Tag: جنرل اسمبلی اجلاس

  • غزہ میں فوری غیر مشروط جنگ بندی کی قرارداد منظور، امریکا کی مخالفت

    غزہ میں فوری غیر مشروط جنگ بندی کی قرارداد منظور، امریکا کی مخالفت

    اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں غزہ میں فوری غیر مشروط جنگ بندی کی قرارداد منظور کرلی گئی جس میں تمام یرغمالیوں کی فوری رہائی بھی شامل ہے۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے کثرت رائے سے غزہ میں فوری غیر مشروط جنگ بندی کی قرارداد منظور کرلی گئی، اس قرارداد میں تمام یرغمالیوں کی فوری اور غیرمشروط رہائی پر کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز غزہ جنگ بندی قرارداد کی منظوری کیلئے 193 رکنی سامبلی میں سے 158 ووٹ پڑے، امریکا، اسرائیل اور دیگر سات ملکوں نے قرارداد کیخلاف ووٹ دیا جبکہ 13 غیر حاضر رہے۔

    اقوام متحدہ کے رُکن ممالک کے درجنوں نمائندوں نے ووٹنگ سے قبل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینیوں کی حمایت کی، اقوامِ متحدہ میں سلووینیا کے سفیر سیموئیل زبوگر نے کہا کہ غزہ کا اب کوئی وجود نہیں ہے، یہ تباہ ہو گیا ہے۔

    الجزائر کے اقوام متحدہ کے نائب سفیر نسیم گاؤوئی نے کہا کہ فلسطینی المیے کے سامنے خاموشی اور ناکامی کی قیمت بہت بھاری ہے، اور یہ کل مزید بھاری ہوگی۔

    اقوام متحدہ میں فلسطین کے سفیر ریاض منصور نے گزشتہ ہفتے خصوصی اجلاس میں پہلے دن بحث کے دوران کہا تھا کہ آج کا غزہ فلسطین کا زخمی دل ہے۔

    فلسطین کے سفیر ریاض نے کہا کہ ہمارے بچوں کے پیٹ میں کھانا نہیں اور نہ ہی مستقبل کے لیے کوئی اُمید ہے، ایک سال سے زیادہ تکلیف اور نقصان برداشت کرنے کے بعد دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑنا چاہیے اور اس کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہییں۔

  • جنرل اسمبلی اجلاس: وزیراعظم  نے عالمی رہنماؤں کو پاکستان میں سیلاب کی تباہی سے آگاہ کردیا

    جنرل اسمبلی اجلاس: وزیراعظم نے عالمی رہنماؤں کو پاکستان میں سیلاب کی تباہی سے آگاہ کردیا

    نیویارک : وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر عالمی رہنماؤں کو پاکستان میں سیلاب کی تباہی سے آگاہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پرعالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں ہوئیں ، عالمی رہنماؤں کو پاکستان میں سیلاب کی تباہی سے آگاہ کیا۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اجتماعی اقدام کی ضرورت کو اجاگر کیا، میں نے بتایا تجارت ، معیشت میں شراکت داری قائم کرنے کے خواہاں ہیں۔

    یاد رہے نیویارک میں جاری یو این جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائیڈلائن پر وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی سربراہان سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی ماحولیات کے وزیر جان کیری سے ملاقات کی ، ملاقات میں موسمیاتی تبدیلوں سے متعلق درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔

    وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں سے ملاقات کی، اس موقع پر دوطرفہ تعلقات، علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

    اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسپین کے صدر ، آسٹریا کے چانسلر اور نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن سے ملاقات کی اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق آگاہ کیا۔

  • جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران وزیر اعظم عمران خان کی مقبولیت عروج پر

    جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران وزیر اعظم عمران خان کی مقبولیت عروج پر

    نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران وزیر اعظم عمران خان کی مقبولیت عروج پر پہنچ گئی ہے، وہ یو این لیڈرز میں دوسرے نمبر پر رہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر گوگل سرچ میں عمران خان دوسرے نمبر پر رہے، گوگل سرچ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بعد سب سے زیادہ عمران خان کو سرچ کیا گیا۔

    عمران خان کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ ان کی امریکی صدر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے موقع پر ٹرمپ نے صحافیوں سے کہا کہ یہ وہ لیڈر ہیں جن سے میں خود ملنا چاہتا تھا حالاں کہ دنیا کے کئی رہنما مجھ سے ملنا چاہتے ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں میں مقبوضہ کشمیر سے متعلق پاکستانی مؤقف کو بھرپور طریقے سے پیش کیا۔

