Tag: جلد

  • دھوپ سے گہری ہونے والی رنگت کو کیسے صاف کیا جائے؟

    دھوپ سے گہری ہونے والی رنگت کو کیسے صاف کیا جائے؟

    گرمیوں کے موسم میں جلد کا جھلس جانا عام بات ہے۔ باہر نکلنے والے افراد کو خاص طور پر اس مسئلے کا سامنا ہوتا ہے۔ جھلسی ہوئی جلد ایک دو دن تک تکلیف بھی دیتی ہے اس کے بعد اس کا رنگ گہرا ہوجاتا ہے۔

    اب جبکہ موسم گرما اپنے عروج پر ہے، ایسے میں اس موسم میں جھلس جانے والی جلد سے مندرجہ ذیل اجزا سے نجات پائی جاسکتی ہے۔

    دہی

    دہی کے ذریعے جھلسی ہوئی جلد سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ ایک کپ دہی میں کھیرا، لیموں اور ٹماٹر کا رس شامل کریں۔ اب اس میں تھوڑا بیسن شامل کرلیں۔

    اب اس ماسک کو چہرے یا جہاں جلد جھلسی ہے وہاں لگائیں اور 30 منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ بعد میں نیم گرم پانی سے چہرے کو صاف کرلیں۔

    ایلو ویرا

    ایلو ویرا جھلسی ہوئی جلد سے نجات کا بہترین طریقہ ہے۔ سونے سے پہلے ایلو ویرا کو متاثرہ جلد پر لگائیں اور صبح اٹھ کے اچھی طرح دھو لیں۔ جب تک جلن ختم نہ ہو ایلو ویرا کا استعمال جاری رکھیں۔

    آلو

    آلو بھی جلن سے نجات کے لیے بے حد مفید ہے۔ آلو میں وٹامن سی موجود ہوتا ہے اور وٹامن سی جلد کے لیے بہت فائدہ مند ہوتا ہے، آلو کو قدرتی فیشل بھی کہا جاتا ہے۔

    آلوؤں کو چھیل کے ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور بلینڈر میں پیس لیں۔ اب اس پیسٹ کو متاثرہ جلد پر 30 منٹ تک لگائیں۔ اس کے بعد ٹھنڈے پانی سے دھولیں۔ بہترین نتائج کے لیے اس پیسٹ میں لیموں بھی شامل کرلیں۔

    بیسن

    بیسن سن برن ختم کرنے کا بہترین نسخہ ہے۔ بیسن کے ذریعے سے جلد کے مردہ خلیے نکل جاتے ہیں اور اس سے آپ کی جلد تروتازہ ہوجاتی ہے۔

    بیسن کو سادے پانی میں حل کریں اور گاڑھا سا پیسٹ بنا کے سن برن والے حصے پر لگالیں۔ 20 منٹ بعد اس پیسٹ کو صاف کرلیں۔ یہ عمل ہفتے میں 2 بار کرنے سے نہ صرف سن برن ختم ہوگا بلکہ آپ کا رنگ بھی صاف ہوجائے گا۔

  • چہرے کے داغ دھبوں اور جھائیوں کے لیے گھر میں اسکرب بنانا بے حد آسان

    چہرے کے داغ دھبوں اور جھائیوں کے لیے گھر میں اسکرب بنانا بے حد آسان

    موسم گرما میں جلد کا سیاہ پڑ جانا، داغ دھبے ہوجانا اور جھائیاں آجانا عام بات ہے تاہم اس سے چھٹکارے کے لیے گھر میں نہایت آسانی سے اسکرب بنایا جاسکتا ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں ڈاکٹر فرح نے چہرے کے داغ دھبوں اور چھائیوں کو دور کرنے کے لیے گھر میں اسکرب بنانے کا آسان طریقہ بتایا۔

    اس کے لیے ایک عدد پان کا پتہ لیں، اسے گرینڈ کر کے پیسٹ بنا لیں، اس میں چوتھائی چائے کا چمچ بیکنگ سوڈا اور 1 چائے کا چمچ ایلو ویرا جیل شامل کریں۔

