Tag: جنات

  • خالی مکان میں جانے والی خاتون کے ساتھ کیا ہوا؟ کمزور دل افراد نہ پڑھیں

    خالی مکان میں جانے والی خاتون کے ساتھ کیا ہوا؟ کمزور دل افراد نہ پڑھیں

    کہا جاتا ہے کہ دنیا میں جنات کی تعداد انسانوں سے زیادہ ہے، اگر ان جنات کو انسانوں کی وجہ سے کوئی نقصان پہنچ جائے تو وہ انسان سے ساری عمر اپنا بدلہ لیتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں اداکارہ صائمہ علی نے بتایا کہ ان کے والد کی ایک کزن جب 17 سال کی تھیں تو ایک بار کرکٹ کھیلتے ہوئے ان کی گیند کسی مکان کے اندر جا گری، انہوں نے دیوار سے چھلانگ ماری اور گیند لے کر واپس آئیں لیکن آتے ہی بے ہوش ہو کر گر پڑیں۔

    اس کے بعد ان کی حالت بگڑنے لگی، ان کا چہرہ بگڑ گیا، آواز بدل گئی، اکثر ان کے کمرے سے بلیوں اور جانوروں کی آوازیں آتیں۔

    اس کے بعد جب انہیں کسی کو دکھایا گیا تو پتہ چلا کہ دیوار کے پار جہاں انہوں نے چھلانگ لگائی تھی وہاں جنات کا کوئی بچہ تھا جو انتقال کرگیا، اس کے بعد جنوں نے ان پر قبضہ کرلیا اور انتقام لینا شروع کردیا۔

    صائمہ نے بتایا کہ ان کے والد صاحب کہا کرتے تھے جب ہم اپنی ان کزن کے کمرے میں جاتے تو وہ بستر پر لیٹی ہوتیں اور ہمارے دیکھتے ہی دیکھتے وہ کئی فٹ اوپر ہوا میں بلند ہوجاتیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ان جنوں نے ساری عمر خاتون سے اپنا بدلہ لیا اور جب وہ بوڑھی ہوگئیں تو بالآخر ان کا پیچھا چھوڑ دیا۔

  • نلتر کے زیر تعمیر گیسٹ ہاؤس میں کیا تھا جو وہاں کوئی نہیں رک سکتا تھا؟

    نلتر کے زیر تعمیر گیسٹ ہاؤس میں کیا تھا جو وہاں کوئی نہیں رک سکتا تھا؟

    جنات کا وجود ایک حقیقت ہے، بعض جنات انسانوں کو کوئی تکلیف نہیں پہنچاتے لیکن بعض جنات اپنے تخلیے میں کسی کو برداشت نہیں کرتے اور ان کا جینا محال کردیتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ واقعہ اداکارہ نتاشا علی کے ساتھ پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں اداکارہ نتاشا علی نے اپنے ساتھ ہونے والا ایک خوفناک واقعہ سنایا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ فیصل بخاری اور ٹیم کے ساتھ ایک شوٹ کے لیے نلتر گئی تھیں۔

    وہاں رہنے کی کوئی جگہ نہیں ملی تو انہوں نے ایک زیر تعمیر گیسٹ ہاؤس کھلوایا اور وہاں رک گئے۔

    نتاشا نے بتایا کہ پہلے دن شوٹ سے واپسی پر جب وہ واپس گیسٹ ہاؤس پہنچے اور رات کا کھانا لگایا جارہا تھا تو ایک ہولناک واقعہ پیش آیا، میز پر کھانے کی بڑی ہانڈیاں رکھی ہوئی تھیں اور وہ سب کھانا شروع کرنے جارہے تھے کہ اچانک پوری میز خود بخود الٹ گئی۔

    اس واقعے سے سب ڈر گئے اور سب نے اگلی صبح وہاں سے نکلنے کا فیصلہ کیا، رات سونے کے لیے جب سب اپنے کمروں میں تھے تو برابر کے کمرے سے ایک چیخ سنائی دی، جب سب وہاں پہنچے تو علم ہوا کہ کمرے میں ایک شعلہ گھوم رہا تھا جو اداکار حنان کے اوپر گرا اور جب تک وہ اسے ہٹاتے ان کی ٹانگ کا ایک حصہ جل چکا تھا۔

