Tag: جناح‌ سندھ میڈیکل کالج

  • بارش کے دوران یونیورسٹی پوائنٹ میں رات گزارنے والے میڈیکل طلبہ کا شدید احتجاج

    بارش کے دوران یونیورسٹی پوائنٹ میں رات گزارنے والے میڈیکل طلبہ کا شدید احتجاج

    کراچی (23 اگست 2025): بارش کے دوران یونیورسٹی پوائنٹ میں رات گزارنے والے میڈیکل طلبہ نے اگلے دن آن لائن کلاس کے میسجز ملنے پر شدید احتجاج کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مون سون بارشوں کے دوران کئی گھنٹے سڑکوں پر گزرانے والے طلبہ و طالبات نے احتجاج کیا، اور جناح سندھ میڈیکل کالج کا مرکزی گیٹ بند کر دیا۔

    جناح سندھ میڈیکل کالج کے طلبہ و طالبات کا کہنا تھا کہ موسلا دھار بارش کے دوران انھوں نے رات بھر یونیورسٹی پوائنٹ میں گزاری، صبح گھروں کو پہنچے تو یونیورسٹی سے آن لائن کلاس کا میسج موصول ہوا۔

    طلبہ کا کہنا تھا کہ شہر بھر میں بجلی کی سپلائی بند تھی، اور جہاں لائٹ تھی وہاں انٹرنیٹ سروس متاثر تھی، جب کہ صبح 7 بجے گھروں سے نکلے اگلے دن صبج 6 بجے گھروں کو پہنچے تھے ایسے میں آن لائن کلاس کے لیے طلب کیا جانا نا انصافی تھا۔

    کراچی: جناح اسپتال میں وارڈ کی چھت کا پلستر گرنے سے نرس زخمی

    طلبہ کے مطابق سیشن کا وقت اختتام پذیر ہے، اچانک 80 فی صد لازمی حاضری کے احکامات دیے گئے ہیں، تیز بارش کے باوجود پوائنٹ بھی تاخیر سے چلائے گئے تھے، جس پر احتجاجی طلبہ و طالبات مشتعل ہو گئے ہیں اور انصاف کی فوری فراہمی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    احتجاج کے دوران طلبہ اور رجسٹرار جناح سندھ میڈیکل کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے، رجسٹرار کا کہنا ہے کہ طلبہ و طالبات کے مسائل کو توجہ سے سنا گیا ہے، بارش کی شدت بہت زیادہ تھی اور ٹریفک جام کے باعث تاخیر ہوئی، ہم نے پوری ذمہ داری سے طلبہ و طالبات کو گھروں تک پہنچایا۔

    رجسٹرار کا کہنا تھا کہ طلبہ کے مسائل کا انھیں پورا احساس ہے، بارش کے دوران بھی طلبہ و طالبات اور اساتذہ کے درمیان مستقل رابطہ تھا، آئندہ مون سون بارشوں کے حوالے سے اقدامات کریں گے، جب کہ بعض مسائل کی نشان دہی کی گئی ہے جو فوری حل کریں گے۔