    اس اسکرب کو 5 منٹ کے لیے لگا کر رکھیں اس کے بعد اس سے مساج کریں، 5 سے 7 منٹ مساج کرنے کے بعد چہرہ صاف پانی سے دھو لیں۔

    اسے لگانے کا ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ اس اسکرب کو پان پر لگائیں اور اس سے مساج کریں۔

    اس اسکرب کو پہلی ہی بار لگانے میں جلد کے مردہ خلیے نکل جائیں گے اور 3 سے 4 بار لگانے کے بعد داغ دھبے ہلکے پڑنے لگیں گے۔

    1 مہینے تک اس کا استعمال چہرے کو صاف شفاف اور بے داغ بنا دے گا۔

  • دھوپ سے کملائے ہوئے چہرے کی شادابی لوٹانے کے لیے آسان فیس ماسک

    دھوپ سے کملائے ہوئے چہرے کی شادابی لوٹانے کے لیے آسان فیس ماسک

    موسم گرما میں جلد کی رونق کم ہوجانا اور رنگ کا گہرا ہوجانا عام بات ہے تاہم اس مسئلے کو گھر میں نہایت آسانی سے حل کیا جاسکتا ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں ڈاکٹر بتول نے جلد کی چمک اور صفائی کے لیے شاندار ٹپ بتائی۔

    ڈاکٹر بتول کے مطابق پودینے کے 10 عدد پتے لیں اور اس میں ادرک کا ذرا سا ٹکڑا ڈال دیں۔ اس میں پانی ڈالیں اور اسے رات بھر کے لیے چھوڑ دیں۔

    صبح اس پانی میں 1 چمچ کارن فلور شامل کریں اور اس ماسک کو چہرے پر لگا لیں، 10 منٹ لگانے کے بعد دھونا شروع کریں اور دھوتے ہوئے ہلکا سا مساج کریں۔

    یہ اشیا چہرے سے داغ دھبے، بلیک اور وائٹ ہیڈز ختم کر کے چہرے کو شادابی بخشتی ہیں جبکہ اس سے رنگ بھی صاف ہوتا ہے۔

  • موسم گرما میں ایکنی سے بچنے کے لیے بہترین نسخہ

    موسم گرما میں ایکنی سے بچنے کے لیے بہترین نسخہ

    موسم گرما میں چہرے پر ایکنی نکل آنا معمول کی بات ہے لیکن اس مسئلے سے نہایت آسانی سے چھٹکارا پایا جاسکتا ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں ڈاکٹر بلقیس نے ایکنی کے لیے نہایت آسان اور کارآمد نسخہ بتایا۔

    ڈاکٹر بلقیس کا کہنا ہے کہ ایکنی کے لیے ایلو ویرا بہترین ہے، اس کو درست طریقے سے کاٹنے کے بعد فوراً استعمال نہ کریں بلکہ اس کو کچھ دیر رکھ دیں، اس کا زرد پانی چہرے پر الرجی کا سبب بن سکتا ہے۔

    زرد پانی نکلنے کے بعد اتنے حصے کو کاٹ دیں اس کے بعد اس کا سفید جیل نکال لیں۔ پیاز یا لہسن کے چند ٹکڑے لے کر اس کو جیل میں ڈال دیں اور کچھ دیر کے لیے چھوڑ دیں۔

    پیاز یا لہسن دونوں میں سلفر ہوتا ہے جو ایکنی کے لیے بہترین ہے۔

    اس آمیزے کو رات کو لگا کر سوجائیں اور صبح ٹھنڈے صاف پانی سے چہرہ دھو لیں۔ ڈاکٹر بلقیس کا کہنا ہے کہ یہ دونوں اشیا صرف 3 دن میں ایکنی میں کمی کرسکتی ہیں۔

