Tag: جمعیت علمائے اسلام (ف)سندھ

  • کراچی ضمنی انتخابات: اے این پی کا جے یو آئی (ف) کی حمایت کا اعلان

    کراچی ضمنی انتخابات: اے این پی کا جے یو آئی (ف) کی حمایت کا اعلان

    کراچی: صوبائی اسمبلی حلقہ پی ایس 117 کے ضمنی انتخابات میں عوامی نیشنل پارٹی نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اے این پی سندھ کے صدرسینیٹر شاہی سید سے مردان ہاؤس جے یو آئی کے مرکزی رہنماء قاری عثمان نے ملاقات کی۔

    اس موقع پر شاہی سید نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے ضمنی انتخابات میں جمیعت علمائے اسلام کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا اور امیدوار پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

    دوسری جانب جے یو آئی کے رہنماء قاری عثمان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ’’ہم اے این پی کی جانب سے امیدوار کی حمایت پر سینیٹر شاہی سید  کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی اسمبلی سندھ کی نشست پی ایس 117 کی نشست پر دونوں جماعتوں کی جانب سے ایک ہی مشترکہ امیدوار نامزد کیا جارہا ہے۔

    قاری عثمان نے مزید بتایا کہ ضمنی انتخابات کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نجمی عالم اور راشد ربانی سے بھی ملاقاتیں کی گئی ہیں۔

    ملاقات میں تین جماعتی اتحاد اور مل کر انتخابات لڑنے کے حوالے سے بات کی گئی تاہم پیپلزپارٹی نے اس حوالے سے ایک دن کی مہلت مانگی ہے۔

     

  • سکھر: ڈاکٹر خالد محمود سومرو قاتلانہ حملے میں جاں بحق، الطاف حسین کی مذمت

    سکھر: ڈاکٹر خالد محمود سومرو قاتلانہ حملے میں جاں بحق، الطاف حسین کی مذمت

    سکھر: جمعیت علماء اسلام سندھ کے رہنما ڈاکٹر خالد محمود سومرو قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے ہے۔ ایم کیو ایم کے قائد کی جانب سے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق جے یو آئی ف کے رہنما خالد محمودسومرو نمازفجر کی ادائیگی کے بعد مسجد سے باہر نکلے تو نامعلوم کار سواروں نے افراد نے ان پر گولیاں برسادیں اور موقع سے فرار ہو گئے۔ خالدمحمودسومرو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی خالق حقیقی سے جا ملے۔

    ان کے جسد خاکی کوسکھر میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سےاسے لاڑکانہ منتقل کیا جائیگا۔ لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے خالدمحمودسومرو گزشتہ روز جےیوآئی کے کنونشن میں شرکت کیلئے سکھر آئے تھے۔ خالد محمود سابق سینیٹر اور جے یو آئی کے سندھ کے سیکٹری جنرل تھے۔

    ادھر متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے سکھرکے علاقے کھوسہ گوٹھ میں جمعیت علمائے اسلام (ف)سندھ کے سیکریٹری جنرل خالدمحمود کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اورواقعے کوسندھ کے حالات خراب کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔

    اپنے ایک بیان میں الطا ف حسین نے خالدمحمودکے تمام سوگوارلواحقین،جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانافضل الرحمن اورجے یوآئی کی قیادت و ایک ایک کارکن سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکرتے ہوئے انہیں صبرکی تلقین کی اورکہا کہ دکھ اورافسوس کی اس گھڑی میں ایم کیوایم ان کے ساتھ ہے۔

    الطا ف حسین  نے وزیراعظم، وفاقی وزیرداخلہ اور وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ سکھرمیں جے یوآئی (ف)سندھ کے سیکریٹری جنرل خالدمحمودکے بہیمانہ قتل کاسنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اورقتل کی واردات میں ملوث دہشت گردوں کوگرفتارکرکے سندھ کے خلاف سازش کوبے نقاب کیا جائے۔