    اس کے بعد فیصل بخاری نے وہاں کھڑے ہو کر اعلان کیا کہ ہم یہاں صرف اپنے کام کے لیے آئے ہیں اور ہمارا ارادہ 2 دن رکنے کا تھا لیکن ہم کل صبح واپس جارہے ہیں، ہمیں صرف آج رات یہاں رکنے کی اجازت دی جائے۔

    نتاشا کے مطابق اس کے بعد بھی خوفناک آوازوں کا سلسلہ جاری رہا۔

    اس کے بعد اگلی صبح جب سب وہاں سے نکل رہے تھے تو ایک اداکار نے بتایا کہ انہوں نے وہاں کسی کا سر دیکھا تھا، اور وہ اسے دیکھ کر بالکل بے جان ہوگئے اور ان کے منہ سے آواز نہیں نکل پارہی تھی۔

  • کیا خلائی مشن کو سیارہ مشتری پر جنات اور پریاں دکھائی دیں؟

    کیا خلائی مشن کو سیارہ مشتری پر جنات اور پریاں دکھائی دیں؟

    امریکی خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کا کہنا ہے کہ روبوٹک خلائی مشن جونو نے سیارہ مشتری کی بالائی فضا میں مافوق الفطرت مخلوق جنات اور پریاں دیکھیں۔

    ناسا کا کہنا ہے کہ جونو سے حاصل ہونے والی تصاویر میں 2 اقسام کی تیز روشنیاں نظر آئیں، یہ روشنیاں اسپرائٹس (پریاں) اور ایلوز (جن) تھے۔

    اس اقسام کی روشنیاں زمین پر دیکھی جاتی رہی ہیں تاہم کسی دوسرے سیارے پر یہ پہلی بار دیکھی گئیں۔

    امریکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یورپی افسانوں کے مطابق اسپرائٹس ہوشیار اور پری نما مخلوق ہیں جبکہ سائنس میں کہا جاتا ہے کہ یہ روشنی کے وہ روشن مراکز ہیں جو آسمانی بجلی سے متحرک ہوتی ہیں اور طوفان کے اوپر دکھائی دیتی ہیں۔

    یہ مناظر زمین پر عموماً بڑے طوفانوں کے اوپر تقریباً 60 میل کی اونچائی پر دکھائی دیتے ہیں۔

    آسمان کو روشن کرنے والے ان اسپرائٹس کی روشنی 15 سے 30 میل کے فاصلے تک پھیل سکتی ہے لیکن یہ سلسلہ صرف چند ملی سیکنڈز تک جاری رہتا ہے۔

    دوسری جانب ایلوز سائنسی زبان میں الیکٹرو میگنیکٹ پلس ذرائع کی وجہ سے روشنی کے اخراج اور انتہائی کم فریکوئنسی کے انتشار کا نام ہے جو انتہائی تیز چمکتی بجلی کی طرح دکھائی دیتے ہیں۔

    ایلوز ایک متوازی ڈسک کی طرح دکھائی دیتی ہیں اور یہ آسمان کے ایک بڑے حصے پر 200 میل تک پھیل سکتی ہیں۔

    جونو مشن پر کام کرنے والے سائنسدان اور اس تحقیق کے مصنف روہنی ایس جائلز کا کہنا تھا کہ زمین پر اسپرائٹس اور ایلوز بالائی فضا میں موجود نائٹروجن سے ردعمل کی وجہ سے سرخ رنگ میں دکھائی دیتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مشتری پر بلندی میں فضا میں ہائیڈروجن موجود ہوتی ہے جس کی وجہ سے اسپرائٹس اور ایلوز نیلی یا گلابی بھی دکھائی دے سکتی ہیں۔

