Tag: جماعت اسلامی

  • کراچی میں آج 10 مقامات پر دھرنوں کا اعلان

    کراچی میں آج 10 مقامات پر دھرنوں کا اعلان

    کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم احمد نے پانی کی بندش کے خلاف آج کراچی کے دس مقامات پر احتجاج کی کال دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی نے آج کراچی میں دس مقامات پر دھرنا دینے اور واٹر بورڈ کے گھیراؤ کا اعلان کردیا۔

    امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم احمد نے کہا کہ میئرکراچی نے نیو کراچی سمیت دیگر علاقوں میں پانی کی سپلائی بند کرادی ہے، ناجائزکنکشن کے نام پر پانی کی لائنیں کاٹی گئیں۔

    حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ کراچی اب بولے گا اور زور سے بولے گا، پیپلز پارٹی کی حقیقت سامنے لائیں گے۔

    خیال رہے کراچی کے مختلف علاقوں نیوکراچی ، نارتھ کراچی اور سرجانی سمیت دیگر علاقوں میں پانی کا بحران پیدا ہوگیا ہے۔

    واٹر بورڈ کی اینٹی تھیفٹ ٹیموں نے چند روز قبل ان علاقوں کو پانی سپلائی کرنے والی لائن سے متعدد کنکشن غیر قانونی قراردے کر منقطع کردیے تھے۔

    واٹر بورڈ نے میئرکراچی کی ہدایت پر کارروائی کی ، تاہم علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ جوکنکشن کاٹے گئے وہ قانونی تھے اور خود واٹر بورڈ نے دیے تھے۔

  • ڈپٹی میئر کراچی نے جماعت اسلامی کے گمراہ کن پروپیگنڈے کو مسترد کردیا

    ڈپٹی میئر کراچی نے جماعت اسلامی کے گمراہ کن پروپیگنڈے کو مسترد کردیا

    کراچی: ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے جماعت اسلامی کے گمراہ کن پروپیگنڈے کو مسترد کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ جماعت اسلامی کے نمائندے جنید مکاتی کی نشاندہی پر مرتضٰی وہاب ان کے علاقے پہنچے۔

    ڈپٹی میئر نےکہا کہ میئر کراچی نے جنید مکاتی کی نشاندہی پر ان کے علاقے کا مسئلہ حل کرادیا، حافظ نعیم اپنے علاقائی نمائندوں سے حقائق جان لیتے تو اچھا ہوتا۔

    ڈپٹی میئر سلمان مراد نے کہا کہ حافظ نعیم ضدی بچہ نہ بنیں جماعت اسلامی کے چیئرمینز کو کام کرنے دیں، جماعت اسلامی اپنی سیاست میں لسانی ٹچ نہ دیں۔

    ڈپٹی میئرکراچی سلمان عبد اللہ مراد کا مزید کہنا تھا کہ حافظ نعیم تعصب کا چشمہ اتار کر دیکھیں تو انھیں  ترقیاتی کام نظر آئیں گے۔

  • جماعت اسلامی کا مئیر کراچی الیکشن کے نتائج ماننے سے انکار ،آج یوم سیاہ منانے کا اعلان

    جماعت اسلامی کا مئیر کراچی الیکشن کے نتائج ماننے سے انکار ،آج یوم سیاہ منانے کا اعلان

    کراچی : مئیر کراچی الیکشن کے پر قبضے کے خلاف جماعت اسلامی نے آج ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا، شام میں شاہراہ قائدین پر جماعت اسلامی کا احتجاج ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی فسطائیت و جمہوریت دشمن رویے، مینڈیٹ پر ڈاکے اور الیکشن پر قبضے کے خلاف جماعت اسلامی نے ملک گیر یوم سیاہ کا اعلان کیا ہے۔

    امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر ملک گیر سطح پر یوم سیاہ منایا جائے گا، ہاتھوں پر سیاہ پٹیاں باندھی جائیں گی اور آج شام 5 بجے کراچی میں نورانی کباب ہاوٴس چورنگی شاہراہ قائدین پر احتجاج کیا جائے گا، جس میں حافظ نعیم خطاب کریں گے۔

    امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے مطالبہ کیا ہے کہ اس جعلی انتخاب کو کالعدم قرار دے کر از سر نو شیڈول جاری کیا جائے۔

    حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پولیس کی سرپرستی میں پر امن کارکنوں پر تشدد،پتھراوٴ اور لاٹھی چارج سے کئی کارکنان زخمی ہوئے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔

    انھوں نے مزید کہا کہ میئر کے جعلی انتخاب اور غیر جمہوری و غیر آئینی عمل کو مسترد کرتے ہیں،15جون کا دن نہ صرف کراچی بلکہ پورے سندھ اور ملک کی جمہوری تاریخ کا بدترین دن ہے۔

    امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت نے حکومتی جبر و تشدد اور الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے زبردستی عوامی مینڈیٹ پر قبضہ کیا، 15جون کو جمہوریت کا گلا گھونٹا گیا، جماعت اسلامی کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کی جدو جہد جاری رکھے گی۔

  • کراچی میئر کا الیکشن : جماعت اسلامی نےانتخابی عمل پر اعتراض اٹھادیا

    کراچی میئر کا الیکشن : جماعت اسلامی نےانتخابی عمل پر اعتراض اٹھادیا

    کراچی : کراچی میئر کے الیکشن میں جماعت اسلامی نے 33 غیر حاضر ارکان کو پیش کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں میئر اور ڈپٹی میئر کے لیے انتخاب کا عمل جاری ہے ، جماعت اسلامی نے میئر کے انتخابی عمل پر اعتراض اٹھادیا۔

    جماعت اسلامی نے 33 غیر حاضر ارکان کو پیش کرنے کا مطالبہ کردیا ، الیکشن کمیشن نےاعتراض نوٹ کرلیا۔

    خیال رہے میئر کے لئے پیپلز پارٹی کے مرتضیٰ وہاب اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان کے درمیان مقابلہ ہے جبکہ ڈپٹی میئر کیلئے پیپلزپارٹی کے سلمان عبداللہ مراد اور جماعت اسلامی کے سیف الدین ایڈووکیٹ میدان میں ہیں۔

    دونوں جماعتیں اپنے اپنے امیدوار کی کامیابی کیلئے پُرامید ہیں، انتخاب شو آف ہینڈز سے ہوگا۔

    آرٹس کونسل کراچی آڈیٹوریم کو پولنگ اسٹیشن قرار دیا گیا ہے اورسیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

    ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے تین سو بتیس ارکان وقت پر پہنچ گئے جبکہ چونتیس ارکان غیرحاضرہیں۔۔ کے ایم سی کے تین سو چھیاسٹھ ارکان کو ووٹ کاسٹ کرنا تھا۔

    سٹی کونسل میں پیپلزپارٹی کے 155 اور جماعت اسلامی کے ارکان کی تعداد133 ہے، پی ٹی آئی باسٹھ ، مسلم لیگ نون چودہ ، جے یو آئی چار اور تحریک لبیک کی ایک نشست ہے۔

    میئرکے انتخاب کے لیے پیپلز پارٹی کو مسلم لیگ نون اور جمعیت علمائے اسلام ف کی حمایت حاصل ہے جبکہ ووٹنگ میں حصہ لینے کیلئے فردوس شمیم نقوی سمیت پی ٹی آئی کے تین ارکان کو بکتربند میں آرٹس کونسل پہنچادیا گیا ہے۔

  • ’کراچی کے مینڈیٹ پر وڈیرے اور جاگیردار قبضہ کرنا چاہتے ہیں‘

    ’کراچی کے مینڈیٹ پر وڈیرے اور جاگیردار قبضہ کرنا چاہتے ہیں‘

    کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ کراچی کے مینڈیٹ پر وڈیرے اور جاگیردار قبضہ کرنا چاہتے ہیں ہم مینڈیٹ چوری کرنے کے خلاف احتجاج کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے تحفظ کراچی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر قائد کے لوگوں نے جماعت اسلامی پر اعتبار کیا ہے، ہم نے دھرنے دیے تب انہوں نے بلدیاتی انتخاب کروائے، الیکشن کمیشن ان کی اے ٹیم بنا رہا، بار بار الیکشن ملتوی کیے گئے۔

    حافظ نعیم نے کہا کہ جب دیکھا پی پی ہار رہی ہے تو فارم 11 اور 12 روک دیے، اپنی مرضی کے ریٹرننگ افسروں سے نتیجے بدلنا شروع کیے گئے۔

    انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے پیپلزپارٹی کا لکھا ہوا فیصلہ آیا، جماعت اسلامی نے پورے کراچی میں سب سے زیادہ ووٹ لیے، غیرمنصفانہ حلقہ بندیاں کی گئیں لیکن ہم نے مقابلہ کیا۔

    امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ تین بار الیکشن ملتوی کیے گئے لیکن ہم نے پیچھا کیا، ہماری جدوجہد سے مجبور ہوکر بلدیاتی انتخاب کروائے گئے، یہ کیسا ملک ہے جہاں اپنا حق لینے کے لیے احتجاج کرنا پڑتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کل سپریم کورٹ میں ہماری پٹیشن داخل ہورہی ہے، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے ان کا مقابلہ کریں گے، یہ سوچ رہے ہیں جو لوگ گرفتار ہیں ووٹ نہیں ڈالیں گے لیکن ہم 15 جون کو ان کے سارے ہتھکنڈوں کو ختم کردیں گے۔

