Tag: جمعیت علماء اسلام ف

  • موجودہ حکومت مولانا فضل الرحمان سے خوف زدہ ہے، عبدالغفور حیدری

    موجودہ حکومت مولانا فضل الرحمان سے خوف زدہ ہے، عبدالغفور حیدری

    اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت فضل الرحمان سے خوف زدہ ہے، حکمران انتقامی کارروائی کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما عبدالغفور حیدری نے پارلیمانی لاجز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے گھر سے پولیس کی سیکیورٹی کو ہٹا دیا گیا ہے، موجودہ حکومت مولانا فضل الرحمان سے خوف زدہ ہے۔

    عبدالغفور حیدری نے کہا کہ وزیراعظم، وزیر داخلہ، وزیراعلیٰ کے حکم پر مولانا فضل الرحمان کی سیکیورٹی واپس لی گئی، مولانا فضل الرحمان اور مجھ سمیت دیگر رہنماؤں پر خودکش حملے ہوئے، شاید اللہ نے فضل الرحمان سے ملکی خدمت کا کام لینا ہے، اس لیے حملوں سے بچتے رہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی صورت حال بدترین ہوچکی ہے، دن بہ دن مہنگائی اور بے روزگاری بڑھتی جارہی ہے، ملک کو داخلی و خارجی سمیت بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے۔

    مزید پڑھیں: رقم کا درست استعمال ہو تو تارکین وطن ملکی قرضہ اتار دیں، عبدالغفور حیدری

    عبدالغفور حیدری نے کہا کہ گورنر اسٹیٹ بینک کی تبدیلی کس بات کی طرف اشارہ ہے، اپنی مرضی کی شرائط منوا کر آئی ایم ایف قرضے دے رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اس طرح کے منفی ہتھکنڈوں سے ہم باز نہیں آئیں گے، ایسا نہ ہو ہم پورے ملک کو جام کردیں، حکومت فوری طور پر فیصلے پر نظرثانی کرے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پولیس کی جانب سے بیان دیا گیا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سمیت کسی کی سیکیورٹی واپس نہیں لی گئی ہے، جو سیکیورٹی اہلکار تعینات تھے وہ وہیں پر موجود ہیں۔