Tag: جمعیت علماء اسلام

  • دینی مدارس کا بل : جے یو آئی نے حکومت کو 8  دسمبر تک کی ڈیڈ لائن دے دی

    دینی مدارس کا بل : جے یو آئی نے حکومت کو 8  دسمبر تک کی ڈیڈ لائن دے دی

    اسلام آباد : جمعیت علمائے اسلام ف نے حکومت کو8  دسمبر تک کی ڈیڈ لائن دے دی اور کہا بل منظور نہ کیا گیا تو اسلام آباد کا رخ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام کے مرکزی جنرل سیکریٹری مولانا عبد الغفور حیدری نے بیان میں کہا ہے کہ حکومت کو دینی مدارس کا بل منظور کرناہو گا، 8 دسمبر تک بل منظور نہ کیا گیا تو اسلام آباد کا رخ کریں گے۔

    عبد الغفور حیدری کا کہنا تھا کہ ہم مذہبی لوگ ہیں نہیں چاہتےاسلام آبادکی طرف مارچ کیا جائے، ملک بھی اس چیز کا متحمل نہیں ہے، بل منظور کر کے روکا گیایہ بدنیتی ہے۔

    جے یو آئی کے مرکزی جنرل سیکریٹری نے کہا کہ یقین دہانی کرائی ہےکہ مسئلے کا حل نکل آئے گا، بلاول نےیقین دہانی کرائی صدرسےبات کرکےبل منظور کرائیں گے، یہ جے یو آئی اوروفاق المدارس کا نہیں بلکہ تمام تنظیمات مدارس کا بل ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی تبدیلی کا علم نہیں ، ہم اس الیکشن کو نہیں مانتے اب تبدیلی کیلئےیو ٹرن کیسے لیں گے۔

    دوسری جانب جے یو آئی کے رہنما حافظ حمداللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ صدر پاکستان نے مدارس رجسٹریشن بل مسترد کرکے طبل جنگ بجادیا، بل مسترد کرنا پارلیمنٹ، جمہوریت اور آئین کے چہرے پر زور دار طمانچہ ہے۔

    حافظ حمداللہ نے سوال کیا کیا اسی کو’’جمہوریت زبردست انتقام ہے‘‘کہا جاتا ہے؟ کیا صدر پاکستان مسلم لیگی حکومت کے لئے مشکلات پیدا کر رہےہیں؟ مدارس بل مسترد کرکے والد نے بیٹے کو بھی لال جھنڈا دکھادیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور بلاول بھٹو بھی بل مسترد کرنے کے ذمہ دارہیں، محسوس ہورہا ہے، صدر کے ہاتھوں بنا وزیراعظم آؤٹ اور بیٹے کو اِن کیا جا رہا ہے۔

  • مولانا کو پی پی کی حقیقت آج معلوم ہوئی، کاش وہ ہماری بات مان لیتے: حافظ حسین

    مولانا کو پی پی کی حقیقت آج معلوم ہوئی، کاش وہ ہماری بات مان لیتے: حافظ حسین

    کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام کے سینئر رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ شوکاز نوٹس کے بغیر پارٹی سے نکالنے کے اثرات ضرور مرتب ہوں گے، مولانافضل الرحمان کو پیپلز پارٹی کی حقیقت آج معلوم ہوئی، کاش وہ ہماری بات مان لیتے۔

    کوئٹہ میں اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے موروثی سربراہ بننے کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا، پارٹی میں موروثیت کے خلاف ہیں، دستور کے مطابق جو بھی پارٹی کا سربراہ بنے اس کا ساتھ دیں گے۔

    انھوں نے کہا موروثی لیڈر شپ کے حوالے سے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے حالات سب کے سامنے ہیں جہاں اہم ارکان پیچھے کھڑے ہوتے ہیں جب کہ معاملات لڑکے اور لڑکیاں دیکھتی ہیں۔

    جے یو آئی رہنما نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی ویٹو پاور مریم نواز اور پیپلز پارٹی کی بلاول کے پاس ہے، مریم نواز کی کوالیفیکیشن صرف یہ ہے کہ وہ میاں نواز شریف کی بیٹی ہیں۔

    پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں میں تلخیاں مزید بڑھنے لگی