  • میئر کراچی جماعت اسلامی کا ہوگا، حافظ نعیم الرحمان کا دعویٰ

    میئر کراچی جماعت اسلامی کا ہوگا، حافظ نعیم الرحمان کا دعویٰ

    کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ میئر کراچی ہماری پارٹی کا ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد پی ٹی آئی رہنما ہم سے رابطے میں ہیں اور امید ہے پی ٹی آئی والے اپنے چیئرمین کی ہدایت کے خلاف نہیں جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر یہ پارٹی ہدایت کے برعکس ووٹ دیں گے تو ان کا ووٹ شمار نہیں ہوگا اور پارٹی ہدایت کے باوجود نہیں آتے تو پارٹی ان کے خلاف کارروائی کرے گی۔

    حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم ڈپٹی میئر کراچی کا عہدہ پی ٹی آٗئی کو دینے کے لیے تیار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی دوسری جماعتوں سے بھی بات چیت کررہی ہے، ہم نے ن لیگ، جے یو آئی، ٹی ایل پی سے بھی رابطہ کیا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب کے نام پر پیپلزپارٹی میں ابھی بھی جھگڑے چل رہے ہیں۔

    حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سندھ حکومت کا ترمیم کردہ اینی پرسن والا قانون کل ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے جارہے ہیں، الیکشن تو مرتضیٰ وہاب نے لڑا نہیں باہر سے آرہے ہیں کہیں ان کے لالے نہ پڑجائیں۔

  • جماعت اسلامی نے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے تحفظ کے لیے درخواست دائر کر دی

    جماعت اسلامی نے منتخب بلدیاتی نمائندوں کے تحفظ کے لیے درخواست دائر کر دی

    کراچی: جماعت اسلامی نے سندھ ہائیکورٹ میں منتخب بلدیاتی نمائندوں کے تحفظ کے لیے درخواست دائر کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کراچی نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ چیف سیکریٹری اور آئی جی سندھ کو منتخب بلدیاتی نمائندوں کو ہراساں کرنے سے روکا جائے۔

    درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مختلف ٹاؤنز کے منتخب نمائندوں کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کی جائیں، اور الیکشن کمیشن کو ہدایت کی جائے کہ تمام منتخب نمائندوں کے حلف کو یقینی بنائیں۔

    درخواست میں الیکشن کمیشن، چیف سیکریٹری سندھ اور آئی جی سندھ کو فریق بنایا گیا ہے۔

    امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے سندھ ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سندھ ہائی کورٹ میں فوری سماعت کی درخواست دائر کی ہے، بلدیاتی انتخابات کو یرغمال بنایا جا رہا ہے، سندھ حکومت ان انتخابات پر قبضہ کرنے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، ڈھائی سال کی جدوجہد کے بعد بلدیاتی الیکشن ہوئے ہیں۔

  • میئر کراچی کا انتخاب ، تحریک انصاف کا  جماعت اسلامی کی حمایت کا اعلان

    میئر کراچی کا انتخاب ، تحریک انصاف کا جماعت اسلامی کی حمایت کا اعلان

    کراچی : میئر کراچی کے انتخاب میں تحریک انصاف نے جماعت اسلامی کی حمایت کا اعلان کردیا، حافظ نعیم الرحمان جماعت اسلامی کےمیئر کے امیدوار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے میئر کراچی کے انتخاب میں جماعت اسلامی کی حمایت کردی۔

    پی ٹی آئی کراچی کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ میئر کے انتخاب میں جماعت اسلامی کےامیدوارکوسپورٹ کریں گے، حافظ نعیم الرحمان جماعت اسلامی کےمیئرکےامیدوار ہیں۔

    پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی میئرکراچی کےانتخابی عمل میں پری پول رگنگ کررہی ہے اور منتخب بلدیاتی نمائندگان کوسندھ پولیس کےذریعےاغواکر رہی ہے۔

    تحریک انصاف نے کہا کہ جو پیپلز پارٹی 4 بار بلدیاتی انتخاب سے پیچھے بھاگی وہ عجلت میں میئر کا انتخاب کروانا چاہتی ہے، بلدیاتی نمائندگان کی حلف برداری سے پہلے ان کو اغوا کیا جارہا ہے، اس معاملے پر عدالت سے بھی رجوع کر چکی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ میئر کا انتخاب شفاف طریقہ کار سے ہونا چاہیے، پیپلز پارٹی نے چور دروازے سے میئر کے انتخاب کا راستہ بنایا، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نہیں چاہتی کے عوامی مینڈیٹ قبول کیا جائے۔

