Tag: جنرل

  • یوگنڈا کے جنرل کے دلچسپ ٹویٹس موضوع بحث بن گئے

    یوگنڈا کے جنرل کے دلچسپ ٹویٹس موضوع بحث بن گئے

    مشرقی افریقی ملک یوگنڈا کے صدر کے بیٹے، جو جنرل کے عہدے پر فائز ہیں، اپنے غیر سنجیدہ ٹویٹس کی وجہ سے مشہور ہیں، تجزیہ نگاروں کے مطابق ان کے ٹویٹس کے پیچھے سوچی سمجھی سیاسی حکمت عملی کار فرما ہے۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یوگنڈا کے صدر یوویری موسیوینی کے بیٹے موحوزی کینیرو گابا نے کہا ہے کہ وہ اپنے والد کی جگہ صرف اس وقت تخت نشین ہوں گے اگر ان کے ٹویٹ کو زیادہ لائکس مل گئے۔

    کینیرو گابا جو اپنے ملک کی فوج میں جنرل کے عہدے پر فائز ہیں، ٹویٹر پر بہت زیادہ سرگرم ہیں۔

    انہوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ چلیں، اگر آپ میں سے جو چاہتے ہیں کہ میں اپنے والد کی جگہ صدر بنوں وہ اس ٹویٹ کو ری ٹویٹ اور لائک کریں۔ اگر آپ مجھے قائل کر سکے تو میں یہ کر لوں گا۔

    اس ٹویٹ کو 2 ہزار 400 صارفین نے ری ٹویٹ کیا جبکہ ساڑھے 7 ہزار سے زائد لائکس ملے۔

    کینیرو گابا کو عام طور پر ان کے نام کے پہلے حصے سے جانا جاتا ہے جس کا مطلب ہے، بدلہ لینے والا، وہ پرجوش ٹویٹس کا ٹریک ریکارڈ رکھتے ہیں۔

    مثال کے طور پر انہوں نے اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی کو 100 گایوں کا تحفہ دینے کی پیشکش کی تھی، انہوں نے لکھا کہ ہماری ثقافت میں آپ جس لڑکی کو پسند کرتے ہیں اس کو گائے کا تحفہ دیتے ہیں۔

    انہوں نے کینیا پر حملہ کرنے کے امکان کے بارے میں موسیقی بھی شیئر کی تھی۔

    یوگنڈا کے صدر پر بیٹے کی ٹویٹس کی وجہ سے تنقید بھی کی جاتی ہے اور کئی بار ان کی غیر سنجیدہ ٹویٹس پر پابندی لگانے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

    اسی طرح کے ایک مطالبے پر کینیرو گابا نے ٹویٹ کیا کہ وہ بالغ ہیں اور ان پر کوئی پابندی نہیں لگا سکتا۔

    اگرچہ کینیرو گابا کے تازہ ترین ٹویٹ کو کئی افراد نے غیر سنجیدہ قرار دیا تھا تاہم بعض مبصرین کے مطابق وہ ایک سوچی سمجھی سیاسی حکمت عملی کے تحت ایسی باتیں کر رہے ہیں۔

    یوگنڈا کے صدر یوویری موسیوینی کی عمر 78 برس ہے اور موحوزی کینیرو گابا ان کے جانشین کے طور پر اقتدار سنبھال سکتے ہیں، اور اان کی ٹویٹ کو اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

    افریقہ پالیسی انسٹیٹیوٹ کے صدر اور سی ای او پیٹر کاگوانجا کا کہنا ہے کہ یہ خاندان یوگنڈا کو کنٹرول کرتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ کینیرو گابا شہزادہ ہے، اس کا باپ صدر اور ماں کابینہ میں ہے۔ وہ اپنے والد کی جگہ اقتدار سنبھالنے کے وقت کا انتظار کر رہا ہے۔

    ان کے مطابق محوزی اشتعال انگیز بات کرتے ہیں، پھر ان کے والد جا کر معافی مانگنے کا بندوبست کرتے ہیں، اور اس طرح وہ اہم سیاسی حلقوں میں متعارف ہو جاتے ہیں۔

