Tag: جلسہ عام

  • موجودہ ہی نہیں اگلے 5 برس بھی مکمل کریں گے،نواز شریف

    موجودہ ہی نہیں اگلے 5 برس بھی مکمل کریں گے،نواز شریف

    پھول نگر : وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم سڑکیں بنا رہے ہیں اور لوگ سڑکیں بند کر نے کی دھمکیاں دے رہے ہیں جس سے پتا چل جاتا ہے کہ کون عوام کی خدمت کرنا چاہتا ہے اور کون انتشار پھیلانا چاہتا ہے۔

    یہ بات انہوں نے پھول نگر میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کئی ترقیاتی اسکیموں کا اعلان بھی کیا اور اس سلسلے میں ڈیڑھ ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز کے اجرا کا اعلان کیا۔

    نواز شریف نے کہا کہ جو لوگ ملک میں ترقی کا سفر روکنا چاہتے ہیں ان کی سیاست کے خاتمے کا دن قریب ہے بس چند روز کی بات ہے اور ان کی سیاست ختم ہو جائے گی۔

    وزیراعظم نے پھول نگر کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پھول نگر کے عوام اطمینان رکھیں کیونکہ آپ کی حکومت نہ صرف یہ پانچ سال پورے کرے گی بلکہ اگلے پانچ سال بھی پورے کرے گی۔

    میاں محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت میں حاضر ہونا میرے لیے فخر کی بات ہے بہت عرصے سے پھول نگر آنے کی خواہش تھی اور آج لوگوں کا جذبہ دیکھ کر اپنی خوشی کو بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں مل رہے ہیں،آپ لوگوں نے کبھی بے وفائی نہیں کی اور ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ اتنا بڑا جلسہ کرنے کے لیے ہمارے مخالفین کو دو دو ماہ سخت محنت کرنا پڑتی ہیں پھر بھی اتنی عوام اکٹھے نہیں کر پاتے ہیں کیوں کہ وہ لوگوں کے لیے نہیں اپنی ذاتی تشہیر اور سیاست چمکانے کے لیے لوگوں کو استعمال کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے ترقیاتی پروجیکٹس کے گواہ ذی شعور آدمی ہیں،آج کا پاکستان 2013 سے کہیں بہتر ہے،اقتصادی ترقی اور معاشی بحالی اپنے منزل کی جانب سے رواں دواں ہے اور انشاء اللہ 2018ء کا پاکستان آج سے بھی کہیں بہتر ہو گا۔

    وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بھی کمی آ چکی ہے اور انشاءاللہ 2018ء میں نہ صرف یہ کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کردی جائے گی بلکہ اس کی قیمت بھی کم ہوجائے گی، عوام کو ترقی اور بہبود کے تحفے دیتے رہیں گے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے اٹک قلعے جیسی جیل کاٹی ہے لیکن عمران خان نے کبھی جیل کا دروازہ بھی نہیں دیکھا۔ جب ہم فوجی آمروں کی جیلیں کاٹ رہے تھ تو یہ ان کے جاری ریفرنڈم کی حمایت کر رہے تھے۔ میں نے تین سال پہلے جو خواب دیکھا تھا، اللہ کا شکر ہے کہ اس خواب کی تعبیر کا وقت آ گیا ہے اور آج طلوع سحر کے آثار صاف دکھائی دے رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے 1999 میں موٹر وے کا آغاز کیا تھا جسے ملک کے ہر بڑے شہر تک جانا تھا لیکن ہماری حکومت ختم کردی گئی اور موٹر وے پروجیکٹ کو سرد خانے کی نذر کردیا گیاتھا،آخر پرویز مشرف نے اس پروجیکٹ کو پایہ تکمیل تک کیوں نہیں پہنچایا اور اتنے اہم پراجیکٹ کو ختم کر کے پاکستان کو کیوں نقصان پہنایا گیا۔

    اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے قومی اسمبلی کے حلقہ 141 میں گیس کی فراہمی کے لیے 100 کروڑ روپے، حلقہ 142 کے لیے 50 کر وڑ روپے، نہری پانی کے لیے 30 کروڑ روپے، صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 183 اور 184 پھولنگر میں سوئی گیس کی فراہمی کے لیے 50 کروڑ روپے کا اعلان کیا۔

