Tag: جمعتہ الوداع

  • جمعتہ الوداع ، کراچی میں ڈیڑھ ماہ بعد سخت لاک ڈاؤن ختم،  نماز جمعہ کے باقاعدہ اجتماعات ہوں گے

    جمعتہ الوداع ، کراچی میں ڈیڑھ ماہ بعد سخت لاک ڈاؤن ختم، نماز جمعہ کے باقاعدہ اجتماعات ہوں گے

    کراچی : شہر قائد میں پینتالیس دن بعد بارہ سے تین بجے تک سخت لاک ڈاؤن ختم ہوگیا ، جمعتہ الوداع کی نماز مساجد میں اداکی جائے گی، سندھ حکومت کی علمائےکرام اورنمازیوں سےایس اوپیزپر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جمعے کے موقع پر ڈیڑھ ماہ بعد سخت لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا ، پینتالیس دن بعد آج بارہ سے تین بجے تک لاک ڈاؤن نہیں ہوگا اور جمعتہ الوداع کے اجتماعات کے لئے مساجد کے راستوں میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی، تمام مساجد میں مقررہ وقت کے مطابق نمازجمعہ ادا کی جائے گی۔

    سندھ حکومت نے علمائےکرام اورنمازیوں سےایس اوپیزپر عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس اوپیز پرعمل درآمد کےلئےشہریوں کی ہر ممکن مدد کی جائے گی تاہم ڈبل سواری پر پابند اور ایس او پیز پر عمل درآمد کے احکامات برقرار رہیں گے۔

    مفتی محمد نعیم کا کہنا ہے کہ جمعة الوادع ایس او پیز کے تحت ہی ادا کیا جائے گا، وباسےنمٹنےکیلئے توکل کے ساتھ احتیاط بھی ضروری ہے ، ایسانظام تشکیل دیاجائےکہ احتیاطی تدابیرکے ساتھ ملکی نظام چلتا رہے۔

    یاد رہے اس سے قبل نماز جمعہ کے موقع پر دوپہربارہ سےساڑھے تین تک سخت لاک ڈاؤن ہوتا تھا ،اس دوران گھر سے نکلنے سمیت تمام سرگرمیوں پر پابندی عائد تھی اور صرف متعین کردہ تین سےپانچ افرادکو نماز جمعہ مسجد میں ادا کرنےکی اجازت تھی۔

  • جمعتہ الوداع پر لاکھوں فلسطینیوں کی قبلہ اول میں حاضری

    جمعتہ الوداع پر لاکھوں فلسطینیوں کی قبلہ اول میں حاضری

    بیت المقدس : جمعتہ الوداع کے روز جگہ جگہ چیک پوسٹیں اور ناکے لگا کر فلسطینیوں کو قبلہ اول تک رسائی سے روکا جاتا رہا، کئی شہری نہ پہنچ سکے۔

    تفصیلات کے مطابق قابض صہیونی فوج کی جانب سے فلسطینی شہریوں کو مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کے لیے سخت رکاوٹوں اور شدید گرمی کے باوجود اڑھائی لاکھ سے زاید فلسطینیوں نے قبلہ اول میں جمعة الوداع کے موقع پر حاضری دی۔

    مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ماہ صیام کے چوتھے اورآخری جمعہ کے موقع پر اسرائیلی فوج کی بھاری نفری بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ کے آس پاس کے مقامات پر تعینات کی گئی تھی تاکہ فلسطینی شہریوں کو قبلہ اول تک پہنچنے سے روکا جا سکے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ صیہونی ظلم و تشدد کے باوجود صہیونی انتظامیہ کی رکاوٹیں توڑ کر اڑھائی لاکھ فلسطینی مسجد اقصیٰ پہنچنے میں کامیاب رہے، شدید گرمی سے بچاﺅ کے لیے اسلامی اوقاف کی طرف سے نمازیوں پر پانی بھی چھڑکا گیا۔

    فلسطینی میڈیا کا کہنا تھا کہ پرانے بیت المقدس اور اطراف کے مقامات پر جگہ جگہ چیک پوسٹیں اور ناکے لگا کر فلسطینیوں کو قبلہ اول تک رسائی سے روکا جاتا رہا، فلسطینی شہریوں اور قابض فوج کے درمیان کئی مقامات پر جھڑپیں بھی ہوئیں۔

    قابض فوج نے مسجد اقصیٰ میں داخلے کے لیے عمر کی کم سے کم حد 40 سال مقرر کی تھی۔ اس پابندی کی وجہ سے لاکھوں فلسطینی روزہ دار قبلہ اول پہنچنے سے محروم رہے۔

  • کوئٹہ :جمعۃ الوداع کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات

    کوئٹہ :جمعۃ الوداع کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات

    کوئٹہ : جمعتہ الوداع کے موقع پر سیکورٹی کے لیے شہر میں پولیس کی اضافی نفری تعینات،اسلحہ کی نمائش اور ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے.