  • نوعمر بچیاں جلد کی حفاظت کیسے کریں؟

    نوعمر بچیاں جلد کی حفاظت کیسے کریں؟

    اسکول جانے والی بچیوں کی جلد دھوپ اور گرد و غبار سے خراب ہوجاتی ہے اور اس پر ایکنی اور داغ دھبے پڑ جاتے ہیں، جلد کے ان مسائل سے چھٹکارہ پانے کا نہایت آسان حل موجود ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں رانی آپا نے کم عمر بچیوں کی جلد کی حفاظت کے لیے آسان نسخہ بتایا۔

    انہوں نے بتایا کہ نیم کے خشک پتے، سمندری جھاگ اور ملتانی مٹی 20، 20 گرام لے کر ملا لیں، اس میں 1 چٹکی پسی ہوئی پھٹکری ملائیں اور چاروں اشیا کو پیس لیں۔

    ان کا پاؤڈر بنائیں اور اس میں 1 چمچ عرق گلاب یا سادہ پانی ملا کر پیسٹ بنا لیں، اس پیسٹ کو چہرے پر لگائیں اور خشک ہوجانے کے بعد سادے پانی سے دھو لیں۔

    رانی آپا نے بتایا کہ نوعمر بچیاں اس ماسک کو بلا خوف و خطر استعمال کرسکتی ہیں کیونکہ یہ تمام اشیا قدرتی ہیں اور ان کا کوئی نقصان نہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ اس ماسک سے چہرے پر ایکنی اور داغ دھبے دور کرنے میں مدد ملے گی۔

  • سیاہ پڑ جانے والی رنگت بحال کرنے کا نہایت آسان نسخہ

    سیاہ پڑ جانے والی رنگت بحال کرنے کا نہایت آسان نسخہ

    کراچی: اکثر اوقات چہرے پر پگمینٹیشن ہوجاتی ہے جس سے چہرے کی رنگت سیاہ ہوجاتی ہے، اس مسئلے کو نہایت آسانی سے گھر میں حل کیا جاسکتا ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں ڈاکٹر بلقیس نے چہرے پر ہوجانے والی پگمینٹیشن کا علاج بتایا، انہوں نے بتایا کہ پگمینٹیشن کی وجہ جلد سیاہ ہوجاتی ہے۔

    ڈاکٹر بلقیس نے بتایا کہ اگر معدہ خراب ہو، جگر خراب ہو، دھوپ کی وجہ سے، خون کی کمی سے یا بلیچ بہت زیادہ چہرے پر استعمال کی جائے اس سے چہرے کی جلد سیاہ ہوجاتی ہے۔

    انہوں نے اس کا نہایت آسان علاج بتایا، ڈاکٹر بلقیس نے بتایا کہ ایک پیالی مسور کی دال رات کو بھگو کر رکھ دیں، صبح اس میں 1 چمچ چینی ڈالیں اور اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔

    کریم کی شکل میں بن جانے کے بعد ایک چمچ اس میں سے نکالیں اور اس میں 1 چمچ خشک دودھ ڈال دیں۔ بقیہ بلینڈ کی ہوئی دال بعد میں استعمال کے لیے فریج میں رکھ دیں۔

    دال اور خشک دودھ کو اچھی طرح ملانے کے بعد چہرے پر اس سے مساج کریں اور کچھ دیر لگا رہنے دیں، جب خشک ہوجائے تو صاف پانی سے دھو لیں۔

  • جھلسی ہوئی جلد کو بحال کرنے کا حیران کن نسخہ

    جھلسی ہوئی جلد کو بحال کرنے کا حیران کن نسخہ

    کھلی فضا اور گرد و غبار میں زیادہ وقت گزارنے یا تیز دھوپ اور پسینے کے سبب ہماری جلد کی رنگت متاثر ہوتی ہے، اس پر میل کچیل اور کثافت کی تہہ جم جاتی ہے جس کا ہماری جلد پر واضح اثر نظر آتا ہے اور اس کی رنگت دہری معلوم ہوتی ہے۔

    ہمالیائی خطے میں پائی جانے والی ایک بوٹی کا تیل اور کلونجی نہ صرف جلد کی رنگت کو یکساں بنا سکتے ہیں بلکہ یہ جھلسی ہوئی جلد کا بھی علاج کرسکتے ہیں۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں ڈاکٹر بلقیس نے جلی ہوئی، دہری رنگت کی حامل اور سرخ و سیاہ دھبوں والی جلد کے لیے کلونجی کا بہترین نسخہ بتایا۔

