Tag: جناح ایکسپریس

  • آج 15 اکتوبر کو جناح ایکسپریس کے کرایے آدھے وصول کیے جائیں گے

    آج 15 اکتوبر کو جناح ایکسپریس کے کرایے آدھے وصول کیے جائیں گے

    کراچی: جناح ایکسپریس میں اکانومی کلاس کی بوگیوں کا اضافہ کر دیا گیا ہے، آج 15 اکتوبر سے بوگیاں لگائی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق جناح ایکسپریس کی اکانومی کلاس کی بوگیوں میں اضافہ کر دیا گیا، آج سے اضافی بوگیاں لگائی جا رہی ہیں، وزیر ریلوے نے آج 15 اکتوبر کے لیے جناح ایکسپریس کا آدھے کرائے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔

    وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ منگل کے دن جناح ایکسپریس کا کرایہ آدھا وصول کیا جائے گا، کراچی سے لاہور تک کرایہ 1825 سے کم کر کے 950 کر دیا گیا، جناح ایکسپریس کے کرائے میں یہ کمی صرف آج 15 اکتوبر کے لیے ہے۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ جناح ایکسپریس کے ساتھ اکانومی کلاس کے ڈبے لگائے جا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ریلوے اسٹیشنز پر ایک ہزار دکانیں بھی بنائی جائیں گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  محکمہ ریلوے نے ریکارڈ ہدف حاصل کرلیا

    وفاقی وزیر نے اس عزم کا بھی اظہار کیا تھا کہ 5 کی بجائے 3 سال میں ریلوے کا خسارہ ختم کر دیں گے، جو افسر یا ملازم 8 بجے ڈیوٹی پر نہیں پہنچے گا اس کی غیر حاضری لگائی جائے گی، فریٹ ٹرین کو 80 کی بجائے 40 گھنٹے میں تبدیل کیا گیا، پاکستان واحد ملک ہے جس نے پسنجر میں 10 ارب زیادہ کمائے۔

    خیال رہے کہ محکمہ ریلوے نے 14 ماہ کے مختصر عرصے میں کارگو ٹرینیں چلانے کا بھی ریکارڈ ہدف حاصل کر لیا ہے، یہ کراچی ڈویژن کی بڑی کام یابی تھی جب اس نے 1 ہزار سے زائد کارگو ویگن لوڈ کرنے کا غیر معمولی ہدف حاصل کیا جن میں سے 1002 ویگن 15 مختلف مال گاڑیوں سے تعلق رکھتی ہیں۔

  • جناح ایکسپریس حادثے میں جاں بحق اسسٹنٹ ڈرائیور کے بھائی نے ریلوے حکام کی رپورٹ مسترد کردی

    جناح ایکسپریس حادثے میں جاں بحق اسسٹنٹ ڈرائیور کے بھائی نے ریلوے حکام کی رپورٹ مسترد کردی

    حیدرآباد: جناح ایکسپریس حادثے میں جاں بحق اسسٹنٹ ڈرائیور کے بھائی کامران شاہ کا کہنا ہے کہ ریلوے حکام نے اپنی کوتاہیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے حادثے کا سارا ملبہ ٹرین ڈرائیوروں پر ڈالنے کی کوشش کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جناح ایکسپریس کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے اسسٹنٹ ڈرائیور نعمان شاہ کے بھائی کامران شاہ نے حادثے کے بارے میں ریلوے حکام کی ابتدائی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جھوٹ پر مبنی رپورٹ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ریلوے حکام نے اپنی کوتاہیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے حادثے کا سارا ملبہ ٹرین ڈرائیوروں پر ڈالنے کی کوشش کی ہے، اس سے حادثات کو روکنے میں کوئی مدد نہیں ملے گی۔

    کامران شاہ نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ ریلوے کے نظام، ٹرینوں کی حالت کو بہتر بنائے اسی سے حادثات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

    کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، 3 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ 20 جون کو حیدرآباد کے قریب کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی تھی، حادثے میں تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

    وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے حیدرآباد ٹرین حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے کی متعلقہ افسران سے رپورٹ طلب کی تھی۔

    حیدرآباد میں ٹرین حادثے کی ابتدائی رپورٹ تیار

    حیدرآباد میں پیش آنے والے ٹرین حادثے کی ابتدائی رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ حادثہ جناح ایکسپریس کے ڈرائیور، اسسٹنٹ کی غفلت سے پیش آیا۔

  • حیدرآباد میں ٹرین حادثے کی ابتدائی رپورٹ تیار

    حیدرآباد میں ٹرین حادثے کی ابتدائی رپورٹ تیار

    حیدرآباد: صوبہ سندھ کے شہر حیدرآباد میں پیش آنے والے ٹرین حادثے کی ابتدائی رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ حادثہ جناح ایکسپریس کے ڈرائیور، اسسٹنٹ کی غفلت سے پیش آیا۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں ٹرین حادثے کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 20 جون کی شام ساڑھے5 بجے جناح ایکسپریس ساہیوال کول اسپیشل ٹرین سے ٹکرائی۔

