Tag: جمپنگ کیسل

  • جمپنگ کیسل پر اچھلتے بچوں‌ کے ساتھ دل دہلا دینے والا حادثہ

    جمپنگ کیسل پر اچھلتے بچوں‌ کے ساتھ دل دہلا دینے والا حادثہ

    تسمانیہ: آسٹریلیا کے ایک شہر ڈیونپورٹ میں جمپنگ کیسل پر اچھلتے بچوں‌ کے ساتھ جان لیوا حادثہ پیش آیا ہے، جس میں 5 بچے جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    تفصیلات کے مطابق آسٹریلوی ریاست تسمانیہ میں ایک باؤنسی قلعے سے گرنے سے 5 بچے ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ جمپنگ کیسل تیز ہواؤں کی وجہ سے اڑ گیا تھا، مرنے والوں میں دو بچیاں اور دو بچے شامل ہیں۔

    آسٹریلوی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے حادثے کو "دل دہلا دینے والا” قرار دیا، اور کہا کہ ایسے واقعے کے بارے میں تو سوچا بھی نہیں جا سکتا تھا۔

    یہ حادثہ آج جمعرات کو ایک پرائمری اسکول کے تفریحی دن کے موقع پر ہوا کے تیز جھونکے کی وجہ سے پیش آیا، پولیس کا کہنا ہے کہ بچے 10 میٹر (32 فٹ) کی اونچائی سے گرے تھے۔

    حکام نے بچوں کی عمریں نہیں بتائیں لیکن کہا گیا کہ سبھی پانچوں یا چھٹے گریڈ میں تھے، جہاں عام طور پر 10 سے 12 سال کی عمر کے بچوں پڑھتے ہیں، یہ اگلے سال ہائی اسکول میں جانے کا جشن منا رہے تھے۔

    تسمانیہ کے پولیس کمشنر ڈیرن ہائن نے کہا کہ ہوا کے جھونکے نے مبینہ طور پر جمپنگ کیسل اور ہوا کے گیندوں کو فضا میں اچھال دیا تھا۔

    آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے رپورٹر کی جانب سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تصاویر میں جمپنگ کیسل کے کچھ حصے دیکھے جا سکتے ہیں۔

    یہ پہلا موقع نہیں ہے جب تیز ہواؤں سے جمپنگ کیسل اڑ کر حادثہ پیش آیا ہو، ایسے واقعے میں امریکا میں مبینہ طور پر چار بچے زخمی ہوئے تھے، اسپین اور برطانیہ میں بھی ایسے واقعات رونما ہو چکے ہیں جن میں بچوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں۔

  • برطانیہ میں جمپنگ سلائیڈ گرگئی، آٹھ بچےشدید زخمی

    برطانیہ میں جمپنگ سلائیڈ گرگئی، آٹھ بچےشدید زخمی

    برطانیہ: ویک اینڈ کی رات دیو قامت جمپنگ سلائیڈ کے گرنے سے 8 سے زائد بچے شدید زخمی ہوگئے ، سانحے میں مجموعی طور پر 20 کے لگ بھگ بچے متاثر ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ اندوہناک واقعہ برطانیہ کے علاقے سرے کے ورکنگ پارک میں پیش آیا جہاں بچوں کے لیے آتش بازی کا اہتمام کیا گیا تھا اور اس موقع پر شہریوں کی کثیر تعداد جمع تھی۔

    عینی شاہدین کے مطابق سلائیڈ 20 سے 25 فٹ اونچی تھی اور حادثے کے وقت اس پر چالیس کے قریب بچے موجود تھے ، سلائیڈ کے گرنے سے کم از کم 15 سے 20 بچے اوپر سے نیچے گرے ، جن میں سے آٹھ شدید زخمی ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق سانحہ شام سات بجے کے بعد پیش آیا اور پولیس نے اسے بڑا حادثہ قرار دیتے ہوئے جائے وقوعہ پر ایمرجنسی نافذ کردی۔ حادثے کے فوری بعد پیرا میڈکس اسٹاف جائے حادثہ پر پہنچا اور بچوں کو طبی امداد فراہم کی گئی ۔


    آٹھ بچے اس اندوہناک سانحے میں شدید زخمی ہوئے جنہیں فی الفور سرے کے علاقے میں واقع بڑے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ ایک بچہ انتہائی سنگین حالت میں تھا جسے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال لے جایا گیا ۔

    جائے وقوعہ پر موجود ایک عینی شاہد کا کہنا ہے کہ ان کے بچے نے ان سے اس سلائیڈ پر جانے کی اجازت مانگی لیکن ان کے اندر کی حس نے انہیں خبردار کیا کہ سلائیڈ پر بچوں کی تعداد زیادہ ہے اور یہ ان کے بچے کے لیے خطرناک ہوسکتا ہے لہذا انہوں نے اپنے بچے کو سلائیڈ پر جانے سے روک دیا اور چند ہی لمحوں میں یہ سانحہ پیش آیا۔

    پولیس نے بچوں کو اسپتال روانہ کروانے کے بعد پارک کو عوام سے خالی کروا کر جائے وقوعہ کو سیل کردیا ہے اور سلائیڈ گرنے کے حوالے سے تحقیقات کاآغاز کردیا ہے۔