Tag: جنرل اسماعیل قاآنی

  • شہید قرار دیے گئے ایران کے اعلیٰ فوجی جنرل زندہ نکلے، ویڈیو جاری

    شہید قرار دیے گئے ایران کے اعلیٰ فوجی جنرل زندہ نکلے، ویڈیو جاری

    شہید قرار دیے گئے ایران کی القدس فورس کے سربراہ کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی زندہ نکلے، ان کی عوامی سطح پر موجودگی کی ویڈیوز سامنے آ گئی ہیں۔

    ایران کی القدس فورس کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل اسماعیل قاآنی کی مبینہ شہادت سے متعلق افواہوں کے بعد ان کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں انہیں ایرانی لوگوں سے ملتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    ایران کے اتحادی گروپوں سے وابستہ متعدد میڈیا اداروں، بشمول حوثی گروپ کے المنار ٹی وی نے بھی یہ فوٹیج نشر کی ہے، جبکہ الجزیرہ نے بھی اس خبر کو رپورٹ کیا ہے جس میں اسماعیل قاآنی کو تہران میں ریلی کے شرکاء کے درمیان دیکھا گیا۔

    یاد رہے کہ نیویارک ٹائمز نے جنگ کے اوائل میں ذرائع کا حوالہ دیئے بغیر اطلاع دی تھی کہ قاآنی اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے ایرانی فوجی رہنماؤں میں شامل تھے، یہاں تک کہ ایرانی میڈیا نے بھی شہداء میں ان کی تصویر شامل کر لی تھی۔

    تاہم اب لوگوں کے درمیان ان کی موجودگی کی یہ ویڈیوز درست ثابت ہوئیں تو ان کی شہادت سے متعلق پھیلائی گئی خبر جھوٹی ثابت ہوجائے گی۔

    یہ پہلی بار نہیں ہے کہ اسرائیلی حملے میں ان کی ہلاکت کی جھوٹی اطلاع دی گئی ہو، اکتوبر 2024 میں ایران کے اعلیٰ فوجی جنرل  سے متعلق کہا جاتا تھا کہ وہ بیروت پر ایک اسرائیلی حملے میں مارے گئے تاہم یہ خبر بھی جھوٹی نکلی تھی۔

    خیال رہے کہ جنرل اسماعیل قاآنی کو 2020 میں کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کے امریکی حملے میں شہید ہونے کے بعد انہیں القدس فورس کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا، القدس فورس، ایرانی پاسداران انقلاب کی بیرون ملک عسکری کارروائیوں کی نگران شاخ ہے۔

    ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تمام خبریں

    ایران کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 12 روزہ جنگ کے دوران اسرائیلی فوج کے حملوں میں 610 افراد شہید ہوئے جن میں 2 ماہ کے کم عمر بچے سمیت 13 بچے شامل تھے، اس کے علاوہ 49 خواتین بھی جان کی بازی ہار گئیں۔

    یاد رہےکہ گزشتہ 12 روز سے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کا سلسلہ جاری تھا تاہم آج امریکا اور قطر کی ثالثی میں ایران اور اسرائیل نے جنگ بندی پر اتفاق کیا۔

  • امریکا کا جنرل اسماعیل قاآنی کو دھمکی دینا ریاستی دہشت گردی ہے، ایران

    امریکا کا جنرل اسماعیل قاآنی کو دھمکی دینا ریاستی دہشت گردی ہے، ایران

    اسلام آباد: ایرانی وزارت خارجہ نے کہا کہ ایرانی قدس فورس کے نئے سربراہ اسماعیل قاآنی کو امریکی دھمکی ریاستی دہشت گردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ قدس فورس کے نئے سربراہ اسماعیل قاآنی کو دھمکی دینا ریاستی دہشت گردی ہے، عالمی برادری امریکا کی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کرے۔

    امریکی مندوب برائن ہوک کا گزشتہ روز کہنا تھا کہ قدس فورس کے نئے سربراہ کی جانب سے امریکیوں کو نشانہ بنایا گیا تو ان کا انجام قاسم سلیمانی جیسا ہوگا۔

    برائن ہوک کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یہ پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ اگر کسی امریکی یا امریکی مفاد پر حملہ کیا گیا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

    امریکی مندوب کا کہنا تھا کہ یہ کوئی نئی دھمکی نہیں ہے، صدر ٹرمپ نے ہمیشہ یہی کہا ہے کہ وہ امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے بھرپور اقدامات اٹھائیں گے۔

    امریکی بزدلی کا مردانگی سے جواب دیں گے: سربراہ القدس فورس

    یاد رہے کہ تین روز قبل اسماعیل قاآنی کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ امریکا نے بزدلی سے ہمارے عظیم جنرل کو قتل کیا، ہم اس کے جواب میں مردانگی کے ساتھ دشمن سے بدلہ لیں گے۔