Tag: جماعت اسلامی

  • جماعت اسلامی اپنا امیدوار دستبردار کروا لے گی، شیریں مزاری

    جماعت اسلامی اپنا امیدوار دستبردار کروا لے گی، شیریں مزاری

    اسلام آباد :  تحریک انصاف کی رہنماء ڈاکٹرشیریں مزاری نے کہا ہے کہ کراچی کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے جماعت اسلامی سے رابطے میں ہیں، امید ہے کہ جماعت اسلامی جلد اپنا امیدوار دستبردار کروا لے گی۔

    یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی،انہوں نے کہا کہ کراچی میں تحریک انصاف نے خوف کے بت کو پاش پاش کردیا ہے،جوڈیشل کمیشن کے سامنے اپنا ثبوت رکھیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس مرکزی دفتر میں ہوا،ورکرز ویلفیئر بورڈ کے مظاہرین کے عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر دھرنے کی وجہ سے چیئرمین نے کور کمیٹی کے اجلاس میں بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔

    اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کی سیکیریٹری اطلاعات شیری مزاری نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کے لئے تحریک  انصاف نے جدوجہد کی اور اب اکیس جماعتیں دھاندلی کے شواہد لے کر جوڈیشل  کمیشن کے سامنے پیش ہوئی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے جوڈیشل کمیشن سے تحریک انصاف کو انصاف ملے گا،کراچی کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے شیریں مزاری نے کہا کہ این اے 246 میں الیکشن مہم سے کراچی میں خوف کے بت ٹوٹ گئے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی سے رابطےمیں ہیں،امید کرتے ہیں کہ جماعت اسلامی کراچی میں جلد اپنا امیدوار دستبردار کروا لے گی۔

    ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ تحریک  انصاف جوڈیشل کمیشن کے سامنے اپنےشواہد پیش کرے گی،اس موقع پر ورکرز بورڈ کے مظاہرین نے مرکزی دفتر کے باہر احتجاج کیا مگر ڈاکٹر شیریں مزاری صرف یہی دلاسہ دے سکیں کہ میں آپ کی بات اعلیٰ قیادت کو پہنچا دوں گی۔

  • کراچی کے فیصلے اب لندن میں نہیں ہونگے، سراج الحق

    کراچی کے فیصلے اب لندن میں نہیں ہونگے، سراج الحق

    کراچی : جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ الطاف حسین بھارت جاسکتے ہیں تو پاکستان کیوں نہیں آسکتے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم خواتین کو با اختیار بنانا چاہتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے عائشہ منزل پر خواتین کے ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    تفصیلات کے مطابق این اےدو سو چھیالیس میں جماعت اسلامی عائشہ منزل پر اپنی ویمن پاور کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ اس موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ ہم خواتین کو جمہوری عمل شامل کر کے ان کا اصل مقام دلانا چاہتے ہیں جو انہیں شریعت آئین اور قانون نے دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کی  خواتین نے خوف کے بت کو پاش پاش کردیا۔اب یہاں سے دہشت گردی کی سیاست ختم ہونے والی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے فیصلے اب لندن میں نہیں ہونگے۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین نے نو مرتبہ استعفیٰ دیا اور اب امید ہے کہ وہ 23 اپریل کو مستعفی ہوکر اپنا استعفیٰ واپس نہیں لیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن عوام کیلئے خوشحالی لیکر آئے گا، اور اس بار ایم کیو ایم کو ٹھپے لگانے کا موقع نہیں ملے گا۔

    علاوہ ازیں جماعت اسلامی کراچی  کے امیرحافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ این اے دو سو چھیالیس میں دھاندلی کا آغاز ہوگیا ہے اور پچیس ہزار جعلی ووٹرز کا اندراج ہوچکا ہے، الیکشن کمیشن اورحکومت سندھ ایم کیو ایم کو جتوانا چاہتےہیں۔

  • جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کراچی کا دکھ نہیں سمجھ سکتے، کنورنوید

    جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کراچی کا دکھ نہیں سمجھ سکتے، کنورنوید

    کراچی : ایم کیوایم کے رہنما کنور نوید جمیل کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کراچی کے عوام کا دکھ اور مسئلہ نہیں سمجھ سکتے۔

    یہ بات متحدہ قومی موومنٹ کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے دوسو چھیالیس کےنامزد امیدوار کنور نوید جمیل نے لیاقت آباد کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے  کہی ۔

