لندن : بانی پی ٹی آئی کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ پاکستان آنے پر بیٹوں کی گرفتاری سے متعلق بیان پر بول اٹھیں۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ نے سماجی رابطے کی سایٹ ایکس پر اپنے پیغام میں پاکستان آنے پر بیٹوں کی گرفتاری سے متعلق کہا میرے بچوں کو ان کے والد سے فون پر بات کرنے کی اجازت نہیں ہے، عمران خان تقریباً 2 سال سے جیل میں قید تنہائی کاٹ رہے ہیں۔
جمائما کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت کہتی ہے اگر بچے باپ سے ملنے پاکستان جائیں اُنہیں بھی گرفتار کر کے جیل میں ڈال دیا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ یہ سب جمہوری ریاست میں نہیں ہوتا، یہ سیاست نہیں ذاتی انتقام ہے۔
یاد رہے وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے دھمکی دی تھی کہ اگر بانی پی ٹی آئی کے بیٹے پاکستان آ کر تحریک میں شامل ہوئے تو انھیں گرفتار کر لیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کے پاکستان آنے سے کیا ہوگا ماسوائے ان کے لیے مشکلات ہوں، پھر ان کو برطانوی سفارتخانہ ہی بازیاب کرائے گا۔
لندن: وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما خان اور کی 15 سالہ بھتیجی خوفناک ٹریفک حادثے میں ہلاک ہو گئی، آئرس اینابل بین گولڈ اسمتھ اور کیٹ روتھ چائلڈ کی بیٹی تھیں۔
تفصیلا ت کے مطابق گولڈ اسمتھ خاندان کی چشم وچراغ آئرس اینابل پیر کے روز خوفناک ٹریفک حادثے کے دوران شدید زخمی ہوگئی تھیں جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا ۔
ایمرجنسی سروس کے ترجمان نے بتایا کہ ہمیں پیر کے روز 3بج کر 15 منٹ پر کال موصول ہوئی تھی جس کے بعد ریسکیو اہلکار اینابل کو اسپتال لے گئے تھے جہاں وہ دو دن موت سے لڑتی رہی اور باالآخر آج زندگی کی بازی ہار گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ آئرس اینابل گولڈ اسمتھ اور روتھ چائلڈ گھرانے کے کروڑپتی بین گولڈ اسمتھ کی بیٹی تھی، آئرس جمائمہ خان اور ٹوری ایم پی زیک گولڈ اسمتھ کی بھتیجی بھی تھیں۔
آئرس اینابل کے دوست احباب کا کہنا ہے کہ ’خاندان میں تمام لوگ آئرس کو پسند کرتے تھے، وہ بہت خوبصورت، جازب نظر، ذہین اور بہترین ساتھی اور محبت کرنے والی لڑکی تھی۔
لندن : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما کا کہنا ہے کہ 22 سال میں تمام تر مشکلات، پریشانیوں اور قربانیوں کے بعد میرے بیٹوں کے والد پاکستان کے آئندہ وزیراعظم ہوں گے، مبارک ہو عمران خان۔
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جمائما نے عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ مجھے عمران خان کا 1997 کا الیکشن یاد ہے جب وہ سیاسی طور پر ناتجربہ کار اور آئڈیلسٹک تھے۔
I remember IK’s 1st election in 1997- untested, idealistic & politically naive. I waited up for the call in LHR with 3 mo old Sulaiman, who I had lugged around the country. Eventually he called. “It’s a clean sweep” & after my gasp, “… the other way.” He roared with laughter
جمائما خان کا کہنا تھا کہ بائیس سال بعد تمام ترمشکلات،پریشانیوں اورقربانیوں کے بعد میرے بیٹوں کے والد پاکستان کے آئندہ وزیراعظم ہوں گے، یہ ہارنہ ماننے اوراپنے اعتماد کی بہترین مثال ہے، چیلنج یہ ہے کہ یاد رکھا جائے کہ وہ سیاست میں کیوں داخل ہوئے تھے۔
22 years later, after humiliations, hurdles and sacrifices, my sons’ father is Pakistan’s next PM. It’s an incredible lesson in tenacity, belief & refusal to accept defeat. The challenge now is to remember why he entered politics in the 1st place. Congratulations @ImranKhanPTI
واضح رہے کہ انتخابات 2018 کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کا سلسلہ جاری ہے، جس میں تحریک انصاف کو واضح برتری حاصل ہیں اور عمران خان وزیراعظم بننےکی پوزیشن میں ہیں۔
قومی اسمبلی میں تحریک انصاف 115 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ مسلم لیگ ن نے 64 اور پیپلزپارٹی نے 38 نشستیں حاصل کیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔
اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ جس طرح میرے اثاثوں کی چھان بین کی گئی ہے اگر اس طرح دیگر اراکین پارلیمنٹ کی جائے تو 95 فیصد ممبرز نااہل ہو جائیں.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک سال تک میری چھان بین باریکی سے ہوئی حالانکہ میرے پاس سوائے کرکٹ کے کیا آمدن ہو سکتی تھی؟
عمران خان نے سابق اہلیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شکر ہے جمائما نے ریکارڈ اپنے پاس سنبھال کر رکھے ہوئے تھے جس کے باعث میرے لیے چالیس سال کا ریکارڈ اور منی ٹریل پیش کرنا ممکن ہو سکا اور نااہلی کے مقدمے میں سر خرو ہوا، یہ غیبی مدد تھی.
