوگوں کی اکثریت اس کے حیران کن فوائد سے ناواقف ہے۔

    ملیٹھی کو لیکورائس بھی کہا جاتا ہے اور یہ حیرات انگیز فوائد کی وجہ سے بہت مشہور ہے۔ اس میں اینٹی سوزش، اینٹی مائکروبائل، اینٹی ایجنگ، زخم مندمل کرنے، جلد کو جواں بنانے اور قوت مدافعت بڑھانے والی خصوصیات پائی جاتی ہیں۔

    نیشنل لائبریری آف میڈیسن کے ذریعہ شائع کردہ 2013 کے ایک مطالعہ نے یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ لیکورائس کا عرق ہائپر پگمنٹیشن یعنی جلد کے کچھ حصوں کی گہری رنگت کو بہتر بنانے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے۔

    ملیٹھی کے استعمال سے جلد پر سورج کی روشنی سے ہونے والی جلن کو دور کرنے میں مدد فراہم کرتی ہے، یو وی  شعاعوں سے  بچاتی ہے، اور سورج کی زیادہ نمائش کی وجہ سے ہونے والے سیاہ دھبوں کو دور کرتی ہے۔ لہذا، یہ آپ کی جلد کی قدرتی رنگت کو بحال کرنے میں مدد کرتی ہے۔

    جھریوں کا علاج

    ملیٹھی اپنی اینٹی ایجنگ اور اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات کی وجہ سے جلد کی رنگت نکھارنے اور جھریوں کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے۔

    نشانات کو کم کرنے میں مدد کرتی ہے

    ملیٹھی میں زخموں کو بھرنے کی بہترین خصوصیات پائی جاتی ہیں اس میں زخموں کو بھر کر داغوں کو دور کرنے کی صلاحیت ہے اس طرح جلد داغوں سے پاک رہتی ہیں۔

    جلد کی  حفاظت

    ملیٹھی کی اینٹی فنگل، اینٹی مائکروبائل، اینٹی ٹوکسک، اینٹی آکسیڈنٹ اور اینٹی انفلامیٹری خصوصیات جلد کے مختلف علاج جیسے ایکزیما، ڈرمیٹائٹس، سوریاسس اور فنگل انفیکشن میں مدد کرتی ہیں۔

    ایکنی کودور اور سوجن کو کم کرتی ہے

    ملیٹھی کے اینٹی انفلامیٹری، اینٹی ٹوکسک اور اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات جلد سے زہریلے مواد کو دور کرنے میں مدد کرتی ہیں۔ اس طرح یہ ایکنی کے مسائل کو کم کرنے میں بے مثال ہے۔

    ملیٹھی کا فیس پیک

    ایکنی اور جلد کو سوزش سے محفوظ رکھنے کے لیے ملیٹھی کے پاؤڈر میں ہلدی اور عرق گلاب ملا کر استعمال کریں۔

    دودھ اور ملتانی مٹی کے ساتھ ملیٹھی پاؤڈر سیاہ دھبوں اور ہائپر پگمنٹیشن کے لیے ایک اچھا گھریلو علاج ہے، ملیٹھی کے ان فیس پیک کے بہترین نتائج کے لیے انہیں کم از کم 3 سے 6 ماہ تک استعمال کریں۔

  • بارشوں کے موسم میں جلد کی حفاظت کیسے کریں؟

    بارشوں کے موسم میں جلد کی حفاظت کیسے کریں؟

    بارش میں نہانے کا خیال بہت سہانا ہوتا ہے، لیکن یاد رہے کہ بارشوں کے موسم میں ہوا میں نمی زیادہ ہوتی ہے اور یہ موسم بیکٹیریا کا باعث بنتا ہے، اس لیے جلد کا خیال اہم ہو جاتا ہے۔

    بارشوں کے موسم میں بلیک ہیڈز وغیرہ کا بھی زیادہ مسئلہ ہوتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ ایکنی کی پریشانی بھی ان ہی دنوں میں زیادہ نظر آتی ہے۔

    مندرجہ ذیل طریقوں سے جلد کی حفاظت کی جا سکتی ہے:

    چہرے کی اسکربنگ:

    اس موسم میں جلد کی اچھی اور تفصیلی صفائی کی ضرورت پڑتی ہے، جیسا کہ کلینزنگ اور اسکربنگ وغیرہ، چناں چہ ہفتے میں ایک بار اگر اسکربنگ کی جائے تو چہرہ چمک اٹھے گا۔

    وٹامن سی سیرم:

    وٹامن سی جلد اور چہرے کی حفاظت اور خوب صورتی کے لیے بہت ضروری ہے، اس لیے وٹامن سی سپلیمنٹس کا استعمال اور چہرے کی دل کشی کے لیے وٹامن سی سیرم کا استعمال معمول بنا لیں۔ اس سے آپ کی جلد فریش اور تروتازہ ہو جائے گی۔