    انہوں نے اس موقع پر سابق ایم این اے نبیل گبول کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نبیل گبول نے حلقے کی عوام سے بہت زیادتیاں کی ہیں جن کا ازالہ اب ہمیں کرنا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے نمائندوں کا جینا مرنا اسی حلقے کی عوام کے ساتھ اور ان گلیوں میں ہے۔

    کنور نوید جمیل نے کہا کہ جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کراچی کے عوام کا دکھ نہیں سمجھ سکتیں ۔انہوں نے کہا کہ تئیس اپریل کو حلقے کے باشعورعوام ضمیر کے مطابق ووٹ کاسٹ کریں۔

  • ووٹر لسٹ اور انتخابی عملہ مشکوک ہے، حافظ نعیم الرحمان

    ووٹر لسٹ اور انتخابی عملہ مشکوک ہے، حافظ نعیم الرحمان

    کراچی : جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے صوبائی الیکشن کمیشن یرغمال بنا ہوا ہے ،ووٹر لسٹ اور انتخابی عملہ مشکوک ہے۔

    کراچی میں صوبائی الیکشن کمشنر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں حافظ نعیم الرحمان کاکہنا تھا ، قواعد کے مطابق پندرہ دن قبل انتخابی عملے کی فہرست امیدوار کو فراہم کی جاتی ہے ۔

    ضمنی انتخاب میں دس دن باقی رہ گئے ہیں اور اب تک انتخابی عملے کی فہرست اور پولنگ اسکیم کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی جارہی ہے۔

    انتخابی فہرستوں میں پچیس ہزار جعلی ووٹوں کا اندراج ہے ،حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا نادرا کے سافٹ ویئر کے ذریعے جعلی ووٹوں کو ختم کیا جاسکتا ہے۔

  • جماعت اسلامی فساد پھیلانے کی کوشش کررہی ہے، ایم کیو ایم

    جماعت اسلامی فساد پھیلانے کی کوشش کررہی ہے، ایم کیو ایم

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کا کہنا ہے کہ جماعت اسلامی رہنماؤں کی اشتعال انگیزتقاریر سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ جماعت اسلامی الیکشن لڑنے نہیں بلکہ فساداورشرانگیزی پھیلانے کی کوشش کررہی ہے لیکن ہم قائدتحریک الطاف حسین کی امن پسندی اورعدم تشددکی پالیسی پر گامزن رہیں گے۔

    متحدہ قومی مومنٹ کے ترجمان نے کہاکہ جس جماعت نے جہاد کے نام پر پاکستان میں دہشت گردی اورکلاشنکوف کلچر کاآغاز کیاہواور دہشت گردی کوپاکستان سے افغانستان، کشمیراور دیگرملکوں تک پھیلایاہو۔

    جس نے ملک کی جامعات کودہشت گردی کاگڑھ بنایاہو، اس کے رہنماؤں کے منہ سے ایم کیو ایم پردہشت گردی کے الزامات لگانے کاعمل حیرت انگیز ہے۔

    ترجمان نے کہاکہ جس جماعت کاامیرملک میں قتل و قتال کاکلچر عام کرنے کی بات کرتاہو،پاک فوج کے افسروں اورجوانوں کو شہید قراردینے کیلئے تیارنہ ہواس جماعت کی جانب سے ایم کیوایم پردہشت گردی کے الزامات شرمناک ہیں۔

    ترجمان نے کہاکہ اگرجماعت اسلامی نے کراچی کے عوام کی محرومی دورکی ہوتی اوران کے حقوق کیلئے واقعی کچھ کیاہوتاتوقائدتحریک الطاف حسین کوایم کیوایم بنانے کی ضرورت پیش نہ آتی۔

  • شکست الطاف حسین کا مقدر ہے،امریکہ بھی نہیں بچا سکتا، سراج الحق

    شکست الطاف حسین کا مقدر ہے،امریکہ بھی نہیں بچا سکتا، سراج الحق

    کراچی: جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ شکست الطاف حسین کا مقدر ہے، ان کی شکست کو امریکہ بھی نہیں بچا سکتا، الطاف حسین کی عزت اسی میں ہے کہ وہ اپنا امیدوار دست بردار کرالیں۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے شاہراہ پاکستان پر جماعت اسلامی کے زیر اہتمام انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر جلسے کے شرکاء نے گو الطاف گو کے نعرے بھی لگائے۔