    حافظ حسین کا کہنا تھا کہ ماضی میں مولانا شیرانی کو مولانا فضل الرحمان کے مقابلے میں پارٹی سربراہ بنانے کی بات کرنے والے ساتھیوں کو خاموش کروایا گیا۔

    انھوں نے مزید کہا جے یو آئی کو ن لیگ، پی پی جیسی نہج پر پہنچایا جا رہا تھا، میں نے اس کے خلاف آواز بلند کی، مولانا فضل الرحمان کو پیپلز پارٹی کی حقیقت آج معلوم ہوئی، کاش وہ ہماری بات مان لیتے تو اپنی پارٹی کو اتنا نقصان نہ پہنچتا۔

    حافظ حسین نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ جے یو آئی کو نقصان نہ پہنچے، الگ گروپ بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

  • جے یو آئی عہدے دار پر فائرنگ کی ویڈیو سامنے آ گئی

    جے یو آئی عہدے دار پر فائرنگ کی ویڈیو سامنے آ گئی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریا میں جمیعت علمائے اسلام کے عہدے دار پر فائرنگ کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق 14 مئی کو کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں نا معلوم ملزمان نے جے یو آئی کے مقامی رہنما مولانا گل رفیق حسن زئی کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا تھا، اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، فوٹیج کے مطابق 2 ملزمان موٹر سائیکل پر سوار ہو کر آئے، ایک ملزم نے ہیلمٹ پہنا ہوا تھا جب کہ دوسرے نے منہ پر رومال لپیٹا ہوا تھا۔

    کراچی میں جے یو آئی کے رہنما فائرنگ سے شدید زخمی

    منہ پر رومال باندھنے والے ملزم نے 30 بور پستول سے مولانا گل حسن زئی پر فائرنگ کی اور فرار ہو گئے، پولیس تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ جس اسلحے سے فائرنگ کی گئی وہ پہلے کسی واردات میں استعمال نہیں ہوا، اس قاتلانہ حملے میں جے یو آئی رہنما پر 2 گولیاں چلائی گئی تھیں، ایک دیوار جب کہ دوسری ان کے جبڑے پر لگی تھی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ مولانا رفیق حسن زئی پر حملے کی کئی زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، کچھ عرصے قبل مسجد اور مدرسے کے پیش امام کو شکایت پر نکالا گیا تھا، مولانا رفیق آج کل اس مدرسے کی نظامت کر رہے تھے، تحقیقاتی ذرایع کا کہنا تھا کہ حتمی تحقیقات کے بعد حملے کے چونکا دینے والے انکشافات متوقع ہیں۔

  • ریاست مدینہ کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا گیا، مولانا فضل الرحمان

    ریاست مدینہ کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا گیا، مولانا فضل الرحمان

    پشاور: جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے ریاست مدینہ کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا گیا، حکومت مسئلہ کشمیر کو نظر انداز کرکے بھارت کے ساتھ پینگیں بڑھا رہی ‌ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام کے سربراہ  مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا متحدہ مجلس عمل کی جنرل کونسل کا آج اجلاس ہوا،  اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اے پی سی میں سیاسی جماعتوں کو بلانے سے متعلق فیصلہ نہیں کیا، موجودہ حکومت نے ملک کوبحرانوں کی طرف دھکیل دیا۔

    فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کسی وزیراعظم نے ابتدائی بیان میں مقبوضہ کشمیر کو نظرانداز نہیں کیا، مقبوضہ کشمیر پاکستان کا مستقل مسئلہ ہے، حکومت نظرانداز کررہی ہے اور  بھارت کے ساتھ پینگیں بڑھا رہی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ چین کا اعتماد متاثر ہوا ہے ،بحال کیا جائے پاک چین دوستی پہلی باراقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہوئی، سی پیک کا خاتمہ یا منصوبے میں تاخیر ملکی معیشت کیلئے ضرب کاری ہوگی۔

    مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ منی انتخابات میں بھی ایم ایم اے حصہ لے گی ختم نبوت،مدارس کی حیثیت سے متعلق اےپی سی کی جائے گی، آج کس طرح سےمدارس کی حیثیت ختم کرنےکی بات کی جارہی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا گیا، جیسےسفارتی معاملات چلائےجارہے ہیں،کیا ان میں اسکی قابلیت ہے، ملک کبھی چندےسےنہیں چلاکرتے،یہ اقتصادی پالیسی کا مذاق ہے، بیرونی ممالک کی پالیسی پاکستانی معیشت کیلئے بہتر ثابت نہیں ہوسکتی۔

