Tag: جمیل سومرو

  • سیاسی مشیر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر بلاول قرنطینہ میں چلے گئے

    سیاسی مشیر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر بلاول قرنطینہ میں چلے گئے

    کراچی: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کے سیاسی مشیر جمیل سومرو کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئئرمین بلاول بھٹو کے سیاسی مشیر جمیل سومرو میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جمیل سومرو کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر بلاول بھٹو نے خود کو آئسولیٹ کرلیا۔

    واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر قرنطینہ میں ہیں، اس سے قبل سعید غنی، مولا بخش چانڈیو بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔

    گزشتہ ماہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی راشد ربانی کرونا وائرس انفیکشن سے انتقال کرگئے تھے، وہ کئی روز سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے اور انھیں انتقال سے دو دن قبل سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس خطرناک حد تک پھیلنے لگا، ایک دن میں 48 اموات

    خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا مزید 48 افراد کی جان لے گیا، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 744 ہوگئی جبکہ 3 ہزار کے قریب نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ملک میں24 گھنٹے کے دوران 2 ہزار 954 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد پاکستان میں کرونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 40 ہزار 379 ہوگئی۔

     

  • لاڑکانہ میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری

    لاڑکانہ میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری

    لاڑکانہ: سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 11 میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ جاری ہے، پیپلزپارٹی کے جمیل سومرو اور جے ڈی اے کے معظم علی عباسی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ضمنی الیکشن کے لیے سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 11 میں پولنگ کا عمل جاری ہے ، پولنگ صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔

    لاڑکانہ کے حلقہ پی ایس 11 پر ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی کے جمیل سومر اور جے ڈی اے کےمعظم علی عباسی میں سخت مقابلے کا امکان ہے۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پی ایس 11 میں ضمنی الیکشن کے لیے 138 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جن میں سے 20 کو انتہائی حساس، 50 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

    پی ایس 11 میں ضمنی انتخاب کے دوران الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے فوج، رینجرز اور پولیس کو تعینات کیا گیا ہے۔ ضمنی الیکشن کے دوران تمام پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر پاک فوج کے جوان تعینات ہیں۔

    لاڑکانہ پی ایس 11 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 152614 ہے جن میں سے مرد ووٹرز کی تعداد 83016 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 69598 ہے۔

    جمیل سومرو کی میڈیا سے گفتگو

    پیپلزپارٹی کے امیدوار جمیل سومرو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاحال پولنگ خوش اسلوبی سے جاری ہے، امید ہے انتخابی عمل شفاف و پرامن اورٹرن آؤٹ زیادہ ہوگا۔

    جمیل سومرو نے مزید کہا کہ پرامید ہوں کہ جیت کر نشستوں کی سنچری مکمل کریں گے۔

    معظم علی عباسی کا بیان

    دوسری جانب جے ڈی اے اور پی ٹی آئی کے مشترکہ امیدوار معظم علی عباسی نے کہا کہ ایک صوبائی نشست کے لیے پوری سندھ حکومت لاڑکانہ میں ہے، لاڑکانہ کے باشعور عوام جاگ چکے ہیں ، شکست پیپلز پارٹی کا مقدر ہے۔

    معظم علی عباسی نے کہا کہ جی ڈی اے اور اتحادیوں نے پی پی کوعوام کے سامنے ہاتھ جوڑنے پرمجبور کر دیا، پیپلز پارٹی نے لاڑکانہ کے اعتماد کے جواب میں کرپشن اوراقربا پروی دی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ لے کر لاڑکانہ تباہ کرنے والے کس منہ سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل الیکشن کمیشن نے لاڑکانہ میں انتخابی خلاف ورزی پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو دوسرا نوٹس جاری کیا تھا۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کا کہنا تھا کہ پہلے نوٹس کا جواب داخل نہ کروانے پر دوسرا نوٹس دیا گیا، نوٹسز کے جوابات جمع نہ کرائے تو قانونی کارروائی ہوگی۔