  • پانامہ لیکس الزامات نہیں ثبوت ہیں،عمران خان

    پانامہ لیکس الزامات نہیں ثبوت ہیں،عمران خان

    ڈیرہ اسماعیل خان: تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا ہے کہ نواز شریف نے ایک فیکٹری سے کاروبار کا آغاز کیا لیکن سیاست میں آنے کے بعد 30 فیکٹریوں کے مالک بن گئے ہیں۔

    ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہم جب بھی وزیراعظم سے ناجائز طور پر بنائی گئی جائیداد کا حساب مانتے ہیں وہ کہتے ہیں کہ ہم ملک کو ترقی دے رہے ہیں حالانکہ ترقی ملک کی نہیں نوازشریف کی کاروبار اور جائیداد میں ہو رہی ہے۔

    انہوں نے الزام لگایا کہ نوازشریف نے جائیدادیں اپنی بیٹی کے نام پر بنائیں اور منی لانڈرنگ کی،عوام کا حال بد حال ہے اور نواز شریف کے اہل خانہ خوشحال ہو تے جا رہے ہیں۔

    عمران خان نے مزید کہا کہ ہمارے یہاں ادارے کمزور اور چھوٹے چوروں کو پکرتے ہیں اور طاقتور کرپٹ حکمرانوں کو تحفط فراہم کرتے ہیں کیوں کہ پورے سسٹم پر درباری حاوی ہیں۔

    اپنی تقریر کے دوران انہوں نے پیپلز پارٹی کے سابق صدر آصف علی زرداری کو نواز شریف کا ہمنوا قرار دیتے ہوئے ہدف تنقید کا نشانہ بنایا تو کبھی قائد ایم کیو ایم کی تقاریر پر پابندی لگنے پر شکر ادا کیا کہ پاگل خانے سے ہونے والی تین تین گھنٹے کی تقاریر سے جان چھوٹی،انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن کو ڈیزل کے پرمٹ پر بکنے کا طعنہ بھی دیا۔

    عمران خان نے اپنے خطاب میں ایک میڈیا چینل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک میڈیا چینل وزیر اعظم کی کرپشن کو چھپانے کی مذموم کوشش میں لگا ہوا ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ کوئی ملک سے باہر جاتا ہے تو اپنی ماں ،بہن اور بیوی کو فون کرتا ہے لیکن نواز شریف دل کی سرجری کروانے گئے تو نریندر مودی کو فون کرتے ہیں۔

    عمران خان نے انصاف اسٹوڈینٹ فیڈریشن کے ناراض کارکنان سے کہا ہے کہ بڑے مقصد کے حصول کے لیے آپس کے معمولی اختلافات کو بھول جائیں اور آپس میں اتحاد برقرار رکھیں،میں ایک ایک کارکن سے بعد میں خود ملوں گا اور سارے تحفظات دور کروں گا۔

    عمران خان نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر پنجاب پولیس کے گلو بٹ ہمیں روکنے کے لیے آئے تو منہ کی کھائیں گے ،وہ پہلے سے ہی سوچ لیں کہ ہمارے ساتھ 2 نومبر کو عوام کا سمندر ہوگا جس کے آگے کوئی نہیں ٹہر سکتا۔

     

     

  • بھارت کو جواب دینے کیلئے قوم کو اٹھنا ہوگا،فضل الرحمٰن

    بھارت کو جواب دینے کیلئے قوم کو اٹھنا ہوگا،فضل الرحمٰن

     

    چارسدہ : جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ پوری قوم بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہے  تاہم پوری قوم کو بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہو کر اٹھنا ہوگا۔

    چارسدہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ بھارت کو جواب دینے کے لیے قوم کو ایک نئے عزم اور ولولے کے ساتھ اٹھنا ہوگا اور بھارت پر واضح کردینا ہو گا کہ پوری پاکستانی قوم متحد ہے۔

    مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بھارت خطے میں کشیدگی پیدا کر تا ہے اور بھر خود کو مظلوم ثابت کرنے کی کوشش بھی کرتا ہے جب کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی تاریخ کے بدترین مظالم ڈھاتا ہے اور نہتے کشمیریوں کو پیلیٹ گن سے شکار کرتا ہے۔