    سراج الحق نے کہا کہ آج کی شام ٹارگٹ کلنگ کے شہداء کے نام ہے، ان کا کہنا تھا کہ آج کراچی کی پہچان اجمل پہاڑی، صولت مرزا، فیصل موٹا اور ان جیسے دیگر ناموں سے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نبیل گبول کا ضمیر دوسال بعد جاگا، اور اس نے اعتراف کیا کہ دو ہزار تیرہ کے الیکشن میں ٹھپّے لگائے گئے، نبیل گبول نے کہا کہ مجھے کہا گیا کہ آپ گھر جا کر سو جائیں،آپ جیت جائیں گے۔

    سراج الحق نے الطاف حسین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جانتا ہوں کہ آپ مجھے سن رہے ہیں، میں بتا دینا چاہتا ہوں کہ الطاف حسین صاحب یہ جی تھری کا نہیں تھری جی کا دور ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا کراچی سے تعلق آج کا نہیں بلکہ تحریک پاکستان سے ہے، جماعت نے کراچی کی خدمت کی، جو کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

    اج اس کراچی میں خوف اور بد امنی کا راج ہے، اور انشاءاللہ بہت جلد اس کا خاتمہ بالخیر ہوگا، انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگ آزاد فضاؤں میں رہنا چاہتے ہیں، اب وہ سلیکش نہیں الیکشن چاہتے ہیں۔

    امیر جماعت اسلامی کااپنے خطاب میں کہنا تھا کہ 23 اپریل سیکٹر انچارجوں کے خاتمے کا دن ہے۔

  • این اے 246: جماعت اسلامی آج سیاسی قوت دکھانے کےلئےتیار

    این اے 246: جماعت اسلامی آج سیاسی قوت دکھانے کےلئےتیار

    کراچی: این اے246کاانتخابی معرکہ کے لئےجماعت اسلامی سیاسی قوت دکھانے کےلئےتیار ہے۔

    کراچی میں جماعت اسلامی آج سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے اس سلسلے میں جماعت اسلامی کا شاہرائے پاکستان عائشہ منزل پر پنڈال سج گیا۔

    جماعت اسلامی نے جلسے کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے،جلسے سے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کارکنوں کالہوگرمائیں گے اور حوصلہ بڑھائیں گے۔

    شاہرائے پاکستان پر جلسے سے حلقہ این اے 246 کے اُمیدوار راشد نسیم اورحافظ نعیم الرحمان بھی خطاب کرینگے۔

    جلسے کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے سینٹرل پولیس نے سیکیورٹی پلان ترتیب دی دیا ہے۔

     صبح سے ہی شاہرائے پاکستان کو عام ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا، کسی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے اور ہنگامہ آرائی پر قابو پانے کے لیے واٹر کینن بھی طلب کرلی گئی ہے۔

  • کنورنوید جمیل کی گاڑی پرحملہ سوچی سمجھی سازش ہے، رابطہ کمیٹی

    کنورنوید جمیل کی گاڑی پرحملہ سوچی سمجھی سازش ہے، رابطہ کمیٹی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے عائشہ منزل کے قریب جماعت اسلامی کے کارکنوں کی جانب سے ایم کیو ایم کے نامزد حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل کی گاڑی پر حملے اور ایم کیو یم کے کارکنان پر حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔

    اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ نامزد حق پرست امیدوار کنور نوید جمیل کریم آباد دہلی اسکول کے قریب کارنر میٹنگ میں شرکت کیلئے جارہے تھے کے عائشہ منزل کے قریب جماعت اسلامی کی ریلی میں شریک شرپسند عناصر نے کنور نوید کی گاڑی پر حملہ کیا ۔

    شرپسندوں نے گاڑی کے شیشے توڑ دیئے گاڑی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی اور ایم کیو ایم کے ہمدردوں و کارکنان پر پتھراؤ شروع کردیااور اشتعال انگیز نعرے لگائے جس کی بناء پر ناخوشگوار واقعہ رونماء ہوا ۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت این اے 246کے ضمنی انتخاب کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

    رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد جناب الطاف حسین کے ہدایت کے مطابق ایم کیو ایم ضمنی انتخاب کے سلسلے میں تمام سیاسی سرگرمیاں قطعی طورپر امن انداز میں جاری رکھے ہوئے ہے ۔

    رابطہ کمیٹی نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے کارکنان کو پابند کریں کہ وہ کسی دوسری سیاسی جماعت اور اس کے رہنماؤں کے خلاف اشتعال انگیز نعرے بازے سے گریز کریں ۔

    نامزد حق پرست امیدوار برائے این اے 246 کنور نوید جمیل اور رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیو ایم اپنی جانب سے کے جماعت اسلامی اور تمام جماعتوں کو مکمل تعاون کی پیش کش کررہی ہے آئے اس شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے اپنا کردار اداکریںاور اپنے اپنے کارکنان کو پابند کریں کہ وہ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیز کاروائی سے گریز کریں۔