جمائما سے متعلق پوچھے گئے سوال کے پر جواب پر عمران خان نے کہا کہ دریا کو ایک ہی بار عبورکیا جاتا ہے، جمائما کی میرے لیے بہت زبردست خدمات ہیں ان کی جتنی بھی تعریف کروں وہ کم ہے تاہم جمائما کی واپسی کی بات اب ماضی کی بات ہوگئی ہے.
انہوں نے مزید کہا کہ جمائما جب تک پاکستان میں رہیں انہیں شدید تنقید کا سامنا رہا، پہلے مسلمان ہونے پر تنقید کی زد میں آئی، پھر یہودی لابی کا الزام لگا کر کردار کشی کی گئی جس پرجمائما کو بہت تکلیف ہوئی اور جب جمائما نے اپنی ماں کو ٹائلز گفٹ کیے تو اسمگلنگ کا الزام لگایا گیا.
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے پیسہ چوری کرکے باہرمنتقل کیا، اثاثے چھپائے، جعل سازی کی، لوگوں کو بے وقوف بنایا اورعدالت سے غلط بیانی کی جس پر وہ سزا کے حقدار تھے چنانچہ ملنی چاہئے جب کہ میں باہر پیسا کمایا اور اسے اپنے ملک لایا چنانچہ میرا نواز شریف سے موازنہ ہو ہی نہیں سکتا.
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نواز شریف کو اپنے کیے کی سزا ملی ہے لیکن وہ عدلیہ کے خلاف مہم چلا رہے ہیں اور ایسی زبان استعمال کی جا رہی ہے جو اور کہیں نہیں جاتی ہے، اپنے اداروں کی تضحیک کوئی محب الوطن شخص نہیں کرسکتا تھا.
انہوں نے سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کا زکر کرتے ہوئے کہا کہ شکر ہے میرا مقدمہ افتخار چوہدری کے زمانے میں نہیں چلا ورنہ وہ مجھے فارغ کر دیتے لیکن اس کے باوجود میں اُن پر تنقید نہیں کرتا اور عدالت کے خلاف مہم جوئی کی طرف نہیں جاتا.
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کو شکرکرنا چاہیے کہ وہ پاکستان میں ہے اور برطانیہ میں کوئی تصورنہیں کرسکتا کہ وزیراعظم دبئی میں ملازم ہو اور عدالت کو تنقید کا نشانہ بنائے اور اس پر توہین عدالت کا مقدمہ نہیں بنے.
جہانگیر ترین کی نااہلی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ عدالت نے ٹرسٹ ڈیڈ پر جہانگیرترین کے خلاف فیصلہ دیا جو کہ ایک ٹیکنیکل غلطی تھی، جہانگیر خان کرپشن یا منی لانڈرنگ کے مرتکب نہیں ہوئے ہیں اور نظر ثانی کی اپیل دائر کریں گے.
انہوں نے مزید کہا کہ جہانگیرترین مشکل وقت میں ساتھ کھڑے تھے اور مشکل وقت میں میرے ساتھ جو کھڑا رہا اس کی قدر کرتا ہوں، میرا خیال ہے کہ انہیں تاحیات نااہل قرار دینے کے بجائے ڈی سیٹ کر کے پھر سے الیکشن لڑنے دے دیا جاتا تو زیادہ مناسب ہوتا.
حدیبیہ کیس کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ حدیبیہ کیس فیصلے پرعدالت کے بجائے نیب کو ذمہ دار قرار دیتا ہوں کیوں کہ پاناما کیس میں حدیبیہ سے متعلق نئے ثبوت سامنے آئے ہیں چنانچہ تحریک انصاف حدیبیہ کیس کھلوانے کے لیے نیب سے رجوع کرے گی جس کے لیے شاہ محمود کی سربراہی میں کمیٹی لائحہ عمل طے کر رہی ہے.