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں جمعتہ الوداع کے موقع پر مساجد کے لیے فول پروف انتظامات کے ساتھ پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے شہر میں اسلحہ کی نمائش اورموٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے.

    بلوچستان کے دارالحکومت سمیت صوبہ بھر میں جمعتہ الوداع کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں
    .
    مساجد اور امام بارگاہوں سمیت مدارس پر بھی پولیس اور ایف سی کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ شہر کے اندرونی اور بیرونی راستوں پر بھی سخت حفاظتی اقدامات کیےگئے ہیں.

    کوئٹہ میں دفعہ 144 کے تحت ڈبل سواری اور اسلحہ کی نمائش پر پابندی عائد ہے ۔ مساجد میں جمعتہ الوداع کے لیے خصوصی انتظامات اٹھائے گئے ہیں.

  • جمعۃ الوداع کی اہمیت، الوداع الوداع ماہِ رمضاں

    جمعۃ الوداع کی اہمیت، الوداع الوداع ماہِ رمضاں

    ماہ رمضان المبارک کا مہینہ اپنی برکتوں اور فضیلتوں کو سمیٹے ہمارے درمیان موجود ہے اور اپنے اختتام کو پہنچ چکا ہے، مسلم امہ اس ماہ مبارک کے رمضان کے آخری عشرے میں اپنے رب کے حضور زیادہ سے زیادہ عبادات بجا لانے میں مصروف عمل ہے۔

    آخری عشرے کی طاق راتیں شب قدر کہلاتی ہیں یعنی ان راتوں میں اللہ کی کتاب قرآن کریم جو پیغمبر اکرمؐ  کے سینہ پر نازل ہوئی، یہ قرآن کی نزول کی راتیں شمار ہوتی ہیں، ان راتوں میں پوری دنیا میں مسلمان رات بھر اللہ کی عبادات میں مصروف عمل رہتے ہیں، اسی طرح انہی آخری ایام میں ایک یوم جمعہ ہے، جسے عام زبان میں ہم ’’جمعۃ الوداع‘‘ کہتے ہیں۔

    پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ و سلم کا ارشاد گرامی ہے کہ جمعۃ المبارک کا دن سید الایام ہے اور تمام دنوں سے افضل و بر تر ہے۔

    اس لیے مسلمانوں کے لیے یہ دن سلامتی و رحمت کا حامل ہے، جسکی بڑی اہمیت و فضلیت ہے۔ رمضان کریم کے جمعہ کی اہمیت اور بھی زیادہ ہو جاتی ہے کیونکہ اس جمعہ المبارک میں رمضان الکریم کی فضیلتیں بھی شامل ہو جاتیں ہیں۔ لیکن جو فضلیت اور مرتبت رمضان المبارک کے آخری جمعۃ المبارک کو حاصل ہے وہ کسی اور دن کو حاصل نہیں۔ جمعۃ الوداع نور علٰی نور اور قرآن العیدین ہے، جو مسلماں کی عظمت و شوکت، ہیبت و جلالت کا عظیم مظہر ہے۔

    جمعتہ الوداع اس لحاظ سے بھی بڑا اہم ہے کہ یہ جمعہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں آتا ہے،جسے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ و سلم کی حدیث کے مطابق جہنم سے آزادی کا عشرہ قرار دیا گیا ہے۔

    رمضان المبارک میں جمعتہ الوداع کو خصوصی اہمیت اور درجہ حاصل ہے، دنیا بھر کے مسلمان جمعتہ الوداع کو خصوصی مذہبی عقیدت اور جذبے سے مناتے ہیں۔ ویسے تو بیشک تمام دن اور تمام راتیں ہی اللہ رب العزت کے قانونِ قدرت میں ہیں مگر اِس کے باوجود خود اللہ عزوجل نے بعض ایام کو دوسرے ایام پر اور بعض راتوں کو دوسری راتوں پر فوقیت دے رکھی ہے۔