    ابتدائی رپورٹ کے مطابق حادثےمیں جناح ایکسپریس کاانجن تباہ ہوگیا، ٹرین ڈرائیوراور2 اسسٹنٹ ڈرائیورجاں بحق ہوئے۔ ڈرائیوراسلم چانڈیو،اسسٹنٹ یاسربشیر،عمان شاہ تھے۔ حادثےمیں کوئلے کی ٹرین کا گارڈ عمران شاہ بھی زخمی ہوا جو اسپتال میں زیرعلاج ہے۔

    حادثے میں مال گاڑی کی پاور وین اورایک بوگی کونقصان پہنچا، زخمی گارڈکانام عمران شاہ ہےجواسپتال میں زیرعلاج ہے۔

    ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حادثے میں کسی مسافرکے جاں بحق یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے. رپورٹ میں خدشہ ہے حادثہ جناح ایکسپریس کے ڈرائیور، اسسٹنٹ کی غفلت سے پیش آیا۔

    کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، 3 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ روز حیدرآباد کے قریب کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی تھی، حادثے میں تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

    وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے حیدرآباد ٹرین حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے کی متعلقہ افسران سے رپورٹ طلب کی تھی۔

  • کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، تین افراد جاں بحق

    کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، تین افراد جاں بحق

    ٍکراچی : حیدرآباد کے قریب کراچی سے جانے والی جناح ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی، حادثے میں تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق حیدرآباد ریلوے سٹیشن کے قریب ایک ہی ٹریک پر چلنے والی دو ریل گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، ٹرینوں کو حادثہ حیدرآباد کے مکی شاہ تھانے کی حدود خاصخیلی گوٹھ میں پیش آیا۔

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیاں شروع کردیں۔

    جاں بحق ہونے والوں میں جناح ایکسپریس کا ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور اور گارڈ بھی شامل ہیں، حادثہ اتنا شدید تھا ٹرینوں کے ٹکرانے کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

    حادثے کے بعد ٹرین کے انجن میں آگ لگ گئی جناح ایکسپریس کا انجن مکمل تباہ ہوگیا ،جبکہ ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، حادثے کا شکار مال گاڑی کی دو بوگیاں مکمل اور ایک جزوی طور پر تباہ ہوئی۔

    وزیر ریلوے شیخ رشید نے حیدرآباد ٹرین حادثے کا نوٹس لے کر متعلقہ افسران سے رپورٹ طلب کرلی، انہوں نے ہدایت کی کہ چیف ایگزیکٹو ریلوے فوری طور پر جائے وقوعہ پر جا کر صورتحال کا جائزہ لیں اور زخمیوں کو مکمل طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

    وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے صحافیوں کو بتایا کہ کسی مسافر کےحادثے میں جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ہے، تاہم  ڈرائیور، اسسٹنٹ ڈرائیور اور گارڈ کے جاں بحق ہونے کی اطلاع ہے،ایک گھنٹے میں ٹرین حادثے کی ابتدائی تحقیقات سے میڈیا کو آگاہ کریں گے۔

    پولیس اور رینجرز نےجائے حادثہ کی سیکیورٹی سنبھال لی، میونسپل کمشنر اور میئرحیدرآباد بھی جائےحادثہ پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہے، ٹریک بحالی میں بارہ گھنٹے لگیں گے۔

    یاد رہے کہ وزیرریلوے شیخ رشید نے کچھ عرصہ قبل ہی جناح ایکسپریس کا افتتاح کیاتھا، افتتاح کے بعد سےجناح ایکسپریس کو اب تک چار حادثات پیش آچکے ہیں۔

    منگل کو بھی ہڑپہ میں جناح ایکسپریس کی ڈائنگ کار میں آگ لگی تھی، ٹرین کی کراچی بن قاسم اور پڈعیدن میں بھی دو بار بوگیاں جلیں، اس حوالے سے ریلوےذرائع کا کہنا ہے کہ20گریڈ کی سی او پی ایس، سی سی ایم پوسٹ پر19گریڈ کےافسران تعینات ہیں، دونوں عہدوں کے افسران ریلوے آپریشن کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ناتجربہ کارافسران کی وجہ سےریلوے آپریشن کئی عرصے بری طرح متاثر ہے، چند ماہ میں متعدد گاڑیوں کے پٹری سے اترنے کےواقعات رونما ہوچکے ہیں۔

  • لاہور سے کراچی چلنے والی جناح ایکسپریس کے کرائے میں کمی

    لاہور سے کراچی چلنے والی جناح ایکسپریس کے کرائے میں کمی

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی ہدایت پر لاہور اور کراچی کے درمیان چلنے والی جناح ایکسپریس کا کرایہ ساڑھے 6 ہزار روپے سے کم کر کے 4 ہزار 900 روپے کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور اور کراچی کے درمیان چلنے والی جناح ایکسپریس کے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا گیا، لاہور سے کراچی کا کرایہ ساڑھے 6 ہزار کے بجائے 4 ہزار 900 روپے ہوگا۔

