Tag: جناح ہاؤس حملہ کیس

  • جناح ہاؤس حملہ کیس: پی ٹی آئی کے 254 رہنماؤں اور کارکنوں پر فرد جرم عائد

    جناح ہاؤس حملہ کیس: پی ٹی آئی کے 254 رہنماؤں اور کارکنوں پر فرد جرم عائد

    لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملے کے مقدمے پر تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں پر فرد جرم عائد کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے مقدمے پر کوٹ لکھپت جیل میں سماعت کی اور ملزموں پر فرد جرم عائد کر دی۔

    تمام ملزموں نے صحت جرم سے انکار کر دیا، عدالت نے صحت جرم پر انکار پر مقدمے کا ٹرائل شروع کرنے کیلئے سرکاری گواہوں کو طلب کر لیا اور پراسیکیوشن کو ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر سرکاری گواہوں کو پیش کیا جائے۔

    عدالت نے جناح ہاؤس حملے کے مقدمے میں 254 ملزمان پر فرد جرم عائد کی ہے جس میں سینیٹر اعجاز چوہدری، سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ اور سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید سمیت دیگر پر پی ٹی آئی رہنما و کارکن شامل ہیں۔

    اس مقدمے کے دس ملزم اشتہاری قرار دیئے جا چکے ہیں جبکہ دو ملزم وفات پا گئے ہیں، عدالت نے اسی مقدمے کے شریک ملزم عارف سعید کی فرد جرم عائد نہ کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔

    سماعت کے دوران عالیہ حمزہ، روبینہ جمیل اور خدیجہ شاہ سمیت دیگر ضمانت پر رہا ہونے والے ملزم بھی پیش ہوئے۔

    جناح ہاؤس حملہ

    یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

    مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

    اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

    https://urdu.arynews.tv/jinnah-house-attack-case-court-allows-to-arrest-pti-chairman/

  • بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک پر ایک جھلک ہی دکھادیں، بیرسٹر سلمان صفدر کی استدعا

    بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک پر ایک جھلک ہی دکھادیں، بیرسٹر سلمان صفدر کی استدعا

    لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بانی پی ٹی آئی کی ویڈیولنک پر حاضری کا حکم دے دیابیرسٹر سلمان صفدر نے استدعا کی تھی کہ بانی کی ایک جھلک ہی دکھادیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ سمیت 3مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی۔

    بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی 4مقدمات میں دوسری عدالت سے عبوری ضمانت کنفرم ہوچکی، دوسری عدالت نے ملزم کے پیش ہوئے بغیر ہی فیصلہ سنا دیا تھا۔

    جس پر عدالت نے کہا کہ اس عدالت کے فیصلےکی کاپی پیش کر دیں تو بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ جب آپ کہیں میں ضمانتوں پردلائل دینےکو تیارہوں، بہت کوشش کی ملزم کی اڈیالہ جیل سےعدالت میں پیشی ہو سکے پھر سمجھوتہ کر لیا کہ بغیر ویڈیو لنک کیس سن کر فیصلہ ہوجائے۔

    وکیل نے استدعا کی کہ بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک پر ایک جھلک ہی دکھادیں، تو فاضل جج نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ایک جھلک دکھا دیں گے۔

    وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کا کہنا تھا کہ ان کی منہ دکھائی سپریم کورٹ میں ہوچکی ہے، وکیل کی اس بات پر عدالت میں قہقہہ لگ گئے۔

    عدالت کی وکیل کو ہدایت کی کہ آپ کل ضمانتوں پر دلائل مکمل کریں اور سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کوبانی پی ٹی آئی کی ویڈیولنک پر حاضری کا حکم دیتے ہوئے عبوری ضمانت کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

  • لاہور : سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں اہم پیشرفت

    لاہور : سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں اہم پیشرفت

    لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت میں 9مئی کے مقدمات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، عدالت نے چالان دوبارہ جمع کروانے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ نو مئی کے مقدمات کا چالان کا جائزہ لینے کے بعد اسے نامکمل ہونے کی بنیاد پر واپس بھجوایا دیا۔

    انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے جناح ہاؤس حملہ کیس سمیت گیارہ مقدمات کے چالان واپس بھجوا دیئے۔

    عدالت نے مقدمات کے چالان مکمل نہ ہونے کی بنا پر واپس بھجوائے، عدالت نے ضروری دستاویز منسلک کرکے چالان دوبارہ جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔ چالان مکمل ہونے کے بعد عدالت مقدمے میں کارروائی کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق پراسیکیوشن نے 9مئی واقعات پر 11مقدمات کے چالان جمع کرائے تھے، چالان میں متعدد گواہان کے بیانات اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ رپورٹس شامل نہیں تھیں۔