    انہوں نے علما کے کردار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قوم کی رہنمائی کےلیے تمام علما کو متحد ہونا ہوگا،اسلام کی پہلی ترجیح انسان کی آزادی ہے اور ہم نے پہلے بھی غلامی کاانکار کیا تھااور اب بھی غلامی کا انکار کریں گے۔

    سربراہ جمعیت علمائے پاکستان کا مزید کہنا تھا کہ آزادی انسان کا پیدائشی حق ہے لیکن امریکا نے افغانستان میں آگ برسائی اور ملک تباہ کردیا جس کے بعد عراق میں غلط اطلاع پر داخل ہوکر تباہی مچائی اور شام میں اپنے منفی کردار سے دنیا کو نہ ختم ہونے والی جنگ کی جانب دھکیل دیا  جس سے دہشت گردی کے سوا کچھ اور برآمد نہیں ہو سکا۔

  • عمران خان پشاور پہنچ گئے، کل سے تحریک شروع ہوگی

    عمران خان پشاور پہنچ گئے، کل سے تحریک شروع ہوگی

    پشاور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اس ملک سے جب تک کرپشن ختم نہیں ہوگی ملک ترقی نہیں کرے گا، کل سے اہم احتجاجی تحریک شروع کررہے ہیں۔


    PTI's Tehreek-e-Ahtesab to be launched tomorrow… by arynews

    یہ بات انہوں نے پشاور میں احتجاجی تحریک شروع کرتے ہوئے کنٹینر پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی، رہنما شاہ محمود قریشی اور وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔

    عمران خان نے کہا کہ عوام اور حکمرانوں کے لیے الگ الگ قوانین ہیں،جب تک نیب انصاف کرتے ہوئے نواز شریف کے خلاف کام نہیں کرے گا اس وقت تک نہ چوری ختم ہوگی نہ کرپشن، اور کرپشن ہی سب سے بڑی بیماری ہے جسے ختم کرنے کے لیے یہ تحریک شروع کی جارہی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کل سے پاکستان کے لیے اہم تحریک شروع کررہے ہیں جس کا مقصد بدعنوانی کا خاتمہ ہے،مغل اعظم اربوں‌روپے چوری کرلیں‌ انہیں‌ کوئی ادارہ نہیں‌ پکڑ رہا، ہمارے تحریک کا آغاز پشاور سے ہورہا ہے اور اس کا اختتام پنجاب میں رائے ونڈ میں حکمرانوں کے محل پر ہوگا۔

  • وزیر اعظم کی آمد پرعوام کرپشن کے خلاف سڑکوں پر ہوگی،عمران خان

    وزیر اعظم کی آمد پرعوام کرپشن کے خلاف سڑکوں پر ہوگی،عمران خان

    سیالکوٹ : تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کرپشن کے خلاف گھروں سے باہر نکلنے کو تیار بیٹھے ہیں تحریک انصاف کو اس سلسلے میں کسی کی حمایت کی ضرورت نہیں۔

    پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سیالکوٹ میں ایک جلسہ سے خطاب کر رہے تھے،اپنے خطاب کے دوران انہوں نے وزیر اعظم پاکستان نوزشریف کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں میں بے روزگاری اور کسانوں میں غربت ہے اور ملک قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے حکمراں بھکاریوں کی طرح امریکہ اور سعودیہ سے پیسے مانگتے ہیں جس کے باعث ملک کا بچہ بچہ مقروض ہو چکا ہے، بھیک مانگنے والے حکمرانوں نے یہ بھی نہیں سوچا کہ پیسے مانگنے والوں کی دنیا بھر میں کوئی عزت نہیں ہوتی،مقروض آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات نہیں کر سکتے۔

    عمران خان نے وزیر اعظم نواز شریف کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو کرپشن سے پاک کردیں تو کسی ملک سے قرضے لینے کی ضرورت نہیں رہے گی کرپشن اور قرضوں کی وجہ سے ملک عدم استحکام کا شکار ہے اور غیر مستحکم پاکستان، کشمیرکو آزادی نہیں دلا سکتا جب تک ہم اپنے پاؤں پر کھڑے نہیں ہو سکتے اس وقت تک کشمیر کی جنگ نہیں لڑ سکتے۔