  • ایرانی جنرل کی ہلاکت، امریکی فوج کی آپریشنل سرگرمیوں پر پابندی عائد

    ایرانی جنرل کی ہلاکت، امریکی فوج کی آپریشنل سرگرمیوں پر پابندی عائد

    بغداد: امریکی فوج کے فضائی حملے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی اور عراقی الحشد ملیشیا کے نائب سربراہ ابو مہدی المہندس کی ہلاکت کے بعد بغداد حکومت نے ملک میں موجود امریکی فوج کو ہرطرح کے آپریشن سے روک دیا ہے۔

    عرب ٹی وی کے مطابق عراقی مسلح افواج کے ترجمان میجر جنرل عبدالکریم خلف نے اعلان کیا کہ عراق نے امریکی بمباری کے بعد ملک میں امریکی افواج کے کام پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکی فوج کو کام سے روکنے کا فیصلہ ایران کی قدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی اور الحشد الشعبی ملیشیا کے نائب سربراہ ابو مہدی المہندس کو جمعہ کے روز بغداد میں ہلاک کیے جانے کے بعد کیا۔

    جنرل خلف نے کہا کہ عراق کی مسلح افواج نے ملک میں امریکی افواج کے کام پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس بارے میں امریکیوں کو آگاہ کردیا ہے۔

    انہوں نے بغداد میں امریکی فوج کے جمعہ کے روز کیے گئے حملے کوعراق کی پیٹھ میں خنجر گھونپنے کے مترادف قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عراق ایک خود مختار ملک ہے اور کسی غیرملکی فوج کو عراق کی رضا مندی کے بغیر کوئی آپریشن نہیں کرنا چاہیے۔

    عراقی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ قاسم سلیمانی کو شام سے عراق لانے والے طیارے کے پائلٹ اور ہوائی جہاز کے عملے کو تحقیقات کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔

  • بھارت کے نائب آرمی چیف کا بہترین پاکستانی دفاعی صلاحیت کا اعتراف

    بھارت کے نائب آرمی چیف کا بہترین پاکستانی دفاعی صلاحیت کا اعتراف

    نئی دہلی: بھارت کے نائب آرمی چیف سراتھ چند نے پاکستان کی بہتر دفاعی صلاحیت کا اعتراف کرتے ہوئے برملا کہا ہے کہ پاکستانی دفاعی صنعت سے بھارت کا کوئی مقابلہ نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت ہر سال اربوں ڈالر جھونک کر خطے میں اسلحہ کی دوڑ جاری رکھے ہوئے ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان کی دفاعی صنعت سے بہت پیچھے ہے۔

    بھارتی نائب آرمی چیف سراتھ چند نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کی دفاعی صنعت بھارت سے کہیں زیادہ بہتر ہے اور بھارتی آرڈینینس فیکڑیاں بدلتی دنیا کے معیار کے مطابق نہیں ہیں۔

    بھارتی نائب آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستانی دفاعی انڈسٹری کی پیداواری مقدار بھی بھارت سے بہتر ہے اور پاکستان دنیا بھر میں اپنے دفاعی شعبے کی اشیا برآمد کر رہا ہے۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل بھارتی حکام کی ایک رپورٹ نے بھارتی فوج کا بھانڈا پھوڑ دیا تھا جس میں کہا گیا کہ کسی جنگ کی صورت میں بھارت 10 دن بھی نہیں لڑسکتا۔

    مزید پڑھیں: جنگ کی صورت میں بھارت 10 دن بھی نہیں لڑ سکتا

    رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ بھارتی فوج کے ذخائر گولہ بارود کی شدید کمی سے دو چار ہیں۔ جنگ ہوئی تو 10 دن کے اندر ہی بھارت کے پاس کوئی گولہ بارود نہیں بچے گا۔

    رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ بھارت کو گولہ بارود کی مد میں 40 فیصد کمی کا سامنا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