    اس کے لیے 1 چائے کا چمچ کلونجی اور 1 چائے کا چمچ کالا زیرہ ملائیں، اب اس میں 1 چائے کا چمچ سی بک تھورن آئل ملا دیں۔

    سی بک تھورن ہنزہ، گلگت اور چترال جیسے ہمالیائی علاقوں میں پائی جانے والی ایک جڑی بوٹی ہے، اس کا تیل جادوئی اثرات رکھتا ہے۔

    سی بک تھورن

    اس تیل میں لیموں سے زیادہ وٹامن سی موجود ہوتا ہے اور اسے اسکن سرجن کہا جاتا ہے، یہ جلی ہوئی جلد کی بحالی اور علاج کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

    تینوں اشیا کو رات بھر کے لیے چھوڑ دیں تاکہ یہ اچھی طرح جذب ہوجائیں، اس کے بعد اگلی رات اسے دہری رنگت یا جلی ہوئی جلد پر لگائیں اور صبح صاف پانی سے دھو لیں۔

    اس کے باقاعدہ استعمال سے بہت جلد واضح فرق نظر آئے گا۔

  • ایلو ویرا: جادوئی خصوصیات کا حامل پودا

    ایلو ویرا: جادوئی خصوصیات کا حامل پودا

    ایلوا ویرا حیرت انگیز خصوصیات کا حامل پودا ہے جو بالوں اور جلد کے لیے بے حد مفید ہے، اس کے فوائد کی فہرست طویل ہے۔

    بین الاقوامی میگزین میں شائع ایک مضمون کے مطابق ایلو ویرا کے پتے میں جیل کی ایک تہہ ہوتی ہے جو 99 فیصد پانی پر مشتمل ہوتی ہے، اس ایلو ویرا جیل میں امینو ایسڈ اور وٹامن اے، سی اور آئی پائے جاتے ہیں۔

    ایلو ویرا جیل بہت سی بیماریوں، بالوں اور جلد کی حفاظت اور ان کے علاج میں استعمال ہونے والے انتہائی قدرتی مادوں میں سے ایک سمجھی جاتی ہے۔ آئیں دیکھتے ہیں کہ اس کا استعمال کس طرح کیا جاتا ہے۔

    ایلوا ویرا کیل مہاسے ختم کرنے کے لیے بہترین ہے۔ اس کا جیل جراثیم کش اور انسداد سوزش کی خصوصیات کی حامل ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں جلد کے لیے اہم غذائی اجزا بھی شامل ہوتے ہیں، روزانہ کی بنیاد پر چہرے پر لگانے سے یہ کیل مہاسوں کے علاج میں واضح طور پر مفید ثابت ہوتا ہے۔

    جلی ہوئی جلد کے علاج اور اس کی بحالی کو تیز کرنے کے لیے ایلو ویرا جیل میں خصوصی صلاحیت ہوتی ہے۔ اسے روزانہ کئی بار جلے ہوئے مقام پر لگانے سے زخم درست ہو جاتا ہے۔

    ایلو ویرا جیل خشک جلد کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔ اس کا باقاعدہ استعمال جلد کو نمی بخشتا ہے اور اس کا سوکھا پن دور کرتا ہے۔

    آنکھوں کے گرد ایلو ویرا جیل کا استعمال آنکھوں کی بیماریوں اوران کے گرد سیاہ حلقوں کو دور کرنے میں مدد دیتا ہے۔

    ایلو ویرا جیل میں ایسے مادے ہوتے ہیں جو جلد کی لچک کو برقرار رکھنے میں معاون ہوتے ہیں، اس کے استعمال سے چہرے پر جھریاں نہیں پڑتیں اور جلد توانا رہتی ہے۔

