Tag: جلد کے امراض

  • موسم برسات میں جِلد کی بیماریوں سے کیسے بچا جائے؟

    موسم برسات میں جِلد کی بیماریوں سے کیسے بچا جائے؟

    اکثر دیکھنے میں آتا ہے کہ بارش کے دنوں میں جلد کے امراض تیزی سے پھیلتے ہیں جس کی بہت سی وجوہات ہوتی ہیں، ان بیماریوں میں فنگل انفیکشن زیادہ عام ہے۔

    بہت سے لوگوں کی حساس جلد موسم کی تبدیلی کا بہت جلدی اثر لیتی ہے، جس کے سبب بارش میں بھیگنے کے بعد الرجی، کھال کی اوپری تہہ کا اترنا یا انگلیوں کے درمیان خارش کی شکایات زیادہ سامنے آتی ہیں۔

    اس حوالے سے ماہرین امراض جلد کا کہنا ہے کہ بارش کے موسم میں جلد کی بیماریوں کے بارے میں احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

    یہ موسم خاص طور پر فنگس یا الرجی کے شکار لوگوں کے لیے مزید مسائل پیدا کرسکتا ہے۔ اس موسم میں ماحول میں نمی کی زیادتی اور جسم میں پسینہ آنے کی وجہ سے جلد کی کئی اقسام کے امراض کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

    موسم برسات میں جراثیم کی تیزی سے نشوونما اور جلد کے انفیکشن کا خطرہ عام دنوں کی نسبت زیادہ ہوتا ہے، اس کی وجہ جسمانی صفائی نہ ہونا، زیادہ دیر تک پرہجوم مقامات پر رہنا، زیادہ پسینہ آنا، نیم گیلے کپڑے پہننے اور نمی کی وجہ سے مختلف امراض لاحق ہوتے ہیں۔

    اس صورتحال سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ روزانہ نہائیں، صاف اور خشک کپڑے پہنیں، اور جسم کے پسینے والی جگہوں کو صاف کریں۔ رومال یا تولیہ سے پونچھ کر جسم کو خشک رکھنے سے ان بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔

    بارش کے موسم میں تیل سے سر کی زیادہ مالش نہیں کرنی چاہیے، ایسا کرنے سے بال ٹوٹنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ تاہم بالوں کے گرنے کی کچھ اور وجوہات بھی ہو سکتی ہیں جنہیں بروقت چیک کرالینا چاہیے۔

  • وہ تین غذائی اجناس جو موسمِ سرما کے منفی اثرات سے بچاتی ہیں

    وہ تین غذائی اجناس جو موسمِ سرما کے منفی اثرات سے بچاتی ہیں

    موسمِ سرما میں‌ جہاں‌ ہمیں‌ ٹھنڈی ہواؤں اور سردی سے اپنے ہاتھوں، پیروں اور جسم کو بچانے کے لیے اونی ملبوسات کا سہارا لینا پڑتا ہے، وہیں غذا اور خوراک میں بھی تبدیلی ضروری ہوتی ہے۔ عام دنوں کی طرح اس موسم میں‌ مخصوص غذائیں اور خوراک ہمیں‌ صحّت و توانائی دینے کے ساتھ اُن امراض اور عام بیماریوں سے بھی محفوظ رکھتی ہے جو اس موسم میں‌ لاحق ہوسکتی ہیں۔

    ہر موسم کی طرح سرما کی کچھ خاص سبزیاں اور پھل ہمارے لیے نہایت مفید ہیں۔ طبّی ماہرین کے مطابق تین غذائی اجناس ایسی ہیں‌ جنھیں‌ ہم اپنی خوراک میں شامل کرلیں‌ تو یہ موسمِ سرما میں نہ صرف نقصان دہ بیکٹیریا سے بچاتی ہیں بلکہ ہماری قوتِ مدافعت بھی بڑھانے میں ان کا اہم کردار ہے۔

    طبی ماہرین کے مطابق بادام، ادرک اور لیموں اور ترش پھلوں میں‌ کینو اس موسم میں ضرور ہماری خوراک میں شامل ہونے چاہییں۔

