Tag: جلسہ

  • پی ٹی اے کا جلسہ: عوام میں جوش وخروش، گونوازگو کے نعرے

    پی ٹی اے کا جلسہ: عوام میں جوش وخروش، گونوازگو کے نعرے

    لاہور: مینار پاکستان میں پی ٹی اے کے جلسے  کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں ،جلسے میں ہر طرف گو نواز گو کے نعرے کی گونج سنائی دے رہی ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے پنڈال میں ہر طرف شرکاء کا جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔

    قافلے کے قافلے جلسے میں شرکت کرنے پہنچ رہے ہیں۔ نوجوان بوڑھوں سمیت پنڈال میں خواتین اور بچوں کی بھی بہت بڑٰ تعداد موجود ہے۔ بچے بھی گو نواز گو کے نعرے لگا رہے ہیں۔

    پنڈال میں ہر طرف پاکستان عوامی تحریک کے پرچموں کی بہار میں انقلاب اورگو نواز گو کے نعرے لگائے جا رہے ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے جلسے میں شریک خواتین بھی کسی سے پیچھے رہنے والی نہیں تھیں۔ ہاتھوں میں پارٹی کے جھنڈے اور ٹوپیاں پہن کر بہت پُرجوش دکھائی دے رہی ہیں۔

  • عوام تیاری کرلیں الیکشن اگلے سال ہوں گے،عمران خان

    عوام تیاری کرلیں الیکشن اگلے سال ہوں گے،عمران خان

    سرگودھا: پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ اس میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے کہ قوم جاگ چکی ہے، اس کا ثبوت آج کا جلسہ ہے، میں سرگودھا کے عوام کا شکریہ ادا کرتاہوں،اور منظم جلسہ کرنے پر انتظامیہ کو مبارکباد دیتا ہوں،

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا میں ایک بہت جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا،عمران خان نے کہا کہ میرے گھر کی بجلی کاٹی گئی اس لئے کہ میں نے بجلی کا بل نہیں بھرا، اور میں نے اپنے گھر کا بجلی کا بل جلا دیا۔

    میں نے بل اس لئے جلایا کہ نواز شریف دور میں اسی فیصد بجلی کے ریٹ بڑھائے گئے،لیکن ایک سال بعد بھی نہ تو لوڈشیڈنگ میں کمی آئی اور نہ ہی بجلی کی قیمت کم ہوئی،۔

    انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس پر ایک کروڑ، وزیر اعظم ہاؤس پر پانچ کروڑ پریذیڈنٹ ہاؤس پر ایک کروڑ روپے کے بجلی کے بل واجب الادا ہیں لیکن ان کی بجلی نہیں کاٹی گئی۔

    عمران خان نے کہا کہ ہم اس ظالم نظام کیخلاف جنگ لڑ رہے ہیں تین سو چوراسی ارب روپے کی بجلی چوری ہورہی ہے اور یہ پیسہ عوام کی جیبوں سے لیا جا رہا ہے اگر آپ اس نظام کیخلاف نہیں کھڑے ہوئے تو بجلی اسی طرح مہنگی ہوتی رہے گی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ جب تک نواز شریف مستعفی نہیں ہوں گے دھرنا جاری رہے گا،انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے جمعے کو گجرات میں جلسے سے خطاب کروں گا،

    انہوں نے کہا کہ عوام الیکشن کی تیاری کر لیں اگلا سال الیکشن کا سال ہوگا انہوں نے مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کے کارکنان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کو اپنے بچوں کے مستقبل کی فکر ہے تو آپ آصف زردا ری اور نواز شریف سے کیوں نہیں پوچھتے کہ ان کے پاس اتنا پیسہ کہا ں سے آیا ،

    عمران خان نے کہا کہ آج سے چھ سال پہلے قرضہ تینتیس ہزار روپے فی پاکستانی تھا جو آج بڑھ کر اٹھاسی ہزار روپے ہوگیا ہے،یہ قرضہ عوام اپنے خون پسینے کی کمائی سے دیں گے کیوں کہ ہرچیز مہنگی ہوجائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ مک مکا کی سیاست کا نتیجہ ملتان میں نکل آیا ہے اتنی بڑی پیپلز پارٹی کے امیدوار کی ضمانت ضبط ہوگئی۔پیپلز پارٹی والے کب تک ذوالفقار علی بھٹو کا نام استعمال کرینگے۔