    عمران خان نے وزیر اعظم کی بیرون ملک سرجری پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف ایک ایسا بھی اسپتال نہیں بنوا سکے جہاں وہ اپنا علاج ہی کروا سکیں،حال یہ ہے کہ سرکاری اسپتال میں ایک بستر پر چارچار مریض ہوتے ہیں،دوائیں ناپید ہیں اور سہولیات صفر ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف بیرون ملک مقیم لوگوں سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی درخواست کر رہے ہیں جب کہ خود اپنا سرمایہ ملک میں نہیں لاتے،یہاں تک کہ وزیر اعظم کے اپنے بچے بیرون ملک میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں اس طرح کوئی دوسرا کیسے پاکستان میں اپنا سرمایہ لائے گا؟

    اس موقع پر عمران خان نے نوازشریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے اسمبلی میں کھڑے ہو کر جھوٹ بولا اب پاکستان آرہے ہیں، پاکستانی عوام بھی آپ کی واپسی کے لیے منتظر ہیں، عوام سڑکوں پر آنے کے لیے تیار ہیں۔

  • تحریک انصاف آج کوہاٹ میں میدان سجائے گی

    تحریک انصاف آج کوہاٹ میں میدان سجائے گی

    کوہاٹ: تحریک انصاف آج کوہاٹ میں جلسہ عام کرے گی،تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خطاب کے لیے پنڈال سجا لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کوہاٹ میں تحریک انصاف کے جلسہ عام کی تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں، پنڈال کو پارٹی پرچموں سے سجایا گیا ہے، لال قالین سے آراستہ اسٹیج کے عقب پر قد آور ہورڈنگ عمران خان صاحب کی تصویر اور پارٹی پرچم سے مزین ہے،اسٹیج پر رہنماؤں کے بیٹھنے کے لیے کرسیاں رکھی گئیں ہیں اور مقررین کے لیے ڈائس بھی موجود ہے۔

    جلسے کے شرکاء کے لیے وسیع و عریض میدان میں ہزاروں کرسیاں لگادی گئی ہیں،جب کہ تحریک انصاف کےجلسوں کا خاصہ ، تقریر کے دوران موسیقی کا تڑکا لگانے کے لیے جدید ساؤنڈ سسٹم بھی پہنچایا جا چکا ہے۔

    پارٹی نغمے اوردھنوں سے جلسہ گاہ کی فضاء گونج رہی ہے،قافلے صوبہ بھر سے اپنے لرہنماؤں کا خطاب سننے کے لیے جوق در جوق کوہاٹ پہنچ رہے ہیں جلسے میں کسی بے نظمی سے بچنے کے لیے تحریک انصاف کے رضاکار مستعد رہیں گے۔

    جلسہ شام 5 بجے شروع ہو گا، جب کہ عمران خان جلسہ گاہ میں 7 بجے تک پہنچیں گےخیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ جلسہ میں سربراہ تحریک انصاف عمران خان پانامہ پیپرز کے حوالے سے سخت موقف اختیار کریں گے اور حکومتی بجٹ اقدامات کو آڑے ہاتھوں لیں گے۔

  • مصطفیٰ کمال کا اپریل کے دوسرے ہفتے میں جلسہ عام کا اعلان

    مصطفیٰ کمال کا اپریل کے دوسرے ہفتے میں جلسہ عام کا اعلان

    کراچی: سابق ناظم کراچی مصطفی کمال نے اپریل کے دوسرے ہفتے میں جلسہ عام کرنے کا اعلان کردیا۔

    سابق سٹی ناظم نے گلشن حدید سے آئی ریلی کے شرکا سے خطاب۔ کرتے ہوئے کہا کہ ہم دلوں کو جوڑنے آئے ہیں کل تین بجے اہم پریس کانفرنس کریں گے۔

    مصطفی کمال نے اپریل کے دوسرے ہفتے کراچی میں جلسہ کرنے کا بھی اعلان کیا انہوں کہا کہ جلسہ کتنا بڑا ہوگا یہ ابھی نہیں بتا سکتا لیکن یہ جلسہ پاکستان کی سیاست کا تعین کرے گا سب تیار کرلیں۔

