Tag: جناح اسپتال

  • باؤنڈری وال گرنے سے گاڑیاں تباہ، جناح اسپتال کے ڈاکٹروں نے ازالے کیلیے حکام کو خط لکھ دیا

    باؤنڈری وال گرنے سے گاڑیاں تباہ، جناح اسپتال کے ڈاکٹروں نے ازالے کیلیے حکام کو خط لکھ دیا

    کراچی(29 اگست 2025): جناح اسپتال میں باؤنڈری وال گرنے سے نقصانات کا ازالہ نہ ہونے پر ڈاکٹروں نے ڈپٹی کمشنر کو خط لکھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث جناح اسپتال میں ڈاکٹروں کی گاڑیوں کو ہونے والے نقصانات کا ازالہ تاحال نہ ہوسکا ایک ہفتے سے زائد کا وقت گزرنے کے باوجود جناح اسپتال کے ڈاکٹروں کے مطابق دیوار گرنیو الی متاثرہ جگہوں کا سروے بھی نا کیا جاسکا۔

    جناح اسپتال کے سینئر رجسٹرار ڈاکٹر نصیر احمد اور آرتھوپیڈک وارڈ کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ظفر اللہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر جنوبی کو خط بھی ارسال کیا گیا ہے۔

    جناح اسپتال کے ڈاکٹر نے خط میں گاڑیوں کے نقصانات کا فوری ازالہ کرنے کی ہدایت کی گئی اور کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے سے زائد کا وقت گزرنے کے باوجود سروے تک مکمل نہیں کیا گیا جبکہ مون سون بارشوں کے دوران بعض خستہ حال بانڈری وال کی دیوار بھی گرگئی تھی۔

    خط کے مطابق جناح اسپتال میں اٹامک انرجی کی بانڈری وال گرنے کے باعث گاڑیوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا تھا، مون سون بارشوں کے دوران جناح اسپتال کی اسپیشل وارڈ کے ساتھ قائم بھی دیوار بھی گرگئی تھی۔

    جس کے نتیجے میں موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا تھا ڈاکٹروں کے خط کے بعد جناح اسپتال کی انتظامیہ کی جانب سے بھی ضلع انتظامیہ کو بھی خط ارسال کیا گیا تھا۔

  • کراچی : بےہوش شخص کی جیب سے 2 بھارتی پاسپورٹ برآمد

    کراچی : بےہوش شخص کی جیب سے 2 بھارتی پاسپورٹ برآمد

    کراچی : جناح اسپتال میں بےہوشی کی حالت میں لائے جانے والے معمر شخص کی جیب سے 2 بھارتی پاسپورٹ برآمد ہوئے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس سمیت دیگر اداروں کے اہلکار معاملے کی تحقیقات کے لیے اسپتال پہنچ گئے۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والے دونوں بھارتی پاسپورٹ کسی خاتون کے نام پر ہیں اور ان کی میعاد 2028 تک ہے۔

    پولیس کے مطابق خاتون کے پاسپورٹ میں پتہ حیدرآباد اے پی کا درج ہے، برآمد کیا گیا بھارتی پاسپورٹ جدہ سے جاری کیا گیا۔

    معمر شخص صدر پارکنگ پلازہ کے قریب بے ہوشی کی حالت میں ملا تھا، اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم نے معمر شخص کو اسپتال منتقل کیا۔

    اسپتال بہچائے جانے کے 4گھنٹے کے بعد بھی نامعلوم شخص ہوش میں نہیں آسکا، معمر شخص کی جیب سے پاسپورٹ اور دیگر دستاویز ملی ہیں۔

    پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ مذکورہ بے ہوش شخص کی جیب سے چند ادویات بھی ملی ہیں، معاملے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

  • جناح اسپتال کے باہر ہوٹل میں فائرنگ کے واقعے میں بڑی پیشرفت

    جناح اسپتال کے باہر ہوٹل میں فائرنگ کے واقعے میں بڑی پیشرفت

    کراچی : جناح اسپتال کے قریب ہوٹل میں فائرنگ کے واقعہ کی تحقیقات میں نیا موڑ آگیا، فائرنگ کرنے والا ملزم ذہنی مریض نکلا جس کا آبائی تعلق بنوں سے ہے۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم زاہد علی کے اہلخانہ سے رابطہ ہوا ہے، اہلخانہ کے مطابق ملزم کا نفسیاتی ڈاکٹر سے علاج بھی کرایا گیا تھا۔