  • سرگودہامیں پی ٹی آئی کے جلسے کی تیاریاں عروج پر

    سرگودہامیں پی ٹی آئی کے جلسے کی تیاریاں عروج پر

    سرگودہا: کپتان کی آمد سے قبل سرگودہامیں سیاسی پنڈال سج گیا،اسپورٹس اسٹیڈیم میں میلے کا سماں، ہرطرف پی ٹی آئی کے پرچموں کی بہار،لوگوں کی بڑی تعداد جلسہ کی تیاریوں میں مصروف ،عمران خان کے فقیدالمثال استقبال کی تیاریاں جاری،فضامیں منچلوں کے گونوازگوکے نعرے،ترانوں پر رقص۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کل سترہ اکتوبرکو اسپورٹس اسٹیڈیم سرگودہا میں عوامی طاقت کے مظاہرے کیلئے تیارہے،اسپورٹس اسٹیدیم میں ہرطرف پی ٹی آئی کے متوالوں کاراج ہے خاص طورپر نوجوان خاصے پرجوش دکھائی دیتے ہیں جو جلسہ کے نظام کو خوب سے خوب تر بنانے میں مصروف ہیں۔

    پی ٹی آئی کے ترانوں پر متوالوں کا رقص بھی جاری ہے اور فضاؤں میں گونوازگوکانعرہ بھی باربارگونجتاسنائی دیتاہے، پی ٹی آئی عہدیداروں کا کہناہے کہ کل کا جلسہ سرگودہاکی نئی تاریخ رقم کرے گا۔

    سرگودہاکے اسپورٹس اسٹیڈیم میں ایک لاکھ کے قریب افراد کی گنجائش موجودہے جبکہ غیرجانبدارمبصرین کے مطابق کل کے جلسہ میں ڈیڑھ سے دولاکھ افرادکے آنے کی توقع ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن 2011میں 28اپریل کو بھی اسی اسٹیڈیم میں جلسہ کیاتھااس وقت جلسہ تو کامیاب تھا لیکن اسے بہت بڑا یا تاریخی جلسہ قرارنہیں دیاجاسکتاہے، لیکن سترہ اکتوبرکو ہونے والے جلسہ کے بارے کہاجارہاہے کہ یہ تاریخ سازہوگا۔

    ضلع سرگودہاکو مسلم لیگ ن کا گڑھ سمجھا جاتاہے اورگیارہ مئی کوہونے والے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی پانچ کی پانچ اور صوبائی اسمبلی کی گیارہ میں سے دس نشستوں پرمسلم لیگ ن کے امیدوراکامیاب ہوئے تھے۔

  • کارکنان پیپلزپارٹی کے جلسے کیلئے ہرممکن تعاون کریں،الطاف حسین

    کارکنان پیپلزپارٹی کے جلسے کیلئے ہرممکن تعاون کریں،الطاف حسین

    لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کے ذمہ داران پیپلز پارٹی کے جلسے کے حوالے سے پیپلزپارٹی کی مقامی قیادت سے رابطہ رکھیں۔

    کراچی اور لندن کی رابطہ کمیٹی کے ایک مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے ملکی صورتحال کا جائزہ لیا، جس میں لاء اینڈ آرڈر کا مسئلہ بھی سرفہرست تھا۔

    اس موقع پر الطاف حسین نے اراکین رابطہ کمیٹی ، تمام سیکٹرز اور تمام یونٹوں کو ہدایت کی کہ وہ اٹھارہ اکتوبر کے جلسے کے حوالے  سے پیپلزپارٹی کے مقامی رہنماؤں سے رابطہ رکھیں ۔

    جہاں جہاں انہیں ایم کیو ایم کے تعاون کی ضرورت ہو انہیں غیر مشروط طور پر مدد و معاونت فراہم کریں۔ الطاف حسین نے پیپلزپارٹی کے جلسے کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

  • لاہورجلسہ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا،علامہ طاہرالقادری

    لاہورجلسہ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا،علامہ طاہرالقادری