    مصطفی کمال نے کہا کہ ایم کیوایم نے اپنے زیرحراست کارکنان کوقبول کرناشروع کردیا ہے، جو لوگ جرائم میں ملوث ہیں ان سے جرائم کس نے کرائےنوجوان پیدائشی دہشتگرداورٹارگٹ کلرنہیں۔،

    ان کا کہنا تھا کہ کارکنان کے برین واش کرکے دہشتگرد بنایا گیا، کچھ لاپتہ کارکنان کے اہلخانہ ہمارے پاس بھی آئے ہیں، جرائم میں پڑنے والوں کو واپسی کاراستہ دینا ہوگا،ایساراستہ تلاش کرناہوگاجس سےان لوگوں کوباعزت شہری بنائیں۔

    فاروق ستار کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فاروق ستارمعصوم آدمی ہیں،ان کی باتوں کاجواب نہیں دوں گا، فاروق ستاربھائی کودونوں ہاتھوں سےسلام ہے۔

    سابق سٹی ناظم نے کہا کہ پورےپاکستان سےلوگ ہم سےرابطہ کررہےہیں،لوگ ٹولیوں کی صورت میں ہمارے پاس آرہے ہیں، عوام نےہمارے کندھوں پرنئی ذمہ داریاں ڈال دی ہیں، ہم پراعتماد کرنے والے تمام پاکستانیوں کا شکریہ ہے۔

  • پیپلز پارٹی کے تحت ککری گراؤنڈ میں آج جلسہ عام منعقد ہوگا

    پیپلز پارٹی کے تحت ککری گراؤنڈ میں آج جلسہ عام منعقد ہوگا

    کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی آج لیاری میں سیاسی قوت کا بھرپور مظاہرہ کریگی،پیپلزپارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری جلسےخطاب کریں گے۔

    کراچی میں پیپلز پارٹی کے تحت ککری گراؤنڈ لیاری میں جلسے کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔حفاظتی اقدامات کے پیش نظر مخصوص راستوں کے علاوہ جلسہ گاہ کی طرف جانے والے تمام راستوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کردیا گیا ہے۔

    جلسے کے دوران پولیس کی بھاری نفری سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہوں گے۔ دو ہزار آٹھ کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ککری گراؤنڈ میں پیپلز پارٹی اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔

    جلسہ میں سابق صدر آصف علی زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور دیگر رہنما کارکنان سے خطاب کریں گے۔ اس حوالے جیالوں میں کافی جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔

  • انقلاب دھرنوں سے نہیں آتے،سید خورشید شاہ

    انقلاب دھرنوں سے نہیں آتے،سید خورشید شاہ

    کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ انقلاب دھرنوں سے نہیں آتے، اس کے لئے شہید ذوالفقارعلی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کی طرح قربانی دینا پڑتی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح گراؤنڈ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے پیپلزپارٹی کا انقلابی پرچم بینظیر شہید کو تھمایا تھا اور بی بی نے یہ پرچم ستائیس دسمبر کو بلاول بھٹو کو تھمایا۔

    انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ جمہوریت کچھ نہیں دیتی میں کہتا ہوں کہ جمہوریت سب کچھ دیتی ہے، جمہوریت صوبائی خود مختاری دیتی ہے، روزگار دیتی ہے، جمہوریت طلباءوطالبات کے مستقبل کی روشنی ہے۔

    سید خورشید شاہ نے کہا کہ میرے قائد نے جان دیدی لیکن جمہوریت پرآنچ نہ آنے دی، خورشید شاہ نے کہا کہ شہید بی بی کو کہا گیا تھا کہ آپ پاکستان نہ آئیں کیوں کہ آپ کی جان کو خطرہ ہے لیکن میری شہید قائد نے کہا کہ میں عوام کیلئے آؤں گی اور میں اپنے بابا سے کیا ہوا وعدہ نہیں توڑ سکتی،۔

    ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی شہیدوں کی پارٹی ہے اور بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا اور اپنی ماں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پیپلز پارٹی کا انقلابی پرچم تھام کر ملک کے تمام غریبوں کیلئے انقلاب لائیں گے۔