    ایلوویرا جیل ان تکلیف دہ زخموں کا علاج بھی کرتا ہے جو ہونٹوں کے اطراف میں بنتے ہیں، اس کا دن میں دو بار استعمال زخموں کو بھرنے میں مدد دیتا ہے۔

    ایلو ویرا جیل پلکوں کے بالوں کو گھنا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو نرم اور چمکدار بناتا ہے، یہ ان کی لمبائی میں بھی اضافہ کرتا ہے۔

    ایلو ویرا جیل کے مضر اثرات بھی ہوسکتے ہیں، کچھ لوگوں کو اس کے استعمال سے الرجی کے مسائل یا دوسرے مضر صحت مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    کسی بھی ڈائیورٹیکس یا ذیابیطس کی دوائیاں لینے کی صورت میں اس کے استعمال سے پہلے کسی ماہر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ گردوں کے مسائل، پوٹاشیم کی کمی، کمزوری، اسہال، متلی اور پیٹ میں درد کی صورت میں بھی ایلو ویرا جیل کے استعمال سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔

    حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین اور بارہ سال سے کم عمر بچوں کے لیے ایلو ویرا جیل کا استعمال ممنوع ہے۔ اس کے علاوہ لہسن اور پیاز سے الرجی رکھنے والوں کو بھی ایلو ویرا جیل استعمال نہیں کرنا چاہیئے۔ کسی بھی سرجری سے قبل بھی ایلو ویرا جیل کے استعمال سے بچنا ضروری ہے۔

  • شیر خوار بچوں کی جلد اور ناخنوں کی حفاظت کیسے کی جائے؟

    شیر خوار بچوں کی جلد اور ناخنوں کی حفاظت کیسے کی جائے؟

    پہلے ایک یا دو دانت نکلنے کے بعد انہیں نرم برش سے صاف کریں، ایسا دن میں دو دفعہ کریں ایک پہلی اور ایک آخری فیڈ کے بعد۔شیر خوار بچوں کو نہایت حفاظت اور دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے، یہ کام ان افراد کے لیے مشکل ہوجاتا ہے جو پہلی بار والدین بنے ہوں۔

    آج ہم آپ کو شیر خوار بچوں کی حفاظت کے طریقے بتا رہے ہیں۔

    جلد

    بچے کی جلد بہت نازک اور باریک ہوتی ہے اور اس کو پورے سال کے دوران خاص حفاظت کی ضرورت ہوتی ہے، شیر خوار بچہ ابھی سن اسکرین لگانے کے قابل نہیں ہوتا اس لیے اس کو سورج کی سیدھی شعائیں پڑنے سے بچائیں۔

    گرم مہینوں میں اور صبح 11 بجے سے شام 4 بجے کے درمیان خاص طور پر دھوپ سے حفاظت کریں۔ گرمیوں میں اس کے چہرے کو بچانے کے لیے بڑی اور گہری ٹوپی پہنائیں۔

    اگر بچے کو دھوپ سے جلن ہو جائے تو فوراً ڈاکٹر کے پاس جائیں۔

    سردیوں میں اپنے بچے کو گرم رکھیں اور اس کی جلد کو جتنا ہو سکے ڈھک کر رکھیں تاکہ ٹھنڈ سے بچا جا سکے۔

    کمرے میں ہوا کو نم رکھنے کے لیے ہیومیڈیفائر کا استعمال کریں لیکن گندگی کو بننے سے روکنے کے لیے اس آلہ کو ہمیشہ صاف رکھیں۔ یہ گندگی ہوا میں شامل ہو کر سانس کی بیماریوں کا سبب بن سکتی ہے۔

    ناخن

    نومولود بچے کی انگلیوں کے ناخن چھوٹے، نرم اور باریک ہوں گے لیکن اگر بچے کو کھرچنے کی عادت ہو تو وہ اسکے چہرے کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ اس لیے اس کی انگلیوں کے ناخنوں کو ہمیشہ کٹا ہوا رکھنا ضروری ہے۔

    نیل کلپر کا استعمال کرتے وقت اس کا ناخن کاٹتے ہوئے اس کی انگلی کا پیڈ اس کے ناخن سے دور لے جائیں تاکہ انگلی کٹنے سے بچ سکے۔