    جھنگ: علامہ طاہرالقادری نے کہا ہے کہ کمزور اورطاقتور کی جنگ شروع ہو گئی، مینارپاکستان کا جلسہ حکمرانوں کے غبارے کی رہی سہی ہوابھی نکال دے گا، وہ جھنگ میں سیلاب متاثرین میں امدادی اشیاء کی فراہمی کے بعد جلسے سے خطاب کررہے تھے ۔

    اس موقع پرعلامہ طاہرالقادری نے حکمرانوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ان کا کہنا تھا کہ مظلوم عوام کو اب جاگیرداروں اور وڈیروں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ عوامی تحریک ملک میں ایسانظام چاہتی ہے جوکرپشن سے پاک ہو۔

    انہوں نے کہا کہ انیس اکتوبر کو مینار پاکستان کا جلسہ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیگا اورانقلاب کی صداہرگھر کی آوازبن جائے گی۔اس سے قبل ڈاکٹرطاہرالقادری نے جھنگ کے مختلف علاقوں کادورہ کیااورسیلاب متاثرین سے ملاقاتیں بھی کی۔

  • لاہورکے عوام انقلاب کیلئے تیارہیں، رحیق عباسی

    لاہورکے عوام انقلاب کیلئے تیارہیں، رحیق عباسی

    لاہور: 19اکتوبر کا لاہور میں ہونے والے جلسہ کے سلسلے میں پاکستان عوامی تحریک کے رہنماءرحیق عباسی کامینار پاکستان کادورہ، تفصیلات کے مطابق انیس اکتوبرکو ہونے والے جلسے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے پی اے ٹی کےمرکزی صدررحیق عباسی نے مینار پاکستان کا دورہ کیا۔

    پاکستان عوامی تحریک کا انقلابی جلسہ انیس اکتوبر کو لاہور شہر میں ہوگااور مینارپاکستان پر انقلابیوں کی آمد ہوگی، تین دن بعد ہونے والے جلسے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے پی اے ٹی کےمرکزی صدر ڈاکٹر رحیق عباسی مینارپاکستان پہنچے۔

    میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ جھنگ کے بعداب لاہورکی باری ہے،جہاں کے لوگ انقلاب کیلئے تیارہیں، انیس اکتوبر کو جلسہ تاریخ ساز ہوگا، رحیق عباسی نےانتظامات کوتسلی بخش قرار دیتے ہوئےکہا کہ پی اے ٹی نے جلسے کی تمام تیاریاں کرلی ہیں۔

  • کراچی میں پیپلزپارٹی کےجلسےکی تیاریاں زوروشور سےجاری

    کراچی میں پیپلزپارٹی کےجلسےکی تیاریاں زوروشور سےجاری

    کراچی: اٹھارہ اکتوبر کو کراچی میں پیپلزپارٹی کے جلسے کی تیاریاں زوروشور سےجاری ہیں ، اس سلسلہ میں پی پی قیادت نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی نے کراچی جلسے کیلئے تیاریوں کاآغاز کردیا ہے ، پنڈال میں قرآن خوانی کی گئی اور بکروں کا صدقہ دیا گیا۔پیپلزپارٹی کے رہنماءمزار قائد سےمتصل جلسہ گاہ پہنچے اور انتظامات کاجائزہ لیا۔

    وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جلسے میں  لاکھوں افراد شریک ہونگے، لیکن عوام کوکوئی تکلیف نہیں ہوگی۔

    جبکہ پی پی رہنماءشیری رحمان نے بھی جلسہ گاہ کادورہ کیا اور انتظامات سے متعلق بریفنگ لی۔میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ان کاکہناتھا یہ جلسہ جمہوری نظام کاتسلسل ہے۔شیری رحمان نے بتایاکہ سیکیورٹی پلان کو خفیہ رکھاگیاہے۔ہم چاہتے ہیں کہ پرامن ماحول میں جلسہ کریں۔

  • عوامی تحریک آج فیصل آباد میں طاقت کا مظاہرہ کریگی

    عوامی تحریک آج فیصل آباد میں طاقت کا مظاہرہ کریگی

    فیصل آباد: پاکستان عوامی تحریک آج فیصل آباد میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی ۔جلسے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں،انقلاب کا قافلہ ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں فیصل آباد پہنچنے والا ہے۔