    سن بلاک:

    سن بلاک سورج کی خطرناک الٹرا وائلٹ شعاعوں کو آپ کی جلد تک پہنچنے سے روکتا ہے، اس لیے باہر نکلتے ہوئے اس کا استعمال ضرور کریں، یہ گھر میں بھی چولھے کی تپش سے بھی بچاتا ہے۔

    میک اپ کم سے کم:

    ایسے موسم میں میک اپ کا استعمال کم سے کم کریں، اگر آپ ہاؤس وائف ہیں تو کوشش کریں کہ میک اپ نہ کریں صرف گھر سے نکلتے ہوئے ہلکا پھلکا میک اپ کر لیں، ورکنگ وومن ہیں تو بھی بہت لائٹ میک اپ کریں، اور ہیوی بیس استعمال نہ کریں۔

    ہیوی بیس بنانے سے چہرے کے مسام بالکل بند ہو جاتے ہیں، ان تک ہوا نہیں پہنچ پاتی، اور اس طرح یہ ایکنی اور پمپلز کا سبب بنتی ہے۔

    الکحل فری ٹونر:

    آپ کے چہرے کی جلد کی نمی کو برقرار رکھنے کے لیے اس پر الکحل فری اسکن ٹونر کا استعمال ضرور کریں، یہ جلد کے پی ایچ لیول کو برقرار رکھتا ہے، اور چہرے کو مناسب اور صحت مند نمی بخشتا ہے۔

    ملتانی مٹی کا ماسک:

    چہرے کی خوب صورتی برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ چہرے کو اضافی تیل نکلنے سے بچایا جائے، یہ تیل چہرے پر مٹی، دھول اور گندگی کو چپکا دیتا ہے، جس کی وجہ سے ایکنی، پمپلز وغیرہ ہو جاتے ہیں، رنگت بھی ماند پڑ جاتی ہے۔ اس کے لیے چہرے پر ملتانی مٹی کا ماسک یا مڈ ماسک لگائیں۔

  • موسمِ سرما میں جلد کی حفاظت کیلئے کچی سبزیاں استعمال کریں

    موسمِ سرما میں جلد کی حفاظت کیلئے کچی سبزیاں استعمال کریں

    موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی فضا کی قدرتی نمی میں کمی آجاتی ہے, سرد اور خشک ہوائیں نہ صرف چہرے بلکہ ہاتھوں اور پیروں کو بھی بری طرح متاثر کرتی ہیں, مثلاً انتہائی حساس جلد کی حامل خواتین خشکی کے اس حملے سے فوری طور پر متاثر ہوتی ہیں۔ ان کی جلد بے رونق خشک اور کھردری ہونے لگتی ہے۔

    موسمِ سرما میں جلد کی حفاظت کیلئے کچی سبزیوں کا استعمال نہایت مفید ہے۔

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سردیوں کے موسم میں جلد کی بہتر حفاظت کیلئے کچی سبزیوں کے استعمال میں اضافے کی ضرورت ہے، کچی سبزیاں نہ صرف وٹامنز اور دیگر ضروری معدنیات کے حصول کا اہم ذریعہ ہیں بلکہ ان میں پانی کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے، جو جلد میں نمی کے قدرتی تناسب کو قائم رکھنے میں مدد دیتی ہے۔

    تازہ سبزیاں جسم کو ہشاش بشاش اور ہلکا پلکا رکھتی ہیں، ہری بھری اور تازہ سبزیوں کا سلاد ہر شخص کھانے کے ساتھ پسند کرتا ہے, غذائیت سے بھرپور سلاد اور سبزیاں نظام ہاضمہ درست اور دن بھر کی پروٹین اور وٹامن کی ضرورت کو پورا کرتی ہیں۔

    چہرے کی خوبصور تی اور رعنائی کے لیے  پھلوں کا استعمال مفید ہے لیکن  مختلف موسمی سبزیو ں سے اپنے چہرے کی جلد کو تندرست ، گورا اور خوبصورت بنا سکتے ہیں ۔

    ٹماٹر کو کھانا جلد کو سورج کی نقصان دہ الٹرا وائلٹ شعاعوں سے تحفظ فراہم کرتا ہے واضح رہے کہ سورج کی شعاعوں سے جلد کو پہنچنے والا نقصان قبل از وقت بڑھاپے اور جلدی کینسر کا سبب بن سکتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق سردیوں کے موسم میں پانی کے استعمال میں بھی اضافہ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ پھل اور مختلف جوسز بھی جلد کی حفاظت میں انتہائی معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