Tag: جماعت اسلامی

  • زکوٰة کا پیسہ جماعت اسلامی نے اپنی الیکشن مہم میں استعمال کیا، سعید غنی کا الزام

    زکوٰة کا پیسہ جماعت اسلامی نے اپنی الیکشن مہم میں استعمال کیا، سعید غنی کا الزام

    کراچی: صوبائی وزیر سعید غنی نے الزام لگایا ہے کہ جماعت اسلامی نے زکوٰة کا پیسہ اپنی الیکشن مہم میں استعمال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج بدھ کو کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ حافظ نعیم نے خود کہا ہے کہ ہمیں ووٹ اس لیے ملا کہ سیلاب متاثرین کو راشن دیا، زکوٰة کا پیسہ جماعت اسلامی نے اپنی الیکشن مہم میں استعمال کیا ہے۔

    سعید غنی نے کہا کہ میئر کراچی کا انتخاب مئی میں‌ متوقع ہے، جنوری میں‌ الیکشن ہوا ہے لیکن میئر کراچی کے لیے 4 ماہ لگا دیے گئے، الیکشن کمیشن بتا دے کہ اتنی تاخیر کی وجہ کیا ہے؟

    انھوں نے سوال اٹھایا کہ 11 سیٹوں کا الیکشن 18 جنوری کو کیوں نہیں ہو سکتا تھا؟ انھوں نے مزید کہا کہ قانون میں لکھا ہے کہ الیکشن کمیشن 60 دن میں تمام کیسز نمٹائے گا۔

    جماعت اسلامی پر تنقید کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ کراچی کے باہر ان کی مقبولیت کہاں چلی گئی ہے، کراچی سے باہر نکل کر ان کی حالت کیوں خراب ہے، جب کہ ہم نے شہری اور دیہی علاقوں میں الیکشن جیتا ہے، کراچی میں ہمارے 5 ایم این ایز ہیں، ضمنی الیکشن اور کنونمنٹ بورڈ ہم نے جیتے ہیں، ہمارے مینڈیٹ پر سوال اٹھاتے ہو تو سب سے بڑا سوال آپ کے مینڈیٹ پر ہے۔

  • ری کاؤنٹنگ میں جماعت اسلامی کی 10 سے 15 سیٹیں چھین لی گئیں، حافظ نعیم

    ری کاؤنٹنگ میں جماعت اسلامی کی 10 سے 15 سیٹیں چھین لی گئیں، حافظ نعیم

    امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ری کاؤنٹنگ میں جماعت اسلامی کی 10 سے 15 سیٹیں چھین لی گئیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول سےسوال ہے 2009 سے 2015 تک پی پی، ایم کیو ایم ساتھ تھے، دونوں نے اس وقت بلدیاتی الیکشن نہیں کرائے تھے؟ اب جب بلدیاتی الیکشن ہوئے، تو کیوں یہ ہائیکورٹ، الیکشن کمیشن جاتے تھے۔

    حافظ نعیم نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن سے پہلے بارش اور سیکیورٹی کا بہانہ بنایا جاتا رہا، الیکشن کمیشن کو انہوں نے استعمال کیا، جن نشستوں پر الیکشن نہیں ہوئے ان پر ضمنی الیکشن ہونے چاہئیں۔

    انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پیپلزپارٹی کی بات مانتا ہے، الیکشن کمیشن نے عدالت کویقین دلایا الیکشن شیڈول جاری ہوگیا ہے، ڈھائی سال سے لڑ رہے تھے کہ الیکشن کراؤ، دھرنےدیے، عدالت بھی گئے۔

    اب جب الیکشن ہوگئے تو انہوں نے جماعت اسلامی کی ری کاؤنٹنگ میں 10 سے15 سیٹیں چھین لی، آر اوز اور ڈی آراوز کی روز الیکشن کمیشن میں ذلت ہوتی ہے، خاندان کے ذریعے یہ پارٹی پر مسلط ہوتے ہیں ویسے ہی یہ ملک پر مسلط ہونا چاہتے ہیں۔

    حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ سارا انحصار الیکشن کمیشن پر ہے، تاخیر  پی پی اور ایم کیو ایم کی وجہ سے ہوئی ہے، جماعت اسلامی، پی پی  84،84 نشستوں پر کامیاب ہیں انکا اعلان ہوچکا ہے۔

  • 11 یوسیز  پر بلدیاتی انتخابات، جماعت اسلامی کا سندھ ہائیکورٹ سے رجوع

    11 یوسیز  پر بلدیاتی انتخابات، جماعت اسلامی کا سندھ ہائیکورٹ سے رجوع

    کراچی: جماعت اسلامی نے کراچی کی 11 یونین کونسلوں پر بلدیاتی انتخاب کرانے کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

    درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ 11 نشستوں پر چیئرمین، وائس چیئرمین کے انتخابات امیدواروں کے انتقال و دیگر وجوہات کی بنا پر نہیں ہوئے تھے۔

    درخواست گزار حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن11 نشستوں پر انتخابات کرانے سے گریز کر رہا ہے، مئیرشپ کے عمل کو مکمل کرنے کے لیے فوری انتخابات کرانے کا حکم دیا جائے۔

  • کراچی ضلع شرقی کے ایک یو سی میں ری کاؤنٹنگ، جماعت اسلامی سے سیٹ چھن گئی

    کراچی ضلع شرقی کے ایک یو سی میں ری کاؤنٹنگ، جماعت اسلامی سے سیٹ چھن گئی

    کراچی: شہر قائد میں ضلع شرقی کے ایک یو سی میں ری کاؤنٹنگ کے بعد سیٹ جماعت اسلامی سے چھن گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ضلع شرقی میں یو سی 6 پر چیئرمین اور وائس چیئرمین کی سیٹ پر ری کاؤنٹنگ کرائی گئی، جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین احمد خان اور وائس چیئرمین عبدالحق کا پینل کامیاب ہو گیا۔

    پیپلز پارٹی کے پینل نے 2096 ووٹ حاصل کیے، جب کہ جماعت اسلامی کا پینل 1843 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہا۔

    ریٹرننگ آفیسر نے ری کاؤنٹنگ کے بعد فارم 14 جاری کر دیا، پاکستان پیپلز پارٹی نے اس نشست پر الیکشن کمیشن سے ری کاؤنٹنگ کی درخواست کی تھی۔

  • ’بلدیاتی الیکشن مکمل کراؤ تحریک‘ شروع کرنے کا اعلان

    ’بلدیاتی الیکشن مکمل کراؤ تحریک‘ شروع کرنے کا اعلان

    کراچی: جماعت اسلامی نے ’بلدیاتی الیکشن مکمل کراؤ تحریک‘ شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ وہ ’بلدیاتی الیکشن مکمل کراؤ تحریک‘ شروع کر رہے ہیں۔

    حافظ نعیم الرحمان نے کہا ’’19 فروری کو ایم اے جناح روڈ پر بڑا مارچ کریں گے، ہمارے پاس ٹرین مارچ کا آپشن بھی موجود ہے۔‘‘

    انھوں نے کہا کہ اکتیس دن ہو گئے ہیں، الیکشن کمیشن نے گیارہ یوسیز کے شیڈول کا اعلان تک نہیں کیا، اگر سندھ الیکشن کمیشن نے سمری بنا کر بھیج دی ہے تو وفاقی الیکشن کمیشن اعلان کیوں نہیں کر رہا ہے۔

    امیر جماعت اسلامی کراچی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہمیں ریڈ لائن پروجیکٹ پر تحفظات ہیں، ریڈ لائن بن بھی گئی تو ٹریفک کا بہت بڑا مسئلہ رہے گا، 120 ارب لاگت سے پروجیکٹ شروع ہونا تھا جو 150 ارب تک چلا گیا ہے۔

    حافظ نعیم الرحمان نے کراچی کے ایک اور اہم ترین مسئلے کی نشان دہی کی، اور کہا کہ ساڑھے 3 کروڑ آبادی کا شہر 2 یونیورسٹیوں پر چل رہا ہے، ایک جامعہ کراچی، جس میں تقریباً 46 ہزار طلبہ ہیں، اور دوسری وفاقی اردو یونیورسٹی، انھوں نے کہا کہ وفاقی اردو یونیورسٹی میں 10 سال سے وائس چانسلر بھی نہیں ہے۔

    حافظ نعیم نے ایم کیو ایم کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ نواز شریف، عمران خان اور آصف زرداری اور ہر حکومت میں شامل ایم کیو ایم جواب دے کہ ان ساری جماعتوں نے کے الیکٹرک کے خلاف ایکشن کیوں نہیں لیا، بتائیں کراچی کے ساتھ یہ سلوک کیوں کرتے ہو۔

  • جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کی جوائنٹ اسٹریٹجی کمیٹی ناکام ہو گئی

    جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کی جوائنٹ اسٹریٹجی کمیٹی ناکام ہو گئی