    پاکستان عوامی تحریک کا سیاسی پنڈال آج دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں سجے گا، جلسے کے شرکاء کے لئے پچاس ہزار کرسیاں لگا دی گئی ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہر القادری نے جلسہ کو انقلاب ان فیصل آباد کا نام دے دیا ۔

    جلسہ میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ جلسہ گاہ کے اطراف ایک ہزار اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ جبکہ عوامی تحریک کے پندرہ سو کارکنان پنڈال کے اندر سیکیورٹی پر مامور ہیں۔

    داخلی راستوں پرواک تھرو گیٹ نصب کئے گئے ہیں ۔ جلسے سے ڈاکٹر طاہر القادری ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت سمیت دیگر سیاسی قائدین خطاب بھی کریں گے۔

  • تحریکِ انصاف کو مینارِپاکستان پرجلسے کی اجازت مل گئی

    تحریکِ انصاف کو مینارِپاکستان پرجلسے کی اجازت مل گئی

    لاہور: تحریکِ انصاف کو ضلعی انتظامیہ نےلاہورمیں مینارِپاکستان پرجلسے کی اجازت دے دی ہے۔ اٹھائیس ستمبرکومینارِپاکستان پرتحریکِ انصاف کا پنڈال سجے گا۔

    تحریکِ انصاف لاہورکے مینارِ پاکستان پرعوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کیلئے تیارہے، پی ٹی آئی کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اٹھائیس ستمبرکومینارِ پاکستان پرجلسہ کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔

    مینارِپاکستان کے سیکورٹی آفیسر کے مطابق سیکورٹی خدشات موجود ہیں، ضلعی انتظامیہ نے سیکورٹی فول پروف بنانے کے لئے سی سی پی اوکوخط بھی تحریرکردیا ہے۔

    تحریکِ انصاف کے رہنما میاں افتخاراورمیاں اسلم اقبال نے جلسے کے لئے اجازت نامے کی درخواست ڈی سی اولاہورکے دفترمیں جمع کروائی تھی اوردرخواست منظورنہ ہونے کی صورت میں جاتی عمرہ میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    واضح رہے کہ مینارِپاکستان کے پارک میں پچپن ایکڑکی اراضی پرمشتمل ہے اوراس میں تقریبا چارلاکھ افرادکی گنجائش ہے۔ تحریکِ انصاف اکیس ستمبرکوکراچی میں مزارِ قائد کے قریب بھی ایک جلسہ کرچکی ہے۔

  • تحریک انصاف کا جلسہ:عوام میں زبردست جوش وخروش

    تحریک انصاف کا جلسہ:عوام میں زبردست جوش وخروش

    کراچی:عمران خان کا آج کراچی میں ہونے والا جلسہ کامیاب بنانے کے لئے پی ٹی آئی کی خواتین بہت پُرجوش ہیں۔ صبح سے پنڈال میں موجود خواتین کا جوش وجذبہ ہے قابلِ دید ہے۔ پارٹی پرچم،بینرزاوررنگ برنگے ملبوسات پہنی خواتین کوعمران خان کی کراچی آمد کا بےصبری سے انتظار ہے۔

    رنگ برنگےاورپارٹی پرچم کے رنگ میں رنگے ملبوسات پہنے خواتین نے جلسہ گاہ کی رونق بھی بڑھارکھی ہے۔بینرزاٹھائےان خواتین کا کہنا ہے کہ ہم اپنے قائد کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑیں گے۔

    کسی کے ہاتھوں میں پارٹی پرچم ہے تو کوئی چہرے پر منفرد ڈیزائنز بنوارہا ہے۔ ہاتھ بھی چوڑیوں کے بجائے پارٹی بینڈزسے سجے ہیں۔ اپنے قائدعمران خان کو ویلکم کہنے کے لئے موجود ان زندہ دل خواتین کا جذبہ دُھوپ نے بھی ماند نہیں پڑنے دیا۔ یہ خواتین نیا پاکستان بنانے کا عزم لئے اپنے گھروں سے نکلی ہیں ۔

    ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان ساڑھے6بجےجلسہ عام سے خطاب کریں گے، کپتان رات دس بجےواپس  اسلام آباددھرنےکیلئے روانہ ہوجائیں گے۔