    کیا آپ جانتے ہیں کہ سردیوں‌ میں انسان کی قوتِ مدافعت کم ہوجاتی ہے؟ طبی ماہرین کے مطابق اس موسم میں ہمیں‌غذائیت بخش خوراک کی ضرورت ہوتی ہے۔ مذکورہ غذائی اجناس اس حوالے سے ہمارے لیے بہت مفید ہیں۔

    بادام کی بات کی جائے تو اسے ہم میوہ شمار کرتے ہیں جس میں پندرہ غذائی اجزا میگنیشیم، پروٹین، ریبو فلاوین، زنک اور دیگر شامل ہوتے ہیں۔
    اس کا ایک جزو حیاتین ای ہے جو پلمونری امیون کے افعال کو بڑھاتا ہے اور وائرس اور بیکٹریا کے انفیکشن سے بھی تحفظ دیتا ہے۔

    دوسرے نمبر پر ادرک اور لیموں ہے، جن کا استعمال سبز چائے کی صورت میں‌ سرد موسم کے منفی اثرات سے بچاتا ہے۔ یہ قوت مدافعت بڑھانے اور مختلف بیکٹریا کے خلاف مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

    کینو وہ پھل ہے جو بچّوں اور بڑوں سبھی کو مرغوب ہوتا ہے۔ طبّی ماہرین کے مطابق کینو کے علاوہ لیموں بھی موسمِ سرما کی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے ساتھ ہمارے مدافعتی نظام کو توانا اور مضبوط بناتا ہے اور یوں ہم اس موسم کے منفی اثرات سے محفوظ رہتے ہیں۔

  • موسمِ سرما: جِلد کا خیال رکھیے

    موسمِ سرما: جِلد کا خیال رکھیے

    جلد (skin) انسانی جسم کا سب سے طویل حصّہ اور اس کی محافظ ہے۔ یہ لچک دار اور اہم ترین عضو ہے جس کے مختلف کام ہیں جن میں جسم کو موسمی اثرات سے محفوظ رکھنا، اسے نقصان دہ جراثیم، سورج کی تیز شعاعوں اور خطرناک روشنیوں کے اثرات سے بچانا شامل ہے۔

    جِلد ہماری خوب صورتی میں‌ اضافہ کرتی ہے۔ اس کی صفائی کا خیال رکھنے اور اسے تروتازہ رکھنے سے ہماری شخصیت میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔ موسمِ‌ سرما میں جلد کی بعض عام شکایات اور مسائل بھی سامنے آتے ہیں جن میں‌ جلد کا خشک، کھردرا یا سخت ہونا، خارش اور جلد کا بے رونق ہو جانا شامل ہیں۔ اس اہم عضو سے متعلق چند بنیادی آپ کی معلومات میں‌ اضافہ کریں گی۔

    ہماری بیرونی کھال کو ماہرین نے ایپی ڈرمِس (epidermis) کا نام دیا ہے جو جلد کے مردہ خلیوں کی جگہ نئے خلیے پیدا کرنے میں مدد دیتی ہے۔ ہماری جلد کی گہری پرت سب کیوٹس (subcutis) کہلاتی ہے جو چکنائی کو اپنے اندر ذخیرہ کرتی ہے کہ وہ چوٹ لگنے، زخمی ہونے پر ہمارے مسلز اور ہڈیوں کی حفاظت کرسکے۔

    انسانی جلد پر انتہائی باریک سوراخ ہوتے ہیں جنھیں ہم مسام (pores) کہتے ہیں اور انہی سے دھول، مٹی، گرد و غبار اور جراثیم جسم میں داخل ہوتے ہیں جو بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔ ہماری جلد یا کھال ہی میں ہمارے بالوں کی جڑیں بھی ہوتی ہیں۔

    موسمِ‌ سرما میں ہمارے پیروں کی جلد پھٹنے اور انگلیوں کی کھال اترنے کا مسئلہ بھی سامنے آتا ہے جس کا ایک سبب جسم میں نمی یا پانی کی ضروری اور مناسب مقدار کم ہوجانا ہے۔

    طبی ماہرین کے مطابق سردیوں میں جلد کی حفاظت کے لیے معیاری لوشن استعمال کرنے کے علاوہ زیادہ پانی پینا چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ جلد کی نشوونما اور اس کے ٹھیک طریقے سے کام کرنے کے لیے اسے مطلوبہ مقدار میں پانی ملتا رہے۔