Tag: جلسے کی اجازت

  • مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کیلئے پی ٹی آئی نے بڑا قدم اٹھا لیا

    مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت کیلئے پی ٹی آئی نے بڑا قدم اٹھا لیا

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے مینار پاکستان جلسے کی اجازت حاصل کرنے کیلئے ہائیکورٹ میں بھی پٹیشن دائر کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے 5 اکتوبر کو مینار پاکستان جلسے کیلئے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر لاہو کو درخواست دی تھی، پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب کے سینئر نائب صدر اکمل خان باری کی جانب سے پٹیشن دائر کی گئی ہے۔

    لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر کی عدالت میں کل صبح پٹیشن پرسماعت ہوگی، اکمل خان باری کے وکیل سردار خرم لطیف کھوسہ صبح ہائیکورٹ میں پیش ہوں گے۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اکمل باری نے کہا کہ مینار پاکستان میں جلسہ کرنا ہمارا آئینی اور جمہوری حق ہے۔

    اس سے قبل گزشتہ دنوں ڈپٹی کمشنر کو دی جانے والی درخواست میں پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ 5 اکتوبر کو بانی پی ٹی آئی کی سالگرہ کا دن ہے، ہمیں مینارپاکستان پر جلسے کی اجازت دی جائے۔

    اپنی درخواست میں پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 5 اکتوبر کو شام 5 بجے سے رات 10 بجے تک جلسہ کرنا چاہتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے سینئر نائب صدر اکمل باری نے ڈی سی آفس میں درخواست دی تھی۔

  • پنجاب حکومت کا عمران خان کو 22 مارچ کو جلسے کی اجازت دینے کا فیصلہ

    پنجاب حکومت کا عمران خان کو 22 مارچ کو جلسے کی اجازت دینے کا فیصلہ

    لاہور : پنجاب حکومت نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو 22 مارچ کو جلسے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا اور خبردار کیا کہ گھیراؤ جلاؤہوا تو جوابی کارروائی زمان پارک میں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے تحریک انصاف کو 22 مارچ کو جلسے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ شہر میں توڑ پھوڑ کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اگرجلاؤ گھیراؤ ہوا تو جوابی کارروائی زمان پارک میں ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے عمران خان جلسے کو سکیورٹی نہ دیے جانے پر غور کیا جارہا ہے، صرف عمران کو بطور سابق وزیراعظم سکیورٹی دی جائے گی۔

    گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اتوار (22 مارچ) کو ایک بار پھر مینار پاکستان پر جلسے کا اعلان کیا تھا۔

    ان کا کہنا ہے کہ یہ لوگ مجھے کسی بھی طرح مجھ کو راستے سے ہٹانا چاہتے ہیں، گرفتار کریں گے یا قتل کردیا جائے گا۔

  • پی ڈی ایم  نے مزار قائد کے قریب پارک میں جلسے کی اجازت کیلیے درخواست دے دی

    پی ڈی ایم نے مزار قائد کے قریب پارک میں جلسے کی اجازت کیلیے درخواست دے دی

    کراچی : پی ڈی ایم نے مزار قائد کے قریب پارک میں جلسے کے لیے درخواست دے دی ، مزار قائد منیجمنٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ درخواست پر جو بھی فیصلہ ہوگا پی ڈی ایم کو بتادیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے اتوار کو جلسے کی اجازت کے لیے مزار قائد منیجمنٹ انتظامیہ کو درخواست دے دی ، مزار قائد انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جلسے کی اجازت کے حوالے سے درخواست پروسس کے لیے اگے بھیج دی ہے۔

    مزار قائد منیجمنٹ بورڈ نے بتایا کہ پی ڈی ایم کی جانب سے جلسے کے حوالے سے فیس بھی جمع کرائی گئی ہے ، درخواست پر جو بھی فیصلہ ہوگا پی ڈی ایم کو بتادیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق پی ڈی ایم نے جلسے کی سیکیورٹی اور انتظامات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر ایسٹ کو بھی درخواست ارسال کردی ہے۔

    یاد رہے 11 اگست کو اسلام آباد میں منعقدہ پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ’اجلاس میں داخلی اور خارجی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ،ملک اس وقت سنگین حالات سے گزر رہا ہے،پاکستان کو اس وقت عالمی سطح پر بدترین تنہائی کا سامنا ہے’۔

    مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ’آج کےاجلاس میں پیش تجاویزپر تمام جماعتیں مشاورت کریں گی، پی ڈی ایم کا21اگست کواسلام آباد میں اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوگا جبکہ 28اگست کوپی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس کراچی میں ہوگا اور 29 اگست کو کراچی میں جلسے کا انعقاد کیا جائے گا۔

  • لاہور: ضلعی انتظامیہ کا پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار

    لاہور: ضلعی انتظامیہ کا پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار

    لاہور:ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو جیل روڈ پر جلسے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے لاہور کے جیل روڈ پر جلسے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے اجازت طلب کی تھی اس ضمن مین پی ٹی آئی کے وفدنے ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی۔

    ذرائع نے بتایاکہ ضلعی حکومت کا موقف ہے کہ یہ اہم شاہراہ 12 گھنٹے کے لیے بند نہیں کی جاسکتی،تحریک انصاف متبادل جگہ کی نشاندہی کرے تعاون کریں گے۔

    دوسری جانب تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ ضلعی حکومت سے جلسہ کرنے کی اجازت نہیں مانگی،انہیں صرف اطلاع دی ہے، لاہور میں کل کا جلسہ شیڈول کے مطابق ہوگا۔

    اس ضمن میں پی ٹی آئی رہنما علیم خان نے بتایا کہ خان صاحب کل یہاں آئیں گے اور جلسے سے خطاب کریں گے، پولیس سیکیورٹی کے لیے یہاں کا جائزہ لے کر جاچکی ہے اور اس نے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