انہوں نے کہا وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مقدمات کا سامنے کرنے سے بچنے کے لیے اسپتال کے بستر پر تصویر کھینچوا کر کمال اداکاری کی ہے جس کے لیے آسکر ایوارڈ کے مستحق ہیں.
اسلام آباد: نااہلی کیس میں عمران خان کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمائما کی جانب سے بھیجی گئی اضافی دستاویزات جمع کروا دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف نااہلی کیس کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما کی جانب سے عمران خان کو بھیجی گئی منی ٹریل عدالت میں جمع کروا دی گئی۔ دستاویزات میں بنی گالہ کی زمین خریدنے اور جمائما کی رقم کی تفصیلات شامل ہیں۔
عمران خان کی جانب سے جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک کمائی گئی آمدن پر ٹیکس لاگو نہیں ہوتا۔ بیرون ملک کمائی گئی آمدن پاکستان میں ظاہر کرنا ضروری نہیں۔
جواب میں کہا گیا کہ بنی گالہ کی ایڈوانس رقم میں نے خود جمع کروائی تھی۔ ان کے مطابق جمائما سے رقم ادھار لی جس کو سنہ 2002 کے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کیا تھا۔
جواب میں عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ جمائما کی جانب سے دی گئی رقم سے متعلق چارٹ اب جمع کروا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدالت کے پاس کسی بھی قسم کا ریکارڈ طلب کرنے کا اختیار ہے تاہم تمام لگائے گئے الزامات کی تردید کرتا ہوں۔
یاد رہے کہ 3 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے عمران خان کو نااہل قرار دینے کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی جس میں عمران خان کے اثاثہ جات کے حوالے سے سوالات اٹھائے گئے تھے اور منی ٹریل طلب کی گئی تھی۔
اس حوالے سے عدالت نے عمران خان کے لندن فلیٹس کی فروخت اور بنی گالہ میں خریدی گئی اراضی کے دستاویزات طلب کیے تھے جس کی منی ٹریل میں چند دستاویز کم تھیں۔
یہ دستاویز چند روز قبل عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما نے اپنے گھر سے ڈھونڈ نکالی تھیں جو آج عدالت میں پیش کردی گئی ہیں۔
لندن : عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما خان نے کہا ہے کہ 15 سال قبل کی بینک اسٹیٹمنٹ مل گئی ہے جس سے عدالت میں بنی گالہ اراضی خریدنے کے لیے منی ٹریل کوثابت کیا جا سکے گا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما خان نااہلی کیس میں اثاثہ جات کی دستاویزات پیش کرنے کے حوالے سے ہمیشہ مدد کرتی آئی ہیں اور اب لندن فلیٹس اور بنی گالہ اراضی کی خرید و فروخت کے حوالے سے اہم ثبوت ثابت ہوانے والے 15 سال پرانی اہم دستاویز ڈھونڈ نکالی ہے جسےعدالت میں بہ طور ثبوت پیش کیا جا ئے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تحریر کیے گئے اپنے ایک پیغام میں جمائما خان نے کہا کہ بلآخر 15 سال پرانا بینک اسٹیٹمنٹ مل گیا ہے جس سے عمران خان کی بیان کی گئی منی ٹریل کو درست ثابت کیا جا سکے گا۔
Finally tracked down 15 yr old bank statements to prove Imran Khan money trail/ innocence in court. Now please go after the real crooks…
اپنے پیغام میں جمائما خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی منی ٹریل ثابت ہو چکی ہے لہذا براہ مہربانی اب اصل مجرموں کے پیچھے جائیں اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لا کھڑا کریں۔
خیال رہے 3 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے عمران خان کو نااہل قرار دینے کے لیے پٹیشن دائر کی گئی تھی جس میں عمران خان کے اثاثہ جات کے حوالے سے سوالات اٹھائے گئے تھے اور منی ٹریل طلب کی گئی تھی۔
اس حوالے سے عدالت نے عمران خان کے لندن فلیٹس کی فروخت اور بنی گالہ میں خریدی گئی اراضی کے دستاویزات طلب کیے تھے جس کی منی ٹریل میں چند دستاویز کم تھیں جو کہ آج بقول جمائما خان مل گئی ہے جو منی ٹریل کو صاف اور شفاف ثابت کرنے میں مدد گار ثابت ہوگی۔
خیال رہے اس سے قبل بھی جمائما خان سوشل میڈیا پرعمران خان کی حمایت کرتی آئی ہیں اور لندن فلیٹ کی فروخت اور بنی گالہ اراضی کی خریداری کے حوالے سے عمران خان کے بتائے گئے منی ٹریل کو درست قرار دیتی رہیں.