    ہو سکتا ہے نومولود بچے پر نیل کلپرکا استعمال شروع میں آپ کو مشکل لگے، اگر آپ اس کا استعمال غیر آرام دہ محسوس کریں تو اپنے بچے کے ناخن ایمری بورڈ سے چھوٹے کرنے کی کوشش کریں۔

    بچے کے ناخن توقع سے بہت زیادہ تیزی سے بڑھتے ہیں، اس کی انگلیوں کے ناخنوں کو ایک ہفتے میں تقریباً ایک یا دو دفعہ کاٹنا پڑ سکتا ہے۔

    دانت

    نومولود بچے کے دانت ابھی تک نکلے تو نہیں ہوں گے لیکن یہ اس کے دانتوں کی حفاظت شروع کرنے کا بہترین وقت ہوگا، صرف سوتی کپڑے کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا لے کر اسے پانی میں ڈبوئیں اور بچے کے مسوڑوں پر پھیریں۔

    دن میں ایک دفعہ بچے کی آخری فیڈ کے بعد ایسا کرنے کی کوشش کریں۔

    پہلے ایک یا دو دانت نکلنے کے بعد انہیں نرم برش سے صاف کریں، ایسا دن میں دو دفعہ کریں ایک پہلی اور ایک آخری فیڈ کے بعد۔

    ٹوتھ پیسٹ کا استعمال 6 ماہ سے کم عمر کے بچے کے لیے ضروری نہیں ہوتا کیونکہ یہ فلورائڈ کی زیادتی کا سبب بن سکتا ہے۔

    بچے کے دانتوں کو خراب ہونے سے بچانے کا ایک اور بہترین طریقہ بچے کو رات کے وقت بستر پر یا پھر چپ کروانے کے لیے بوتل کے استعمال سے گریز کرنا ہے۔

    بچے کو رات کے وقت بوتل میں دودھ دینا بچے کے آنے والے دانتوں کے لیے مستقل نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔ اگر بچے کو رات کے وقت بوتل دینا ضروری ہو تو اس کو دودھ کے بجائے پانی سے بھریں۔

  • حریم فاروق نے اہم راز سے پردہ اٹھا دیا

    حریم فاروق نے اہم راز سے پردہ اٹھا دیا

    کراچی: پاکستانی اداکارہ اور ماڈل حریم فاروق نے بغیر میک اپ کے اپنی خوبصورت چمکتی دمکتی جلد کا راز بتا دیا۔

    ایسا کون ہوگا جو یہ نہیں چاہتا کہ اس کی جلد ہمیشہ خوبصورت نظر آئے اور اسے اچھا دکھنے کے لیے کسی میک اپ کی ضرورت نہ پڑے؟ لیکن ایسا کرنے کے لیے اپنی جلد کا خاص خیال کیسے رکھا جائے اداکارہ حریم فاروق نے بتا دیا۔

    نامور اداکارہ حریم فاروق نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مجھ سے پوچھا گیا کہ آپ کی خوبصورت چکمتی جلد کا کیا راز ہے؟ اداکارہ نے جواب دیا ڈھیر سارا پانی، صحت مند غذا، ورزش اور چہرے پرمسکراہٹ۔

    انہوں نے انسٹاگرام پر شیئر کی جانے والی تصویر سے متعلق کہا کہ اس تصویر میں اچھا نظر آنے کے پیچھے اچھی لائٹنگ، عمدہ ماحول اور آپ کا ایک بہترین دوست ہے۔

    اداکارہ نے مداحوں سے ان ٹوٹکوں کو نہ صرف آزمانے کا مشورہ دیا بلکہ حاصل ہونے والے نتائج سے متعلق بھی آگاہ کرنے کا کہا۔

    واضح رہے کہ 2018 میں اے آر وائی فلمز کے بینر تلے بنائی جانے والی فلم ’پرچی‘ میں حریم فاروق نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، مداحوں کی جانب سے ان کی اداکاری کو بہت سراہا گیا تھا۔