    ہفتے کے سات ایام میں جمعہ کے دن کو رب تعالیٰ نے خصوصی فضیلت عطا کی ہے اور اِس دن کو بے شمار رحمتوں اور برکتوں سے نواز رکھا ہے۔ ماہِ رمضان کے آخری جمعہ کو جمعتہ الوداع کا درجہ حاصل ہے یہ دن اہل ایمان کو اِس بات کی بھی نوید سناتا ہے ، کہ رب تعالیٰ کا مہمان ماہ رمضان المبارک اب کچھ ہی دنوں بعد رخصت ہونے کو ہے اور آج کے بعد آئندہ رمضان تک آنے والے جمعة المبارک کے ایام کی فضیلت تو اپنی جگہ برقرار ہے مگر اْن میں رمضان کی برکتیں نہ ہوں گی۔

    جمعتہ الوداع کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ خود اللہ رب العزت نے قرآن مجید میں سورت الجمعہ کے نام سے سورت مبارکہ نازل کر کے اِس دن کی اہمیت کو اہل اسلام کے لئے مسلم کر دیا۔

    جمعة المبارک کو دین اسلام میں خاص دن کی حیثیت حاصل ہے، اِس دن کو دنوں کا سردار بھی کہا جاتا ہے۔ اس دن کی اصل روح کے مطابق اپنے عقائد اور شعائر کی درستگی کر لی جائے تو پوری انسانیت فیض یاب ہو سکتی ہے۔

    جمعتہ المبارک کی قرآن و حدیث میں بہت زیادہ فضیلت و اہمیت بیان ہوئی ہے، سورۃ جمعہ کے اندر آخری رکوع میں مسلمانوں کو جمعہ کی ادائیگی پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تمام کاروبار چھوڑ کر جمعہ کی ادائیگی کے لئے چلے آؤ اور جمعہ ادا کرنے کے بعدجاکر اپناکاروبار کرو۔رمضان المبارک میں جہاں نوافل کا ثواب فرضوں کے برابر ہوجاتا ہے اور فرائض کا ثواب ستر گنا کردیا جاتا ہے، وہاں اس ماہ مقدس کے جمعہ کا ثواب بھی بہت زیادہ بڑھا دیا جاتا ہے، جمعتہ الوداع کو دیگر ایام سے اس لحاظ سے انفرادیت حاصل ہے کہ اس کے بعد مسلمانوں کو عیدالفطر کی شکل میں ایک بہت بڑا انعام ملنا ہوتا ہے۔

  • جمعتہ الوداع آج نہایت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

    جمعتہ الوداع آج نہایت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

    کراچی : ملک بھر میں جمعتہ الوداع نہایت عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، مساجد اور گھروں میں نماز جمعہ کی خصوصی تیا ریاں جاری ہیں۔

    رمضان المبا رک کا مہینہ اپنی رحمتوں اور برکتوں کے ساتھ اختتام پذیر ہو رہا ہے آج ملک بھر میں جمعتہ الوداع مذہبی عقیدت واحترام سے منا یا جا رہا ہے، مساجد میں جمعتہ الوداع کے حوالے سے رقت آمیز خطبے دیئے جا ئینگے جبکہ گھروں میں عبادات کا خصوصی اہتمام کیا جا رہا ہے۔

    رمضان المبارک میں جمعتہ الوداع کو خصوصی اہمیت اور درجہ حاصل ہے، اس لیےمساجد میں فرزندان اسلام کا  رش بڑھنا شروع ہوگیا ہے اور شہری نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے مساجد کا رخ کررہے ہیں، اس موقع پر کراچی، لاہور  اور اسلام آباد  سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں  سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

    ایک اندازے کے مطابق جمعۃ الوداع کے روز عام دنوں کی نسبت دو سو گنا زیادہ افراد مساجد کی جانب رخ کرتے ہیں اور اللہ تعالٰی کے حضور سر بسجود ہو کر ماہ مبارک رمضان کی برکتوں اور فضیلتوں کو خود سے جدا ہونے پر گریہ و زاری کرتے ہیں۔ اس روز ہر مسلمان کی روح انتہائی پاکیزہ اور بلند درجات پر پہنچ چکی ہوتی ہے اور ہر مسلمان خود کو اپنے پروردگار سے بے حد قریب محسوس کرنے کی کوشش کر رہا ہوتا ہے۔

    رمضان المبارک کی رخصتی کا پیغام دینے والا یہ جمع الوادع ساتھ ساتھ ہمیں یہ پیغام بھی دیتا ہے کہ ہم اپنے اعمال بہتر کریں اپنا مکمل احتساب کریں ، خدا ئے بزرگ و برتر سے مغفرت طلب کریں ، اﷲ تعالیٰ سے اپنی کوتاہیوں کی معافی مانگیں ۔