    رابطہ کمیٹی نے جماعت اسلامی ، کے رہنماؤں سے اپیل کی کہ ضمنی انتخاب کے حلقہ این اے 246میں الیکشن پرامن طریقے ہونے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں ۔

    رابطہ کمیٹی نے عوام اور کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ صبرتحمل سے کام لیں اور ہر قیمت پر امن رہیں اگر کسی بھی جماعت کے کارکنوں کی جانب سے اشتعال انگیز نعرے بازی بھی کی جائے تو آپ ہرگز مشتعل نہ ہوں اپنے جذبات کو قابو میں رکھیں ۔

    رابطہ کمیٹی نے حکومت اورپولیس وانتظامیہ سے بھی مطالبہ کیاکہ وہ انتخابی مہم کے دوران امن وامان برقرار رکھنے اورصورتحال کوقابومیں رکھنے کیلئے تمام تروسائل بروئے کارلائیںاور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔

  • جماعت اسلامی کے چوتھے رہنما کوڈھاکہ جیل میں پھانسی

    جماعت اسلامی کے چوتھے رہنما کوڈھاکہ جیل میں پھانسی

    ڈھاکہ : پاکستان کی حمایت کاجرم ،جماعت اسلامی کے ایک اوررہنما پھانسی پر چڑھ گئے ۔

    تفصیلات کے مطابق  بنگلہ دیش میں پاکستان کا ساتھ دینے والےجماعت اسلامی کےایک اور رہنما قمر الزماں کوڈھاکہ جیل میں پھانسی دے دی گئی ہے۔

    قمر الزماں اکہتر کی جنگ  میں پاکستان کی حمایت کرنے کے جرم میں پھانسی پر چڑھنے والےجماعت اسلامی بنگلہ دیش کے چوتھے رہنماہیں۔

    شہید قمر الزمان سے قبل بنگلہ دیش کےمتازعہ ٹریبونل نےعبد القادر ملا،مطیع الرحمان نظامی اور دلاور حسین کو پاکستا ن کی حمایت کرنے پر سزائے موت سنائی تھی۔

    ان میں سے نوے سال کے مطیع الرحمان نظامی سز ائے موت سے پہلے ہی بنگلہ دیشی پولیس اہلکاروں کے تشدد کے باعث دل کادورہ پڑنے سے چل بسے تھے۔

  • لیاقت آباد : جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے کارکنان میں تصادم، تین زخمی

    لیاقت آباد : جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے کارکنان میں تصادم، تین زخمی

    کراچی :لیاقت آباد کے قریب جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم کے کارکنان  میں تصادم، نامعلوم افراد کی فائرنگ، پتھراؤ اور ڈنڈے لگنے سے تین کارکنان زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 کی انتخابی مہم کے سلسلے میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی۔

    ریلی کا آغاز نصیر آباد سے ہوا جو موسیٰ کالونی سے ہوتے ہوئے این اے 246 کے مختلف علاقوں سے گزر ی۔ ریلی کی قیادت این اے 246 سے نامزد جماعت اسلامی کے امیدوار راشد نسیم کررہےتھے۔

    ریلی میں جماعت اسلامی کے کارکن بڑی تعداد میں شریک تھےاور نعرے بازی بھی کررہے تھے، مذکورہ ریلی جس وقت شریف آباد کے علاقے میں داخل ہوئی تو وہاں موجود ایم کیو ایم کے کیمپ کے پاس دونو جماعتوں کے  کارکنان میں تلخ کلامی ہوگئی، جو بعد ازاں تصادم کی صورت اختیار کرگئی۔

    پتھراؤ اور ڈنڈے لگنے سے تین افراد زخمی ہوگئے، جماعت اسلامی ترجمان کے مطابق تینوں زخمیوں کا تعلق جماعت اسلامی سے ہے۔

    اس موقع پر پولیس دو موبائلیں بھی موجود تھیں جو صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے خاموشی سے چلی گئیں، اس دوران نامعلوم افراد کی جانب سے ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔

      پتھراؤکے باعث متعدد گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئےاور دیگر نقصان بھی پہنچا، ریلی میں شریک بیشتر افراد اپنی گاڑیاں چھوڑ کر چلے گئے۔

    تاہم بعد ازاں پولیس کی دو تازہ دم موبائلیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور صورت حال پر قابو پانے کی کوشش کی، آخری اطلاعات تک تصادم کی صورتحال پر قابو نہیں پایا جا سکا تھا۔