Tag: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ

  • ایف آئی اے امیگریشن کے سسٹم میں اچانک فنی خرابی، جناح ایئرپورٹ پر مسافر مشکل میں پڑ گئے

    ایف آئی اے امیگریشن کے سسٹم میں اچانک فنی خرابی، جناح ایئرپورٹ پر مسافر مشکل میں پڑ گئے

    کراچی: ایف آئی اے امیگریشن کے سسٹم میں اچانک فنی خرابی کی وجہ سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر مشکل میں پڑ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل ارائیول پر ایف آئی اے امیگریشن سسٹم میں اچانک فنی خرابی پیدا ہو گئی، جس کے باعث بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو امیگریشن کے عمل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    ذرائع کے مطابق علی الصبح 3 اور 4 بجے کے درمیان اچانک ایف آئی اے امیگریشن سسٹم فنی خرابی کے باعث ڈاؤن ہو گئے تھے، جس پر ایف آئی اے نے مینوئل طریقے سے مسافروں کی امیگریشن کا عمل مکمل کیا۔

    ایئرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں، آئی ٹی کے عملے نے فوری طور پر ہنگامی بنیادوں پر فنی خرابی دور کی، ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کے بعد سے سسٹم معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔

  • کراچی ایئرپورٹ پر جدید ایئر ٹریفک کنٹرول کمپلیکس کی تعمیر کے حوالے سے بڑی خبر

    کراچی ایئرپورٹ پر جدید ایئر ٹریفک کنٹرول کمپلیکس کی تعمیر کے حوالے سے بڑی خبر

    کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عالمی معیار کا جدید ایئر ٹریفک کنٹرول کمپلیکس اور فائر اسٹیشن تعمیر کیا جا رہا ہے۔

    ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ پروجیکٹ کی سربراہی میں اس سلسلے میں ہیڈ کوارٹر میں اہم اجلاس ہوا، جس میں منصوبے سے متعلق بریفنگ دی گئی، جس میں کہا گیا کہ جدید ایئر ٹریفک کنٹرول کمپلیکس کی تعمیر اے ٹی سی کو مکمل حد نگاہ فراہم کرے گا۔

    ذرائع نے کہا ایک اندازے مطابق یہ منصوبہ 3 سال میں مکمل کیا جائے گا، اور منصوبے پر تقریباً 47 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

    نئے اے ٹی سی ٹاور میں ایریا ریڈار سینٹر کو بھی منتقل کیا جائے گا، ریڈار ڈسپلے ایریا بھی شامل ہوگا، اور شعبہ فائر کے دفاتر اور فائر اسٹیشن بھی منتقل کیے جائیں گے۔

    پی آئی اے کی برطانیہ کے لیے براہ راست پروازوں کے معاملے میں اہم پیش رفت

    موجودہ اے ٹی سی ٹاور 50 سال سے زیادہ پرانا ہے، ٹاور کی بلندی کم ہے تاہم ضروری آلات کی مدد سے سیفٹی کو یقینی بنایا گیا ہے، جب کہ نیا ٹاور مقام اور اونچائی کے لحاظ سے بین الاقوامی معیار اور جدید ہوا بازی کے تقاضوں کے عین مطابق ہوگا۔

  • خودکش حملہ آور نے چینی باشندوں کے قافلے پر کیسے  حملہ کیا؟ تفتیشی ذرائع کا اہم انکشاف

    خودکش حملہ آور نے چینی باشندوں کے قافلے پر کیسے حملہ کیا؟ تفتیشی ذرائع کا اہم انکشاف

    کراچی: ائیر پورٹ کے قریب چینی باشندوں کے قافلے پر ہونیوالے حملے کی تحقیقات میں اہم تفصیلات سامنے آگئیں کہ خودکش حملہ آور نے چینی باشندوں کے قافلے پر کیسے حملہ کیا؟

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ہونے والے دھماکے کی اہم تفصیلات سامنے آگئیں۔

