Tag: جماعت نہم

  • میٹرک بورڈ نے ایڈمٹ کارڈ آن لائن جاری کر دیے

    میٹرک بورڈ نے ایڈمٹ کارڈ آن لائن جاری کر دیے

    کراچی: میٹرک بورڈ کراچی نے جماعت نہم کے ایڈمٹ کارڈ آن لائن جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین سید شرف علی شاہ کی ہدایت پر ناظم امتحانات حبیب اللہ سہاگ نے بورڈ سے الحاق شدہ گورنمنٹ اور پرائیویٹ اسکولوں کے سالانہ امتحانات سال 2023 جماعت نہم کے ایڈمٹ کارڈ آن لائن جاری کر دیے۔

    بورڈ سے الحاق شدہ اسکول ایڈمٹ کارڈ اپنے اسکول کے کوڈ سے پورٹل کو لاگ اِن کر کے ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے، بورڈ نے ویب پورٹل online.bsek.edu.pk پر ایڈمٹ کارڈ اپ لوڈ کر دیے ہیں۔

    ناظم امتحانات حبیب اللہ سہاگ نے اسکول سربراہان کے ہدایت جاری کی ہے کہ کسی بھی قسم کی مشکل پیش آنے کی صورت میں بورڈ آفس کے گراؤنڈ فلور کمرہ نمبر 24 میں آصف علی سے رابطہ کیا جائے۔

    ناظم امتحانات کے مطابق پرائیویٹ امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈ ان کے دیے گئے رہائشی پتوں پر ارسال کر دیے گئے ہیں۔

  • نویں جماعت کی مارک شیٹس جاری کرنے کا اعلان

    نویں جماعت کی مارک شیٹس جاری کرنے کا اعلان

    کراچی: جماعت نہم (سائنس گروپ) کی مارک شیٹس جاری کرنے کا اعلان ہو گیا۔

    ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے سال 2021 ایس ایس سی پارٹ وَن (جماعت نہم) سائنس گروپ کی مارک شیٹس 26 جنوری 2022 سے جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈ سید شرف علی شاہ کی ہدایت کے مطابق ناظم امتحانات ظہیر الدین بھٹو نے تمام الحاق شدہ تعلیمی اداروں کے سربراہان سے کہا ہے کہ وہ متعلقہ تاریخوں کو اپنے اتھارٹی لیٹر، شناختی کارڈ کی کاپی یا اپنے نمائندے کی آفس کارڈ کی کاپی کے ساتھ بورڈ آفس کی پہلی منزل بلاک B کانفرنس ہال سے صبح 9:30 بجے سے شام 4:00 بجے تک مارک شیٹس حاصل کر سکتے ہیں۔

    ہدایت کی گئی ہے کہ کووڈ 19 کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے بورڈ آفس میں مکمل ایس او پیز کا خیال اور سماجی فاصلہ ضرور رکھا جائے، اور ماسک کا استعمال لازمی کریں۔

    انھوں نے اسکولوں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ مارک شیٹس حاصل کرنے کے بعد فوری طور پر طلبہ و طالبات کو لازمی دے دی جائیں۔

    شیڈول کے مطابق بدھ 26 جنوری کو نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، گلبرگ، لیاقت آباد، جمعرات 27 جنوری کو جمشید ٹاؤن، گلشن اقبال، شاہ فیصل کالونی، جمعہ 28 جنوری کو لانڈھی، کورنگی، ملیر، بن قاسم اور ہفتہ 29 جنوری کو لیاری، کیماڑی، بلدیہ ٹاؤن، سائٹ، اورنگی ٹاؤن، گڈاپ، صدر کی مارک شیٹس حاصل کی جا سکیں گی۔

    طلبہ و طالبات کی سہولت کے لیے اسکروٹنی فارم جمع کرانے کی تاریخ کا اعلان پہلے ہی 18 جنوری کو کیا جا چکا ہے۔