اسلام آباد : وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے باعث شادیوں اور دیگر تقریبات کو محدود کرنے کا کہا گیا ہے، سیاسی جماعتیں 3 ماہ کے لیے جلسے جلوس ملتوی کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظراین سی اوسی کے نئےایس اوپی جاری کردی ہے ، جس میں شادیوں اور دیگر تقریبات کو محدود کرنے کا کہا گیا ہے۔
فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ سمجھتا ہوں سیاسی جماعتوں کو ذمےداری کا ثبوت دینا چاہیے، سیاسی جماعتیں 3ماہ کے لیے جلسے جلوس ملتوی کر دیں، زندگی کا احترام کریں، اپوزیشن بھی تحریک اگلے سال تک ملتوی کر دے۔
کرونا کی دوسری لہر کے پیش نظر NCOC نے نئےSOP جاری کئے ہیں اور شادیوں اور دیگر تقریبات کو محدود کرنےکا کہا ہے، میں سمجھتا ہوں سیاسی جماعتوں کو ذمہ داری کا ثبوت دینا چاہئے اور تین ماہ کیلئے جلسے جلوس ملتوی کر دیں، اپوزیشن بھی تحریک اگلے سال تک ملتوی کر دے، زندگی کااحترام کریں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) October 10, 2020
یاد رہے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ملک بھر میں کرونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر نئی گائیڈ لائنز جاری کیں تھیں، گائیڈ لائنز میں کہا گیا تھا کہ عوامی اجتماعات کرونا میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں لہذا ایسے پروگراموں کے انعقاد سے ہر ممکن گریز کیا جائے، بڑے اجتماعات کےانعقادکوروکنے پرغور کیا جارہا ہے ۔
این سی او سی کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ ’دنیا بھر میں بڑے عوامی اجتماعات پر پابندی عائد ہے کیونکہ ایسے پروگرام کرونا کے بڑے خطرے کا سبب ہیں، انتہائی ضروری اجتماعات ایس او پیز کے ساتھ منعقد کیے جائیں‘۔
این سی او سی کا کہنا تھا ’عوامی اجتماعات سے کرونا سمیت دیگر بیماریوں کے پھیلاؤ کا امکان ہے، ایسے اجتماعات سے کرونا کے خلاف قومی کامیابی خطرے میں پڑ سکتی ہے، ایسے پروگراموں کا انعقاد کسی صورت نہیں ہونا چاہیے‘۔