    تفتیشی ذرائع نے بتایا کہ خودکش حملہ آور نے کار غیر ملکیوں کی گاڑی سے ٹکرائی، کار سوار حملہ آور ٹریفک سگنل پر چینی باشندوں کے قافلے کے نکلنے کا انتظار کررہا تھا اور قافلہ قریب پہنچتے ہی دہشت گرد نے کار غیرملکیوں کی گاڑی سے ٹکرادی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ کار میں بارودی مواد بھرا ہوا تھا، جس سےگاڑی مکمل تباہ ہوگئی تاہم کار کی نمبر پلیٹ،انجن چیسز نمبر حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    تفتیشی ذرائع نے کہا کہ دھماکے کے بعد غیر ملکیوں کی ایک گاڑی کو ریورس لیکرمحفوظ کرنے کی کوشش کی گئی، حملے میں بھاری بارودی مواد استعمال کیا گیا ہے جس سے کئی گاڑیوں کونقصان پہنچا۔

    بی ڈی ایس حکام کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر گاڑی میں ستر سے اسی کلو بارودی مواد موجود تھا ، دھماکا اتنا شدید تھا کہ بم پروف گاڑی بھی شدید متاثر ہوئی اور دو چینی انجینئرز ہلاک ہوئے جبکہ ایک زخمی ہوا دیگر سولہ زخمیوں میں پولیس اور رینجرز اہلکار بھی شامل ہیں۔

    دھماکے کے نتیجے میں تیرہ گاڑیوں کو نقصان پہنچا تاہم آئی جی سندھ کی ہدایت پر تفتیش کیلئے بنائی گئی خصوصی ٹیم جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے میں مصروف ہے۔

  • کرغزستان سے سندھ کے لیے پہلی پرواز کراچی ایئرپورٹ پہنچ گئی

    کرغزستان سے سندھ کے لیے پہلی پرواز کراچی ایئرپورٹ پہنچ گئی

    اسلام آباد: کرغزستان سے سندھ کے لیے پہلی پرواز کراچی ایئرپورٹ پہنچ گئی، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کرغزستان میں پھنسے طالب علموں کی واپسی پر ان کا استقبال کیا۔

    سول ایویشن اتھارٹی کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ ٹرمینل 1 پر بشکیک کرغزستان سے ایک اور فلائٹ 171 طلبہ کو لے کر کراچی پہنچ گئی، پی آئی اے فلائٹ 6260 صبح 08 بجکر 40 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزارت خارجہ اور او پی ایف اہلکاروں نے طلبہ کو خوش آمدید کہا۔ طلبہ کے والدین اور دیگر رشتہ دار بھی کراچی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔

    اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کرغزستان میں پھنسے سندھ کے 205 طلبہ کو واپس لایا گیا ہے، صوبائی حکومت طلبہ کی واپسی سے متعلق مسلسل رابطے میں رہی، اس سفر کا انتظام بھی صوبائی حکومت نے کیا۔

    کراچی آنے والی آج کی فلائت میں 205 طلبہ کی واپسی ہوئی ہے، جن میں 55 لڑکیاں اور 150 لڑکے ہیں، کرغزستان سے واپس آنے والے 99 طلبہ کا تعلق کراچی سے ہے۔ طلبہ نے حکومت سندھ اور وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

  • جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی کارروائی، 3 مسافر آف لوڈ

    جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے کی کارروائی، 3 مسافر آف لوڈ

    کراچی:جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرایف آئی اے امیگریشن کی جانب سے کارروائی کی گئی ہے، جعلی سفری دستاویزات پر گنی جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 3 مسافروں کو آف لوڈ کردیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان پاکستانی پاسپورٹ پر گنی جا رہے تھے، جعلی ویزے لگے ہوئے تھے، ملزمان محمد حنیف، عبدالغفار اور محمد عیسیٰ کا تعلق جھنگ سے ہے۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے ایجنٹ سے ویزے حاصل کئے، ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