    کراچی: بلدیاتی نتائج کے خلاف جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کی جوائنٹ اسٹریٹجی کمیٹی ناکام ہو گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق میئر کراچی بنانے کا مشن متوقع اتحاد بننے سے پہلے ہی کھٹائی میں پڑ گیا ہے، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف جوائنٹ اسٹریٹجی کمیٹی ناکام ہو گئی۔

    بلدیاتی نتائج کے خلاف دونوں جماعتوں نے ساتھ چلنے کے لیے مشترکہ کمیٹی تشکیل دی تھی، 4 رکنی کمیٹی فارم 11 کا ایکسچینج کر سکی نہ کام مکمل کیا جا سکا۔

    دونوں جماعتیں ایک دوسرے کی 10 سے زائد نشستوں پر جیت کی دعوے دار بن گئی ہیں، ضلع وسطی، ضلع شرقی، ضلع کیماڑی کی متعدد نشستوں پر دونوں جماعتیں جیت کی دعوے دار ہیں۔

    کمیٹی نے ایک ہفتے میں فارم گیارہ ایکسچینج کر کے حکمت عملی بنانی تھی، لیکن کام ادھورا رہ گیا اور دونوں جماعتیں اپنی اپنی شکایتیں لے کر الیکشن کمیشن پہنچ گئی ہیں۔

    الیکشن کمیشن میں پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف نے ایک دوسرے کے انتخابی نتائج کو چیلنج کر رکھا ہے، یاد رہے کہ جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی رہنماؤں نے ساتھ چلنے کے لیے مشترکہ پریس کانفرنس پی ٹی آئی سیکریٹریٹ میں 21 جنوری کو کی تھی۔

  • کراچی کی میئر شپ کے لئے سیاسی روابط میں تیزی، جماعت اسلامی کا وفد پی ٹی آئی آفس پہنچ گیا

    کراچی : میئر کراچی کے انتخاب کے معاملے پر حافظ نعیم کی قیادت میں جماعت اسلامی کا وفد پی ٹی آئی آفس پہنچ گیا، وفد کی علی زیدی و دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقات ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق میئر کراچی کے انتخاب کے معاملے پر سیاسی روابط میں تیزی آگئی ، جماعت اسلامی کا وفد آج پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی سے ملاقات کرے گا۔

    حافظ نعیم کی قیادت میں جماعت اسلامی کا وفد پی ٹی آئی آفس پہنچ گیا، جہاں پی ٹی آئی رہنماؤں بلال غفار، ارسلان تاج اور راجہ اظہر نےوفدکا استقبال کیا۔

    وفد کی علی زیدی و دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں سے ملاقات ہوگی ، جماعت اسلامی کے وفد میں اسامہ رضی، مسلم پرویز بھی شامل ہیں۔

    اس حوالے سے ک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ جماعت اسلامی کا وفد حافظ نعیم کی قیادت میں آج پی ٹی آئی سندھ ہاوٴس پہنچے گا، ہم دل سے۔خوش آمدید کرتے ہیں۔

    فردوس شمیم نقوی کا کہنا تھا کہ بہت اچھی بات ہے کہ حافظ نعیم صاحب ہر پارٹی کا موقف جان رہے ہیں سب سے مل کر، ہمیں کراچی والوں کی فکر ہے ہم ایسی جماعت کا ساتھ نہیں دیں گے جو اپنے مفاد کے لئے کراچی حاصل کرنا چاہے۔

    رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اس شہر کی بدحالی کے ذمہ دار وہ جماعت ہے جو اقتدار میں آئے ، اس سے جماعت اسلامی کے لیے فیصلہ کرنے میں آسانی ہو جائے گی کہ کون دل سے سنجیدہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جو کراچی کو لیکر سنجیدہ ہے ہم اس جماعت کا ساتھ دیں گے، ورنہ ماموں بھانجے کے رشتے میں ایک آدھی جماعت کراچی کو کسی لائق نہیں چھوڑے گی،جو بھی شہر کراچی کے لئے بہتر ہوگا ہم وہی بات کریں گے۔
    .

