Tag: جنرل آصف غفور

  • کسی بھارتی فوجی نے لائن آف کنٹرول عبورنہیں کی، میجرجنرل آصف غفور

    کسی بھارتی فوجی نے لائن آف کنٹرول عبورنہیں کی، میجرجنرل آصف غفور

    راولپنڈی : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ کسی بھی بھارتی فوجی نے لائن آف کنٹرول عبورنہیں کی، بھارتی میڈیا کا دعویٰ محض اپنے ناظرین کو خوش کرنے کیلئے ہے۔

    یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے تازہ پیغام میں کہی۔

    تفصیلات کے مطابق کلبھوشن ڈرامے کے بعد بھارتی میڈیا کا ایک اورسفید جھوٹ بے نقاب ہوگیا، انڈین میڈیا نے اپنے پروپیگنڈے میں دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی فوجیوں نے لائن آف کنٹرول عبور کرکے پاکستان میں کارروائی کی۔

    جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ کسی بھی بھارتی فوجی نے لائن آف کنٹرول عبورنہیں کی، بھارتی میڈیا کا جھوٹ خود کو برتر ثابت کرنے اور اپنے ناظرین کو خوش کرنے کی بھونڈی کوشش ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ انڈین میڈیا کا نیا دعویٰ ان کی شکست کا تسلسل ہے۔

    اس حوالے سے بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا نے واویلا مچایا ہوا ہے، فوجیوں میں اتنی ہمت نہیں کہ پاکستانی سرحد عبور کر سکیں۔

    بھارتی فوج نہتے اور بے گناہ معصوم بچوں اور خواتین پر گولیاں چلاتی ہے، بھارتی فوج نے ایل اوسی پرفائرنگ کرکے بچوں اور عورتوں کو شہید کیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اس سے قبل بھارت پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیکل کا جھوٹا دعویٰ بھی کرتا رہاہے، بھارتی میڈیا ایسی خبریں چلا کر اپنے شہریوں کا حوصلہ بڑھانے کی کوشش کرتا ہے۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار طلعت مسعود نے کہا کہ بھارتی میڈیا کےبیانات میں کوئی صداقت نہیں ہوتی، بھارت اس قسم کے دعوے اکثر کرتا رہتا ہے، بھارت اپنے لوگوں کومطمئن کرنے کیلئے ایسےبیانات دیتا ہے۔


    مزید پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی، فائرنگ سے تین فوجی شہید


    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کی جانب سے انسانی جذبہ کے تحت بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو اس کی اہلیہ اور والدہ کے ساتھ ملاقات کروانے کے بعد بھارتی میڈیا کو دنیا کے سامنے پاکستان کی نیک نامی ہضم نہیں ہو رہی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

  • جمہوریت کو پاک فوج سےکوئی خطرہ نہیں، میجرجنرل آصف غفور

    جمہوریت کو پاک فوج سےکوئی خطرہ نہیں، میجرجنرل آصف غفور

    راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ کنیڈین جوڑے کی بازیابی پر امریکی حکومت نے پاک فوج پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جمہوریت کو پاک فوج سےکوئی خطرہ نہیں، پاکستان نے گزشتہ8سال میں سیکیورٹی کے لیے بہت اقدامات کیے۔

    ان خٰیالات کا اظہار انہوں نے  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کےاقدامات کی وجہ سےاچھےنتائج بھی حاصل کیے، امریکہ کے ساتھ ٹرسٹ بیس ریلیشن شپ ہی ہمیں آگے کی طرف لےجاسکتےہیں، اس کےنتائج بھی آناشروع ہوگئےہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ افغانستان میں ایک کینیڈین فیملی کو اغواء کیا گیا تھا، امریکی حکام نے ملاقاتوں میں مغویوں کی بازیابی کی بات کی، امریکی حکام نےانفارمیشن دی تھی کہ مغویوں کو افغانستان سے پاکستان میں داخل کیاجارہا ہے۔

    اغواء کاروں کے کرم ایجنسی میں داخلےکی اطلاع دی گئی، انفارمیشن کے مطابق جوانوں کو علاقےکی طرف بھیجا گیا، مغویوں کوبحفاظت نکالنےکیلئےآپریشن کیاگیا، دو گاڑیوں کوٹریس کیا اور ٹائروں پر فائرنگ کرکے اسے روکا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہماری پہلی کوشش یہی تھی کہ مغویوں کواغواکاروں کے چنگل سے بحفاظت نکالاجائے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم ہمیشہ سے یہی کہتے رہے ہیں کہ افغان مہاجرین کا واپس جانا ضروری ہے، ڈیڑھ لاکھ رجسٹرڈ اور اتنے ہی غیر رجسٹرڈ افغان شہری پاکستان میں ہیں۔

