نیویارک: بھارتی وزیر خارجہ کے جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران اقوام متحدہ کے سامنے کشمیریوں نے احتجاج کیا، سردار ظریف خان نے کہا کہ کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل سے بھارتی سرکار کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ کے جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران اقوام متحدہ کے سامنے احتجاج کیا گیا، کشمیری مظاہرین نے نیویارک میں بارش کے باوجود بھارت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
صدر آزاد کشمیر کے خصوصی مشیر سردار ظریف خان نے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی، سردار ظریف خان نے کہا کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر پر اپنی منظور قراردادوں پرعملدارآمد کرائے۔
صدر آزاد کشمیر کے خصوصی مشیر کا کہنا تھا کہ کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل سے بھارت سرکار کا مکروہ چہرہ بےنقاب ہوگیا ہے، قابض بھارتی فوج کشمیریوں کے جذبہ حریت کو نہیں دباسکتی۔