    یہ تحقیق 27 اکتوبر کو جرنل آف جیوفزیکل ریسرچ میں سیاروں سے متعلق سیریز میں شائع ہوئی۔

  • میں‌ نے نہیں جنات نے بیٹے کو مارا، قاتل ماں‌ کا ویڈیو بیان

    میں‌ نے نہیں جنات نے بیٹے کو مارا، قاتل ماں‌ کا ویڈیو بیان

    شیخوپورہ: جعلی پیر کے کہنے پر ایک بیٹے کو دوسرے بیٹے کی مدد سے قتل کرنے والے ماں نے کہا ہے کہ مجھ پر جنات تھے انہوں نے بیٹے کو مارا، ملزم بیٹے نے کہا کہ میرا دماغ ماؤف ہوگیا تھا، بھائی بولتا رہا کہ میں آپ کا بیٹا ہوں ماں آپ کا بیٹا ہوں مگر وہ نہ مانی۔

    تفصیلات کے مطابق دو روز قبل پنجاب کے علاقے شیخوپورہ میں ماں نے جعلی پیر کے کہنے پر 26 سالہ بیٹے کی مدد سے 24 سالہ بیٹے کو مارڈالا جس پر پولیس نے ماں اور بیٹے کو گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی نے ماں اور بیٹے کے انٹرویو دکھائے جسے دیکھ کر لوگوں کی عجیب کیفیت ہوگئی۔

    ماں نے بتایا کہ(مکمل بیان کے لیے ویڈیو دیکھیں) تین برس قبل مکان خریدا وہاں ایک لڑکی تھی اس پر جن تھا، وہ تعویز جلاتی تھی اس پر سے جن مجھ پر آگیا، ایک بار میری کیفیت عجیب ہوگئی، زندہ ہوتے ہوئے بھی مرگئی، ایسی ہی کیفیت میں بیٹا مرا، اسے میں نے نہیں مارا جنات نے مارا۔

    ماں اور بیٹے کے بیان کی مکمل ویڈیو

    ماں نے کہا کہ اسے باندھو جن نکالنا ہے، ملزم بیٹا

    بیٹے نے ویڈیو بیان میں بتایا کہ (مکمل بیان کے لیے ویڈیو دیکھیں) ماں نے مجھے کہا کہ چھوٹے کو باندھو اس کا جن نکالنا ہے، میں نے کہا یہ بیمار ہے لیکن والدہ غصہ ہوگئی اور کہا تجھے بھی ماردوں گی، میں بھائی کو باندھ کر باہر آگیا، ماں نے ڈنڈے کے وار وں سے اسے مار دیا اور کہا جن نکل گیا۔

    بھائی بولتا رہا کہ آپ کا بیٹا ہوں مگر ماں نہ مانی

    ملزم بیٹے نے بتایا کہ بھائی بولتا رہا کہ میں آپ کا بیٹا ہوں ماں آپ کا بیٹا ہوں مگر وہ نہ مانی، مجھے بہت دکھ ہے میری ماں نے مجھ سے کیا کرادیا، میرا دماغ ماؤف ہوگیا تھا جو مجھے کچھ نہیں سوجھا۔

    اے آر وائی نیوز کے رپورٹر طارق بٹ نے ملزم بیٹے سے پوچھا کہ پیر کا کیا معاملہ ہے؟ جس پر اس نے بتایا کہ ہر جمعرات کو پیر کے پاس رش ہوتا ہے، لوگوں کے جن بھی نکالتا ہے، پشاور میں پلازا بنایا ہوا ہے لوگوں سے پیسے جمع کرکرکے، وہ لوگوں سے 500 یا 1000 روپے لیتا ہے اور پانی دم کرکے دیتا ہے، جو تندرست ہو وہ بھی بیمار ہوجاتا ہے۔

  • شکار پور، ڈی ایس پی کی دو بیٹیاں پُراسرار گولی سے جاں بحق

    شکار پور، ڈی ایس پی کی دو بیٹیاں پُراسرار گولی سے جاں بحق

    شکارپور : ڈی ایس پی انور گوپانگ کی دو صاحبزادیاں ایک ہفتے کے دوران پُر اسرار گولیوں کی شکار بن گئیں دونوں بہنیں طبی امداد ملنے کے دوران خالقِ حقیقی سے جا ملیں۔