    ترجمان ریلوے کے مطابق جناح ایکسپریس کے کرایوں میں کمی وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی ہدایت پر کی گئی ہے۔

    خیال رہے کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے چند روز قبل جناح ایکسپریس کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جناح ایکسپریس لاہور سے 30 مارچ کو چلے گی، وزیر اعظم عمران خان ٹرین کا افتتاح کریں گے۔

    شیخ رشید نے مزید کہا تھا کہ ہم ایک نیا شہر آباد کریں گے، وزیر اعظم نے منظوری دے دی ہے۔ 7 کروڑ سے حیدر آباد میں اسٹیشن بنانے جا رہے ہیں، ایسے حکمران برسر اقتدار آئے جنہوں نے شہر کے ساتھ ظلم کیا۔

    انہوں نے مزید کہا تھا کہ جو ٹریک ٹھیک نہیں وہ پہلے ٹھیک کریں گے، ہم اسٹینڈرڈ ٹریک ڈالنے جا رہے ہیں، ریلوے میں جو بھی نیا ٹریک بچھائیں گے وہ اسٹینڈرڈ ٹریک ہوگا۔

  • وزیر اعظم 30 مارچ کو لاہور سے جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے: وزیر ریلوے

    وزیر اعظم 30 مارچ کو لاہور سے جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے: وزیر ریلوے

    راولپنڈی: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 30 مارچ کو لاہور سے جناح ایکسپریس چلے گی، وزیر اعظم افتتاح کریں گے۔ ہم ایک نیا شہر آباد کریں گے، وزیر اعظم نے منظوری دے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو ٹریک ٹھیک نہیں وہ پہلے ٹھیک کریں گے، ہم اسٹینڈرڈ ٹریک ڈالنے جا رہے ہیں، ریلوے میں جو بھی نیا ٹریک بچھائیں گے وہ اسٹینڈرڈ ٹریک ہوگا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ ہم ایک اور نرسنگ اسپتال بنانے جارہے ہیں۔ 4 سال پہلے ہم نے اس کالج کی بنیاد رکھی تھی۔ چیف جسٹس صاحب کا شکریہ، ان کے فیصلے کے بعد تیزی آئی۔ اسپتال پاکستان کا سب سے جدید اسپتال ہوگا۔ نرسنگ ٹریننگ اسپتال کے لیے ٹینڈر الاٹ ہوگیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نالہ لئی ہمارا اہم پراجیکٹ ہے، منصوبے کا ڈیزائن منتخب کرلیا گیا ہے۔ نالہ لئی کا منصوبہ شہر کا نقشہ بدل دے گا۔ منصوبے کا افتتاح وزیر اعظم کریں گے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 7 کروڑ سے حیدر آباد میں اسٹیشن بنانے جا رہے ہیں، ایسے حکمران برسر اقتدار آئے جنہوں نے شہر کے ساتھ ظلم کیا۔ جناح ایکسپریس لاہور سے 30 تاریخ کو چلے گی، وزیر اعظم افتتاح کریں گے۔ ہم ایک نیا شہر آباد کریں گے، وزیر اعظم نے منظوری دے دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایران کا دورہ بڑا کامیاب رہا، سارے تھنک ٹینکز سے ملاقاتیں ہوئیں، اپنے طور پر ایران کی غلط فہمیاں دور کرنے کی کوشش کی۔ ایم ایل ون پر چین کے ساتھ چیزیں طے ہیں۔ روس اور ایران کے ساتھ بھی منصوبہ کرنے جا رہے ہیں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نیب زدہ لوگوں کے ملنے سے عمران خان حکومت کو خطرہ نہیں، ملکی معیشت کو بہتر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ گیس و بجلی کی قیمتیں کنٹرول کر رہے ہیں۔ عمران خان کی پوری کوشش ہے کہ لوٹی ہوئی دولت واپس آئے۔

    انہوں نے کہا کہ 15 مارچ کو دن 11 بجے نیب میں پیش ہونے جا رہا ہوں۔ سیاسی مخالفین کے بارے میں انہوں نے کہا کہ میں نے ساری قوم کو کہا تھا کہ ان کا علاج لال حویلی میں ہے، لیکن ان لوگوں کو لندن کی ہوا پسند ہے۔

    شیخ رشید نے مزید کہا کہ لندن میں علاج کروانے کا فیصلہ وزیر اعظم ہی کر سکتے ہیں۔ شہباز شریف کو اپنی صحت کی فکر ہے۔ میں نے مارچ میں جھاڑو پھرنے کا انکشاف کیا تھا، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی سیاست نہیں دیکھ رہا باقی اللہ کو علم ہے۔