    یاد رہے چندروز قبل مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا تھا تمام جماعتوں نے انتخابی نتائج پر تحفظات کا اظہار کیا اور اس انتخابات کے نتائج کو قبول نہیں کیا لہٰذا اب بھی وقت ہے الیکشن کمیشن اپنی ناکامی تسلیم کرے اور چیف الیکشن کمشنر استعفیٰ دے۔

  • امریکیوں کی عقل پرپردے پڑ چکے ہیں، مولانا فضل الرحمان

    امریکیوں کی عقل پرپردے پڑ چکے ہیں، مولانا فضل الرحمان

    لاہور : جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ امریکیوں کے عقل پر پردے پڑ چکے ہیں، بیت المقدس کے معاملے اور ٹرمپ کی پالیسی پر دنیا بھڑک اٹھی ہے۔

    ان خیالات کااظہار انہوں نے لاہور میں قومی سیرت مصطفیٰ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بیت المقدس کے معاملے پرامریکیوں کے عقل پر پردے پڑ چکے ہیں۔

    اقوام متحدہ بھی یروشلم کو اسرائیل کا جغرافیائی حصہ نہیں سمجھتا، امریکہ کے کہنے پر یروشلم کیسے اسرائیل کا دارالحکومت بن سکتا ہے۔

    مولانا فضل الرحمن کا مزید کہنا تھا ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنا فیصلہ واپس لینا پڑے گا، اس معاملے پر عرب ممالک کو بھی مفادات سے بالاتر ہو کر بولنا پڑے گا اور او آئی سی کو بھی موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ نبی اکرم ﷺ کی ذات اقدس کیلئے پوری امت بلا امتیاز رنگ و نسل متحد ہو جاتی ہے، ہم پارلیمنٹ میں معمولی سی قوت ہیں لیکن غیراسلامی قوانین نہیں بننے دیتے۔

    اب بھی ختم نبوت حلف کا معاملہ چوبیس گھنٹوں کے اندر پارلیمنٹ میں حل کروایا، کچھ دوست سڑکوں پر چلے گئے، ان کو وہاں پر کامیابی مل گئی، یہ نازک مسائل ہیں، کچھ ناعاقبت اندیش اس پر آگ بھڑکانے کی کوشش کرتے ہیں۔

  • فوجی عدالتوں پر حکومت آل پارٹیز کانفرنس طلب کرے، عبدالغفورحیدری

    فوجی عدالتوں پر حکومت آل پارٹیز کانفرنس طلب کرے، عبدالغفورحیدری

    لاڑکانہ: سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ فوجی عدالت کی حمایت دو سال قبل صرف نیشنل ایکشن پلان کی وجہ سے کی تھی، حکومت کو چاہیے وہ اس حساس معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس طلب کرے۔

    ان خیالات کا اظہار مولانا عبد الغفور حیدری نے لاڑکانہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ کا کہنا تھا کہ پلی بارگین کے حوالے سے نیب کے ترمیمی آرڈیننس کی ذاتی طور پر حمایت کرتا ہوں کیونکہ یہ کوئی انصاف نہیں کہ کوئی بھی شخص کرپشن کر کے 25 فیصد رقم کرے اور رہا ہوجائے۔

    انہوں نے کہا کہ دو سال قبل نیشنل ایکشن پلان کی کامیابی کے لیے فوجی عدالتوں کی حمایت کی تھی تاہم اب اس کی مدت ختم ہوگئی ہے تو حکومت کو چاہیے تمام جماعتوں سے مشاورت کر کے کوئی بھی فیصلہ کرے۔

    عبد الغفور حیدری نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ حل کیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں، جمعیت علمائے اسلام نے کشمیر کے مسئلے پر ہر بار اپنی آواز بلند کی، جس کے باعث آج دنیا بھر میں مقیم کشمیری اس مسئلے پر اپنی آواز بلند کررہے ہیں۔

    ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پاکستان کو توڑنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں تاہم انہیں پاکستانی فوج اور یہاں کی باغیرت عوام کے جذبوں کا علم نہیں، پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے جو کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    مولانا عبدالغفور حیدری نےمزید کہا کہ ’’جمعیت علمائے اسلام کے قیام کو 100 سال مکمل ہونے پر 7 اپریل سے تین روزہ اجتماع پشاور میں منعقد کیا جائے گا، جس میں 35 لاکھ افراد شرکت کریں گے جبکہ امام کعبہ خصوصی خطاب بھی فرمائیں گے‘‘۔