    ملزم زاہد علی کچھ عرصے سے کراچی میں رہائش پذیر تھا، ملزم کے اہلخانہ سے نفسیاتی ڈاکٹر کے علاج کی تفصیلات اور میڈیکل سرٹیفکیٹ منگوائے ہیں۔

    پولیس کے مطابق تاحال ملزم کا کوئی رشتہ دار کراچی نہیں پہنچا ہے، گزشتہ روز چائے کے ہوٹل پر اندھا دھند فائرنگ سے ایک شخص قتل اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔

    واقعے میں جاں بحق ہونے والا عمران اپنے عزیز سے ملنے آیا تھا جس کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی تھی، ہوٹل پر چائے پیتے ہوئے عمران فائرنگ کی زد میں آکرجاں بحق ہوگیا تھا۔

    ملزم زاہد علی نے فائرنگ کرکے خود کو میزنائن فلور پر جاکر گولی مارکر خودکشی کرلی تھی، واقعے کے 2 مقدمات صدر تھانے میں درج ہیں۔

    مزید پڑھیں : جناح اسپتال کے باہر ہوٹل پر فائرنگ، 1 جاں بحق، ملزم نے بھی خود کشی کرلی

    فائرنگ سے زخمی ہونے والے 3 افراد میں سے 2 کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، ملزم، مقتول اور زخمیوں کا آپس میں کوئی تعلق نہیں، نہ ہی کوئی کسی کو جانتا ہے، موبائل فون ریکارڈ سے بھی تمام افراد کا آپس میں کوئی تعلق نہیں نکلا۔

  • کراچی : جناح اسپتال کے قریب فائرنگ واقعے کے 2 مقدمات درج

    کراچی : جناح اسپتال کے قریب فائرنگ واقعے کے 2 مقدمات درج

    کراچی : جناح اسپتال کے قریب فائرنگ واقعے کے دو مقدمات درج کرلئے گئے، فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور3زخمی ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جناح اسپتال کے قریب فائرنگ واقعے کے دو مقدمات صدر تھانے میں درج کرلئے گئے ، ہوٹل پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور3زخمی ہوئے تھے جبکہ فائرنگ کرنے والے ملزم نے خودکو گولی مار کر خودکشی کرلی تھی۔

    پہلا مقدمہ مقتول عمران کےسالےمحمدعلی تنولی کی مدعیت میں درج کیاگیا، مقدمہ خودکو گولی مار کر خود کشی کرنیوالےملزم طاہر علی کیخلاف درج کیا گیا۔

    مدعی مقدمے نے بتایا کہ میں اوربہنوئی این آئی ایچ پہنچے تھےجہاں بھانجی زیر علاج تھی ، رات 11بجےمیں اوربہنوئی قریب ہوٹل پر بیٹھ کر کھانا کھا رہے تھے، ہوٹل میں موجود ایک شخص نے اچانک اٹھ کر ہم پر فائرنگ کردی۔

    مدعی مقدمے کا کہنا تھا کہ فائرنگ سے بہنوئی عمران شدید زخمی ہو گیا میں نےبھاگ کر جان بچائی ، ملزم نے دوسرے لوگوں پر بھی فائرنگ کی جس سے مزید لوگ زخمی ہوئے۔

    بہنوئی کوجناح اسپتال لیکرپہنچاتومعلوم ہوا4مزید زخمی اسپتال لائے گئے ہیں لیکن جناح اسپتال میں میرابہنوئی دوران علاج دم توڑ گیا جبکہ بہنوئی اوردیگرافراد کو زخمی کرنیوالاطاہر بھی دوران علاج ہلاک ہوگیا۔

    دوسرامقدمہ سرکارکی مدعیت میں ہلاک ملزم طاہر علی سےملنےوالےاسلحے کا درج کیا گیا۔

  • جناح اسپتال : ہوٹل پر فائرنگ، 1 جاں بحق، ملزم نے بھی خود کشی کرلی

    جناح اسپتال : ہوٹل پر فائرنگ، 1 جاں بحق، ملزم نے بھی خود کشی کرلی

    کراچی : جناح اسپتال کے قریب ہوٹل پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ملزم نے 3 افراد پر فائرنگ کی ایک نے موقع پر جان دے دی جبکہ ملزم نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کرلی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں جناح اسپتال کے سامنے ہوٹل پر ایک شخص نے ہوٹل میں موجود  افراد پر فائرنگ کرکے انہیں شدید زخمی کردیا جس میں ایک شخص مارا گیا۔

    ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی نے بتایا کہ بعد ازاں فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جائے وقوعہ پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرے شخص نے بھاگ کر جان بچائی۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزم نے دوسرے شخص کو ٹارگٹ کرنے کیلئے اندھا دھند فائرنگ کی، فائرنگ سے 3ا فراد زخمی ہوئے۔

    ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ ملزم نے ہوٹل کے اوپر جاکر بھی فائرنگ کی، ملزم نے خود کو بھی گولی مار لی جس سے وہ شدید زخمی ہوا، عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کرلیے گئے ہیں تاہم واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا نہیں ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق شخص کی شناخت عمران کے نام سے ہوئی ہے اور وہ اسپتال کے باہر چائے پینے ہوٹل گیا تھا، جبکہ فائرنگ کرنے والے کی شناخت طاہر کے نام سے ہوئی ہے۔ بعد ازاں زخمی ملزم طاہر خود بھی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔

  • کراچی : جناح اسپتال میں مبینہ غفلت سے مریض کی موت ،  لواحقین کا ڈاکٹرز پر تشدد

    کراچی : جناح اسپتال میں مبینہ غفلت سے مریض کی موت ، لواحقین کا ڈاکٹرز پر تشدد

    کراچی : جناح اسپتال میں مبینہ غفلت سے مریض کے انتقال پر لواحقین نے ڈاکٹرز پر تشدد کیا اور مطالبہ کیا کہ غفلت کے مرتکب ڈاکٹر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی جناح اسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت سے زیرعلاج مریض دم توڑگیا۔

    جس پر لواحقین نے آئی سی یو میں ڈاکٹر پرتشدد کیا اور مریض کی لاش صدر تھانے کےباہر رکھ کراسپتال انتظامیہ کیخلاف احتجاج کیا۔

    اہلخانہ نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سترہ سالہ نثار سانس کےعارضے میں مبتلا تھا، مریض کی کل سےحالت نازک تھی، ڈاکٹر نے کہا آئی سی یو میں لے جاؤ ، مریض کوہم آئی سی یو میں لے کرگئے ڈاکٹرز نے بدمعاشی کی

    لواحقین کا کہنا تھا کہ مریض 7 نمبر وارڈ میں تھا اسے 23 نمبر وارڈ میں شفٹ کرنا تھا، مریض کو آئی سی یو میں لے کر گئے تو ڈاکٹر شیوا رام نے داخل کرنے سے انکار کردیا۔

    ڈاکٹرز نے پہلے تیماردار پر تشدد کیا تھا، جس کے بعد رد عمل آیا، ڈاکٹر کی غفلت کے باعث مریض انتقال کر گیا، غفلت کے مرتکب ڈاکٹر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے۔

    جناح اسپتال میں ڈاکٹر اور تیمارداروں میں جھگڑا کے معاملے پر فریقین نے ایک دوسرے پر مقدمات درج کرادیے۔

    پہلا مقدمہ متوفی مریض کےلواحقین کی مدعیت میں ڈاکٹرزپردرج ہوا، دوسرا مقدمہ ڈاکٹر کی مدعیت میں جاں بحق مریض کے ورثا پر درج کیا گیا۔

  • وزیراعلیٰ مریم نواز کا اچانک جناح اسپتال کا دورہ،  مریضوں کی شکایت پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور پرنسپل معطل

    وزیراعلیٰ مریم نواز کا اچانک جناح اسپتال کا دورہ، مریضوں کی شکایت پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور پرنسپل معطل

    لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مریضوں نے شکایت پر جناح اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کاشف اور پرنسپل اصغر نقی کو معطل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جناح اسپتال لاہور کا دورہ کیا تو شعبہ ایمرجنسی میں مریضوں نے شکایتوں کے انبار لگا دیے۔

    اسٹور میں موجودگی کے باوجود دوائیں نہ دینے پر وزیراعلیٰ نےسخت برہمی کا اظہار کیا جبکہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کاشف اور پرنسپل اصغر نقی کو معطل کردیا، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کاشف اور پرنسپل اصغر نقی موقع پر نہیں پہنچ سکے تھے۔

    وزیراعلیٰ نے ہربنس پورہ میں فیلڈ اسپتال کا بھی دورہ کیا، جہاں طبی سہولتوں، دواوں کا اسٹاک اور معیار چیک کیا۔