    تازہ ترین:  مذہب کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے: وزیر اعظم عمران خان

    انھوں نے دنیا پر واضح کیا کہ مقبوضہ کشمیر جو پچاس دنوں سے جیل بن چکا ہے، بھارتی اقدامات کے باعث ایک المیے کی صورت اختیار کرتا جا رہا ہے۔

    عمران خان نے نفرت انگیز تقاریر کی روک تھام کے سلسلے میں منعقدہ کانفرنس میں بھی پاکستان اور اسلام کے تناظر میں واضح اور مضبوط مؤقف اپنایا اور پرزور الفاظ میں کہا کہ مذہب اور دہشت گردی کا آپس میں کوئی تعلق نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان 27 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، اپنے خطاب میں وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے معاملے کو اٹھائیں گے۔

  • جنرل اسمبلی اجلاس، ایرانی صدرکونیویارک میں سفری پابندیوں کا سامنا

    جنرل اسمبلی اجلاس، ایرانی صدرکونیویارک میں سفری پابندیوں کا سامنا

    نیویارک: ایرانی صدر حسن روحانی اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس کے لیے نیو یارک پہنچ گئے تاہم ان کی امریکا میں موجودگی کے دوران انہیں شہر کے زیادہ تر مقامات تک جانے کی اجازت نہیں ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران کے صدر کو اس ہی طرح کی سفری پابندیوں کا سامنا ہے جو جولائی کے مہینے میں ایرانی مشن کے اسٹاف پر لگائی گئی تھیں۔پابندیوں کے تحت حسن روحانی اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز سے زیادہ دور نہیں جاسکتے، جو مین ہیٹن جزیرے کے مشرقی حصے میں قائم ہے۔

    امریکی حکومت نے انہیں ہوٹل میں قیام کی خصوصی اجازت دے رکھی ہے۔حسن روحانی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے بدھ کے روز خطاب کریں گے اور پریس کانفرنس بھی کریں گے۔ایرانی رہنما کو فرسٹ ایوینیو اور جنوب میں ایسٹ 42 اسٹریٹ اور شمال میں ایسٹ 48 اسٹریٹ تک محدود کیا گیا ہے۔اس ہی طرح کی پابندیاں ماضی میں امریکا کے ناپسندیدہ عالمی رہنماوں پر بھی عائد کی جاچکی ہیں جن میں کیوبا کے سابق رہنما فیدل کاسٹرو بھی شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2018 میں ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے تجارتی اور معاشی پابندیاں عائد کردی تھیں جبکہ معاہدے کے دیگر عالمی فریقین برطانیہ، جرمنی، فرانس، روس اور چین نے ایران سے معاہدہ جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

    امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی میں گزشتہ ہفتے اس وقت مزید اضافہ ہوا جب سعودی عرب کی تیل کی تنصیبات پر ڈرون حملے کیے گئے تھے جس کے بعد تیل برآمد کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی آرامکو نے اپنی پیداوار روک دی تھی۔

    سعودی تیل کی تنصیبات پر حملے کے بعد امریکا اور سعودی عرب دونوں نے ایران کو اس کا براہ راست ذمہ دار قرار دیا تھا تاہم ایران نے ان بیانات کو جنگ کے لیے ایک بہانہ قرار دیا تھا اور واضح کیا تھا کہ ایران جنگ کے لیے تیار ہے اس لیے کسی قسم کی جارحیت سے گریز کیا جائے۔

  • جنرل اسمبلی اجلاس سے قبل بھارت کا ایک اور جھوٹا پروپیگنڈا

    جنرل اسمبلی اجلاس سے قبل بھارت کا ایک اور جھوٹا پروپیگنڈا

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے پہلے بھارت کا ایک اور جھوٹا پروپیگنڈا سامنے آ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے ایک اور فالس فلیگ آپریشن کی تیاری کی جا رہی ہے، اس ضمن میں بھارتی فوج نے سرکریک میں خالی کشتیاں پکڑے جانے کا شور مچا دیا ہے۔

    بھارتی فوجی کمانڈر ایس کے سینی نے واویلا کرتے ہوئے کہا ہے کہ سر کریک میں بھارتی فوج نے خالی کشتیاں تلاش کی ہیں، ہم سیکورٹی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

    بھارتی فوج نے الرٹ بھی جاری کر دیا، کہا جا رہا ہے کہ انڈیا کے جنوبی حصے میں دہشت گردانہ حملہ کیا جا سکتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا رکھا ہے: وزیر خارجہ