  • مرتضیٰ وہاب کا  جماعت اسلامی کی قیادت  کو مشورہ

    مرتضیٰ وہاب کا جماعت اسلامی کی قیادت کو مشورہ

    کراچی : سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے جماعت اسلامی کی قیادت کو مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنے کا مشورہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب جماعت اسلامی کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کو تعمیر و ترقی کی ضرورت ہے تخریب کی نہیں ، دھرنوں ہنگاموں کی سیاست سے کراچی کی خدمت نہیں ہوگی۔

    مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی کو ایسے فرد کی ضرورت ہےجو اسٹیک ہولڈرزکو ساتھ لے کر چلے، جماعت اسلامی کومثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔

    گذشتہ روز وزیرمحنت سندھ سعید غنی نے کہا تھا کہ جماعت اسلامی میئر کے عہدے کا نشہ اتنی جلدی سرپرنہ چڑھائے، آپ ہمارامینڈیٹ تسلیم کرو، ہم آپ کامینڈیٹ مانیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جس یوسی پراعتراض ہے،دوبارہ گنتی کرائیں، ہم تسلیم کریں گے۔

  • دھاندلی، آر او نے منگھوپیر ٹاؤن یو سی 12 کے نتائج تبدیل کر دیے

    دھاندلی، آر او نے منگھوپیر ٹاؤن یو سی 12 کے نتائج تبدیل کر دیے

    کراچی: شہر قائد کے علاقے منگھوپیر ٹاؤن میں آر او کی جانب سے نتائج تبدیل کر کے دھاندلی سے جماعت اسلامی کے امیدوار کو ہرانے کے ثبوت مل گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں ریٹرننگ افسران کی جانب سے نتائج فارم 11 کے مطابق جاری نہ کرنے کا ثبوت سامنے آ گیا ہے، آر او نے گلشن معمار منگھوپیر ٹاؤن یو سی 12 کے نتائج تبدیل کر کے جاری کیے۔

    فارم 11 کے مطابق جماعت اسلامی کے یو سی امیدوار ابو ضیا پرویز نے 2059 ووٹ حاصل کیے تھے، جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار ہلال سعید نے 546 ووٹ حاصل کیے۔

    تاہم، یو سی امیدوار ابو ضیا پرویز کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر منگھوپیر اور ریٹرننگ افسر عبدالفتح پنہور نے نتائج فارم 11 کے مطابق جاری نہیں کیے۔

    نتائج تبدیل کیے جانے کے بعد ابو ضیا پرویز کے ووٹ 1928 کر دیے گئے، جب کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار ہلال سعید کے ووٹ 1981 کر دیے گئے۔

    یو سی بارہ سے حاصل شدہ تمام فارم گیارہ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جماعت اسلامی کے امیدوار نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کر کے واضح برتری پائی، لیکن آر او کی جانب سے دھاندلی زدہ نتیجہ جاری کیا گیا۔

  • جماعت اسلامی کا کراچی بلدیاتی انتخابات کے نتائج میں تاخیر پر احتجاج کا اعلان

    جماعت اسلامی کا کراچی بلدیاتی انتخابات کے نتائج میں تاخیر پر احتجاج کا اعلان

    کراچی: جماعت اسلامی نے کراچی بلدیاتی انتخابات میں نتائج میں تاخیر، ردوبدول کے خلاف احتجاج کا اعلان کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کل 17 جنوری کو ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی ہے۔

    سیکریٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف کا کہنا ہے کہ سراج الحق نے کل منصورہ میں اہم اجلاس طلب کیا ہے، جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت کا اجلاس دو بجے منصورہ میں شروع ہوگا۔

    انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جائے گا۔

    حافظ نعیم الرحمان کی الیونتھ آور میں گفتگو

    دوسری جانب امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے الیونتھ آور میں کہا کہ جماعت اسلامی نمبر ون، پی پی دوسرے اور تیسرے نمبر پر پی ٹی آئی ہے، آر اوز کے پاس اب تک لوگ بیٹھے ہیں نتائج نہیں دیے جارہے ،پی پی کے نتائج آرہے ہیں باقی لوگوں کے نہیں آرہے۔

    حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آر اوز بے شک تاخیر سے نتائج دیں لیکن نمبر تو درست کریں ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں جہاں ہم جیتے وہاں ہرایا گیا ہے۔

    امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ آراوز کے تقرر پر ہم نے الیکشن کمیشن میں تحفظات کا اظہار کیا تھا، فارم 11 میں نتائج الگ اور الیکشن کمیشن الگ نتائج دے رہے ہیں، جماعت اسلامی 94 یوسیز سے جیت چکی ہے فارم 11 بطور ثبوت موجود ہے۔

    حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ علی زیدی سے بھی رابطہ ہوا ان کا بھی یہی شکوہ ہے کہ علی زیدی کے مطابق بھی فارم 11 اور الیکشن کمیشن کے نتائج میں فرق ہے، یہ پہلے نتیجہ فکس کریں اس کے بعد بات ہوگی۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی زبردستی اقلیت کو اکثریت میں بدل رہی ہے مسائل کے باوجود ہم نے الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