    دوسری جانب فیصل آباد ایئرپورٹ کے ٹھیکوں میں مبینہ کرپشن پر نیب نے ایئرپورٹ حکام کے خلاف تحقیقات کے احکامات جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد ایئرپورٹ کے حکام ایف آئی اے کے ریڈار پر آ گئے، نیب نے ٹھیکوں میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کے لیے معاملہ ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔

    ضمیر الحسن نامی شہری نے فیصل آباد ایئرپورٹ کے ٹھیکوں میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کے لیے نیب کو انکوائری کی درخواست دی تھی، جس پر نیب نے ڈی جی ایف آئی اے کو مراسلہ لکھ کر کہا ہے کہ فیصل آباد ایئرپورٹ انتظامیہ کے خلاف ٹھیکوں میں مبینہ کرپشن کی شکایت ملی ہے، اس کی تحقیقات کی جائیں۔

    ایف آئی اے نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں تحقیقات مکمل کرلی

    واضح رہے کہ فیصل آباد ایئرپورٹ انتظامیہ کے خلاف تمام چھوٹے بڑے ٹھیکے من پسند کمپنیوں کو دے کر مبینہ کرپشن کا الزام لگایا گیا ہے۔

  • جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کار پارکنگ فیس میں اچانک اضافہ

    جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کار پارکنگ فیس میں اچانک اضافہ

    کراچی: جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کار پارکنگ فیس میں اچانک اضافہ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر کار پارکنگ فیس میں 10 روپے کا اضافہ کر کے 100 روہے کر دیا گیا، یہ اضافہ اچانک کیا گیا ہے، اس سے قبل کار پارکنگ فیس 90 روپے تھی۔

    کراچی ایئرپورٹ پر 3 گھنٹے کے لیے کار پارکنگ فیس اب سو روپے ہوگی، جب کہ تین گھنٹوں کے بعد مزید وصولی ہوگی۔

    ترجمان سول ایوی ایشن نے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر کار پارکنگ فیس میں 10 روپے اضافہ ایئرپورٹ منیجمنٹ نے خود کیا ہے، فیس میں ہر سال دس روپے اضافہ کیا جاتا ہے۔

    ترجمان سی اے اے کے مطابق نجی کنٹریکٹر کا ٹھیکا ختم ہونے کے بعد پارکنگ فیس میں دس روپے کا اضافہ کیا گیا ہے، ٹھیکے کے ٹینڈر کے لیے جلد اشتہار جاری ہوگا۔ ترجمان نے یہ بھی کہا کہ کار پارکنگ فیس میں دس روپے کا اضافہ 3 سال بعد کیا گیا ہے۔

  • رواں سال کراچی سے  حج پر جانے والے عازمین کے لئے اچھی خبر آگئی

    رواں سال کراچی سے حج پر جانے والے عازمین کے لئے اچھی خبر آگئی

    کراچی : سعودی عرب کا 12 رکنی اعلیٰ سطحی وفد جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کرنے کے لیے جائزہ لینے کراچی پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ شروع کرنے سے متعلق پیش رفت سامنے آئی ، سعودی عرب کا12رکنی اعلیٰ سطح کا وفد ایئرپورٹ پہنچ گیا۔

    سعودی وفد روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت جناح ایئرپورٹ کو شامل کرنے کا جائزہ لے گا جبکہ حج کے دوران پاکستانی حجاج کی کراچی ایرپورٹ پر امیگریشن کی سہولت کا جائزہ لیاجائے گا۔

    سعودی حکام روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت حجاج کی امیگریشن کے لیے سروے کریں گے ، کراچی ایئرپورٹ پر مختص ایریا سمیت دیگر اقدامات کے حوالے سے سروے بھی کیا جائے گا۔

    سی اے اے، ایف آئی اے امیگریشن، کسٹمز، اے ایس، ایف اور اے این ایف حکام سعودی وفد کو بریفنگ دیں گے، جس کے بعد سعودی حکام کی رپورٹ پر رواں سال کراچی ایئرپورٹ کوروڈٹومکہ پراجیکٹ میں شامل کیا جائے۔