    دوسری جانب پنجاب حکومت نے ان مقدمات کا ٹراٸل جیل میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے، حکومت نے اس حوالے سے اکیس جون کا نوٹیفیکیشن پبلک کردیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق عسکری ٹاور پر حملے، تھانہ شادمان پرحملے اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے کا ٹرائل بھی جیل میں ہوگا۔پراسیکیوشن نے ملزمان کے خلاف چالان مکمل کر کے عدالت میں جمع کرا رکھے ہیں۔

  • جناح ہاؤس حملہ کیس : پولیس نے اسد عمر اور چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں کی گرفتاری مانگ لی

    جناح ہاؤس حملہ کیس : پولیس نے اسد عمر اور چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں کی گرفتاری مانگ لی

    لاہور : جناح ہاؤس حملہ کیس میں پولیس نے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر اور چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ اور عظمیٰ خان کی گرفتاری مانگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت میں جناح ہاؤس جلاؤگھیراؤ کیس کی سماعت ہوئی ، پولیس نے اسد عمر ،چیئرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان ، عظمیٰ خان کی گرفتاری مانگ لی۔

    تفتیشی افسر نے بتایا کہ تینوں ملزمان تفتیش میں جناح ہاؤس حملہ کیس میں قصوروار پائے گئے ہیں، جے آئی ٹی نے تینوں ملزمان کو گنہگار لکھا ہے۔

    تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ پولیس کو تفتیش کے لیے تینوں کی گرفتاری مطلوب ہے ، علمیہ خان کی موقع پر موجودگی پائی گئی، جس پر وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان مقدمے میں نامزد نہیں ہیں، ہمیں وہ بیان دکھائےجائیں جس کی روشنی میں ہمیں قصوروارقراردیا گیا۔

    بعد ازاں انسداددہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کے کیس میں اسدعمر، علیمہ خان اورعظمیٰ خان کی عبوری ضمانت میں 16 اکتوبرتک توسیع کردی اور آئندہ سماعت پر وکلا سےدلائل طلب کرلیے۔

  • جناح ہاؤس حملہ کیس : پراسیکیوشن  کا صنم جاوید سمیت  دیگر کی ضمانتیں چیلنج کرنے کا فیصلہ

    جناح ہاؤس حملہ کیس : پراسیکیوشن کا صنم جاوید سمیت دیگر کی ضمانتیں چیلنج کرنے کا فیصلہ

    لاہور : پراسیکیوشن نے جناح ہاؤس حملہ کیس پی ٹی آئی کی خواتین صنم جاوید، روبینہ جمیل ودیگر کی ضمانتیں منظور کرنے کے فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق جناح ہاؤس حملہ کیس میں پی ٹی آئی کی خواتین صنم جاوید، روبینہ جمیل ودیگر کی ضمانتیں منظور ہونے کے معاملے پر پراسیکیوشن
    نے انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    پراسیکیوشن انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرے گی اور انسداد دہشت گردی عدالت کے ضمانت منظور کرنے کیخلاف اپیل داٸر کی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق پراسیکیوشن کی ضمانتیں خارج کرانے کی اپیل کی تیاری پر مشاورت شروع کر دی ہے، انسداد دہشت گردی عدالت کا مصدقہ فیصلہ موصول ہوتے ہی درخواست داٸر کر دی جاٸے گی۔

    یاد رہے انسداد دہشت گردی عدالت نے صنم جاوید اور روبینہ جمیل سمیت نو ملزموں کی ضمانت منظور کر لی تھیں۔

  • جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملوث 268 روپوش کارکنوں کے وارنٹ جاری

    جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملوث 268 روپوش کارکنوں کے وارنٹ جاری

    لاہور : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملوث 268 روپوش کارکنوں کے وارنٹ جاری کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ کیس کی سماعت ہوئی ، انسداد دہشت گردی کے جج اعجاز احمد بٹر نے سماعت کی۔

    تفتیشی افسر نے کہا تفتیشی افسر جناح ہاؤس حملےمیں ملوث 268 پی ٹی آئی کارکنان روپوش ہیں، ملزمان گرفتاری بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیئے جائیں، انسداد دہشت گردی عدالت نے تفتیشی افسر کی درخواست منظور کر لی۔

    عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملوث 268 روپوش کارکنوں کے وارنٹ جاری کردیئے۔

  • جناح ہاؤس حملہ کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری اور موبائل فون درکار

    جناح ہاؤس حملہ کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری اور موبائل فون درکار