    خیال رہے جماعت اسلامی کی بلدیاتی نشستیں 87 اور پی ٹی آئی کی43 ہیں ، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی ملکر میئربناسکتے ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی نشستیں 104ہیں۔

  • ضمنی بلدیاتی الیکشن، کئی ووٹ ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا

    ضمنی بلدیاتی الیکشن، کئی ووٹ ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا

    کراچی: شہر قائد میں ضمنی بلدیاتی الیکشن کے دوران کئی ووٹ ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی الیکشن سیل کی جانب سے الیکشن کمیشن سندھ کو ایک خط لکھا گیا ہے، جس میں دستخط اور مہر کے بغیر بیلٹ پیپر کے اجرا پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ یو سی 6 نارتھ ناظم آباد پولنگ اسٹیشن نمبر 30 پر بیلٹ پیپر کی پشت پر دستخط کیے بغیر ہی جاری کیے گئے ہیں، ترجمان نے کہا کہ پشت پر دستخط اور مہر کے بغیر بیلٹ پیپر کے اجرا سے ووٹ ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔

    جماعت اسلامی کے ترجمان نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن اس سلسلے میں فوری طور پر کارروائی کرے، ترجمان نے کہا کہ یو سی 6 نارتھ ناظم آباد سینٹ جارج اسکول کے پولنگ اسٹیشن 30 کا عملہ غیر تربیت یافتہ لگ رہا ہے۔

    ضمنی بلدیاتی الیکشن: جماعت اسلامی کا انتخابی عملے اور پولیس پر جانب داری کا الزام

    خط میں ترجمان نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن سندھ ہدایت جاری کرے کہ دستخط اور مہر کے بغیر بیلٹ پیپر جاری نہ کیے جائیں۔

  • ڈیجیٹل مردم شماری: حافظ نعیم نے اہم مطالبہ کردیا

    ڈیجیٹل مردم شماری: حافظ نعیم نے اہم مطالبہ کردیا

    کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم کا کہنا ہے کہ مردم شماری میں کراچی کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے، سوچی سمجھی سازش کے تحت کراچی کی آبادی کو کم کیا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی کراچی نے وفد کے ہمراہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔

    حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے وفد نے آج گورنر ہاؤس میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے ملاقات کی اور مردم شماری وخانہ شماری میں سنگین جعل سازیوں و بے ضابطگیوں کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

    ملاقات کے بعد حافظ نعیم الرحمن اورگورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کی،حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ ہم نے گورنر سندھ کو مردم شماری میں بے ضابطگیوں کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا ہے۔

    ہمارا واضح اور دو ٹوک مطالبہ ہے کہ کراچی میں رہائش پذیر ہر فرد کو کراچی میں ہی شمار کیا جائے اور ہر شہری کو اختیار دیا جائے کہ وہ چیک کرسکے کہ اسے شمار کیا گیا ہے یا نہیں۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ مردم شماری کے حوالے سے شہر کی اسٹیک ہولڈرز جماعتوں پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے اور مردم شماری کی تاریخ میں توسیع کی جائے،ماضی میں بھی کراچی کی مردم شماری میں جعل سازی کی گئی اور سوچی سمجھی سازش کے تحت کم گنا گیا ہے،ڈیجیٹل مردم شماری میں بھی کراچی کی آبادی کو آدھا گنا گیا ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

    حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ جب تک کراچی کی حقیقی آبادی ٹھیک شمار نہیں کی جائے گی تو اس سے ملازمتوں، شہری وسائل اور سندھ اسمبلی میں نمائندگی میں بھی اس کے حق کے مطابق نہیں مل سکے گی۔

    انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے حوالے سے بھی ہمارا مطالبہ یہی تھا کہ مردم شماری کی منظوری نہ دی جائے بلکہ ٹھیک کیا جائے لیکن ایم کیوا یم اور پی ٹی آئی نے مل کر جعلی مردم شماری کی منظوری دی۔

    اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ جماعت اسلامی کے وفد کا گورنر سندھ آمد پر خیر مقدم کرتے ہیں، مردم شماری میں پائی جانے والی بے ضابطگیوں کے حوالے سے تفصیلی بات سامنے آئی۔جماعت اسلامی کے علاوہ دوسری جماعتوں کو بھی مردم شماری میں اعتراضات ہیں جنہیں دور کیا جانا ضروری ہے،اس حوالے سے میں نے وفاقی وزیر کو خط بھی ارسال کردیا ہے۔