Tag: جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ

  • 2023 میں کراچی ایئرپورٹ پر 3.23 ملین مسافروں نے کامیابی سے پروسیس کیا: ایف آئی اے

    2023 میں کراچی ایئرپورٹ پر 3.23 ملین مسافروں نے کامیابی سے پروسیس کیا: ایف آئی اے

    کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) امیگریشن کراچی نے سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سال 2023 کے دوران ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر بین الاقوامی آمد اور روانگی پر 3.23 ملین مسافروں کو کامیابی سے پروسیس کیا۔

    گذشتہ ایک برس کے دوران وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے ایمیگریشن نے جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر تابڑ توڑ کارروائیوں کے دوران سنگین جرائم میں مطلوب ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ بیرون ملک فرار ہونے والے متعدد ملزمان ایف آئی اے کے آہنی پنجے سے نہ بچ سکے۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق مختلف جرائم میں ملوث ملزمان کی ایئرپورٹ سے فرار ہونے کی کوشش ایف آئی اے نے ناکام بنادی، 37 ملزمان کو بیرون ملک فرار ہوتے جبکہ 32 کو وطن واپسی پر گرفتار کیا گیا۔

    حکام نے بتایا کہ سنگین نوعیت کے جرائم میں مطلوب 69 ملزمان ایف آئی اے کی تیز نظروں سے بچ نہ سکے  اس کے علاوہ گذشتہ ایک سال کے دوران 1عشاریہ 7ملین مسافر وں نے کراچی سے سفر کیا۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق 57 مسافروں کو جعلی دستاویزات جبکہ پاکستانی پاسپورٹ کا غیر قانونی استعمال کرنے والے 36 غیر ملکیوں کو گرفتار کیا گیا۔

    حکام نے بتایا کہ مذکورہ غیر ملکی مسافروں نے جعلی سازی اور دہوکہ دہی سے پاکستانی پاسپورٹس حاصل کئے تھے جبکہ 42 مسافروں کو جعلی ویزا، ٹمپرڈ پاسپورٹ اور جعلی مہروں پر پاکستان پہنچنے پر گرفتار کیا گیا۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال کے تسلسل کو رواں سال بھی برقرار رکھا جائے اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بھی جاری رکھا جائے گا۔

  • سعودی عرب سے آنے والے  مزید 10 مسافروں میں کورونا کی تصدیق

    سعودی عرب سے آنے والے مزید 10 مسافروں میں کورونا کی تصدیق

    کراچی : سعودی عرب سے کراچی آنیوالے 10 مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ، جس کے بعد مسافروں کو قرنطینہ کیلئے سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آبادمنتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب سے کراچی آنیوالے مسافروں  میں کورونا وائرس کی تشخیص کا سلسلہ برقرار ہے ، جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر جدہ سے آنے والے 10مسافر میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

    مسافرسعودی ایئرلائن کی پرواز ایس وی 700کے ذریعے جدہ سے کراچی پہنچے تھے۔

    محکمہ صحت سندھ کے مطابق مسافروں کے ریپڈ ٹیسٹ کئے گئے تو ان میں 10مسافروں کی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی،مسافروں کو قرنطینہ کیلئے سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آبادمنتقل کردیا گیا ہے۔

    چوبیس گھنٹوں کے دوران سعودی عرب سے آنے والے27مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ ایک ماہ کے دوران سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک سے کراچی پہنچنے والے 153مسافرکورونا وائرس میں مبتلا نکلے تھے۔

    خیال رہے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے ‏‏مسافروں کے لئے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔

    محکمہ صحت کی ٹیموں نے خصوصی کاؤنٹر پر ریپڈ ٹیسٹ لیے جا ‏رہے ہیں اور بغیر ٹیسٹ کے کسی ‏بھی مسافر کو ائیرپورٹ سےباہر جانے کی اجازت نہیں جارہی تاہم رپورٹ مثبت ‏آنے پر مسافر کو ‏اپنےخرچےپرقریبی ہوٹل میں قرنطینہ ہوناہوگا۔

  • جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے 5  مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص

    جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے 5 مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص

    کراچی : جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والوں کی طبی جانچ پڑتال کے دوران 5مسافروں میں کوروناوائرس کی تشخیص ہوئی ، پانچوں مسافروں کو بھٹائی آباد میں وفاقی حکومت کے قرنطینہ مرکز منتقل کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا کی روک تھام کیلئے سی اےاے کی جانب سے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے ، جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والوں کی طبی جانچ پڑتال کی گئی ، اس دوران 5مسافروں میں کوروناوائرس کی تشخیص ہوئی ، جس کی ایئرپورٹ انتظامیہ نے تصدیق کردی ہے۔

    پانچوں مسافروں کو بھٹائی آباد میں وفاقی حکومت کےقرنطینہ مرکزمنتقل کردیا گیا ، دبئی سےپہنچنےوالی پرواز151افرادمیں سے2مسافروں اور ریاض سے آنیوالےکی پرواز کے329میں سے3 مسافروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے۔

    دوسری جانب اسلام آباد ایئرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والوں کی طبی جانچ جاری ہے، ایئرپورٹ منیجر عدنان خان کا کہنا ہے کہ ریپڈانٹیجنٹ ٹیسٹ کیلئے6کاؤنٹر قائم کردیے گئے، طیارے سےباہرآنے والوں کو عملہ ٹوکن فراہم کرتا ہے۔

    ایئرپورٹ منیجر نے بتایا کہ ٹوکن کےذریعے محکمہ صحت کی ٹیمیں ریپڈ ٹیسٹ کررہی ہیں اور اسلام آباد کےاےٹو لاونج کومسافروں کےلیےمختص کردیا گیا ہے، دبئی سے اسلام آباد آنیوالی نجی ایئرلائن کی پرواز کے200مسافروں کی طبی جانچ کی گئی اور ٹیسٹ رپورٹ کلیئر ہونے کے بعد مسافروں کو گھر جانے کی اجازت دی گئی۔

  • ایئر پورٹس پر بزرگ ، خواتین اور خصوصی افراد کے لیے خصوصی سہولت

    ایئر پورٹس پر بزرگ ، خواتین اور خصوصی افراد کے لیے خصوصی سہولت

    کراچی: وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر سول ایوی ایشن نے بزرگ ،خواتین اور خصوصی افراد کے لیے بہتر سہولیات کی فراہمی کی خاطر اقدامات شروع کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے باقائدہ نوٹی فکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے تحت ملک بھر کے ایئر پورٹس پر بزرگ افراد، نو مولود بچوں کے ہمرا ہ خواتین اور خصوصی افراد کو خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

    سول ایوی ایشن کی جانب سے جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک بھر کے ایئرپورٹس کے لیے 9 نکاتی ہدایت نامہ جاری کردیا گیا ہے۔ حکم نامے کے تحت عمر رسیدہ، خصوصی افراد، اور خواتین جن کے ساتھ دو سال سے کم عمر بچے ہوں ، ان کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اس مقصد کے لیے کراچی ایئرپورٹ پر اعزازی سہولت کے کاونٹر بھی قائم کردیئے گئے ہیں۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اے ایس ایف ،کسٹمز اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری ہے کہ تلاشی کے دوران مذکورہ بالا افراد کے سامان کا خیال رکھا جائے۔

    ساتھ ہی ساتھ عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کراچی سمیت مختلف ایئرپورٹس پر ملازمین اپنی سرکاری فرائض کی ادائیگی کے دوران موبائل فونز کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کوئی بھی ملازم پان ،گٹکا یا نسوار کھاتے ہوئے پکڑا گیا تو اس کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پاکستانی ہوا بازی کی مثبت شناخت اجاگر کرنے کے لیے عملے کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ پر مسافروں کی آمد اور روانگی کے کاونٹر پر ان سے خوش اخلاقی سے پیش آئے۔

    یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں سیاحت کے فروغ اور معاشرے کے مذکورہ بالا طبقات یعنی بزرگ ، خواتین اور خصوصی افراد کے لیے ایئر پورٹس پر سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی تھیں جن پر عمل در آمد شروع ہوگیا ہے۔