    اس موقع پرڈی جی آئی ایس پی آر نے مغوی اہل خانہ کے تاثرات پر مبنی ویڈیو بھی دکھائی

    امریکا نے کامیاب کارروائی پر پاکستان اورپاک فوج پر اعتماد کا اظہارکیا، میجرجنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے ملک میں بہت کچھ کرلیا، پاک فوج نے ملک کودہشت گردوں کےٹھکانوں سے پاک کردیا ہے، پاکستان میں اب کوئی نوگو ایریا نہیں ہے، پاکستان کےلیے ہم نےجو کچھ کرنا ہے کریں گے۔

    احسن اقبال کے بیان سے بحیثیت فوجی بہت افسوس ہوا

    ڈی جی آئی ایس پی آرمیجرجنرل آصف غفور نے کہا کہ احسن اقبال کا بیان سن کر مجھے بطور پاکستانی فوجی بے حد افسوس ہوا ہے، معیشت کے معاملے پر پاکستان کا شہری ہونے کے ناطے اپنا مؤقف پیش کیا۔

    انہوں نے وضاحت کی کہ میں نےاپنے بیان میں یہ کہیں نہیں کہا کہ پاکستان کی معیشت غیر مستحکم ہے، سیکیورٹی اچھی نہیں ہوگی تو معیشت کیسے بہتر ہوگی، ہم سب نے مل کربہت کام کیےہیں۔

    معیشت کے بارے میں جو کچھ کہا وہ ذاتی نہیں تھا، اس حوالے سے بیانات سیمینار کے بعد سامنے آئے، ایک سیمینارتھا جس میں آرمی چیف نےاظہار خیال کیا، معیشت اس وقت اچھی ہے جب ہرشہری مطمئن ہو، ہم متحد ہیں ہمیں ملک کو آگے لےکرچلنا ہے۔

    جنرل آصف غفور نے کہا کہ ہم ہر وہ کام کریں گے جو آئین اور قانون کےاندر اور ملک کی بہتری کیلئے ہوگا، ہم سب نے مل کرملک کو مضبوط اور خوشحال کرنا ہے، ہم نےصرف چیلنجزکی نشاندہی کی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال حکومت نے ٹیکس کےنوٹس جاری کیے، گزشتہ سال ٹیکس کلیکشن نو فیصد ہوئی، ہم نے مضبوط ملک بننا ہے تو ذمہ دار شہری کی طرح ٹیکس دینا ہے۔

    جمہوریت کو پاک فوج سےکوئی خطرہ نہیں

    ملک نےترقی کرنی ہےتوحکومت کاچلنا بہت ضروری ہے، جمہوریت کو پاک فوج سےکوئی خطرہ نہیں، جمہوریت کو خطرہ جمہوریت کے تقاضے پورے نہ کرنے کی وجہ سے ہوگا۔

    آئین اورقانون کےخلاف کوئی کام نہیں ہوگا، یہاں کھڑے ہوکر پاک فوج کے ترجمان کی حیثیت سے بات کرتا ہوں، اپنے الفاظ پر قائم ہوں، پنجاب میں آپریشن اس وقت تک نہیں ہوا جب تک حکومت نے فیصلہ نہیں کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ حکومت کے فیصلہ کرنے پر ہی آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد ہوئے کیونکہ فیصلہ حاکم وقت کا ہوتا ہے اورسویلین حکومت ہی آرمی چیف کا تقرر کرتی ہے، ہرچیز سویلین بالادستی کے تحت ہے۔

    سوشل میڈیا ایک آلے کےطور پراستعمال ہورہا ہے

    ایک سوال کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ سوشل میڈیا ایک آلے کےطور پراستعمال ہورہا ہے، کراچی کے حالات اب بہت بہتر ہوگئے ہیں، یہ شہر پاکستان کی معیشت کا انجن ہے۔

    کیپٹن(ر) صفدرکےبیان پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا اس پر پہلےبات کرچکا ہوں، فوج میں ہرسال بہت سارےافسر ریٹائر ہوتے ہیں، میجر جنرل رضوان اختر کی ریٹائرمنٹ کو متنازع نہیں بنانا چاہیے، فیصلے کیلئے تجاویز دی جاتی ہیں اور ایک فیصلہ لیا جاتا ہے۔

     