  • کراچی میں جے یو آئی کے مقامی رہنما فائرنگ سے زخمی

    کراچی میں جے یو آئی کے مقامی رہنما فائرنگ سے زخمی

    کراچی : شہرمیں ٹارگٹ کلرز کی سرگرمیاں جاری ہیں۔آج صبح جمعیت علماء اسلام کے مقامی عہدیدار مولانا ملک زر قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہوگئے۔

    ڈاکٹرعارف مصطفیٰ کے قتل کے خلاف عباسی شہیداسپتال کے عملے نے احتجاج کیا،تفصیلات کے مطابق کراچی میں ٹارگٹ کلرز کی سرگرمیاں جاری ہیں ۔

    آج صبح جمیعت علماء اسلام ایم پی آر کالونی اورنگی ٹاؤن کے سیکریٹری جنرل مولانا ملک زر پر ان کے رہائش گاہ کے قریب قاتلانہ حملہ ہوا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔

    نائب امیر جمعیت علماء اسلام سندھ قاری محمد عثمان نے واقعے کی شدید مذمت کر تے ہوئے کہا ہےکہ کراچی میں جنگل کا قانون نافذ ہے اور کوئی شہری محفوظ نہیں ہے۔

    کراچی میں حکومت نام کی کوئی چیز موجود نہیں ہے۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز فائرنگ سے جاں بحق ہو نے والے ڈاکٹرعارف مصطفیٰ کے قتل کے خلاف عباسی شہیداسپتال کے عملے نے احتجاج کیا ۔

    ڈاکٹرزاور پیرامیڈیکل اسٹاف نےاحتجاجاًاو پی ڈی سروس معطل کردی،مشتعل مظاہرین نے واقعے کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے حکومت سے قاتلوں کی درفتاری کا مطالبہ کیا۔

  • سکھر: ڈاکٹر خالد محمود سومرو قاتلانہ حملے میں جاں بحق، الطاف حسین کی مذمت

    سکھر: ڈاکٹر خالد محمود سومرو قاتلانہ حملے میں جاں بحق، الطاف حسین کی مذمت

    سکھر: جمعیت علماء اسلام سندھ کے رہنما ڈاکٹر خالد محمود سومرو قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے ہے۔ ایم کیو ایم کے قائد کی جانب سے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق جے یو آئی ف کے رہنما خالد محمودسومرو نمازفجر کی ادائیگی کے بعد مسجد سے باہر نکلے تو نامعلوم کار سواروں نے افراد نے ان پر گولیاں برسادیں اور موقع سے فرار ہو گئے۔ خالدمحمودسومرو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی خالق حقیقی سے جا ملے۔

    ان کے جسد خاکی کوسکھر میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سےاسے لاڑکانہ منتقل کیا جائیگا۔ لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے خالدمحمودسومرو گزشتہ روز جےیوآئی کے کنونشن میں شرکت کیلئے سکھر آئے تھے۔ خالد محمود سابق سینیٹر اور جے یو آئی کے سندھ کے سیکٹری جنرل تھے۔

    ادھر متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے سکھرکے علاقے کھوسہ گوٹھ میں جمعیت علمائے اسلام (ف)سندھ کے سیکریٹری جنرل خالدمحمود کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اورواقعے کوسندھ کے حالات خراب کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔

    اپنے ایک بیان میں الطا ف حسین نے خالدمحمودکے تمام سوگوارلواحقین،جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانافضل الرحمن اورجے یوآئی کی قیادت و ایک ایک کارکن سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکرتے ہوئے انہیں صبرکی تلقین کی اورکہا کہ دکھ اورافسوس کی اس گھڑی میں ایم کیوایم ان کے ساتھ ہے۔

    الطا ف حسین  نے وزیراعظم، وفاقی وزیرداخلہ اور وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ سکھرمیں جے یوآئی (ف)سندھ کے سیکریٹری جنرل خالدمحمودکے بہیمانہ قتل کاسنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اورقتل کی واردات میں ملوث دہشت گردوں کوگرفتارکرکے سندھ کے خلاف سازش کوبے نقاب کیا جائے۔