    تفصیلات کے مطابق شکار پور میں تین روز قبل ڈی ایس پی کی صاحبزادی کائنات پُر اسرار گولی لگنے کے باعث دوران علاج جاں بحق ہو گئی جب کہ آج سوئم والے دن سوگوار گھر میں ایک اور بیٹی گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گئی جسے سکھر لے جایا گیا تاہم وہ بھی جانبر نہ ہو سکی۔

    ڈی ایس پی انور گوپانگ کا کہنا ہے کہ گھر میں جنات ڈیرہ ڈالے ہوئے ہیں اور پہلی بیٹی کو بھی جنات نے ہی گولی ماری تھی جب کہ آج دوسری بیٹی کو بھی جنات کی طرف سے گولی ماردی گئی ہے اور مجھ سے میری دونوں بیٹیاں چھین لی ہیں۔

    ڈی ایس پی انور گوپانگ کا مزید کہنا تھا کہ پولیس لائنز شکارپور میں واقع گھر میں جنات کا قبضہ ہے اور آئے دن ان جنات کی جانب سے فائرنگ کا سلسلہ جارہی رہتا ہے۔

    ذرائع کے مظابق پولیس لائنز میں تین دن قبل ڈی ایس پی کی دونوں بیٹیاں کمرے میں تھیں کہ ایک بہن سے اپنے والد کا پستول چل گیا جس کی وجہ سے دوسری بہن کائنات شدید زخمی ہو گئی اور اسپتال جاکر دم توڑ دیا جس پر پورا گھر سوگوار ہوگیا۔

    بعد ازاں آج کائنات کے سوئم پر دوسری بہن نے سوگوار ماحول اور اپنی بہن کی جدائی کو برداشت نہ کر سکی اور شدت غم و غلطی کے احساس سے مغلوب ہوکر ڈیپریشن کا شکار ہو گئی اور خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی۔

  • چلاس میں بچے کی پراسرار ہلاکت کا مقدمہ جنات کے خلاف درج

    چلاس میں بچے کی پراسرار ہلاکت کا مقدمہ جنات کے خلاف درج

    گلگت: چلاس میں بچے کی پراسرار ہلاکت کا مقدمہ جنات کے خلاف درج کرلیا گیا، تفصیلات کے مطابق گلگت میں بچےکی پراسرارطور پر ہلاکت پولیس کیلئے معمہ بن گئی۔

    پانچ سالہ احمد عید سے چار روز قبل اپنی والدہ کے ہمراہ نواحی علاقے کےچشمے سے پانی لانے گیا تھا جہاں سےوہ لاپتہ ہوگیا۔

    بعدازاں یکم اکتوبر کوبچے کی تشددزدہ لاش جنگل سے برآمد ہوئی۔ والدین نے الزام عائد کیا ہے کہ ہمارے بچے کو جنات نے قتل کیا ہے،جس پر پولیس نے اپنے روزنامچہ میں جنات پر بچے کے قتل کاالزام لگادیا۔

    بعدازاں پولیس نے بچے کی موت کی وجہ جاننے کیلئے قبر کشائی کی اجازت حاصل کرنے کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا۔کورٹ کے حکم پربچےکی قبرکشائی کرکے پوسٹمارٹم بھی کرایاگیا۔

    قبرکشائی کے بعد نعش کے سیمپل لیے گئے جن کو معائنے کیلئے لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ لیب سے رپورٹ آنے کے بعد بچے کے حقیقی قاتلوں کا تعین کیا جاسکے گا۔

    ڈی آئی جی دیامر کی سربراہی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو بچے کی موت کے حوالے سے تحقیقات کرے گی، علاوہ ازیں عالم اور مفکرین کے مطابق بچے کو جنات نے ہی قتل کیا ہے۔