    خیال رہے اسلام آباد ائیرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ منصوبے پر پہلے عمل درآمد جاری ہے۔

  • جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جانچ پڑتال، اکاؤ کی ٹیم چند دن بعد پہنچے گی

    جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جانچ پڑتال، اکاؤ کی ٹیم چند دن بعد پہنچے گی

    کراچی: عالمی ہوا بازی کی تنظیم اکاؤ یونیورسل سیکیورٹی مونٹریال آڈٹ پروگرام کے تحت کراچی کا دورہ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق اکاؤ یونیورسل سیکیورٹی مونٹریال کی ٹیم 5 سال بعد کراچی کا دورہ کرے گی، اکاؤ کی 4 رکنی ٹیم دس روزہ دورے پر روبیو آسکر کی قیادت میں 18 فروری کو کراچی پہنچے گی۔

    اکاؤ مونٹریال کی ٹیم جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایئرپورٹ سیکیورٹی اور پروازوں سے متعلق جانچ پڑتال کرے گی، اور سی اے اے اکاؤ کی ٹیم کو ایئرپورٹ پر کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دے گا، اور اس حوالے سے ایک پریذنٹیشن بھی پیش کی جائے گی۔

    یہ وفد کراچی ایئرپورٹ کی سیکیورٹی، کارگو، فلائٹ کچن، گراؤنڈ ہینڈلنگ سمیت دیگر شعبہ جات کا آڈٹ کرے گا، اکاؤ کے وفد کو سی اے اے کی جانب سے قائم کردہ جوائنٹ سرچ بیگیجز کاؤنٹر کا دورہ بھی کرایا جائے گا۔

    وفد مسافروں کے سامان، اسکریننگ، جہاز میں سامان منتقل ہونے اور دیگر سیکیورٹی آلات کی جانچ ہڑتال کے عمل کو مانیٹر کرے گا۔ واضح رہے کہ اکاؤ یونیورسل سیکیورٹی مونٹریال کی ٹیم نے آخری فزیکل آڈٹ 2019 میں اور آن لائن 2021 میں کیا تھا۔

  • اعلیٰ کوالٹی کی غیرملکی شراب برآمد، ملزم گرفتار

    اعلیٰ کوالٹی کی غیرملکی شراب برآمد، ملزم گرفتار

    کراچی : جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کلکٹریٹ نے کارروائی کے دوران دبئی سے آنے والے ایک مسافر کے سوٹ کیس سے غیر ملکی شراب کی 30 بوتلیں برآمد کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کسٹمز ایئرپورٹ کلکٹریٹ کے انٹرنیشنل ارائیول لاؤنج پر تعینات عملے نے دبئی سے ایمیریٹس ایئر لائنز کی پرواز کے ذریعے کراچی اترنے والے ایک مسافر کو شک کی بنیاد پر روکا۔

    مسافر محمد ثاقب گرین چینل استعمال کررہا تھا جسے شک کی بنیاد پر روک کر اس کے سامان کی اسکیننگ کی گئی تو اس کے سوٹ کیس میں شراب کی بوتلوں کی نشاندہی ہوئی۔

    کسٹمز عملے نے مسافر کے سامان کو کسٹمز ایگزامینیشن کاؤنٹر منتقل کرکے اس کے سوٹ کیس سے غیر ملکی شراب کی 30 بوتلیں ضبط کر لیں۔

    ضبط کی گئی شراب کی بوتلوں کی کل مالیت 8 لاکھ روپے ہے، مذکورہ مسافر کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت کارروائی کی جارہی ہے۔

  • عمرہ زائرین کی آڑ میں  کروڑوں روپے مالیت کے آئی فون اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    عمرہ زائرین کی آڑ میں کروڑوں روپے مالیت کے آئی فون اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    کراچی: عمرہ زائرین کی آڑ میں کسٹم حکام نے کروڑوں روپے مالیت کے آئی فون اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی، موبائل فونز کی مالیت 2 کروڑ 76 لاکھ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹمز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کے فون کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