    اس سے چند ہفتے قبل بھی بھارتی فوج نے جھوٹا پروپیگنڈا کیا تھا کہ پاکستانی کمانڈوز بھارتی پانیوں میں گھس سکتے ہیں اور اس سلسلے میں گجرات میں ہائی الرٹ کر دیا گیا تھا۔

    ادھر تجزیہ کار کہتے ہیں بھارت جنرل اسمبلی اجلاس سے پہلے ضرور کوئی ڈراما کرے گا، حارث نواز نے کہا، بھارت نے جان بوجھ کر فلیگ آپریشن کی بات کی ہے، اعجاز اعوان کہتے ہیں بھارت سفارتی، معاشی اور فوجی محاذ پر ہر طریقے سے پاکستان کو دباؤ میں لانا چاہتا ہے۔

    واضح رہے کہ آج وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا ہے کہ پاکستان کشیدگی میں کمی چاہتا ہے مگر بھارتی رویہ غیر ذمہ دارانہ ہے، بھارت اس حد تک آگے جا چکا کہ معاملہ مذاکرات سے حل نہیں ہوگا۔

  • جنرل اسمبلی اجلاس ، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کی ننھی پری کے ساتھ تصاویر وائرل

    جنرل اسمبلی اجلاس ، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کی ننھی پری کے ساتھ تصاویر وائرل

    نیویارک : نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسینڈا نے اپنی تین ماہ کی بیٹی کے ساتھ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں  شرکت کرکے تاریخ رقم کردی، جس کی تصاویر وائرل ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے ننھے مہمان کے ساتھ انٹری دی، تین ماہ کی نیو کو اجلاس میں شرکت کے لئے خصوصی پاس جاری کیا گیا، جس پر پیدائش کے بعد لی گئی پہلی تصویر لگی تھی۔

    ننھی نیوی تے آروہ اجلاس میں سب کی توجہ کا مرکز بن گئی۔

    تین ماہ کی نیو والد کی گود میں اپنی ماں کو خطاب کرتے دیکھتی رہی تو کبھی دنیا بھر کے نمائندگان کو اپنی معصوم حرکتوں سے متوجہ کرتی رہی۔

    خیال رہے اقوام متحدہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا جب کسی 3 ماہ کے بچے نے جنرل اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی میں شرکت کی ہو۔

    یاد رہے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسینڈا نے بے نظیر کی سالگرہ والے دن بیٹی کو جنم دیا تھا، یہ خبر انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنے شوہر اور نومولود بیٹی کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرکے دی تھی۔

    مزید پڑھیں : نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کے ہاں ننھی پری کی آمد

    جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بچی کا نام بینظیر رکھنے کی تجویز دی تھی۔

    واضح رہے نیوزی لینڈ کی وزیراعظم بینظیربھٹو کے بعد دوران وزارت عظمیٰ ماں بننے والی دوسری عالمی شخصیت ہیں۔

  • وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی واشنگٹن پہنچ گئے

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی واشنگٹن پہنچ گئے

    واشنگٹن : وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی امریکی دارالحکومت واشنگٹن پہنچ گئے، وہ کل پاکستانی سفارت خانے میں پریس کانفرنس کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی واشنگٹن پہنچ گئے جہاں وہ ایک روزہ قیام کے بعد نیویارک روانہ ہوں گے۔

    شاہ محمود قریشی کل پاکستانی سفارت خانے میں پریس کانفرنس کریں گے اورپاکستانی کمیونٹی کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

    وزیرخارجہ 26 ستمبر کو سارک وزراء خارجہ کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے اور 29 ستمبرکو پاکستانی وزیرخارجہ نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کریں گے۔

    دفترخارجہ کے مطابق واشنگٹن میں پاکستانی وزیرخارجہ امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات کریں گے اور یہ ملاقات یکم اکتوبر کے بعد ہوگی۔

    امریکی وزیرخارجہ نے پاکستانی وزیرخارجہ کو امریکا کے دورے کی دعوت دی تھی جو انہوں نے قبول کی تھی۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اگلے ماہ 3 اکتوبر کے بعد وطن واپس پہنچیں گے۔

    بھارت مذاکرات سے بھاگ گیا، بھارتی وزیر خارجہ کا ملاقات سے انکار

    واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائیڈ لائنز پرپاکستان اور بھارت کے وزرائے خارجہ کی ملاقات متوقع تھی لیکن بھارت نے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات کی حامی بھرنے کے بعد ملاقات منسوخ کردی تھی۔