    لاہور : اسپیشل پراسیکیوٹر فرہاد شاہ کا کہنا ہے کہ جناح ہاؤس حملہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری اورموبائل فون درکار ہے اس کیس میں ان کو بڑی سزاہوسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیشل پراسیکیوٹر فرہاد شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤمقدمےمیں چیئرمین پی ٹی آئی کوجےآئی ٹی نےقصور وار قرار دیاہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت منسوخی کی حد تک تفتیش مکمل کرلی گئی ہے۔

    ،اسپیشل پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ جدید آلات کااستعمال کرکے تفتیش آگے بڑھائی گئی،فرانزک کی رپورٹ بھی موجود ہے، مزید تفتیش کیلئے چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری اورموبائل فون درکار ہیں۔

    فرہاد شاہ نے بتایا کہ تفتیش کیلئےگرفتاری کےبعدفوٹوگرامیٹک اور آڈیوسونیک ٹیسٹ کرائےجائیں گے، عدالت سے درخواست ہوگی کہ 8اگست کو چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت خارج ہو.

    ان کا کہنا تھا کہ گرفتاری ہوجاتی ہے تو چیئرمین پی ٹی آئی کا جسمانی ریمانڈ لیا جائے گا، اس کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو بڑی سزاہوسکتی ہے،

  • جناح ہاؤس حملہ کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کو جے آئی ٹی نے آج  طلب کرلیا

    جناح ہاؤس حملہ کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کو جے آئی ٹی نے آج طلب کرلیا

    لاہور :‌ جناح ہاؤس حملہ کیس میں جے آئی ٹی نے آج چیئرمین پی ٹی آئی کو طلب کرلیا ہے، چئیرمین پی ٹی آئی کو اس سے پہلے بھی دو مرتبہ طلب کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق جناح ہاؤس حملہ کیس کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی جے آئی ٹی نے آج شام چار بجے چیئرمین پی ٹی آئی کو طلب کرلیا ہے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی لاہور میں جےآئی ٹی کے سربراہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے سامنے پیش ہوں گے، عدم پیشی پر ان کی ضمانت خارج کرنے کی استدعا کی جائے گی۔

    چئیرمین پی ٹی آئی کو اس سے پہلے بھی دو مرتبہ طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔

    ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی آج تھانہ سرورروڈ، تھانہ نصیرآباد ،تھانہ ماڈل ٹاؤن، تھانہ ریس کورس، تھانہ شادمان اور تھانہ گلبرگ میں درج مقدمات میں شامل تفتیش ہونے کیلئے ڈی آئی جی کےدفتر جائیں گے۔

    جہاں وہ نو اور دس مئی کے واقعات پرلاہورمیں درج چھ مقدمات میں شامل تفتیش ہوں گے اوراپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی ان تمام مقدمات میں عبوری ضمانت پر ہیں۔

  • جناح ہاؤس حملہ کیس: خدیجہ شاہ سمیت 13 پی ٹی آئی خواتین سے تفتیش مکمل اور چالان پیش کرنے کا حکم

    جناح ہاؤس حملہ کیس: خدیجہ شاہ سمیت 13 پی ٹی آئی خواتین سے تفتیش مکمل اور چالان پیش کرنے کا حکم

    لاہور : انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس کو جناح ہاؤس حملہ کے مقدمے میں خدیجہ شاہ سمیت تیرہ پی ٹی آئی خواتین سےتفتیش مکمل کرکے چالان پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں خدیجہ شاہ سمیت 13 پی ٹی آئی خواتین کارکنان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا تحریری حکم جاری کردیا۔

    ایڈمن جج عبہر گل کی جانب سے تحریری حکم جاری کیا، جس میں عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ 22 جون تک تفتیش مکمل کرکے مقدمے کا چالان پیش کیا جاٸے۔

    تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ تفتیشی افسر نے خواتین سے ریکوری کےلیے 20 دن کا جسمانی ریمانڈ مانگا، جس پر خواتین سے ریکوری کیلئے پہلے ہی پانچ دن کا جسمانی ریمانڈ دیا گیا۔

    تحریری حکم کے مطابق تفتیشی افسر کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی لیکن تفتیشی افسر اس کے لیے ٹھوس وجوہات نہیں دے سکے۔

    عدالت نے تمام خواتین کو 14 دنوں کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا اور انہیں 22 جون کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

  • جناح ہاؤس حملہ کیس : عمران خان کی ضمانت منظور، تفتیش جوائن کرنے کی ہدایت

    جناح ہاؤس حملہ کیس : عمران خان کی ضمانت منظور، تفتیش جوائن کرنے کی ہدایت

    لاہور : انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی دو جون تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جناح ہاؤس حملہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

    عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں عمران خان کی دوجون تک عبوری ضمانت منظور کرلی اور ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کاحکم دے دیا۔

    اے ٹی سی نے عمران خان کو تفتیش جوائن کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا آپ تفتیش میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گے۔