    مسافروں کا ایک گروپ عمرہ کی ادائیگی کے بعد غیر ملکی ائیر لائن کی پرواز EK 602 کے ذریعے براستہ دبئی کراچی پہنچا تھا ، کسٹم نے شک کی بناء پر گروپ کو روکا اور ان افراد کے سامان کی کسٹم اسٹاف نے اسکینگ کی تو ان عمرہ زائرین کے سامان میں موبائل فونز کے خالی ڈبوں کی نشاندہی ھوئی۔

    جس پر حکام نے مذکورہ مسافروں سے موبائل فونز کے بارے میں دریافت کیا تو انہوں نے غیر تسلی بخش جوابات دیے جس کی وجہ سے ان مسافروں کی جامہ تلاشی لی گئی تو ان مسافروں کے زیب تن/ زیر جامہ کپڑوں(جسم) سے51 عدد قیمتی آئی فون برآمد ہوئے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ عمرہ زائرین کے گروپ بچے اور خواتین بھی شامل تھیں، موبائل فونز کی مالیت 1 کروڑ چھیاسی لاکھ روپے ہے، جس پر مروجہ قانون کے تحت 88 لاکھ روپے ڈیوٹی/ ٹیکسز کی مد میں قابل ادا ہیں۔

    برآمد ہونے والے موبائل فونز کی مجموعی مالیت 2 کروڑ 76 لاکھ ہے تاہم ملزمان کے خلاف کسٹم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے 3 افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔

    حکومت پاکستان/ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی اسمگلنگ کی تدارک کے لئے جاری خصوصی احکامات اور ہدایات کی روشنی میں کلکٹر کسٹمز ایئرپورٹ شفیق احمد لاٹکی صاحب نے ان احکامات اور ہدایات پر بھرپور عمل درآمد کے لئے ایڈیشنل کلکٹر ایئرپورٹ محترمہ زھرہ طاھر نقوی صاحبہ اور اسسٹنٹ کلکٹر ایئرپورٹ وقار حیدر کو بیرون ملک سے آنے اور جانے والے مسافروں کی آڑ میں اسمگلنگ کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے آرایول اور ڈپارچر پر تعینات افسران کو پہلے سے زیادہ مستعد اور متحرک رکھنے اور تمام میسر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ملکی معیشت کو اسمگلنگ کے ذریعہ نقصان پہنچانے والے عناصر کی کسی بھی کوشش کی بیخ کنی کی ھدایات جاری کیں۔

    اسمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات کے نتیجے میں موبائل فونز عمرہ زائرین کے ذریعہ اسمگلڈ کرنے کی کوششوں کی اطلاعات ہیں کہ اسمگلرز نے موبائل فونز کو اسمگلڈ کرنے کے لئے سادہ لوح مسافروں اور عمرہ زائرین کو پاکستان آنے والی فلائٹس پر سستے ٹکٹ اور پیسوں کا لالچ دے کر 01 سے 10 تک I Phone لانے کی ترغیب دی ہے کیونکہ عمرہ کی ادائیگی کے بعد پاکستان واپس آنے والے زائرین کو انتہائی احترام دیا جاتا ہے اور ان زائرین کی آسان سہل اسپیڈی کلیئرنس کی جاتی ہے اور ان کے ہمراہ سامان پر کسی قسم کا شک نہیں کیا جاتا ہے۔

    کلکٹر کسٹمز جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی شفیق احمد لاٹکی نے عمرہ زائرین اور عام سادہ لوح مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ پاکستان واپسی پر کسی بھی غیر متعلقہ شخص کی کوئی بھی چیز خصوصی طور پر موبائل فونز اپنے پاس نہ رکھیں تاکہ وہ کسی بھی قسم کی قانونی کارراوائی/ پریشانی سے محفوظ رہ سکیں۔