Tag: جماعت الدعوة

  • کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید نیشنل ایکشن کے تحت گرفتار

    کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید نیشنل ایکشن کے تحت گرفتار

    لاہور: کالعدم جماعت الدعوة کے سربراہ حافظ سعید کو محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے گرفتار کرلیا جس کے بعد انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جماعت الدعوة کے سربراہ حافظ سعید کو سی ٹی ڈی پنجاب نے گرفتار کرلیا ہے، حافظ سعید اپنے خلاف درج مقدمات کا سامنا کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ حافظ سعید کو لاہور سے گجرانوالہ جاتے ہوئے حراست میں لیا ہے، ان کی گرفتاری نینشل ایکشن پلان کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔ گرفتاری کے بعد انہیں انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا ، جہاں ان کا سات روزہ ریمانڈ منظورکرلیا گیا۔

    یاد رہے کہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے نومبر 2008 میں جماعت الدعوۃ  کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے پابندیاں عائد کی تھیں بعدازاں سال 2014 میں امریکا نے بھی جماعت الدعوۃ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتے ہوئے اس پر مالی پابندیاں عائد کیں اور حافظ سعید کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر ایک کروڑ ڈالر انعام دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔

    حافظ محمد سعید کی پیدائش 1948 میں اس وقت ہوئی جب ان کا خاندان انڈیا سے ہجرت کرکے پاکستان پہنچا۔ ہجرت کے اس سفر میں ان کے خاندان کے 36 افراد شہید ہوئے۔ خاندان کا کوئی بچہ زندہ نہ رہا۔ حافظ محمد سعید کا بچپن سرگودھا میں گزرا جہاں انہوں نے اپنی والدہ سے قرآن حفظ کیا اور گاؤں کے اسکول سے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔ میٹرک کے بعد مزید تعلیم کے لیے اپنے ماموں اور عالم دین حافظ عبداللہ بہاولپوری کے پاس بہاولپور چلے گئے۔

     حافظ سعید نے پہلے لشکر ِ طیبہ کے نام سے اپنی تنظیم کی بنیاد رکھی تھی جب اس پر پابندی لگی تو انہوں نے جماعت الدعوۃ کے نام سے اپنی سرگرمیاں شروع کردی تھیں۔ جب جماعت الدعوۃ پر پابندی لگی تو انہوں نے فلا ح انسانیت فاؤنڈیشن کے نام سے اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے کئی فلاحی پراجیکٹس چل رہے ہیں جن میں اسکول ، اسپتال اور مدرسے بھی شامل ہیں۔

  • جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی عائد، نوٹیفکیشن جاری

    جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی عائد، نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد : حکومت نے جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی عائد کردی، دونوں تنظیموں کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے شیڈول ون میں شامل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان نے فلاح انسانیت فاؤنڈیشن اور جماعت الدعوۃ پر پابندی عائد کردی ہے، اس حوالے سے وزارت داخلہ کی جانب سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن چاروں صوبوں کو بھیجا جارہا ہے، وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مذکورہ پابندی انسداد دہشت گردی ایکٹ1997کے تحت عائد کی گئی ہے۔

    دونوں تنظیموں کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کے شیڈول ون میں شامل کردیا گیا ہے۔ ان دونوں تنظیموں پر پابندی کے بعد پاکستان میں اب تک کالعدم تنظیموں کی تعداد 70ہوگئی ہے۔

    واضح رہے کہ پاکستان کالعدم تنظیموں کے خلاف عالمی قوانین کے تحت کام کر رہا ہے. کالعدم تنظیموں کے اثاثہ جات سے متعلق بھی سخت اقدام کیے گئے ہیں۔

    اس سلسلے میں پاکستان میں کالعدم تنظیموں کے خلاف باقاعدہ کارروائی شروع کر دی گئی ہے، وزارتِ داخلہ کے ایکشن کے تحت کالعدم تنظیموں کے 44 ارکان زیرِ حراست لے لیے گئے۔

    مزید پڑھیں: کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن، 44 افراد زیرِ حراست

    وزیرِ مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی اور سیکریٹری داخلہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزارتِ داخلہ نے کالعدم تنظیموں کے خلاف ایکشن کا آغاز کردیا گیاہے، کالعدم تنظیموں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔

  • عالمی طاقتیں پاکستان کے ٹکڑے کرنا چاہتی ہیں، حافظ محمد سعید

    عالمی طاقتیں پاکستان کے ٹکڑے کرنا چاہتی ہیں، حافظ محمد سعید

    اٹک : سربراہ جماعت الدعوة حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ عالمی طاقتیں پاکستان کے ٹکڑے کرنا چاہتی ہیں۔ امریکی صدر کے پاکستان پر ڈرون حملوں کے بیان کے بعد پاکستانی حکومت کو فیصلہ کن کردار ادا کرنا ہو گا۔

    یہ بات انہوں نے اٹک شہر میں یوم تکبیر کے موقع پر نظریہ پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ حافظ سعید کا کہنا تھا کہ سیاستدان قومی یکجہتی پیدا نہیں کرسکے۔

    عوام کو حوصلہ دے کر مایوسی سے نکالنا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے اور جلد بھارت کے تسلط سے آزا د ہوگا۔ ایٹمی پاکستان عالم اسلام کے تحفظ کی ضمانت ہے۔

    پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں پر سیاستدان حقائق سے واقف نہیں یا احساس سےعاری ہیں۔ پاکستانی حکمرانوں کی آنکھوں پر مفادات کی پٹی بندھی ہوئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکہ نائن الیون کی ذمہ داری سعودی عرب پر ڈال کراسے دہشت گرد ملک قرار دے گا۔ پاکستا ن اور سعودی عرب عالم اسلام کو اکٹھا کرنے میں کردار ادا کررہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملا اختر منصور کو ایران میں کیوں نہ مارا گیا پاکستان میں کیو ں مارا گیا۔ بلوچستان میں ڈرون حملہ ملکی خود مختاری کے خلاف سازش ہے۔ اس جرات کے بعد امریکی سفیر کو پاکستان سے نکال دینا چاہئے۔

     

  • کوئٹہ: جماعت الدعوۃ کا قافلہ مینار پاکستان کیلئے روانہ

    کوئٹہ: جماعت الدعوۃ کا قافلہ مینار پاکستان کیلئے روانہ

    کوئٹہ: کوئٹہ سے جماعت الدعوة کے کارکنوں کا قافلہ لاہور میں مینار پاکستان پر مرکزی اجتماع میں شرکت کے لئے روانہ ہوگیا ہے۔

    ،جماعت الدعوة بلوچستان کے امیر کی قیادت میں صوبے کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے چار سے پانچ سو کے قریب کارکن بذریعہ ٹرین کوئٹہ ریلوے اسٹیشن لاہور کے لئے روانہ ہوگئے ہیں جو 4اور 5 دسمبر کو لاہور میں جماعت الدعوة کے مرکزی اجتماع میں شریک ہوں گے۔

    روانگی کے موقع پر جماعت الدعوة بلوچستان کے صوبائی امیر حافظ محمد قاسم کا کہنا تھا کہ مرکزی اجتماع کا مقصد قوم اور امت مسلمہ کے درمیان نفرتوں کو مٹا کر اتحاد پیدا کرنا ہے۔