  • مردم شماری: غلط معلومات دینے پر قید و جرمانہ ہوگا، مریم اورنگزیب، آصف غفور

    مردم شماری: غلط معلومات دینے پر قید و جرمانہ ہوگا، مریم اورنگزیب، آصف غفور

    اسلام آباد : ملک میں ہونے والی مردم شماری کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر اور وزیرمملکت اطلاعات و نشریات نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا، جس میں انہوں نے میڈیا کو مردم شماری سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔

     وفاقی وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ مردم شماری میں غلط معلومات فراہم کرنے والوں کو قید و جرمانے کی سزا دی جائے گی۔ مردم شماری کیلئے پاک فوج کی تیاری مکمل ہے۔


    Whoever will give wrong information during… by arynews

    مردم شماری کے حوالے سے دیگر تفصیلات بتاتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مشترکہ مفادات کونسل میں مردم شماری کرانےپراتفاق رائےہوا، ملک میں  1998 کے بعد اب 15 مارچ 2017 سے مردم شماری ہونے جارہی ہے، مردم شماری کا عمل 15 مار چ سے 25 مئی تک جاری رہے گا، شہری مردم شماری کی معلومات 080057574 پر حاصل کرسکتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ غلط ڈیٹا دینے والےپر 50 ہزارروپے جرمانہ اور6 ماہ کی سزاہوگی، مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کاوژن ہے کہ صحیح اعداد و شمار کے ساتھ فیصلے کئے جائیں، ماضی میں مردم شماری میں تاخیر کی مختلف وجوہات درپیش رہیں، مردم شماری کےانعقادمیں پاک فوج کاکردارکلیدی اہمیت کاحامل ہے، مردم شماری کیلئے18ارب روپےسےزائدکےاخراجات کاتخمینہ ہے۔

      ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل آصف غفور نے کہا کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ فوج کی مدد سے مردم شماری کی جائے، 1998 کی مردم شماری میں 50 ہزارجوانوں نے حصہ لیا تھا، ملک میں اس بار2 فیز میں مردم شماری ہوگی۔

    مزید پڑھیں : ملک بھرمیں مردم شماری کا اغاز بدھ سے ہوگا، تیاریاں مکمل

    انہوں نے کہا کہ مردم شماری میں 2 لاکھ سے زائد فوجی جوان حصہ لیں گے، مردم شماری کیلئے پاک فوج کی تیاری مکمل ہے، شفاف مردم شماری کیلئے بھرپور سیکیورٹی دی جائےگی۔

    غلط ڈیٹا دینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، ہربلاک میں ایک سویلین کے ساتھ ایک فوجی اہلکارموجود ہوگا، مردم شماری کے دوران امن وامان کو بھی برقرار رکھا جائیگا، فوجی اہلکارسویلین کےساتھ ہرگھر میں جائے گا۔ میجرجنرل آصف غفور نے بتایا کہ ماسٹرزٹرینرزسے عملےکی تربیت کرائی گئی ہے۔

  • میجر جنرل آصف غفور ڈی جی آئی ایس پی آر مقرر

    میجر جنرل آصف غفور ڈی جی آئی ایس پی آر مقرر

    راولپنڈی : آئی ایس پی آر کے ترجمان کے مطابق میجرجنرل آصف غفور کو ڈی جی آئی ایس پی آر تعینات کردیا گیا ہے جب کہ میجرجنرل عبداللہ  ڈوگرکو کمانڈنٹ پی ایم اے مقرر کیا گیا ہے۔

    پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج میں تقرری اور تبادلوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت میجر جنرل آصف غفور کو نیا ڈی جی آئی ایس پی آر مقرر کردیا گیا ہے جب کہ میجرجنرل عبداللہ ڈوگرکو کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی، میجرجنرل سید عدنان کو جی او سی لاہوراور میجر جنرل ظفراللہ خان کو جی او سی پنوں عاقل تعینات کردیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ میجر جنرل فدا ملک ڈی جی لاجسٹکس، میجر جنرل نادرخان ڈی جی پرسونل سروسز اور میجر جنرل ظفراقبال جی او سی آرمڈ ڈویژن گوجرانوالہ مقرر کردیے گئے ہیں۔


    لیفٹننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا کورکمانڈر کراچی مقرر


    واضح رہے کہ میجر جنرل آصف غفور اس وقت سوات میں ڈویژن کمانڈر ہیں جو سبکدوش ہونے والے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔


    نئے ڈی جی رینجرز سندھ اور آئی جی ایف سی بلوچستان کی تعیناتی


    یاد رہے اس سے قبل لیفٹننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا کورکمانڈر کراچی، میجر جنرل محمد سعید کو ڈی جی رینجرز سندھ اور میجر جنرل ندیم انجم کو آئی جی ایف سی بلوچستان تعینات کیا گیا تھا۔