    وزیراعلیٰ نے خصوصی اجلاس میں اسپتالوں کے واجبات کی فوری ادائیگی اور مفت دواوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ہر سرکاری اسپتال میں دستیاب دواوں کی فہرست لگانے کا حکم دیا۔

    مزید پڑھیں : مریم نواز نے ایم ایس میو اسپتال کو عہدے سے ہٹا دیا

    انھوں نے سرکاری اسپتالوں میں مریم نواز شکایات کاؤنٹر فعال اور نمایاں کرنے کا بھی حکم دیتے ہوئے ہدایت کی مریضوں کو کال کرکے فیڈ بیک بھی لیا جائے گی اور ساتھ ہی میڈیکل سٹی پروجیکٹ کا پلان بھی طلب کرلیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے ویٹنگ روم میں تیمارداروں کیلئے کرسیاں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے روز اسپتالوں کا وزٹ کرنے کا حکم دیا۔

    اجلاس میں چیک لسٹ رپورٹ کی اصولی منظوری دے دی، اسپتالوں کی حقیقی صورتحال جاننے کیلئے ایک سے زائد ادارے چیک لسٹ تیار کریں گے ، جس میں ڈاکٹر، اسٹاف کی حاضری، فری ادویات، لیب ٹیسٹ، بائیو میڈیکل ایکیومنٹ شامل ہیں۔

    اجلاس میں اسپتالوں میں انفیکشن کا سبب بننے والے بوسیدہ پردے ہٹا کر بلائینڈر لگانے کا فیصلہ کیا گیا ، سرکاری اسپتالوں کی لیب کی کوالٹی آڈٹ پر اتفاق، ہیلتھ کئیر کمیشن کو ٹاسک دیا جائے گا۔

  • پاکستان کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں مریضوں کی زندگیاں داؤ پر، 28 وینٹی لیٹر غیر فعال

    پاکستان کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں مریضوں کی زندگیاں داؤ پر، 28 وینٹی لیٹر غیر فعال

    کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں مریضوں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئی ہیں، 28 وینٹی لیٹرز کے غیر فعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    جناح اسپتال کراچی میں طبی و انتظامی عملے کا بحران انتہائی سنگین ہو گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال میں وینٹ کی سہولتیں موجود ہیں لیکن انھیں استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

    ذرائع نے بتایا کہ اسپتال میں 5 ایسے مختلف شعبہ جات میں جہاں وینٹ موجود ہے لیکن اس کے استعمال کے لیے مطلوبہ عملہ ہی دستیاب نہیں ہے۔

    اے آر وائی نیوز کو جو تفصیل معلوم ہوئی ہے وہ کچھ یوں ہے: میڈیکل آئی سی یو میں 10 میں سے 6 وینٹ فعال ہیں، سرجیکل آئی سی یو میں 24 میں سے صرف 8 وینٹی لیٹر فعال ہیں، کلینکل آئی سی یو میں 15 میں سے صرف 7 وینٹی لیٹر فعال ہیں، اور نیورو ٹراما میں 6، جب کہ وارڈ میں صرف ایک وینٹی لیٹر ہے جو فعال ہے۔

    دوسری طرف میڈیکل آئی سی یو میں 58 نرسنگ اسٹاف کی پوسٹیں موجود ہیں لیکن صرف 8 نرسنگ اسٹاف پر مشتمل عملہ دستیاب ہے، اسپتال میں کنسلٹنٹ اور نرسنگ اسٹاف کی شدید قلت ہے۔

    جناح اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال میں مجموعی طور پر 28 وینٹی لیٹر غیر فعال ہیں، وینٹی لیٹر تو موجود ہیں مگر وہ قابل استعمال نہیں ہیں۔

  • کراچی کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں ملازمین کے درمیان انتظامی امور پر تنازعہ شدت اختیار کر گیا

    کراچی کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں ملازمین کے درمیان انتظامی امور پر تنازعہ شدت اختیار کر گیا

    کراچی: شہر قائد کے سب سے بڑے سرکاری اسپتال میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ملازمین کے درمیان انتظامی امور پر تنازعہ شدت اختیار کر گیا ہے۔

    جناح اسپتال کراچی کے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شاہد رسول نے اپنی ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کے خلاف عدالتی فیصلے پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ابھی تک معطلی کا سرکاری لیٹر موصول نہیں ہوا، لیکن میں اس فیصلے کو چیلنج کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔

    پروفیسر شاہد رسول نے کہا کہ انھوں نے 2021 سے 2024 تک جناح اسپتال میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پر کئی اہم اقدامات کیے، جن میں ویسکیولر سرجری کا شعبہ قائم کرنا شامل ہے۔ انھوں نے کہا ’’میرے خلاف عدالت جانے والے ڈاکٹروں کو میں نے خود ترقیاں دلوائیں، میں نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی فیکلٹی کی مدد سے اسپتال کی بہتری کی کوشش کی۔‘‘

    انھوں نے نیوروسرجری ڈیپارٹمنٹ میں اموات کے زیادہ تناسب پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیورو سرجری میں جنوری سے جون 2024 تک 523 اموات ہوئیں۔ انھوں نے کہا ’’میں مریضوں کی بہتری کے لیے جلد آپریشن کا کہتا ہوں تو میری بات نظر انداز کر دی جاتی ہے۔‘‘

    ڈاکٹر شاہد رسول نے سوال اٹھایا کہ اگر میری تعیناتی غیر قانونی ہے تو کیا 2021 سے ہونے والی تمام بھرتیاں بھی غیر قانونی قرار دی جائیں گی؟ پروفیسر شاہد رسول نے وفاقی ایچ او ڈیز کی مداخلت کو اسپتال کے نظام کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسپتال کو 8 افراد نے یرغمال بنا رکھا ہے۔

    واضح رہے کہ عدالت نے پروفیسر شاہد رسول کی تعیناتی کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے، لیکن انھوں نے فیصلے کو چیلنج نہ کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ احتجاج ان کا حق ہے مگر اس سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہوگا۔

    دریں اثنا، کراچی کے جناح اسپتال میں ڈاکٹر تنظیموں نے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول کی ڈیپوٹیشن پر تقرری کی معطلی کے خلاف مظاہرہ کیا، ہاتھوں میں بینرز تھامے مظاہرین نے نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ پروفیسر شاہد رسول نے اسپتال کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے، ان کی تعیناتی پر اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔

    ڈاکٹروں نے او پی ڈیز کا بائیکاٹ کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی حکومت سے اسپتال کے حوالے سے پالیسی کو ہم آہنگ کرنے کا مطالبہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ کہ جناح اسپتال ایک معاہدے کے تحت صوبائی انتظام کا حصہ بنا، لیکن یہاں درجنوں پوسٹیں خالی ہیں، اور کچھ عناصر ذاتی مفاد کی خاطر اسپتال کا نظام درہم برہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

  • کراچی ائیرپورٹ دھماکے کے زخمیوں کی فہرست جاری

    کراچی ائیرپورٹ دھماکے کے زخمیوں کی فہرست جاری

    کراچی : ایئر پورٹ کے قریب ہونے والے دھماکے میں زخمی افراد کی فہرست جناح اسپتال انتظامیہ نے جاری کردی، واقعے میں مجموعی طور پر 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    اس حوالے سے جناح اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ ایک خاتون سمیت10افراد کو زخمی حالت میں جناح اسپتال لایا گیا۔

    زخمیوں میں خاتون تسلیم،45سالہ عظیم، پولیس اہلکار وقار، محمد الیاس، محمد نعیم، عمر طارق، راعنوخان، حمزہ اور علی شامل ہیں جبکہ ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے۔

    علاوہ ازیں ایم کیوایم پاکستان کے اراکین قومی اسمبلی ارشد وہرہ، فرحان چشتی اور طحہ احمد نے جناح اسپتال پہنچ کر ایئرپورٹ دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی، ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا واقعہ ناقابل قبول ہے، متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ریسکیو حکام نے واقعے میں 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاع دی ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کے قریب دھماکے میں 2غیر ملکیوں سمیت3افراد جان سے گئے جبکہ 10افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    واقعے میں چار پولیس اور دو رینجرز اہلکاروں سمیت دس افراد زخمی ہوئے۔ ایک غیر ملکی سمیت دیگر زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ہلاک غیر ملکیوں کی لاشیں نجی اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔

    علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیر داخلہ اور آئی جی پولیس کو فون کرکے واقعے کی ہر پہلو سے انکوائری کرکے رپورٹ دینے کی ہدایت کی ہے۔